Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • ڈیرہ نواب صاحب: یومِ تکبیر کے موقع پر صادق عباس گریجویٹ کالج میں ریلی، طلبہ کا وطن سے تجدیدِ عہد

    ڈیرہ نواب صاحب: یومِ تکبیر کے موقع پر صادق عباس گریجویٹ کالج میں ریلی، طلبہ کا وطن سے تجدیدِ عہد

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) یومِ تکبیر 2025 کے موقع پر ڈیرہ نواب صاحب میں گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج میں ایک پُرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب ڈائریکٹر کالجز ڈویژن بہاولپور، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز بہاولپور اور کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل کی خصوصی ہدایات پر منعقد ہوئی۔

    ریلی میں طلباء، اساتذہ اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صدر شعبہ سرائیکی پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی، جو اس موقع پر انچارج سیکیورٹی آفیسر و کنٹرولر امتحانات بھی تھے ، نے خطاب کرتے ہوئے کہا:

    "آج کا دن یومِ تجدیدِ عہد ہے۔ نعرہ تکبیر، اللہ اکبر! پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ.یہی ہمارے نظریے کی بنیاد ہے۔”

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا اور دنیا کا ساتواں ایٹمی ملک ہے، جو ہماری مسلح افواج اور قومی اتحاد کی بدولت ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر دشمن نے دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم اس کی آنکھیں نکال دیں گے۔

    ڈاکٹر الطاف نے آپریشن "بنیان مرصوص” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا اور پاکستانی قوم پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔

    تقریب میں پروفیسر احمد نواز بھٹو، محمد عمران ملک اور طلباء و طالبات نے وطن سے تجدیدِ عہد کیا اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ ریلی کا اختتام قومی ترانے اور افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے ساتھ ہوا۔

  • چولستان میں شدید خشک سالی، لاکھوں جانوروں سمیت چولستانی نقل مکانی پر مجبور

    چولستان میں شدید خشک سالی، لاکھوں جانوروں سمیت چولستانی نقل مکانی پر مجبور

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان): صحرائے چولستان، جو 66 لاکھ ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے، اس وقت شدید خشک سالی کی لپیٹ میں ہے۔ کئی ماہ سے بارشیں نہ ہونے کے باعث پانی کے قدرتی ذخائر (ٹوبھے) خشک ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں انسان اور جانور دونوں پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ اگر حکومت نے بروقت اقدامات نہ کیے تو خشک سالی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

    چولستان کے باشندوں کی ایک بڑی تعداد اپنے لاکھوں جانوروں (جن کی سرکاری تعداد 16 لاکھ سے زائد ہے) کے ہمراہ چکوک اور سرکاری پانی کی پائپ لائنوں پر منتقل ہو چکی ہے۔ ڈیراوڑ، ٹوبہ سلطان شاہ، لنگاہ والا، رکن پور، کاڈو والا، طوفانہ، مروٹ، اور جگیت پیر کے علاقوں میں واقع تقریباً 1100 ٹوبوں میں سے 95 فیصد خشک ہو چکے ہیں۔ ان میں چڈھڑا والا، دولو جمال، نواں پرھاڑاں، ٹوبہ سراں، باہو والا، عام والا، شیر خان، کالے پاڑ ٹھنڈی کھوئی، جام سر، قائم سر، نور سر بلوچاں، حیدر والا، سکندر والا، اسلام گڑھ کے نواب والا سوڑیاں، پنچ کوہی، شیخ والا، ٹوبیاں والا، کنڈیرا، آلے والا، ٹوبہ کھارڑی، پچھال، بوہڑ والا، بھانے والا، دانڈ والا، رینال، سیاہی والا، جانو والا، گڈلہ، مٹھو والا، کرم والا، دینے والا، اچل والا، گلو والا، قطب والی، بھمبھے والا، پنجکوٹ، ڈاک والا، اور دین گڑھ شامل ہیں۔

    خشک سالی بڑھنے کی وجہ سے جانوروں کے لیے چارہ بھی ناپید ہو گیا ہے، اور جنگلی جڑی بوٹیاں تک سوکھنے لگی ہیں۔ چولستان کے باسی اپنے جانوروں کے لیے چارہ اور پانی نہ ہونے کے باعث آبادیوں کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔ واضح رہے کہ چولستان میں تین لاکھ سے زائد چولستانی بستے ہیں جو زیادہ تر مال مویشی پر انحصار کرتے ہیں۔

    چولستانی ذرائع کے مطابق، ٹوبہ کٹانے والا، ٹوبہ قصائی والا، گورکن، لاکھن، پتھانی والا، باڑی والا، بوہڑ والا ڈھوری، ونجو والا، جیاء والا، تلوے والا، پنج کوٹ، گونجراں والا، اور بھالے والا پر پائپ لائنوں کے واٹر پوائٹس پر اپنے جانوروں کے ہمراہ رہائش پذیر محمد وریام، عبدالمجید، اقبال مٹھو، عبدالحمید، محمود نواز، سچو خان، بشیر احمد و دیگر نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ آنے والے بجٹ میں چولستان میں نئی پائپ لائنز، نئے ٹوبوں کی تعمیر، پرانے ٹوبوں کی بحالی اور نئے پانی کے کنڈز بنائے جائیں، اور پائپ لائنوں کو سولر پر منتقل کیا جائے۔

    اس حوالے سے جب ایم ڈی چولستان ترقیاتی ادارہ طارق بخاری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ پائپ لائنوں پر 24 گھنٹے پانی کی فراہمی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی آبادیاں جو پائپ لائنوں سے دور ہیں، انہیں بائوزر کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

  • بہاولپور چیمبر آف کامرس میں نادرا آفس کے قیام کی منظوری

    بہاولپور چیمبر آف کامرس میں نادرا آفس کے قیام کی منظوری

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر (ہلال امتیاز ملٹری) نے بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں نادرا آفس کھولنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس آفس میں شناختی کارڈ، برتھ سرٹیفکیٹ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام پر چیمبر کے ممبران نے چیئرمین نادرا اور صدر چیمبر سید ظفر شریف کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدر سید ظفر شریف کی قیادت میں نادرا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر سے ملاقات کی۔ وفد میں چیمبر کے نائب صدر محمد اعظم قریشی، ایگزیکٹو ممبر انس اشتیاق بسراء اور سیکرٹری جنرل چیمبر سید عبیر حیدر شامل تھے۔

    ملاقات کے دوران صدر چیمبر نے چیمبر میں نادرا سب آفس کے قیام کی منظوری پر چیئرمین نادرا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر میں نادرا آفس کے قیام سے اراکین چیمبر کو یقیناً سہولیات دستیاب ہوں گی۔

    چیئرمین نادرا نے چیمبر وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ بہاولپور میں قائم دیگر نادرا آفسز کی طرح بہاولپور چیمبر میں بھی نادرا آفس مکمل طور پر فعال کیا جائے گا اور اراکین چیمبر کو تمام سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس آفس کے قیام اور نادرا سروسز کو مانیٹر کریں گے۔ انہوں نے نادرا کی جانب سے دی جانے والی سروسز میں مزید بہتری، آن لائن شناختی کارڈ اپلائی، شناختی کارڈ کی تجدید اور دیگر سروسز کے بارے میں بھی وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے صدر چیمبر کو نادرا ہیڈ کوارٹر کی مکمل سروسز کی فراہمی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

    ملاقات کے آخر میں صدر چیمبر کی جانب سے چیئرمین نادرا کو بہاولپور کی مقامی اجرک اور سوینئیر پیش کیا گیا، جبکہ چیئرمین نادرا نے بھی چیمبر وفد کے اعزاز میں شیلڈز پیش کیں۔

    چیئرمین نادرا سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر چیمبر سید ظفر شریف نے کہا کہ بہاولپور چیمبر کو مثالی چیمبر بنانا ان کا مشن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری مسائل کے حل اور ممبران چیمبر کو دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔

  • اوچ شریف: مویشی منڈی میں جعلی نوٹوں سے بکرا خریدنے کی کوشش ناکام، 2 فراڈیئے گرفتار

    اوچ شریف: مویشی منڈی میں جعلی نوٹوں سے بکرا خریدنے کی کوشش ناکام، 2 فراڈیئے گرفتار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف کی مویشی منڈی میں جعلی نوٹوں کے ذریعے بکرا خرید کر فرار ہونے کی کوشش میں 2 فراڈیئے عوامی ہتھے چڑھ گئے، جن کی خوب درگت بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق، گزشتہ روز مویشی منڈی میں علی رضا نامی ایک فراڈیئے نے اپنے ساتھی بلال کے ہمراہ ایک بکرا خریدا۔ بکرا مالک کو ہزار ہزار روپے کے جعلی نوٹ تھما کر، دونوں بکرا لے کر کار میں سوار ہو کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

    بکرا مالک کو نوٹوں پر شک گزرا تو اس نے لوگوں کو دکھایا، جنہوں نے نوٹ جعلی ہونے کی تصدیق کی۔ اس پر مالک نے شور مچا دیا، اور سڑک پر رش کی وجہ سے پھنسی ہوئی کار کے سوار فراڈیئے گھبرا کر گاڑی سے نکل کر بھاگنے کی کوشش میں پکڑے گئے۔ ایک شخص گاڑی سے نکل کر بھاگنے کی کوشش میں پکڑا گیا، جبکہ دوسرا شخص بکرے اور کار سمیت لوگوں کے ہاتھ آ گیا۔ مشتعل افراد نے دونوں فراڈیوں کی خوب درگت بنائی اور پھر انہیں تھانہ اوچ شریف پولیس کے حوالے کر دیا۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو حوالات میں بند کر دیا ہے، جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

  • اوچ شریف: محکمہ صحت کے ملازم سے گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل چھین لی گئی، مقدمہ درج

    اوچ شریف: محکمہ صحت کے ملازم سے گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل چھین لی گئی، مقدمہ درج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)علی پور میں ڈاکوؤں نے محکمہ صحت کے ایک ملازم سے گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل چھین لی۔ پولیس تھانہ سٹی علی پور نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، محمد عامر ولد غلام یاسین والوٹ، جو محکمہ صحت میں ملازم ہے، گزشتہ شب ڈاکٹر فرزانہ یاسمین کے ہسپتال سے اپنے گھر، چاہ پکے والہ، واپس جا رہا تھا۔ جیسے ہی وہ بہاول نالہ سے گزر کر اپنے گھر کی گلی میں مڑا، دو مسلح نقاب پوش ڈاکو اچانک اس کے سامنے آ گئے۔

    ڈاکوؤں نے آتشیں اسلحہ کے زور پر محمد عامر کو روکا اور اس کی ذاتی ملکیت موٹرسائیکل، جس کی مالیت تقریباً ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپے بتائی جا رہی ہے، چھین لی اور فرار ہو گئے۔ واردات کے بعد ملزمان پنجاب بینک روڈ کی جانب فرار ہوئے۔

    متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ گلی میں روشنی ہونے کی وجہ سے وہ اور دیگر عینی شاہدین ڈاکوؤں کو شناخت کر سکتے ہیں۔ پولیس تھانہ سٹی علی پور نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    علاقہ مکینوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ گشت کو مؤثر بنایا جائے اور جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • اوچ شریف: عید قربان کی رونقیں عروج پر، مہنگائی نے غریب طبقے کی قربانی کو خواب بنا دیا

    اوچ شریف: عید قربان کی رونقیں عروج پر، مہنگائی نے غریب طبقے کی قربانی کو خواب بنا دیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)عید قربان کی رونقیں عروج پر، مہنگائی نے غریب طبقے کی قربانی کو خواب بنا دیا

    عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی اوچ شریف اور گردونواح کی مویشی منڈیوں میں رونقیں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ شہر کے باسی سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ مویشی منڈیوں میں بکرے، بچھڑے، گائیں، بیل اور بھینسیں خریدنے کے لیے ہر عمر اور طبقے کے افراد کا رش لگنا شروع ہو گیا ہے۔

    بچوں کا جوش دیدنی ہے، جو اپنے پسندیدہ جانوروں کے ساتھ تصویریں بنوانے اور ان کا خیال رکھنے میں پیش پیش ہیں۔ خریداروں کے چہروں پر سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کی خوشی عیاں ہے، وہیں بیوپاری بھی اپنی محنت کے ثمر سے مطمئن نظر آتے ہیں۔

    تاہم ایک طرف جہاں عید کی خوشیاں ہیں، وہیں دوسری طرف مہنگائی نے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ رکھی ہے۔ مویشیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جس کے باعث کئی افراد اس سال قربانی کی سنت ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ ایک مقامی شہری محمد اشرف نے بتایا، "پچھلے سال میں نے دو بکرے لیے تھے، اس سال ایک بھی لینا مشکل ہو گیا ہے۔ مہنگائی نے سب کچھ بدل دیا ہے۔”

    اسی طرح ایک رکشہ ڈرائیور رمضان بلوچ کا کہنا تھا، "سنتِ ابراہیمی ہر مسلمان کا جذبہ ہے، مگر اس بار صرف دیکھنے آیا تھا، خریدنے کی سکت نہیں رہی۔”

    دوسری جانب اوچ شریف کے سماجی حلقوں اور فلاحی اداروں نے اجتماعی قربانی کی مہمات کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ وہ افراد جو انفرادی قربانی کی استطاعت نہیں رکھتے، اجتماعی قربانی کے ذریعے اپنا حصہ ڈال سکیں۔ عید قربان کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ امید ہے کہ صاحب استطاعت افراد اپنے کمزور بھائیوں کا بھی خیال رکھیں گے، تاکہ خوشیوں کا یہ تہوار سب کے لیے یکساں خوشی کا پیغام بن سکے۔

  • اوچ شریف: روٹھی بیوی کو منانے کی ناکامی پر داماد کا سسرال پر حملہ، برادر نسبتی جاں بحق، ساس سمیت دیگر زخمی

    اوچ شریف: روٹھی بیوی کو منانے کی ناکامی پر داماد کا سسرال پر حملہ، برادر نسبتی جاں بحق، ساس سمیت دیگر زخمی

    اوچ شریف، (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے اکبر ٹاؤن میں گھریلو جھگڑے نے خونی رنگ اختیار کر لیا۔ اپنی روٹھی بیوی کو منانے میں ناکامی پر ایک مشتعل داماد نے ساتھیوں سمیت سسرالیوں کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ اس اندوہناک واقعے میں سریے اور لاٹھیوں کے وار سے 20 سالہ برادر نسبتی راشد حسین جاں بحق ہو گیا، جبکہ ساس اور دو دیگر برادر نسبتی شدید زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق، ملزم وحید حسین نے اپنے ساتھیوں ناظم حسین، خادم حسین، محمد عاشق، جمیل اور محمد حسن کے ہمراہ اپنے سسر قاسم حسین کے گھر پر حملہ کیا۔ گھر میں موجود قاسم حسین کے بیٹوں راشد، نادر اور خادم حسین نے مزاحمت کی کوشش کی، جس پر وحید حسین نے سریے کا وار کر کے راشد کو شدید زخمی کر دیا۔ دیگر ساتھیوں نے بھی لاٹھیوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں نادر اور خادم زخمی ہو گئے، جبکہ نسیم بی بی (ساس) کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    تمام زخمیوں کو فوری طور پر RHC اوچ شریف منتقل کیا گیا، جہاں راشد حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ اوچ شریف موقع پر پہنچی۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوایا اور پھر ورثا کے حوالے کر دیا۔

    متاثرہ خاندان کے سربراہ قاسم حسین کی مدعیت میں تھانہ اوچ شریف میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے اس واقعے کے مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

  • بہاولپور: بہاول کینال سے بوری بند نامعلوم لڑکی کی لاش برآمد، پولیس تحقیقات میں مصروف

    بہاولپور: بہاول کینال سے بوری بند نامعلوم لڑکی کی لاش برآمد، پولیس تحقیقات میں مصروف

    بہاولپور، (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)لال سوہانرا کے قریب بہاول کینال نہر سے ایک 20 سالہ نامعلوم لڑکی کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے۔ اس اندوہناک واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ پولیس نے قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق، مقامی افراد نے نہر میں تیرتی ہوئی لاش دیکھ کر فوری طور پر پولیس چوکی لال سوہانرا اور ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی انچارج پولیس چوکی مقصود ورک، ڈی ایس پی صدر سرکل خالد محمود وٹو، اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو ٹیم جس میں اینسیڈینٹ کمانڈر جاوید، سینیئر میڈیکل ٹیکنیشن محمد مشتاق، اور آصف رضا شامل تھے، نے کارروائی کرتے ہوئے لاش کو نہر سے نکال کر پولیس کے حوالے کیا۔

    پولیس کے مطابق، مقتولہ کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ لاش کی ٹانگ کے ساتھ رسی کے ذریعے بھاری وزن باندھ کر نہر میں پھینکا گیا تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے قتل کر کے شواہد چھپانے کی کوشش کی گئی ہے۔ پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے۔

    شناخت کے عمل کو ممکن بنانے کے لیے پولیس نے قریبی تھانوں — خیرپور ٹامیوالی، عنائتی، میلسی اور کہروڑپکا — سے رابطہ کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے اور جلد ہی حقائق سامنے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    علاقے کے مکینوں نے اس دلخراش واقعے پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • اوچ شریف: CCD پولیس کا بہادری سے بھرپور مقابلہ، خطرناک ڈاکو ہلاک

    اوچ شریف: CCD پولیس کا بہادری سے بھرپور مقابلہ، خطرناک ڈاکو ہلاک

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان)اوچ شریف کے علاقے بکھری چوک میں CCD پولیس نے ایک جری اور مؤثر کارروائی کے دوران خطرناک مسلح ڈاکوؤں سے مقابلہ کرتے ہوئے ایک ملزم کو ہلاک کر دیا، جبکہ دو فرار ہو گئے۔ سرکل آفیسر CCD احمد پور انسپکٹر لطیف جھورڑ کی سربراہی میں پولیس گشت پر مامور تھی جب تین مشتبہ مسلح ملزمان موٹرسائیکل پر سوار ہو کر اچانک فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے لگے۔ پولیس کی جانب سے فوراً جوابی کارروائی کی گئی، جس کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولی کا نشانہ بن کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے جدید خودکار اسلحہ، متعدد گولیاں، 1150 روپے نقدی اور ایک CD-70 موٹرسائیکل برآمد کر لی ہے۔ ہلاک ملزم کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد RHC اوچ شریف منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے حاصل شدہ شواہد فرانزک تجزیے کے لیے متعلقہ لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ آفیسر CCD بہاولپور عرفان اکبر خان نے پولیس کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطرناک جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے اور فرار ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا تاکہ بہاولپور ریجن کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔ پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    یہ کارروائی CCD پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت، جرأت اور عوام کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

  • ڈائریکٹر کالجز کا گورنمنٹ صادق عباس کالج کا دورہ، نمایاں کارکردگی پر اساتذہ کو خراجِ تحسین

    ڈائریکٹر کالجز کا گورنمنٹ صادق عباس کالج کا دورہ، نمایاں کارکردگی پر اساتذہ کو خراجِ تحسین

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب میں ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت ڈائریکٹر کالجز بہاولپور ڈویژن پروفیسر ڈاکٹر رانا شرافت علی اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز بہاولپور پروفیسر محمد تسلیم عالم نے کالج کا خصوصی دورہ کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے پرنسپل کالج پروفیسر شاہد حسین مغل کی والدہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائے مغفرت کی اور کالج کے تدریسی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    دورے کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی (صدر شعبہ سرائیکی، انچارج سکیورٹی آفیسر و کنٹرولر امتحانات) کو تدریسی و انتظامی میدان میں نمایاں کارکردگی پر تعریفی سند پیش کی گئی۔

    اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ خالد رشید چشتی، ملک عمران اعوان، اعظم خان قادری، علی عباس، طاہر بھٹہ، شاہد بخاری، فیض درانی، ضیاء اور طاہر گارڈز بھی موجود تھے جنہوں نے نیک تمناؤں کے اظہار کے ساتھ مبارکباد پیش کی۔