Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: کرپشن کے خلاف کارروائی، چار پٹواری برطرف، دھرنا ناکام

    اوچ شریف: کرپشن کے خلاف کارروائی، چار پٹواری برطرف، دھرنا ناکام

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر نے بدعنوانی کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے ریکوری میں ناکامی پر چار پٹواریوں کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔ اس اقدام کو تحصیل میں شفافیت اور میرٹ کی بالادستی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق، اے سی نوید حیدر کی نگرانی میں جاری اصلاحاتی مہم کے دوران ان پٹواریوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی جو اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں مسلسل ناکام رہے تھے۔ برطرفی کے بعد چند پٹواریوں اور گرداوروں نے اسسٹنٹ کمشنر آفس کے باہر دھرنا دیا اور برطرف ملازمین کی بحالی کا مطالبہ کیا۔

    تاہم اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ:

    "قانون کی حکمرانی اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ بلیک میلنگ یا غیر قانونی احتجاج سے دباؤ نہیں لیا جائے گا۔”

    انہوں نے مزید کہا کہ برطرف ملازمین کو اپیل کا حق حاصل ہے اور وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا موقف پیش کر سکتے ہیں۔

    ادھر علاقہ مکینوں نے اے سی نوید حیدر کی کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کی دیانتداری اور فرض شناسی کی تعریف کی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایسے افسران ہی عوامی خدمت اور انصاف کی علامت ہوتے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا تھا کہ اس قسم کے بے لاگ اقدامات سے نہ صرف انتظامی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔

    یہ کارروائی احمد پور شرقیہ میں کرپشن کے خاتمے اور بہتر گورننس کی جانب ایک نمایاں قدم قرار دی جا رہی ہے، جس کے دور رس اثرات متوقع ہیں۔

  • اوچ شریف: باپ کی بیٹی سے درندگی، مقدمہ درج، ملزم گرفتار

    اوچ شریف: باپ کی بیٹی سے درندگی، مقدمہ درج، ملزم گرفتار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے محلہ اکبر ٹاؤن میں ایک لرزہ خیز واقعے نے انسانیت، شرافت اور باپ جیسے مقدس رشتے کو شرمسار کر دیا۔ پولیس نے اپنی ہی سگی 18 سالہ بیٹی سے مبینہ زیادتی کرنے والے ملزم محمد ندیم ولد محمد یعقوب قوم وارن کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، متاثرہ لڑکی کی والدہ نور بی بی زوجہ محمد ندیم نے تھانہ سٹی اوچ شریف میں دی گئی تحریری درخواست میں بیان کیا کہ وہ 8 جولائی 2025 کو گھریلو کام کے سلسلے میں گھر سے باہر گئی تھی۔ واپس آ کر اس نے اپنے شوہر کو بیٹی کے ساتھ نازیبا حالت میں دیکھا، جس پر اس کا دل دہل گیا۔ تاہم رشتہ داروں نے “بدنامی” کے خوف سے خاتون کو خاموش رہنے پر مجبور کیا۔

    متاثرہ خاتون نے بالآخر ہمت کر کے پولیس کو اطلاع دی، جس پر تھانہ سٹی اوچ شریف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 1063/25 بجرم 376 تعزیرات پاکستان کے تحت اندراج کیا اور ملزم محمد ندیم کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔

    علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی شخص اس قسم کی درندگی کا تصور بھی نہ کر سکے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پورے معاشرے کے منہ پر طمانچہ ہے، اور اس میں انصاف کی بروقت فراہمی ہی متاثرہ خاندان کے دکھ کا مداوا بن سکتی ہے۔

  • احمد پور شرقیہ:سمیرا قتل کیس، 12 گھنٹے میں قاتل گرفتار، ساتھیوں کی فائرنگ سے مبینہ ہلاکت

    احمد پور شرقیہ:سمیرا قتل کیس، 12 گھنٹے میں قاتل گرفتار، ساتھیوں کی فائرنگ سے مبینہ ہلاکت

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمدپور شرقیہ ،تھانہ سٹی پولیس نے نواحی بستی غریب آباد کی 6 سالہ معصوم بچی سمیرا بی بی کے اندھے قتل کی گتھی صرف 12 گھنٹوں میں سلجھا لی اور مرکزی ملزم عمران کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عمران کو جائے وقوعہ پر نشاندہی اور برآمدگی کے لیے لے جایا گیا، جہاں پہلے سے گھات لگائے اس کے مسلح ساتھیوں نے اچانک پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔ جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ملزم عمران اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہلاک ہو گیا۔

    یاد رہے کہ مقتولہ سمیرا، امیرآباد اوچشریف کے رہائشی شاہنواز کی بیٹی تھی، جس کی نعش گزشتہ روز بستی غریب آباد موضع محمد بخش مہر میں فصل جنتر سے ملی تھی، جس پر علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق سمیرا اپنے والد سے علیحدگی کے بعد ماں کے ساتھ غریب آباد میں مقیم تھی، جہاں ملزم عمران نے اسے بہیمانہ انداز میں قتل کر دیا۔

    پولیس نے بچی کی نعش کو اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں مرکزی ملزم تک رسائی حاصل ہوئی۔ ڈی ایس پی احمد پور شرقیہ، محمود اکبر بزدار نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

  • اوچ شریف: رکشے پر موت سوار، کارروائی لاش کے بعد ہی ہوگی؟

    اوچ شریف: رکشے پر موت سوار، کارروائی لاش کے بعد ہی ہوگی؟

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان)کیا اوچ شریف کی سڑکوں پر انسانوں کی جان کی کوئی قیمت نہیں؟ کیا ٹریفک پولیس صرف وی آئی پی ڈیوٹی کے لیے رہ گئی ہے؟ کون ذمہ دار ہے اُس لمحے کا جب ایک لوڈر رکشہ، ڈرائیور سمیت تین جانوں کو لے کر یوں رواں دواں نظر آتا ہے جیسے زندگی کی نہیں، موت کی سواری ہو؟ یہ وہ سوالات ہیں جو شہریوں کے ذہنوں میں طوفان بن کر اٹھ رہے ہیں۔

    خوفناک اوورلوڈنگ کے ساتھ چلتا ہوا ایک لوڈر رکشہ اوچ شریف کی سڑکوں پر دیکھا گیا، جس میں ڈرائیور سمیت تین افراد انتہائی خطرناک انداز میں بیٹھے ہوئے تھے۔ رکشہ سامان سے اس قدر بھرا ہوا تھا کہ ایک جھٹکے یا موڑ پر یہ جان لیوا سواری موت کا سبب بن سکتی تھی۔ مگر حیرت انگیز طور پر قانون، ضابطہ اور ٹریفک اہلکار سب خاموش تماشائی بنے رہے۔

    نہ کسی وارڈن کی سیٹی بجی، نہ کسی افسر کی آنکھ کھلی — گویا حادثہ ہو، لاشیں گریں، تب ہی کوئی حرکت ہوگی۔ کیا قانون کا اطلاق صرف عوامی اجتماعات یا وی آئی پی گزرگاہوں تک محدود ہے؟ کیا اندرون شہر ہر خلاف ورزی کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے؟

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ رکشہ ایک موڑ پر جھول کھا گیا، اور اگر چند لمحے مزید بے قابو رہتا تو شاید آج تین لاشیں اٹھتی۔ شہریوں نے سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سراسر غفلت نہیں بلکہ انسانی جانوں سے کھلا مذاق ہے۔

    شہریوں کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر ڈرائیور کے خلاف کارروائی کی جائے، ٹریفک پولیس کی کارکردگی کا آڈٹ ہو، اور ایسے خطرناک ٹرانسپورٹ مافیا کو لگام دی جائے جو سڑکوں پر موت بانٹ رہے ہیں۔

    لیکن سوال پھر وہی ہےکہ کیا کوئی جاگے گا؟ یا ہم کسی لاش کا انتظار کر رہے ہیں؟

  • اوچ شریف: دریائے چناب کے کنارے نامعلوم شخص کی لاش برآمد

    اوچ شریف: دریائے چناب کے کنارے نامعلوم شخص کی لاش برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)دریائے چناب کے کنارے واقع موضع شکرانی، بستی رسول پور کے قریب ایک نامعلوم شخص کی تیرتی ہوئی لاش برآمد ہوئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی شہری کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے لاش کو دریا سے نکالا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق متوفی کی عمر تقریباً 35 سال لگتی ہے اور اس کی جیب سے ایک بند موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی طور پر موت کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔ ریسکیو ٹیم نے لاش کو پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ فرانزک ٹیم کے پہنچنے کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔

    پولیس کے مطابق لاش کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ واقعہ نے مقامی آبادی میں تشویش اور خوف کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ پولیس نے اہل علاقہ سے لاش کی شناخت کے لیے تعاون کی اپیل کی ہے۔

  • لیاقت پور: بستی پیارا شیخ میں پراسرار بیماری، ایک ہفتے میں 4 بچے جاں بحق، درجن بھر اسپتال میں زیرِ علاج

    لیاقت پور: بستی پیارا شیخ میں پراسرار بیماری، ایک ہفتے میں 4 بچے جاں بحق، درجن بھر اسپتال میں زیرِ علاج

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان)لیاقت پور میں تھانہ شیدانی کی حدود میں واقع بستی پیارا شیخ پراسرار بیماری کی لپیٹ میں آ گئی ہے، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 3 سے 4 کمسن بچے جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 10 سے زائد بچے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں زیر علاج ہیں۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ بیماری اچانک پھیلی ہے۔ پہلے بچوں کے جسم پر دانے نکلتے ہیں، گلے میں شدید سوزش ہوتی ہے، کھانے پینے سے انکار ہو جاتا ہے اور چند ہی دنوں میں حالت بگڑ کر موت واقع ہو جاتی ہے۔ بیماری کی نوعیت اور اسباب ابھی تک معلوم نہیں ہو سکے ہیں، جبکہ تاحال کوئی بھی حکومتی ادارہ متاثرہ علاقے میں نہ پہنچ سکا ہے۔

    عوامی حلقوں اور والدین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے مطابق بچے ایک کے بعد ایک اس بیماری کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ حکام کی خاموشی ناقابلِ فہم ہے۔ مقامی افراد نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر میڈیکل ٹیم روانہ کی جائے، فری میڈیکل کیمپ قائم کیا جائے، بیماری کی تشخیص کے لیے ماہرین کو تعینات کیا جائے تاکہ بروقت علاج سے بچوں کی قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔

    اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو خدشہ ہے کہ بیماری مزید پھیل سکتی ہے، اور اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، سیکریٹری صحت، اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

  • بہاولپور: ون یونٹ چوک پر دو موٹر سائیکلوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، تین زخمی

    بہاولپور: ون یونٹ چوک پر دو موٹر سائیکلوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، تین زخمی

    بہاولپور (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان)شیل پمپ نزد ون یونٹ چوک بہاولپور کے قریب یوٹرن پر دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک بچی سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فوری طور پر گاڑیاں کال سائن BB-22، BPA-01 اور BPA-18 کے ساتھ روانہ کی گئیں۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں 22 سالہ رفیق ولد بشیر اور 6 سالہ ثمین دختر رمضان کو ابتدائی طبی امداد دے کر وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ ایک زخمی جو ریسکیو کے پہنچنے سے قبل ہی ہسپتال منتقل ہو چکا تھا کی تفصیلات بھی بعد میں سامنے آئیں۔ جاں بحق ہونے والے 55 سالہ عمران اقبال ولد محمد اقبال، سکنہ گرین ٹاؤن کو بھی وکٹوریہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    حادثے میں رفیق کو سر پر چوٹ آئی جبکہ ثمین کے جسم پر خراشیں آئیں۔ جاں بحق عمران اقبال کو سر پر شدید چوٹ لگی تھی۔ حادثے کی اطلاع پر پنجاب پولیس بھی موقع پر موجود رہی اور مزید تفتیش جاری ہے۔

  • بہاولپور:چشتیاں روڈ پر بس اور کار میں خوفناک تصادم، 3 جاں بحق، 2 بچوں سمیت 5 زخمی

    بہاولپور:چشتیاں روڈ پر بس اور کار میں خوفناک تصادم، 3 جاں بحق، 2 بچوں سمیت 5 زخمی

    بہاولپور (باغی ٹی وی ، نامہ نگار حبیب خان) تحصیل حاصل پور کے نواحی علاقے محمد پناہ موڑ، چشتیاں روڈ پر ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا جس نے کئی خاندانوں کو غم میں مبتلا کر دیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بہاولپور سے بہاول نگر جانے والی طاہر کوچز کی اے سی بس جب محمد پناہ موڑ کے قریب پہنچی تو ایک خطرناک موڑ پر سامنے سے آنے والی کلٹس کار سے زوردار ٹکر ہو گئی۔

    تصادم اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار آٹھ افراد میں سے تین افراد ، دو خواتین اور ایک مرد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر پانچ افراد جن میں دو کم عمر بچے بھی شامل ہیں، شدید زخمی ہوئے۔ حادثے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حاصل پور منتقل کیا۔

    مقامی پولیس بھی حادثے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ عینی شاہدین اور پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ تیز رفتاری اور خطرناک موڑ پر ڈرائیورز کا گاڑیوں پر قابو نہ رکھ پانا قرار دیا جا رہا ہے۔

    جائے حادثہ پر موجود شہریوں نے واقعے کو نہایت اندوہناک اور افسوسناک قرار دیا اور انتظامیہ سے چشتیاں روڈ پر حفاظتی اقدامات، سائن بورڈز اور رفتار کی حد متعین کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ مستقبل میں ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔

    حادثے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر آنکھ اشکبار نظر آتی ہے۔

  • اوچ شریف: بکری کو بچاتے ہوئے 15 سالہ لڑکا زہریلی گیس سے دم گھٹنے کے باعث جاں بحق

    اوچ شریف: بکری کو بچاتے ہوئے 15 سالہ لڑکا زہریلی گیس سے دم گھٹنے کے باعث جاں بحق

    (باغی ٹی وی ، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے چنی گوٹھ میں ایک افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک 15 سالہ لڑکا زہریلی گیس سے دم گھٹنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔ متوفی لڑکے کی شناخت پرویز ولد عبدالغفار کے نام سے ہوئی ہے، جو تھانہ احمد پور ایسٹ کے قریب واقع علاقے میں رہائش پذیر تھا۔

    تفصیلات کے مطابق، پرویز کے گھر کے باہر ایک پرائیویٹ گٹر کا ڈھکن غائب تھا، جس میں ایک بکری جاگری۔ پرویز نے انسانی ہمدردی اور جانور سے محبت کے تحت بکری کو بچانے کی کوشش کی، لیکن بدقسمتی سے وہ خود بھی گٹر میں جاگرا۔ گٹر میں موجود زہریلی گیسوں کے باعث وہ فوری طور پر بے ہوش ہوگیا اور پانی میں ڈوب گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری موقع پر پہنچی اور آپریشن کے بعد پرویز کو گٹر سے نکالا۔ ریسکیو اہلکاروں نے مصنوعی تنفس اور دل کی دھڑکن کی بحالی کے اقدامات کیے، تاہم اس وقت تک اس کی سانسیں بند ہو چکی تھیں۔ بعد ازاں پرویز کو فوری طور پر آر ایچ سی (RHC) چنی گوٹھ منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔

    پرویز کی اچانک موت پر اہل علاقہ شدید صدمے سے دوچار ہیں اور علاقے میں کہرام برپا ہے۔ مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گٹرز کے کھلے ڈھکنوں کو فوری طور پر بند کیا جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے جان لیوا واقعات رونما نہ ہوں۔

    یہ واقعہ نہ صرف مقامی انتظامیہ کی غفلت کی عکاسی کرتا ہے بلکہ شہری تحفظ کے ناقص انتظامات پر ایک سوالیہ نشان بھی چھوڑ گیا ہے۔

  • میپکو لائن مین کو رشوت خوری پر 8 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ

    میپکو لائن مین کو رشوت خوری پر 8 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ

    بہاولپور (باغی ٹی وی – نامہ نگار حبیب خان)میپکو لائن مین کو رشوت خوری پر 8 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ، ایف آئی اے کی بڑی کامیابی،
    بہاولپور میں سپیشل جج سینٹرل کی عدالت نے رشوت خوری کے ایک سنگین مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے میپکو کے سابق لائن مین زوار حسین کو مجرم قرار دیتے ہوئے 8 سال قید بامشقت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے زوار حسین کو 10 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا، جس کے بعد اس کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر درج ذیل سزائیں سنائیں

    انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کے تحت 7 سال قید بامشقت اور 5 لاکھ روپے جرمانہ،تعزیراتِ پاکستان کے تحت 1 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ

    یہ مقدمہ اسپیشل جج سینٹرل کیمپ بہاولپور، جج جلیل احمد نے سنا جبکہ ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل وقاص رضا نے استغاثہ کی مؤثر پیروی کی۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ فیصلہ بدعنوانی کے خلاف ایف آئی اے کی زیرو ٹالرنس پالیسی کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے سرکاری اداروں میں کرپشن میں ملوث عناصر کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ قانون ان کے خلاف متحرک ہے، اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔