Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • احمد پور شرقیہ: چوک منیر شہید کے قریب نشئی شخص کی لاش برآمد

    احمد پور شرقیہ: چوک منیر شہید کے قریب نشئی شخص کی لاش برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے علاقے چوک منیر شہید کے قریب ایک نشئی شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت 28 سالہ سلمان ولد محمد سراج کے نام سے ہوئی، جو محلہ اسلام پور، احمد پور شرقیہ کا رہائشی تھا۔

    اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی، تاہم پہنچنے پر معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص پہلے ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔ ابتدائی مشاہدے میں لاش پر کسی قسم کے زخم یا پرتشدد کارروائی کے آثار نہیں ملے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق جب لاش کو اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تو لواحقین نے اسے اسپتال لے جانے سے انکار کر دیا، جس پر تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔

  • بہاولپور: سیٹلائٹ ٹاؤن قبرستان تک ٹف ٹائل کی تنصیب مکمل

    بہاولپور: سیٹلائٹ ٹاؤن قبرستان تک ٹف ٹائل کی تنصیب مکمل

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کے حکم پر ٹینکی گیٹ سے سیٹلائٹ ٹاؤن قبرستان کے گیٹ تک ٹف ٹائل بچھانے کا اہم منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے لیے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری صاحبزادہ محمد گزین خان عباسی ایم پی اے نے گرانٹ مختص کی تھی۔ تاہم، گزشتہ چھ ماہ کے دوران محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے دو مرتبہ ٹھیکیدار کو اس منصوبے پر کام کرنے سے روک دیا گیا تھا، جس سے علاقے کے باشندگان کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

    اس مسئلے کے حل کے لیے مدیر روزنامہ احمد پور شرقیہ احسان احمد سحر نے سابق کونسلر حاجی فدا حسین جٹھول اور روزنامہ نوائے احمد پور شرقیہ کے نوجوان نمائندے ملک محمد سجاد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر بہاولپور کے دفتر میں ملاقات کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو سیٹلائٹ ٹاؤن اور اس کے نواحی علاقوں کے باشندگان کو قبرستان میں اپنی میتوں کو لے جانے میں درپیش مشکلات اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی بے حسی سے آگاہ کیا۔

    ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر کو فون کال کر کے اس عوامی مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ چنانچہ، اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر کی خصوصی دلچسپی اور مداخلت سے یہ معاملہ بخوبی حل ہو گیا اور ٹف ٹائل کی تنصیب کا کام پایۂ تکمیل کو پہنچا۔

    چیف ایڈیٹر احسان احمد سحر اور سیٹلائٹ ٹاؤن کے باشندگان نے قبرستان سیٹلائٹ ٹاؤن کے گیٹ تک ٹف ٹائل بچھانے کا صاحبزادہ محمد گزین خان عباسی ایم پی اے کا منصوبہ بطریق احسن مکمل کرانے پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق اور اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر سے دلی اظہار تشکر کیا ہے۔

  • ڈائریکٹر کالجز بہاولپور کا ڈیرہ نواب صاحب کالج کا سرپرائز وزٹ

    ڈائریکٹر کالجز بہاولپور کا ڈیرہ نواب صاحب کالج کا سرپرائز وزٹ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور/ملتان کی ہدایات کی روشنی میں ڈائریکٹر کالجز بہاولپور ڈویژن، پروفیسر ڈاکٹر رانا شرافت علی نے گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب کا غیر اعلانیہ دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد کالج میں جاری تعمیری و تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لینا تھا۔

    دورے کے دوران، کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سیف اللہ جامعی، پروفیسر ظفر اقبال، اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے معزز مہمان کو کالج کے مختلف بلاکس کا تفصیلی دورہ کرایا۔

    ڈائریکٹر کالجز نے کالج کی پرانی عمارت میں جاری تعمیراتی کاموں، کلاس رومز، کمپیوٹر لیبز اور فرنیچر کی دستیابی کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے خیرپور ڈاہا کیمپس کے لیے فراہم کردہ کمپیوٹرز اور دیگر سہولیات کو بھی حکومتی معیار کے مطابق پایا۔ طلباء و طالبات کے لیے بنیادی سہولیات، خصوصاً ٹھنڈے پانی کے کولرز کی دستیابی کو بھی جانچا گیا۔

    اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر رانا شرافت علی نے کالج کے تدریسی اور انتظامی نظام کو سراہا اور اسٹاف کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں انہوں نے انٹرمیڈیٹ بورڈ بہاولپور کے تحت قائم امتحانی مراکز کا بھی معائنہ کیا اور امتحانی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

    ڈائریکٹر کالجز نے کالج کی بہتری کے لیے پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر الطاف ڈاھر جلالوی اور دیگر فیکلٹی ممبران کی شب و روز کی کوششوں کی بھرپور تعریف کی۔ اس موقع پر ہیڈ کلرک فرخ نوید، سپرنٹنڈنٹ خالد رشید چشتی اور دیگر کالج اسٹاف بھی موجود تھے۔

  • عید کے کپڑے نہ ملے، 3 جانیں چلی گئیں؛ بھوک سے بزرگ خاتون جاں بحق

    عید کے کپڑے نہ ملے، 3 جانیں چلی گئیں؛ بھوک سے بزرگ خاتون جاں بحق

    رحیم یارخان،بہاولپور(باغی ٹی وی)غربت کے زخم، عید کے کپڑے نہ ملے، بھوک سے جان گئی، دو شہروں کی دو دردناک داستانیں

    رحیم یار خان اور بہاولپور میں غربت اور بھوک نے دو الگ خاندانوں کو نگل لیا، جہاں ایک جانب عید کے کپڑے مانگنے پر مجبور باپ نے تین بچوں سمیت زہریلی گولیاں کھا لیں، وہیں دوسری طرف کئی روز کی فاقہ کشی نے ایک بزرگ خاتون کی جان لے لی۔

    رحیم یار خان کی تحصیل رکن پور کے علاقے سردار گڑھ بستی حاجی پیر میں یہ دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک محنت کش باپ نے دو معذور بیٹوں اور ایک بیٹی کو زہریلی گولیاں کھلائیں اور خود بھی زندگی ختم کرلی۔ ترجمان شیخ زید اسپتال کے مطابق دو بیٹے اور باپ موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ بیٹی کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کے مطابق باپ ٹریکٹر ٹرالی چلا کر روزی کماتا تھا لیکن کئی دنوں سے بے روزگار اور شدید پریشان تھا۔ اہل علاقہ کے مطابق عید قریب آتے ہی بچوں نے جب کپڑوں کا مطالبہ کیا تو غربت کے ہاتھوں مجبور باپ نے یہ انتہائی قدم اٹھا لیا۔

    ادھر بہاولپور کے علاقے لوہار والی گلی میں بھوک کی شکار دو بزرگ بہنیں بے ہوشی کی حالت میں پائی گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچے تو ایک خاتون دم توڑ چکی تھیں جبکہ دوسری کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ بچ جانے والی بہن نے بتایا کہ وہ دونوں کئی دنوں سے فاقہ کشی کا شکار تھیں۔ اہل محلہ کے مطابق دونوں بہنیں غیر شادی شدہ تھیں، گھر میں تنہا رہتی تھیں اور ان کا اکلوتا بھائی بھی کئی سالوں سے لاپتا ہے۔

    دونوں واقعات نے یہ سنگین سوال اٹھا دیا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشرتی بے حسی کے اس دور میں ہمارا فلاحی نظام کہاں کھڑا ہے؟ عید کے کپڑوں کی خواہش یا روٹی کی طلب کیا واقعی موت کی قیمت پر پوری ہونی چاہیے؟

  • جلالپور پولیس کا مبینہ دھاوا، چادر و چار دیواری کی پامالی، متاثرین ہائیکورٹ پہنچ گئے

    جلالپور پولیس کا مبینہ دھاوا، چادر و چار دیواری کی پامالی، متاثرین ہائیکورٹ پہنچ گئے

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تھانہ دھوڑکوٹ کی حدود میں جلالپور پولیس کی جانب سے موضع بیٹ لنگاہ میں محنت کش خاندانوں کے گھروں پر مبینہ طور پر دھاوا بولنے، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور گھریلو سامان اٹھا لے جانے کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ افراد نے لاہور ہائیکورٹ بہاولپور بنچ سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پولیس کی اس غیر قانونی کارروائی نے ان کی زندگیوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔

    پٹیشن گزار بلال ڈاہڑ، اعظم ڈاہڑ، راجو ڈاہڑ، امیر بخش ڈاہڑ و دیگر کے مطابق درجنوں اہلکار، جن میں بعض وردی اور بعض سادہ لباس میں تھے، پانچ سے چھ پولیس گاڑیوں پر سوار ہو کر بلا اجازت ان کے گھروں میں داخل ہوئے، بغیر سرچ وارنٹ کارروائی کی، قیمتی سامان الٹ پلٹ کر لے گئے اور دیگر اشیاء کو بھی نقصان پہنچایا۔ خواتین و بچوں کے سامنے توڑ پھوڑ کی گئی، نازیبا زبان استعمال کی گئی، جبکہ چیخ و پکار کے باوجود اہلکار باز نہ آئے۔

    متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ "پولیس نے جس انداز سے گھروں پر دھاوا بولا، ایسا محسوس ہوا جیسے بھارتی فوج نے حملہ کر دیا ہو۔” واقعے کی ویڈیوز میں ٹوٹی چارپائیاں، بکھرا ہوا سامان اور تباہ شدہ اشیاء واضح دیکھی جا سکتی ہیں۔

    متاثرین نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ نہ صرف پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے بلکہ سامان کی واپسی، مزید ہراسانی و جھوٹے مقدمات سے تحفظ اور واقعے کی شفاف انکوائری بھی یقینی بنائی جائے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید بےچینی پائی جاتی ہے، جبکہ سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی پولیس کے اس اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر قانون کے محافظ خود قانون شکن بن جائیں تو عوام کے لیے عدل و انصاف کا تصور بھی باقی نہیں رہتا۔

  • اوچ شریف:بنگلہ مستوئی روڈ پر موٹر سائیکل حادثہ، ماں اور دو سالہ بیٹی زخمی

    اوچ شریف:بنگلہ مستوئی روڈ پر موٹر سائیکل حادثہ، ماں اور دو سالہ بیٹی زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) بنگلہ مستوئی روڈ کے قریب بستی ماسٹر منظور کے مقام پر موٹر سائیکل حادثے میں ایک خاتون اور ان کی دو سالہ بیٹی زخمی ہو گئیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل کے ٹائر میں کپڑا پھنس جانے کے باعث گاڑی عدم توازن کا شکار ہو کر گر گئی۔

    زخمیوں کی شناخت فاطمہ بی بی زوجہ عبدالرؤف (عمر 32 سال) اور ان کی دو سالہ بیٹی نفیسہ بی بی دختر عبدالرؤف کے طور پر ہوئی ہے، جو موضع نور والا، بستی ماچھی کے رہائشی ہیں۔ حادثے کے نتیجے میں فاطمہ بی بی کو پیشانی پر معمولی چوٹیں آئیں جبکہ ننھی نفیسہ کے چہرے پر متعدد خراشیں اور زخم آئے۔

    ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر فوری طبی امداد فراہم کی اور زخمی ماں بیٹی کو رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) اوچ شریف منتقل کر دیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • اوچ شریف: گھریلو جھگڑے پر نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی

    اوچ شریف: گھریلو جھگڑے پر نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے محلہ بخاری میں گھریلو تنازع پر ایک نوجوان نے مبینہ طور پر زہریلی گولیاں نگل کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ متوفی کی شناخت محمد ثاقب ولد امداد حسین کے طور پر ہوئی ہے جو محلہ بخاری اوچ شریف کا رہائشی تھا۔

    اہل خانہ کے مطابق، نوجوان گھریلو مسائل کے باعث شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا تھا، جس کے باعث اس نے گندم میں رکھی جانے والی زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔ واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور متاثرہ شخص کو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم حالت تشویشناک ہونے کے باعث اُسے رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) اوچ شریف منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔

    واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا چھا گئی، جبکہ مقامی پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • مسافر خان: 38 سالہ خاتون  تیزدھار آلے کے وار سے قتل

    مسافر خان: 38 سالہ خاتون تیزدھار آلے کے وار سے قتل

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور کے نواحی علاقے مسافر خانہ میں ایک اندوہناک قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 38 سالہ خاتون رضیہ بانو زوجہ محمد ہاشم کو مبینہ طور پر سر پر تیز دھار آلے کے وار سے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے جبکہ پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے حرکت میں آ چکے ہیں۔

    ریسکیو 1122 کو ایک شہری کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ ایک خاتون کی ناک سے خون بہہ رہا ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔ ریسکیو ٹیم فوری طور پر روانہ ہوئی، مگر اس دوران لواحقین زخمی خاتون کو ایک رکشے پر خود لے کر آ گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ہی طبی معائنہ کیا، جس میں یہ انکشاف ہوا کہ خاتون جانبر نہ ہو سکی تھیں۔ ان کے تمام وائیٹل سائنز ختم ہو چکے تھے اور سر کے اوپری حصے، پیریٹل ریجن، پر تیز دھار آلے سے لگنے والا گہرا زخم موجود تھا، جس سے واضح ہوا کہ یہ ایک پرتشدد حملہ تھا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون کی موت ایک سے دو گھنٹے قبل واقع ہو چکی تھی۔ جب ریسکیو عملے نے لواحقین سے وقوعے کی تفصیل جاننے کی کوشش کی تو اُنہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ سب سوئے ہوئے تھے، اور کسی نامعلوم شخص نے خاتون کو قتل کر کے فرار ہو گیا۔ اُن کا مؤقف تھا کہ وہ صرف یہ معلوم کرنا چاہتے تھے کہ خاتون زندہ ہیں یا نہیں۔

    ریسکیو کنٹرول روم نے واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کو فوری طور پر مطلع کیا تاکہ قانونی کارروائی شروع کی جا سکے، مگر اس کے باوجود لواحقین لاش کو کسی کارروائی کے بغیر ہی واپس گھر لے گئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مختلف پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس مقتولہ کے شوہر، اہل خانہ اور قریبی افراد سے تفتیش کر رہی ہے اور فرانزک شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا مطالبہ ہے کہ قاتل کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

  • بہاولپور ، پاکستان ایکسپریس کی 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

    بہاولپور ، پاکستان ایکسپریس کی 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

    بہاولپور احمد پور شرقیہ میں پاکستان ایکسپریس ٹرین کی 2 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں ۔

    ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس کی 2 بوگیاں مبارک پور اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئیں جس کے باعث اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک پر ریلوے ٹریفک معطل ہو گئی،تاہم تمام مسافر محفوظ رہے حادثے کی وجہ سے کئی ٹرینوں کو مختلف سٹیشنوں پر روک لیا گیا ہے، سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کو احمد پور جبکہ راولپنڈی جانے والی تیز گام کو لیاقت پور سٹیشن پر روکا گیا ہے علاوہ ازیں کراچی ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کو خانپور اور ملتان جانے والی بہاؤ الدین ایکسپریس کو رحیم یار خان سٹیشن پر روکا گیا ہے، ملتان سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہے۔

  • اوچ شریف: چھری چاقو اور ٹوکے کی قیمتیں آسمان پر، لوہاروں کا کام چمک اٹھا

    اوچ شریف: چھری چاقو اور ٹوکے کی قیمتیں آسمان پر، لوہاروں کا کام چمک اٹھا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) عید قربان قریب آتے ہی اوچ شریف اور گرد و نواح کے بازاروں میں چھری، چاقو، ٹوکے اور بغدے کی مانگ میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔ قصائیوں اور عام شہریوں کی طرف سے قربانی کے جانور ذبح کرنے کے لیے اوزاروں کی خریداری زوروں پر ہے، جس سے لوہاروں کی چاندی ہو گئی ہے۔

    لوہاروں کی دکانوں پر دن رات کام جاری ہے۔ بھٹیوں کی آگ، ہتھوڑوں کی گونج اور لوہے کی چمک نے دکانوں کو ورکشاپس میں بدل دیا ہے۔ کاریگر پرانے اوزاروں کو تیز بھی کر رہے ہیں اور نئے اوزار بھی تیار ہو رہے ہیں۔

    دکانداروں کے مطابق اس سال چاقو، چھری اور ٹوکے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جو چھری پچھلے سال 300 روپے میں ملتی تھی، وہ اس سال 1000 روپے سے اوپر جا چکی ہے۔ بغدے اور بڑے ٹوکے 2500 سے 4000 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔

    خریداروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے قربانی کے اخراجات بڑھا دیے ہیں۔ اوزاروں کے دام سن کر کئی لوگ گھبرا جاتے ہیں لیکن مجبوری یہ ہے کہ قربانی کے لیے اچھے اوزار تو لینے ہی پڑتے ہیں۔ کچھ شہریوں نے شکایت کی کہ چائنا کے بنے ہوئے اوزار صرف خوبصورت دکھتے ہیں، مگر جلد کند ہو جاتے ہیں، اس لیے مقامی لوہاروں کے ہاتھ سے بنے اوزار ہی قابل بھروسہ ہیں۔

    دوسری طرف لوہاروں کا کہنا ہے کہ خام مال، کوئلہ، بجلی اور دکانوں کے کرایوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو چکا ہے، جس کا اثر اوزاروں کی قیمتوں پر پڑا ہے۔ ان کے مطابق یہ کام صرف عید کے چند دنوں کا ہوتا ہے، باقی سال مشکل سے گزارا ہوتا ہے۔

    عید قربان کی تیاریوں میں جہاں جانوروں کی خریداری زوروں پر ہے، وہیں چھری، چاقو، ٹوکا اور بغدہ بنانے والوں کے ہاں بھی خوب رونق ہے۔