Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: محلہ سودھگان میں بااثر افراد کا چادر و چار دیواری پر حملہ، خواتین ہراساں، پولیس خاموش

    اوچ شریف: محلہ سودھگان میں بااثر افراد کا چادر و چار دیواری پر حملہ، خواتین ہراساں، پولیس خاموش

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) محلہ سودھگان میں بااثر گروہ کی جانب سے چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں خواتین کو ہراساں کیا گیا، گھر پر دھاوا بولا گیا اور پلاٹ پر ناجائز قبضے کی کوشش کی گئی۔ متاثرہ خاندان اور اہل محلہ نے پولیس کی خاموشی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

    متاثرہ شہری راشد علی ولد محمد سلیم اختر نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے 2023 میں قانونی طور پر دو کنال نو مرلہ زمین خریدی تھی، مگر ناصر عباس عون بخاری کے سوتیلے بھائی مزمل عباس اور باشی شاہ نے نہ صرف پلاٹ پر قبضے کی کوشش کی بلکہ ان کے گھر پر حملہ کرکے دیواریں گرانے، خواتین کو گالیاں دینے اور خود ان پر ڈنڈوں سے حملہ کرنے کی بھی کوشش کی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔

    اہل محلہ نے اس واقعے کو امن عامہ کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔ مقامی افراد نے پولیس کی خاموشی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو علاقہ غنڈہ گردی کا گڑھ بن سکتا ہے۔

    متاثرہ خاندان نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں، انصاف فراہم کریں اور مقامی پولیس کی خاموشی کا بھی سختی سے نوٹس لیا جائے تاکہ عوام کا اعتماد قانون پر بحال ہو سکے۔

  • احمد پور شرقیہ: پل فاروق آباد میں آتشزدگی،غیرقانونی ذخیرہ شدہ 1700 لیٹر پٹرول و ڈیزل جل گیا

    احمد پور شرقیہ: پل فاروق آباد میں آتشزدگی،غیرقانونی ذخیرہ شدہ 1700 لیٹر پٹرول و ڈیزل جل گیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے پل فاروق آباد میں خوفناک آتشزدگی کے واقعے میں ہزاروں لیٹر پٹرول اور ڈیزل جل کر راکھ ہو گئے۔ واقعہ ہتھیجی، پل صادق آباد کے قریب ایک دکان میں پیش آیا، جہاں 1000 لیٹر پٹرول پلاسٹک کی بوتلوں میں اور 700 لیٹر ڈیزل ایک ٹینک میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔ آگ نے لمحوں میں شدت اختیار کر لی۔

    ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قریبی دکانوں اور آبادی کو بچا لیا، تاہم کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔ ابتدائی طور پر آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ یا انسانی غفلت قرار دی جا رہی ہے، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔

    خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن مالی نقصان لاکھوں میں بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ شہریوں نے غیر قانونی ایندھن کے ذخیرے پر ضلعی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فوری کریک ڈاؤن کا مطالبہ کیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے، جبکہ ریسکیو حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایندھن کے ذخیرے جیسی خطرناک سرگرمیوں سے باز رہیں اور مشکوک حرکات کی فوری اطلاع دیں۔ یہ واقعہ نگرانی کے فقدان اور غیر قانونی کاروبار کے خطرناک نتائج کا آئینہ دار ہے۔

  • احمد پور شرقیہ: ممکنہ سیلابی خطرات پر ڈپٹی کمشنر کا ہنگامی دورہ، ریسکیو 1122 ہائی الرٹ

    احمد پور شرقیہ: ممکنہ سیلابی خطرات پر ڈپٹی کمشنر کا ہنگامی دورہ، ریسکیو 1122 ہائی الرٹ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے تحصیل احمد پور شرقیہ کا ہنگامی دورہ کیا تاکہ ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات، ریسکیو انتظامات اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر بھی موجود تھے۔

    ڈاکٹر فرحان فاروق نے ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور ہدایت کی کہ تمام ریسکیو ٹیمیں کشتیوں، لائف جیکٹس، رسیوں اور دیگر حفاظتی سازوسامان کے ساتھ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہیں۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی ایمرجنسی میں فوراً ریسکیو 1122 یا ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں، افواہوں سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد رکھیں۔

    ضلعی انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

  • اوچ بخاری میں گندہ پانی، جھکے کھمبے، کھنڈر گلیاں اور سکول تباہ، عوام وزیر اعلیٰ کی مدد کے منتظر

    اوچ بخاری میں گندہ پانی، جھکے کھمبے، کھنڈر گلیاں اور سکول تباہ، عوام وزیر اعلیٰ کی مدد کے منتظر

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے اوچ بخاری میں گورنمنٹ مڈل سکول کے گرد و نواح انسانی رہائش کے قابل نہیں رہے۔ علاقے میں سیوریج نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، کھلے مین ہولز، گلیوں میں گندا پانی، جھکے ہوئے بجلی کے کھمبے، اور شکستہ گلیاں علاقے کے مکینوں کی زندگی کو جہنم بنا چکی ہیں۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق بدترین بدانتظامی، سرکاری غفلت اور بااثر وڈیروں کے دباؤ نے اس بستی کو موت کے منہ میں دھکیل دیا ہے۔ گندا پانی، تعفن، مچھر، ڈینگی، ہیضہ اور دیگر وبائی امراض سر اٹھا چکے ہیں، جبکہ کئی بچے اور بزرگ کھلے گٹروں میں گر کر زخمی ہو چکے ہیں۔

    بجلی کے جھکے کھمبے سکول اور گھروں پر گرنے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ گلیوں کی حالت اتنی خراب ہو چکی ہے کہ آمدورفت ممکن نہیں رہی۔ گورنمنٹ مڈل سکول اوچ بخاری، جو کبھی علم کا مرکز تھا، اب متروک ہو چکا ہے، جہاں تعلیمی سرگرمیاں معدوم ہو چکی ہیں۔ والدین بچوں کو سکول بھیجنے سے گریزاں ہیں، جس سے تعلیمی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں سے درخواستیں، احتجاج اور گزارشات کرتے چلے آ رہے ہیں، لیکن منتخب نمائندے اور سرکاری ادارے صرف تسلیاں دے رہے ہیں۔ خوف، جھوٹے مقدمات اور وڈیروں کی دھمکیوں نے ان کی آواز دبائی رکھی ہے۔

    مکینوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکریٹری پنجاب، سیکریٹری بلدیات، اور واسا حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سیوریج سسٹم کی بحالی کی جائے،جھکے بجلی کے کھمبے درست کیے جائیں،گلیوں کی ازسر نو تعمیر کی جائے،مڈل سکول اوچ بخاری کی عمارت کو قابل استعمال بنایا جائے

    مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر فوری نوٹس نہ لیا گیا تو اوچ بخاری کسی بڑے انسانی المیے کا شکار ہو سکتا ہے۔ عوام اب خاموش نہیں بیٹھیں گے، ان کا صبر جواب دے چکا ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: بلوچستان جانے والی گاڑیوں کے لیے نیا سیکیورٹی پلان نافذ

    ڈیرہ غازی خان: بلوچستان جانے والی گاڑیوں کے لیے نیا سیکیورٹی پلان نافذ

    ڈیرہ غازی خان ( باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر)ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی اور ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے مشترکہ پریس بریفنگ میں بلوچستان جانے والی ٹرانسپورٹ کے لیے سخت سیکیورٹی ضوابط کا اعلان کیا ہے۔ ڈی پی او سید علی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور اسی مقصد کے تحت نئے اقدامات متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ اب بلوچستان جانے والی ہر مسافر کوچ میں دو مسلح سیکیورٹی گارڈز کی موجودگی لازمی ہو گی جبکہ تمام مسافر گاڑیاں قافلے کی صورت میں پولیس سیکیورٹی کے ساتھ روانہ کی جائیں گی۔ مزید برآں، بس اڈوں پر روانگی سے قبل مسافروں اور ڈرائیورز کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی، اور ہر گاڑی میں سی سی ٹی وی کیمرہ، جی پی ایس سسٹم اور ایمرجنسی کال سسٹم کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا۔

    ڈی پی او نے واضح کیا کہ شام پانچ بجے کے بعد کسی بھی گاڑی کو بلوچستان کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس پابندی کا مقصد سیکیورٹی کو مزید موثر بنانا ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ضابطہ کار ترتیب دے دیا گیا ہے جس کے مطابق مسافر کوچز صرف دن دو بجے تک روانہ ہو سکیں گی جبکہ مال بردار اور دیگر گاڑیوں کو شام پانچ بجے سے پہلے ہی بلوچستان میں داخل ہونے کی اجازت ہو گی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان پولیس اور ضلعی انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان تمام اقدامات کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور پرامن سفر کی فراہمی ہے۔

  • اوچ شریف: سی این جی رکشہ الٹ گیا، سلینڈر محفوظ، سانحہ ٹل گیا،3زخمی

    اوچ شریف: سی این جی رکشہ الٹ گیا، سلینڈر محفوظ، سانحہ ٹل گیا،3زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ سے آنے والا ایک تیز رفتار سی این جی رکشہ اُس وقت حادثے کا شکار ہو گیا جب رندھاوا پیٹرول پمپ کے قریب اچانک یو ٹرن لینے والی کار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گیا۔ حادثے میں رکشہ ڈرائیور حضور بخش معمولی زخمی ہوا، جب کہ اس کی دو بیٹیاں، 16 سالہ رفعت اور 14 سالہ نازیہ، شدید زخمی ہو گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ سڑک پر یو ٹرن کے ناقص انتظامات اور لاپروائی تھی، تاہم اصل خطرہ رکشے میں نصب سی این جی سلینڈر سے تھا، جو اگر پھٹ جاتا تو کئی جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔ یہ واقعہ حالیہ دنوں میں پانچ طالبات کی جان لینے والے سلینڈر دھماکے کی ہولناک یاد دلاتا ہے۔

    شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس اور پولیس کی مسلسل خاموشی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ غیر معیاری اور ناقص سی این جی سلینڈروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ خاموش لاپرواہی آئندہ کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔

  • ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی “شانِ پاکستان ایوارڈ” کے لیے نامزد

    ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی “شانِ پاکستان ایوارڈ” کے لیے نامزد

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی “شانِ پاکستان ایوارڈ” کے لیے نامزد آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (APWWA) کے زیر اہتمام 14 اگست 2025 کو لاہور میں منعقد ہونے والی “استحکامِ پاکستان کانفرنس و تقریبِ تقسیمِ شانِ پاکستان ایوارڈ” میں ممتاز صحافی، تجزیہ نگار اور قلمکار ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی کو “شانِ پاکستان ایوارڈ” کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ یہ باوقار تقریب ملک بھر سے تعلق رکھنے والے ان ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک شاندار موقع فراہم کرے گی جنہوں نے ادب، صحافت، تعلیم، طب، قانون، فنونِ لطیفہ اور سماجی خدمات جیسے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

    تقریب کی سرپرستی ممتاز شخصیت ملک یعقوب اعوان کریں گےجبکہ APWWA کے بانی و نگران ایم ایم علی کی زیر نگرانی اس ایوارڈ شو کا انعقاد کیا جائے گا۔ ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی کو ان کی غیر معمولی صحافتی خدمات، قومی شعور کو بیدار کرنے اور سماجی مسائل پر بے باک قلمی جہاد کی بدولت اس اعزاز کے لیے چنا گیا ہے۔ ان کی تحریریں نہ صرف فکر انگیز ہیں بلکہ قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک واضح سمت بھی فراہم کرتی ہیں۔

    ایوارڈ نامزدگی پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر غلام مصطفیٰ خان بڈانی نمائندہ باغی ٹی وی حبیب خان سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ “یہ ایوارڈ میرے لیے فخر اور عزت کا باعث ہے۔ میری صحافتی خدمات کو اس طرح سراہا جانا میری حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ میں آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، سرپرست ملک یعقوب اعوان، بانی ایم ایم علی اور خصوصاً ممتاز حیدر اعوان کا دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اس اعزاز کے لائق سمجھا۔ میں اپنی قوم کی خدمت جاری رکھنے کے لیے مزید پرعزم ہوں۔”

    “شانِ پاکستان ایوارڈ” ہر سال ان شخصیات کو دیا جاتا ہے جو پاکستان کی فکری، سماجی اور ثقافتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ تقریب نہ صرف ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے بلکہ دیگر افراد کے لیے بھی ایک عظیم مثال قائم کرتی ہے۔

    یہ تقریب 14 اگست 2025 کو یومِ آزادی کے موقع پر لاہور میں منعقد ہوگی، جس میں ملک بھر سے نامور شخصیات شرکت کریں گی۔ ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی کی نامزدگی کو صحافتی اور سماجی حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے اور یہ ایوارڈ ان کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف ہوگا۔

  • خزانے کی تلاش میں مزار کی کھدائی کرنیوالی خاتون سمیت ساتھی گرفتار

    خزانے کی تلاش میں مزار کی کھدائی کرنیوالی خاتون سمیت ساتھی گرفتار

    بہاولپور کے علاقے گوٹھ محراب میں خزانے کی تلاش کے دوران پولیس نے کراچی سے آنے والی ایک خاتون اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، خاتون اور اس کے ہمراہ افراد نے مقامی مزار یتیم شاہ کے مقام پر غیر قانونی کھدائی کی کوشش کی، جس کا مقصد مبینہ طور پر خزانہ تلاش کرنا تھا۔

    خاتون کا دعویٰ ہے کہ انہیں اپنے علم اور معلومات کی بنیاد پر یقین تھا کہ اس جگہ خزانہ دفن ہے، اس لیے وہ یہاں پہنچی تھیں۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون اور اس کے ساتھیوں نے مقامی افراد کے ساتھ مل کر مزار کی قبروں کے پاس کھدائی شروع کر دی تھی، جو مقامی لوگوں کی شدید ناراضگی اور احتجاج کا باعث بنی۔علاقہ مکینوں نے قبروں کے پاس غیر قانونی کھدائی کو مذہبی جذبات کی بے حرمتی قرار دیتے ہوئے احتجاج کیا اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ پولیس نے بھی فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون اور اس کے ساتھیوں کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خزانے کی تلاش کے نام پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی کھدائی برداشت نہیں کی جائے گی، اور عوام کو بھی اس قسم کی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے تاکہ علاقے میں امن و امان قائم رہے،مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کی مکمل تہہ تک پہنچا جا سکے۔

  • احمدپورشرقیہ: مظفر کالونی میں بیوی کا لرزہ خیز قتل، شوہر گرفتار

    احمدپورشرقیہ: مظفر کالونی میں بیوی کا لرزہ خیز قتل، شوہر گرفتار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان)احمدپورشرقیہ کے نواحی علاقے مظفر کالونی میں گھریلو جھگڑا لرزہ خیز قتل کا باعث بن گیا، جہاں سفاک شوہر نے اپنی بیوی کو تیز دھار آلے سے ذبح کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق 35 سالہ صابرہ بی بی کو اس کے شوہر مقصود نے انتہائی بے دردی سے قتل کیا، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی۔

    پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم مقصود حال ہی میں قتل کے ایک مقدمے میں سزا کاٹ کر جیل سے رہا ہوا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈیرہ نواب صاحب کی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ آلہ قتل بھی اس کے قبضے سے برآمد کر لیا گیا۔

    مقتولہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے پس پردہ وجوہات جاننے کے لیے ملزم سے تفتیش جاری ہے، اور تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب اہل علاقہ نے اس اندوہناک واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ اس قسم کے جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔

  • بہاولپور میں چلڈرن ہسپتال کے قیام فیصلہ

    بہاولپور میں چلڈرن ہسپتال کے قیام فیصلہ

    بہاولپور میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کی اصولی منظوری دیدی گئی-

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاملاقات کے دوران ڈپٹی سپیکر نے پنجاب میں روڈز کی تعمیر و بحالی کے اقدامات پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے۔

    ملک ظہیر اقبال نے بہاولپور میں برن سنٹر کے قیام پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنا قابل تحسین قدم ہےانہوں نے “فیلڈ ہسپتال”، “کلینک آن ویل” اور “مریم نواز ہیلتھ کلینک پراجیکٹ” جیسے عوام دوست منصوبوں کو سراہتے ہوئے انہیں پنجاب کی صحت سہولیات میں انقلابی تبدیلی قرار دیا۔

    خضدار:جبری مشقت پر مجبور 9 ہندو افراد بازیاب،2 زمیندار گرفتار

    ڈپٹی سپیکر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تمام شہروں کی یکساں ترقی کے ویژن کو “گیم چینجر” قرار دیا اور ایئر ایمبولنس سروس، فیلڈ ہسپتالز کے قیام اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیااس موقع پر عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہاولپور میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی جسے سول ہسپتال کے قریب تعمیر کرنے پر اتفاق کیا گیا-

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبے کا تفصیلی پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی ان کے دل کے بے حد قریب ہے جنوبی پنجاب کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوامی فلاح پر مبنی فیصلے ان کے وژن کا حصہ ہیں۔ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور عوام دوست فیصلے حکومت کا طرہ امتیاز ہیں۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز کےملازمین نے اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کر دیا