Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: آپریشن "بنیان مرصوص” کی کامیابی پر عظیم الشان ریلی کا انعقاد

    اوچ شریف: آپریشن "بنیان مرصوص” کی کامیابی پر عظیم الشان ریلی کا انعقاد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں معروف دینی و روحانی شخصیت مولانا پیر سید شاہ جرار کی قیادت میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور آپریشن "بنیان مرصوص” کی عظیم کامیابی کے جشن میں ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس تاریخی ریلی کا آغاز جامعہ قاسمیہ بھٹہ ککس سے ہوا، جو قومی شاہراہ سے ہوتی ہوئی الشمس چوک میں ایک بھرپور اجتماع میں تبدیل ہو گئی۔

    ریلی میں شریک افراد نے قومی پرچموں، پاک فوج سے محبت کے بینرز اور پُرعزم نعروں سے فضا کو گونجا دیا۔ "پاک فوج زندہ باد”، "شہداء کو سلام”، اور "پاکستان پائندہ باد” کے نعرے ریلی کی فضا کو گرما رہے تھے۔ ریلی میں مذہبی جوش و ولولہ اور قومی یکجہتی کا بے مثال منظر دیکھنے کو ملا۔

    ریلی سے خطاب کرنے والوں میں ممتاز علماء اور مشائخ شامل تھے، جن میں مولانا پیر سید محمد شاہ جرار، مفتی محمد قاسم، مولانا اسداللہ مدنی، مولانا جلیل احمد عباسی، مولانا راشد فاروقی، مولانا بابر علی صدیقی، مولانا شاکر قاسمی، مولانا ریاض احمد، مولانا عتیق الرحمن ککر، قاری سعد مدنی، مہرغلام ربانی کاٹھیہ، شیخ محمد اکمل، عمر خورشید سہمن اور چوہدری محمد طارق نمایاں رہے۔

    مقررین نے اپنے جذباتی خطابات میں کہا کہ آپریشن "بنیان مرصوص” پاکستان کی بقاء، سالمیت اور خودمختاری کے لیے ایک فیصلہ کن معرکہ تھا، جس میں ہمارے بہادر سپاہیوں نے دشمنوں کو ان کی کمین گاہوں میں جا کر عبرتناک انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، اور ان کے خون کے صدقے آج وطن محفوظ ہے۔

    ریلی میں اوچ شریف کے علاوہ بیٹ احمد، کوٹلہ شیخاں، زندہ لعل، جھانگڑہ غربی اور دیگر قریبی علاقوں سے عوامی قافلے شریک ہوئے۔ شرکاء کی بڑی تعداد اور قومی جذبہ اس بات کا غماز تھا کہ پاکستانی قوم اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

    ریلی کا مقصد واضح تھا — دشمنوں کو پیغام دینا کہ پاکستانی قوم اور اس کی افواج ایک جسم کی مانند ہیں، اور وطن عزیز کے خلاف کسی بھی سازش کو وہ متحد ہو کر کچلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

  • دھوڑ کوٹ پولیس کا منشیات فروشوں پر کریک ڈاؤن، 100 لیٹر شراب برآمد، 2 گرفتار

    دھوڑ کوٹ پولیس کا منشیات فروشوں پر کریک ڈاؤن، 100 لیٹر شراب برآمد، 2 گرفتار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) ضلع بہاولپور میں تھانہ دھوڑ کوٹ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کرتے ہوئے دو مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران 100 لیٹر دیسی شراب برآمد کر لی، جب کہ دو منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں آئیں، جن سے شراب کی ترسیل کی بڑی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔

    سب انسپکٹر خدا بخش کی قیادت میں پولیس ٹیم نے گشت کے دوران موضع خیرپور ڈاہا کے قریب مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے محمد اسماعیل ولد غلام رسول ساکن موچی پنواں کو گرفتار کر لیا۔ اس کے قبضے سے دو نیلے جیری کینز برآمد کیے گئے جن میں 50 لیٹر دیسی شراب موجود تھی۔ کارروائی میں کانسٹیبل شاہنواز اور سجاد خان نے حصہ لیا۔

    اسی روز اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالمجید کی سربراہی میں ٹیم نے بیٹ لنگاہ، پتن دریا کے مقام پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم اعجاز بلوچ ولد غلام علی، ساکن عمر کوٹ، کو دھر لیا۔ پولیس ٹیم میں عامر اصغر، فیض اللہ، وقار حسین اور ڈرائیور محمد ارشد شامل تھے۔ ملزم کے قبضے سے بھی 50 لیٹر دیسی شراب برآمد ہوئی۔

    دونوں مقدمات میں پولیس نے شراب کے 10،10 اونس نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کو بھجوا دیے ہیں، جب کہ باقی مقدار ثبوت کے طور پر محفوظ کر لی گئی ہے۔ ملزمان کے خلاف امتناعِ منشیات ایکٹ کی دفعہ 3/4 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔

    ایس ایچ او سجاد حسین لغاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس علاقے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ سماج دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔

  • اوچ شریف میں ڈاکو راج: ماں پر تشدد، 12 سالہ بچی اغوا، پولیس بے خبر

    اوچ شریف میں ڈاکو راج: ماں پر تشدد، 12 سالہ بچی اغوا، پولیس بے خبر

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں محلہ شمیم آباد میں دن دہاڑے مسلح ڈاکو گھر میں گھس آئے، اہلِ خانہ کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا، زیورات لوٹے، خاتون کو زخمی کیا اور 12 سالہ بچی کو اغوا کرکے فرار ہو گئے۔ واقعے نے شہر میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جب کہ پولیس حسبِ روایت تاخیر سے پہنچی اور اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

    متاثرہ خاتون سلمیٰ زوجہ غلام شبیر عمر تقریباً 33 سال اپنی بچی کو بچانے کی کوشش میں زخمی ہو گئیں۔ ڈاکو ان کے کانوں سے بالیاں نوچ کر لے گئے جس سے بائیں کان کی لو شدید زخمی ہو گئی۔ اہلِ محلہ کے مطابق خاتون کی چیخ و پکار سن کر علاقہ لرز اٹھا لیکن پولیس اور ایس ایچ او موقع پر تاخیر سے پہنچے اور ڈاکو بچی سمیت فرار ہو چکے تھے۔

    زخمی خاتون کو ریسکیو اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم اغوا شدہ بچی کا کوئی سراغ نہ لگایا جا سکا۔ شہریوں نے بڑھتے ہوئے جرائم پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور بچی کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

    عوام کا کہنا ہے کہ اوچ شریف میں ڈاکو راج قائم ہو چکا ہے اور پولیس جرائم کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ پولیس کی کارکردگی کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

  • خاتون ڈرائیور کی تیز رفتاری کا خطرناک انجام، گاڑی بینک میں جا گھسی

    خاتون ڈرائیور کی تیز رفتاری کا خطرناک انجام، گاڑی بینک میں جا گھسی

    بہاولپور میں ایک خاتون ڈرائیور کی جلد بازی اور تیز رفتاری کے باعث ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جب ایک کار مسلم کمرشل بینک کی عمارت کے مرکزی دروازے سے ٹکرا گئی۔

    واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے بینک کے قریب پہنچی۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی کی رفتار کافی تیز تھی، اور جیسے ہی خاتون نے گاڑی روکنے کی کوشش کی تو غلطی سے بریک کی بجائے ایکسیلیریٹر (ریس) دبا دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو کر سیدھا بینک کے داخلی دروازے سے جا ٹکرائی۔ریسکیو 1122 کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثے کے نتیجے میں بینک کے شیشے چکناچور ہو گئے جبکہ دروازے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ خاتون ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں، تاہم کسی قسم کی سنگین جسمانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر خاتون کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

    گاڑی کو بھی حادثے میں خاصا نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے اس وقت بینک میں کوئی بڑا رش نہیں تھا، جس کی وجہ سے ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حادثہ دن کے وقت پیش آیا اور اچانک زوردار آواز سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون ڈرائیور کے خلاف تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا، تاہم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • احمد پور شرقیہ: کالج میں آپریشن "بنیان مرصوص” کی فتح پر ریلی

    احمد پور شرقیہ: کالج میں آپریشن "بنیان مرصوص” کی فتح پر ریلی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان)احمد پور شرقیہ میں کالج میں آپریشن "بنیان مرصوص” کی فتح پر ریلی، پاک فوج کو زبردست خراج تحسین

    گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب میں آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور دشمن بھارت کی شکست فاش پر ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل نے کی، جس میں کالج کے اساتذہ، طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور اپنے وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام اور پاک فوج کی عظیم قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

    ریلی کے شرکاء نے "نعرہ تکبیر” اور "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں کی گونج میں فوجی قافلے کا پرتپاک استقبال کیا، پھولوں کے ہار اور گلدستے پیش کیے، جبکہ فوجی گاڑیوں پر گل پاشی بھی کی گئی۔ طلباء و طالبات نے پاک آرمی کے افسروں اور جوانوں کو آپریشن بنیان مرصوص کی فتح پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی شجاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔

    اس موقع پر پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل اور انچارج سکیورٹی آفیسر پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی سمیت معزز اساتذہ کرام اور طلباء نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ وطن سے محبت کا والہانہ اظہار کرتے ہوئے شرکاء کا جوش و جذبہ قابل دید تھا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

  • اوچ شریف: زیرِ حراست ملزم فرار، ایس ایچ او سمیت تین اہلکار معطل، مقدمہ درج

    اوچ شریف: زیرِ حراست ملزم فرار، ایس ایچ او سمیت تین اہلکار معطل، مقدمہ درج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تھانہ چنی گوٹھ پولیس کی زیرِ حراست مقدمے کے نامزد ملزم نصار کلیم کے فرار ہونے پر پولیس کے اندر ہلچل مچ گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق نصار کلیم کو علاقہ مجسٹریٹ کی جانب سے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کے احکامات تھے، مگر پولیس اسے دوبارہ تھانے لے آئی جہاں سے وہ موقع پا کر فرار ہو گیا۔

    واقعے کے بعد ڈی پی او بہاولپور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او اسلم بلوچ، سب انسپکٹر ابرار مجید اور محرر اسد حنیف کو معطل کر دیا۔ تینوں اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی شفاف انکوائری کی جائے گی اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو سخت محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    دریں اثناء نئے ایس ایچ او کی فوری تعیناتی کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے فرار ہونے والے ملزم کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ملزم کی جلد گرفتاری کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

  • ویپ نوجوانوں کا "خاموش قاتل”، حکومت کارروائی کرے: ڈاکٹر ارشد رانا

    ویپ نوجوانوں کا "خاموش قاتل”، حکومت کارروائی کرے: ڈاکٹر ارشد رانا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)روایتی سگریٹ نوشی ایک پرانا صحت دشمن مسئلہ رہا ہے، تاہم اب جدید دور کی ایک نئی خطرناک لت "ویپ” (الیکٹرانک سگریٹ) نوجوان نسل کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔ رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف کے انچارج سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد ارشد رانا نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویپ عام سگریٹ کے مقابلے میں کہیں زیادہ خطرناک اور نوجوانوں کے لیے "خاموش قاتل” ثابت ہو رہا ہے۔

    ڈاکٹر ارشد رانا کے مطابق ان کے پاس روزانہ ایسے نوجوان مریض آ رہے ہیں جو شدید سانس کی تکلیف، پھیپھڑوں کی خرابی اور سینے کی دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ ان میں سے اکثریت ویپ کے استعمال کی عادی ہے، جو ابتدا میں فیشن یا تفریح کے طور پر شروع کیا جاتا ہے لیکن جلد ہی ایک تباہ کن نشہ بن کر جسم و دماغ کو متاثر کرتا ہے۔

    انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویپ اب صرف ایک انفرادی مسئلہ نہیں بلکہ ایک اجتماعی سماجی المیہ بنتا جا رہا ہے۔ اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے TikTok اور Facebook پر مشہور ہونے کے شوق میں ویپ کا استعمال کرتے ہیں، جو ان کی صحت اور مستقبل دونوں کے لیے زہر قاتل ہے۔

    ڈاکٹر ارشد رانا نے والدین کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی اولاد کی سرگرمیوں، دوستوں اور معمولات پر گہری نظر رکھیں تاکہ بروقت رہنمائی کے ذریعے انہیں اس مہلک لت سے بچایا جا سکے۔ ان کے بقول "نوجوانی میں پھیپھڑوں کی تباہی محض ایک طبی مسئلہ نہیں، بلکہ یہ پوری قوم کے مستقبل پر حملہ ہے۔”

    انہوں نے دکانداروں کی غیر ذمہ داری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکثر مقامی دکان دار کم عمر بچوں کو ویپ اور سگریٹ بلا خوف فروخت کر رہے ہیں، حتیٰ کہ تعلیمی اداروں کے باہر بھی یہ زہریلا سامان کھلے عام دستیاب ہے، جب کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

    ڈاکٹر ارشد رانا نے حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ ویپ اور دیگر تمباکو مصنوعات کی فروخت کو فوری طور پر سختی سے کنٹرول کیا جائے، خاص طور پر تعلیمی اداروں کے گرد ان کے کاروبار پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور کم عمر بچوں کو نشہ آور اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • اوچ شریف: تیز رفتاری و رانگ سائیڈ ڈرائیونگ، منی ٹرک سے تصادم، 14 سالہ لڑکا جاں بحق

    اوچ شریف: تیز رفتاری و رانگ سائیڈ ڈرائیونگ، منی ٹرک سے تصادم، 14 سالہ لڑکا جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) قومی شاہراہ ترنڈہ محمد پناہ پر تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی نے ایک معصوم جان کا چراغ گل کر دیا۔ دو موٹر سائیکل سوار نوجوان بغیر کسی حفاظتی تدابیر کے مخالف سمت سے رانگ سائیڈ پر آ رہے تھے کہ اچانک سامنے سے آنے والے منی ٹرک سے ٹکرا گئے۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ 14 سالہ چاند ولد سجاد، سکنہ اوچ شریف، موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا نوجوان وسیم ولد مختیار، عمر تقریباً 20 سال، شدید زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل سوار نوجوان غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف سمت سے تیز رفتاری کے ساتھ آ رہے تھے۔ چاند کو سر پر گہری چوٹیں آئیں جس سے اس کی موت واقع ہو گئی، جبکہ وسیم کو ٹانگ اور پاؤں پر گہرے زخم آئے۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی جبکہ زخمی نوجوان کو فوری طبی امداد دینے کے بعد رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ مکمل طور پر نوجوانوں کی غفلت، تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزی کا نتیجہ تھا۔ مقامی شہریوں نے انتظامیہ سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہوں پر رانگ سائیڈ پر چلنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے دلخراش حادثات سے بچا جا سکے۔

  • ملت ایکسپریس کی زد میں آکر خاتون جاں بحق

    ملت ایکسپریس کی زد میں آکر خاتون جاں بحق

    بہاولپور ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) کراچی سے لاہور جانے والی ملت ایکسپریس کی زد میں آکر ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی۔ حادثہ ملتان روڈ بہاولپور کے قریب "فلائی اوور پھاٹک” کے مقام پر پیش آیا، جہاں خاتون ریلوے لائن کراس کرتے ہوئے ٹرین سے ٹکرا گئیں۔

    جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت سکینہ بی بی زوجہ ظہور احمد کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمر تقریباً 50 سال بتائی گئی ہے۔ انہیں سر پر شدید چوٹیں آئیں، جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔ اہل خانہ نے لاش کو ہسپتال منتقل کرنے سے انکار کر دیا۔ مرحومہ کا تعلق فردوس آباد، بندرہ پُلّی، ملتان روڈ بہاولپور سے تھا

  • اوچ شریف: تاریخی قبرستان زندہ لال بے حرمتی کا شکار، قبریں مسمار، نشئیوں کا راج

    اوچ شریف: تاریخی قبرستان زندہ لال بے حرمتی کا شکار، قبریں مسمار، نشئیوں کا راج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی: نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کا صدیوں پرانا تاریخی و روحانی قبرستان "زندہ لال”، جو کبھی عقیدت و احترام کا مرکز سمجھا جاتا تھا، آج بدانتظامی، غفلت اور بے حسی کی المناک تصویر پیش کر رہا ہے۔ یہ مقدس مقام اب قبروں کی بے حرمتی، گندگی، منشیات کے عادی افراد اور چرنے والے جانوروں کے رحم و کرم پر ہے۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق قبرستان میں گدھے، بکریاں اور دیگر مویشی کھلے عام گھومتے ہیں، جن کے فضلے سے تعفن اور بدبو نے قبرستان کے تقدس کو پامال کر دیا ہے۔ متعدد قبریں مسمار ہو چکی ہیں، کتبے غائب ہو گئے ہیں اور بعض مقامات پر قبریں مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکی ہیں۔

    رات کے وقت قبرستان میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کا راج ہوتا ہے، جو نہ صرف ماحول کو غیر محفوظ بناتے ہیں بلکہ قبرستان کے روحانی وقار کو بھی شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔

    شہریوں نے اس صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، چیئرمین بلدیہ اوچ شریف اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ "یہ صرف قبریں نہیں بلکہ ہمارا روحانی ورثہ، ہماری تاریخ اور عقیدت کا عکس ہیں، جن کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔”

    شہریوں نے قبرستان کی فوری صفائی، چار دیواری کی تعمیر، روشنی کے انتظامات اور مستقل سیکیورٹی کی فراہمی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ قیمتی ورثہ مکمل طور پر مٹ جائے گا۔