Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • بہاولپور: سسرالیوں سے تنگ خاتون کی بچیوں سمیت نہر میں چھلانگ، ایک بچی  حالت نازک

    بہاولپور: سسرالیوں سے تنگ خاتون کی بچیوں سمیت نہر میں چھلانگ، ایک بچی حالت نازک

    بہاولپور (باغی ٹی وی) تحصیل خیرپور ٹامیوالی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر ایک خاتون نے اپنی تین کمسن بچیوں کے ساتھ نہر میں کود کر خودکشی کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق خاتون کو سسرال میں روزانہ کے جھگڑوں اور ناروا سلوک کا سامنا تھا، جس پر وہ ذہنی دباؤ میں آ گئی اور انتہائی اقدام اٹھا لیا۔

    واقعے کے وقت اہل علاقہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون اور تینوں بچیوں کو نہر سے زندہ نکال لیا۔ مقامی افراد کے مطابق خاتون اپنے دیور اور سسرالی رشتہ داروں کے رویے سے شدید پریشان تھی۔ بچیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جسے فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال خیرپور ٹامیوالی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ متاثرہ خاتون اور بچیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات پر بھی غور جاری ہے۔

  • اوچ شریف: ستلج میں نہاتے ہوئے نوجوان ڈوب گیا، ساتھی موقع سے فرار

    اوچ شریف: ستلج میں نہاتے ہوئے نوجوان ڈوب گیا، ساتھی موقع سے فرار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے بستی چاکر خان کے مقام پر دریائے ستلج میں نہاتے ہوئے ایک نوجوان ڈوب گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں نوجوان کشتی کے ذریعے دریا عبور کر کے نہانے کے لیے پانی میں اترے، مگر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث ایک نوجوان تیز لہروں کی نذر ہو کر ڈوب گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں افراد نے بغیر کسی حفاظتی جیکٹ یا تیراک کی مدد کے دریا میں چھلانگ لگا دی۔ حادثے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش شروع کر دی، جب کہ ریسکیو 1122 کی ٹیم کو بھی اطلاع دے دی گئی۔

    تاہم ڈوبنے والے نوجوان کی لاش تاحال برآمد نہیں ہو سکی۔واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ دریا کے کنارے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • اوچ شریف: سفیرانِ امن قافلہ کا دورہ، محرم الحرام میں امن و بھائی چارے کے عزم کا اظہار

    اوچ شریف: سفیرانِ امن قافلہ کا دورہ، محرم الحرام میں امن و بھائی چارے کے عزم کا اظہار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)سفیرانِ امن قافلہ امن و بھائی چارے کا پیغام لیے اوچ شریف پہنچ گیا، جہاں سجادہ نشین بنگلہ بخاری مخدوم سید زمرد حسین بخاری اور ولی عہد مخدوم زادہ سید غلام حسن زمرد نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اجلاس کی صدارت مخدوم سید زمرد حسین بخاری نے کی۔

    قافلہ کی قیادت مرکزی انجمن تاجران بہاولپور کے صدر خرم سلیم نے کی، جبکہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام، انجمن تاجران، لائسنس داران اور مختلف منتظمین قافلے میں شامل تھے۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور بھائی چارے کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تمام شرکاء نے محرم الحرام میں درپیش ممکنہ مسائل پر بھی گفتگو کی اور ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون حاصل کرنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس کے اختتام پر مخدوم سید زمرد حسین بخاری نے ملکی سلامتی، قومی یکجہتی اور عشرہ محرم میں امن و امان کے لیے خصوصی دعا کی۔

  • اوچ شریف: ڈپٹی کمشنر کا محرم کے جلوسوں کے روٹس کا معائنہ، سیکیورٹی و سہولیات کا جائزہ

    اوچ شریف: ڈپٹی کمشنر کا محرم کے جلوسوں کے روٹس کا معائنہ، سیکیورٹی و سہولیات کا جائزہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اوچ شریف سرگرم ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے 8، 9 اور 10 محرم کے جلوسوں کے مرکزی روٹس کا تفصیلی معائنہ کیا، جس میں سیکیورٹی، صفائی، روشنی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔

    معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی فرخ عدنان، چیف آفیسر ضلع کونسل بہاولپور نصراللہ، سینئر SHO سجاد سندھو، میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم، سب انجینئر عمران گشکوری، انکارجمنٹ انچارج خواجہ قبول حسین، صفائی انچارج عامر تبسم سمیت متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکار موجود تھے۔

    جلوس کے روٹس پر امام بارگاہ خواجگان گیلانی اور امام بارگاہ اوچ شریف کا بھی دورہ کیا گیا۔ موقع پر موجود عملے کو ہدایت دی گئی کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت ناقابلِ برداشت ہو گی۔

    ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ محرم الحرام کے دن ہمیں صبر، امن، برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے کہ عزادارانِ امام حسینؑ کو ہر ممکن سہولت دی جائے اور تمام ادارے باہم ربط کے ساتھ کام کریں۔

    انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور پولیس ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہیں گے۔

    معائنے کے دوران بلدیاتی عملے کی کارکردگی کو سراہا گیا، بالخصوص نائب قاصد محمد آفاق علی، محمد نعیم خان اور احمد اعجاز کی شبانہ روز محنت پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ انتظامیہ نے جلوس کے راستوں سے رکاوٹیں ہٹانے، نکاسی آب بہتر بنانے، روشنی اور ساؤنڈ سسٹم کی درستگی پر بھی زور دیا۔

    دورے کے اختتام پر امام بارگاہ خواجگان میں حاضری دی گئی اور پُرامن محرم کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

  • اوچ شریف: بیوہ خاتون کا مکان چھین لیا گیا، جان کو خطرہ، انصاف نہ ملا تو خودسوزی کا اعلان

    اوچ شریف: بیوہ خاتون کا مکان چھین لیا گیا، جان کو خطرہ، انصاف نہ ملا تو خودسوزی کا اعلان

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اسلام نگر اوچ شریف کی رہائشی بیوہ خاتون کوثر بی بی انصاف کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔ آنکھوں میں آنسو، زبان پر فریاد، اور دل میں خوف لیے کوثر بی بی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ اُسے تحفظ دیا جائے اور اُس کا چھینا گیا مکان واپس دلوایا جائے۔

    کوثر بی بی کے مطابق اُس کے شوہر سید محمد رمضان شاہ نے اپنی زندگی میں ہی ڈھائی مرلہ مکان اس کے نام کر دیا تھا تاکہ وہ بیوی کی حیثیت سے باعزت زندگی گزار سکے۔ مگر شوہر کی وفات کے بعد اس کے بھائی، دوسری بیوی، بیٹے اور سوتن کے دیور اختر نے مبینہ طور پر گٹھ جوڑ کر کے مکان پر قبضہ جما لیا اور اُسے زبردستی بے دخل کر دیا۔

    بیوہ خاتون کا کہنا ہے کہ صرف بے گھر ہی نہیں کیا گیا بلکہ اب ان افراد کی جانب سے روزانہ حراساں کیا جا رہا ہے۔ کوثر بی بی نے بتایا کہ وہ مسلسل دھمکیوں، کردارکشی اور عزت پامال کیے جانے جیسے حالات کا شکار ہے۔

    اپنی تحریری درخواست میں کوثر بی بی نے تمام شواہد بھی پیش کیے ہیں اور کہا ہے کہ اگر اُسے انصاف نہ ملا تو وہ خود سوزی پر مجبور ہو جائے گی۔ اس کا کہنا تھا: "کیا بیوہ ہونا جرم ہے؟ کیا ہم اس معاشرے میں صرف مرنے کے لیے رہ گئے ہیں؟”

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کوثر بی بی نہایت شریف اور سادہ لوح خاتون ہے جس کے ساتھ شدید ظلم روا رکھا جا رہا ہے۔ اگر مقامی انتظامیہ نے فوری مداخلت نہ کی تو یہ معاملہ ریاستی نااہلی اور انسانیت سوز غفلت کی علامت بن جائے گا۔

  • اوچ شریف: محکمہ اوقاف کی غفلت، تاریخی مساجد میں آئمہ و مؤذنین کے عہدے خالی، نمازی پریشان

    اوچ شریف: محکمہ اوقاف کی غفلت، تاریخی مساجد میں آئمہ و مؤذنین کے عہدے خالی، نمازی پریشان

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں محکمہ اوقاف کے زیرانتظام درجنوں تاریخی مساجد میں آئمہ، خطباء اور مؤذنین کے عہدے طویل عرصے سے خالی چلے آ رہے ہیں، جس کے باعث نمازیوں اور زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جامع مسجد درگاہ حضرت شیر شاہ سید جلال الدین سرخ پوش بخاریؒ، جامع مسجد درگاہ حضرت راجن قتالؒ سمیت دیگر بزرگانِ دین کے مزارات سے ملحقہ متعدد تاریخی مساجد میں عرصہ دراز سے آئمہ و خطباء اور مؤذنین کی سرکاری تعیناتیاں نہیں ہو سکیں۔ یہ تمام مزارات اور مساجد فروری 1966ء میں ناظم اعلیٰ اوقاف مغربی پاکستان کے تحت محکمہ اوقاف کی تحویل میں دی گئی تھیں۔

    ان مزارات سے محکمہ اوقاف کو چراغی، تیل، جھنڈ، لنگر، نمک اور پھول دانہ کی مد میں ہر ماہ لاکھوں روپے کی آمدنی حاصل ہوتی ہے، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ اتنی بڑی مالیاتی آمدنی کے باوجود محکمہ اوقاف نہ صرف مساجد میں آئمہ و مؤذنین کی تعیناتیوں میں ناکام رہا ہے بلکہ زائرین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بھی مجرمانہ غفلت برت رہا ہے۔

    بیشتر مساجد میں نمازوں کی امامت اور اذان کی ادائیگی مقامی افراد رضا کارانہ طور پر انجام دے رہے ہیں۔ اہلِ علاقہ اور زائرین نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان تاریخی اور روحانی اہمیت کی حامل مساجد میں آئمہ، خطباء اور مؤذنین کی باقاعدہ تعیناتیاں کی جائیں تاکہ نمازیوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • اوچ شریف: دھوڑکوٹ بند پر درختوں کی غیرقانونی کٹائی، ہوٹل مالکان ملوث

    اوچ شریف: دھوڑکوٹ بند پر درختوں کی غیرقانونی کٹائی، ہوٹل مالکان ملوث

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے دھوڑکوٹ سرکاری بند پر درختوں کی بےدردی سے کٹائی جاری ہے۔ مقامی ہوٹل مالکان مبینہ طور پر ایندھن کے لیے بڑے پیمانے پر درخت کاٹ رہے ہیں، جس سے ماحولیاتی توازن اور سیلابی تحفظ دونوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

    شہریوں نے اس عمل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام فوری نوٹس لیں اور متعلقہ محکمے غیر قانونی درختوں کی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ درخت بند کو مضبوط رکھنے اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف قدرتی ڈھال کا کردار ادا کرتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق درختوں کی کٹائی کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے لیکن متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ ماہرین ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو علاقہ شدید ماحولیاتی خطرات کی زد میں آ سکتا ہے۔ شہریوں نے بند پر دوبارہ شجرکاری کر کے سرکاری اثاثے کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

  • اوچ شریف: تین پل خستہ حالی کا شکار، ایم پی اے مخدوم عامر علی شاہ کا پنجاب اسمبلی میں فوری فنڈز کا مطالبہ

    اوچ شریف: تین پل خستہ حالی کا شکار، ایم پی اے مخدوم عامر علی شاہ کا پنجاب اسمبلی میں فوری فنڈز کا مطالبہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقوں میں واقع تین اہم پل — پل پنجند، پل رائیساں اور پل جھانگڑہ — خستہ حالی کے باعث عوام کے لیے خطرے کی علامت بن چکے ہیں۔ حلقہ پی پی 250 سے رکنِ صوبائی اسمبلی مخدوم سید عامر علی شاہ نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ان پلوں کی مخدوش حالت کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت سے فوری فنڈز جاری کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

    اسمبلی کے فلور پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مخدوم عامر علی شاہ نے کہا کہ یہ پل نہ صرف اوچ شریف کے دیہی علاقوں کو شہری مراکز سے جوڑنے کا ذریعہ ہیں بلکہ زرعی اجناس کی ترسیل اور مقامی معیشت کے لیے بھی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ "ان کی ٹوٹ پھوٹ اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ روزانہ سفر کرنے والے شہری اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ان پر گزرنے پر مجبور ہیں۔ یہ صورتحال کسی بڑے سانحے کو دعوت دے رہی ہے۔”

    ایم پی اے نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ فوری اقدامات کرے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ "یہ صرف بنیادی ڈھانچے کا نہیں، انسانی جانوں کا مسئلہ ہے۔”

    مقامی سطح پر بھی ان پلوں کی بگڑتی صورتحال پر سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کی توجہ دلائی گئی لیکن تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ کے جرات مندانہ مؤقف کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ حکومت اب ان پلوں کی مرمت و بحالی کے لیے فنڈز فراہم کرے گی اور اس دیرینہ مسئلے کا فوری حل نکالے گی۔

  • اوچ شریف:سب تحصیل کمپلیکس مسائل کا گڑھ بن گیا، عمارت شکستہ، سہولیات ناپید، سائلین پریشان

    اوچ شریف:سب تحصیل کمپلیکس مسائل کا گڑھ بن گیا، عمارت شکستہ، سہولیات ناپید، سائلین پریشان

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں قائم سب تحصیل کمپلیکس بدترین بدانتظامی، ٹوٹ پھوٹ اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کا شکار ہو چکا ہے۔ خستہ حال عمارت میں ریونیو، لینڈ ریکارڈ، محکمہ تعلیم اور یونین کونسل کے دفاتر قائم ہیں، جہاں نہ واٹر سپلائی فعال ہے، نہ سیوریج سسٹم مؤثر، اور نہ ہی چار دیواری موجود ہے۔ قریبی مکینوں نے دفاتر کے عقب میں جانور باندھ رکھے ہیں جبکہ دفتری عملہ اور سائلین پینے کے صاف پانی سمیت دیگر سہولیات کی عدم دستیابی سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سب تحصیل کمپلیکس کی عمارت عرصہ دراز سے شکستہ حالت میں ہے۔ ریونیو آفس کی چھتیں بوسیدہ ہو چکی ہیں اور یونین کونسل کا دفتر بھی اسی خطرناک عمارت میں موجود ہے۔ لینڈ ریکارڈ آفس کے لیے رہائشی کمروں کو ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ اردگرد خود رو گھاس اور گندگی کے ڈھیر تعفن پھیلا رہے ہیں۔ نائب تحصیل دار کے رہائشی کوارٹر بھوت بنگلے کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ واٹر سپلائی کی ٹینکی ناکارہ ہو چکی ہے اور پائپ لائنیں زنگ آلود ہیں، جب کہ ڈسپوزل یونٹ کی خرابی کے باعث سیوریج کا نظام تباہ ہو چکا ہے۔

    چار دیواری کی عدم موجودگی نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ عقبی سمت میں مکینوں نے دیواریں توڑ کر راستے بنا لیے ہیں اور دفاتر کے عقب میں مویشی باندھ رکھے ہیں۔ صفائی نہ ہونے کے سبب گھاس پھونس اگ چکی ہے اور گندگی کا راج ہے۔ دو رویہ سڑک کی تعمیر کے بعد سب تحصیل کمپلیکس کی سطح پانچ فٹ نیچے چلی گئی ہے جس کی وجہ سے بارش کے بعد تمام پانی کمپلیکس میں جمع ہو جاتا ہے، اور یہ علاقہ تالاب کا منظر پیش کرتا ہے، جس سے دفاتر میں آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    شہریوں محمد ریاض، تصور حسین، ملک محمد اسلم، محمد یونس، عبدالجبار، نصیر احمد، عبدالمجید، امتیاز احمد اور مظہر علی سمیت دیگر نے کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے سب تحصیل کمپلیکس کی بحالی، صفائی، چار دیواری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو۔

  • بہاولپور: اسلامیہ یونیورسٹی کے لیکچرار پر طالبہ کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام، مقدمہ درج

    بہاولپور: اسلامیہ یونیورسٹی کے لیکچرار پر طالبہ کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام، مقدمہ درج

    بہاولپور (نامہ نگار) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وزیٹنگ لیکچرار کی جانب سے طالبہ کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کا افسوسناک واقعہ سامنے آ گیا۔ پولیس تھانہ بغداد الجدید نے مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ وائس چانسلر نے مذکورہ لیکچرار پر یونیورسٹی میں داخلے اور تدریسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ سافٹ ویئر انجنئیرنگ کی طالبہ (م) نے ایف آئی آر نمبر 1173/25 تھانہ بغداد الجدید میں موقف اختیار کیا ہے کہ احمد محمود نامی وزیٹنگ لیکچرار نے گزشتہ روز اسے اپنے گھر بلایا۔ وہاں اس نے نہ صرف 50 ہزار روپے رشوت طلب کی بلکہ جنسی خواہشات کی تکمیل نہ ہونے پر امتحان میں فیل کرنے کی دھمکی دی اور دست درازی کی کوشش کی۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ یونیورسٹی کی ہراسمنٹ کمیٹی نے بھی واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ جنسی ہراسانی کے معاملے پر زیرو ٹالرینس کی پالیسی رکھتی ہے، اور اسی بنیاد پر لیکچرار احمد محمود کے نہ صرف کلاسز پڑھانے پر پابندی عائد کی گئی ہے بلکہ اس کے یونیورسٹی میں داخلے پر بھی مکمل طور پر روک لگا دی گئی ہے۔