Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: ٹینکی گراؤنڈ پارک مسائل کی آماجگاہ،ڈپٹی کمشنر سے فوری ایکشن کا مطالبہ

    اوچ شریف: ٹینکی گراؤنڈ پارک مسائل کی آماجگاہ،ڈپٹی کمشنر سے فوری ایکشن کا مطالبہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ٹینکی گراؤنڈ پارک شہریوں کے لیے سہولت کے بجائے اذیت کا باعث بن گیا ہے۔ نامکمل سہولیات، تباہ حال انفراسٹرکچر، گندگی کے ڈھیر، اور نشئی افراد کی آزادانہ موجودگی نے اسے عوام کے لیے وبالِ جان بنا دیا ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    ٹینکی گراؤنڈ پارک کی حالت انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔ جوگنگ ٹریک چند ماہ میں ہی جگہ جگہ سے ٹوٹ گیا ہے۔ بچوں کے جھولے خستہ حال ہو کر خطرناک بن چکے ہیں۔ داخلی راستے پر نصب فوارہ کبھی چالو نہ ہوا اور اب مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی ناکارہ ہے، اور ٹونٹیاں ٹوٹ کر غیر فعال ہیں۔

    شہریوں نے شکایت کی ہے کہ رات ہوتے ہی پارک میں منشیات کے عادی افراد کا ڈیرہ لگ جاتا ہے، جو سرعام نشہ آور اشیاء استعمال کرتے ہیں۔ اس غیر محفوظ ماحول کی وجہ سے فیملیز اور بچے پارک آنے سے کتراتے ہیں۔ پارک سے ملحقہ رہائشیوں نے اسے جانوروں کے باڑے میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں بھینسیں اور گدھے بندھے رہتے ہیں، جس سے بدبو اور گندگی نے پارک کی فضا کو آلودہ کر دیا ہے۔

    گراسی پلاٹس میں خودرو جھاڑیاں اور گھاس اگنے سے سانپ، بچھو، اور دیگر موذی حشرات کی بھرمار ہو گئی ہے۔ جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر لگے ہیں، اور پارک میں نصب بلب غائب ہیں، جس کی وجہ سے رات کے وقت مکمل تاریکی چھا جاتی ہے۔ میونسپل کمیٹی کی عدم دلچسپی نے پارک کی حالت کو روز بروز بدتر کر دیا ہے۔

    شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ پارک کی تزئین و آرائش، صفائی، سیکیورٹی، اور سہولیات کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ وہ ناقص تعمیرات کے ذمہ دار ٹھیکیداروں اور افسران کے خلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے کے عوامی وسائل کا ضیاع ناقابل برداشت ہے، اور حکام کو اسے ترجیحی بنیادوں پر درست کرنا ہوگا۔

  • اوچ شریف: ڈاکخانہ عوام کے لیے عذاب، بدسلوکی معمول، انجمن تاجران کا نوٹس کا مطالبہ

    اوچ شریف: ڈاکخانہ عوام کے لیے عذاب، بدسلوکی معمول، انجمن تاجران کا نوٹس کا مطالبہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے مرکزی ڈاکخانے میں عملے کی ہٹ دھرمی، بدسلوکی اور غفلت نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ انجمن تاجران اوچ شریف کے صدر عمر خورشید سہمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صورتحال کو "عوامی تذلیل کا تسلسل” قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    عینی شاہدین اور متاثرہ شہریوں کے مطابق ڈاکخانے کا عملہ اختیارات کے نشے میں چور اور عوامی خدمت کے جذبے سے مکمل طور پر خالی ہے۔ بزرگوں، خواتین اور نوجوانوں کے ساتھ تحقیر آمیز رویہ معمول بن چکا ہے۔ سرکاری اوقات کار صبح 8 سے شام 4 بجے تک ہیں، لیکن ڈاکخانہ دوپہر 12 بجے ہی بند کر دیا جاتا ہے۔ شہریوں کو دھکے، گالم گلوچ اور بےعزتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    عمر خورشید سہمن کے مطابق اگر اس معاملے پر فوری ایکشن نہ لیا گیا تو انجمن تاجران احتجاجی دھرنے، ریلیوں اور پریس کانفرنسز کے ذریعے اپنا موقف بھرپور انداز میں سامنے لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکخانے کا معاملہ محض ایک ادارے کی بدانتظامی نہیں بلکہ عوامی اعتماد کا بحران ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ڈاک کی مسلسل خاموشی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

    عوامی، سماجی اور تاجر حلقوں نے بھی غفلت، بدتمیزی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے مرتکب عملے کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بصورتِ دیگر یہ مسئلہ ایک بڑے عوامی احتجاج کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

  • احمدپورشرقیہ:: بیوی اور بیٹے کے اغوا کا ڈرامہ رچانے والا شخص ساتھیوں سمیت گرفتار

    احمدپورشرقیہ:: بیوی اور بیٹے کے اغوا کا ڈرامہ رچانے والا شخص ساتھیوں سمیت گرفتار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور محمد حسن اقبال کی ہدایات پر تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ کی ٹیم نے پکار 15 پر جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او کی ہدایت پر جھوٹے مقدمات درج کروانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، ایس ڈی پی او احمد پور شرقیہ نے پریس کانفرنس میں بتایا۔

    چند روز قبل محمد ارسلان یعقوب نے پکار 15 پر اطلاع دی کہ وہ اپنی بیوی صباء بی بی اور تین سالہ بیٹے کے ساتھ موٹر سائیکل پر ڈیرہ مستی جا رہے تھے کہ عباسیہ چوک پر سفید کار سوار نامعلوم افراد نے ان کی بیوی اور بیٹے کو اغوا کر لیا۔

    پولیس نے فوری مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کیا، تاہم ابتدائی تفتیش میں وقوعہ مشکوک پایا گیا۔ مدعی کو شاملِ تفتیش کر کے اس کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ ماضی میں بھی جھوٹے مقدمات درج کروانے کا عادی رہا ہے۔

    مزید تحقیق کے بعد انکشاف ہوا کہ اغوا کا یہ ڈرامہ خود محمد ارسلان نے اپنے دوستوں ریحان ریاض، وقاص اکرم اور اپنی بیوی صباء بی بی کے ساتھ مل کر رچایا تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بیوی اور بیٹے کو ان کے سسرال سے بازیاب کرا لیا جبکہ ملزم ریحان ریاض کے قبضے سے وقوعہ میں استعمال ہونے والی آلٹو کار بھی برآمد کر لی گئی۔

    پولیس نے ملزمان کے خلاف اینٹی ریپ ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں جیل منتقل کر دیا۔ ایس ڈی پی او نے کہا کہ پکار 15 پر جھوٹی اطلاع دینا سنگین جرم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • احمد پورشرقیہ: سابقہ رنجش پر فائرنگ، 50 سالہ شخص زخمی

    احمد پورشرقیہ: سابقہ رنجش پر فائرنگ، 50 سالہ شخص زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ میں واقع کچہری روڈ پر ریسٹ ہاؤس گیٹ کے بالمقابل فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 50 سالہ طالب حسین شدید زخمی ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ سابقہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق احمد پور کھوہنہ کے رہائشی طالب حسین موٹر سائیکل پر سوار کہیں جا رہے تھے کہ اسی دوران حافظ فیاض کے بیٹے محمد کیف، محمد اسامہ اور ان کے تین دیگر ساتھیوں نے ان کا راستہ روک لیا۔ محمد کیف نے اس موقع پر طالب حسین پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو گولیاں ان کی دائیں ٹانگ پر لگیں اور وہ بری طرح زخمی ہو گئے۔

    واقعے کی اطلاع پر تھانہ سٹی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی طالب حسین کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ٹی ایچ کیو) احمد پور ایسٹ منتقل کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان رنجش اُس وقت شروع ہوئی جب حافظ فیاض ایک مذہبی اجتماع کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئے تھے، جس پر ان کے بیٹوں نے طالب حسین سمیت دیگر افراد پر الزامات لگا کر مقدمہ درج کرایا تھا، تاہم عدالت نے طالب حسین کو طبی بنیادوں پر بری کر دیا تھا۔

    پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ فائرنگ کے اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • اوچ شریف: ڈکیتی پر مزاحمت، فائرنگ سے شہری شدید زخمی

    اوچ شریف: ڈکیتی پر مزاحمت، فائرنگ سے شہری شدید زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع مانک میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا۔ ریسکیو 1122 کنٹرول روم کے مطابق اطلاع شام 8 بج کر 57 منٹ پر موصول ہوئی، جس پر ریسکیو یونٹ BPA-27 صرف 17 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق لواحقین نے بتایا کہ ظفراقبال ولد اللہ ودھایا عمر 45 سال ساکن موضع مانک نوشہرہ، کو ڈاکوؤں نے مزاحمت پر دونوں ٹانگوں پر گولیاں مار دیں۔ ریسکیو ٹیم نے جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے زخمی کو فوری طور پر آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کر دیا۔

    جبکہ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • ڈیرہ نواب صاحب: حیات کلینک میں مسلح ڈکیتی، ڈاکٹرسے نقدی و اہم کاغذات لوٹ لیے

    ڈیرہ نواب صاحب: حیات کلینک میں مسلح ڈکیتی، ڈاکٹرسے نقدی و اہم کاغذات لوٹ لیے

    بہاولپور (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے علاقے ڈیرہ نواب صاحب میں واقع حیات کلینک پر دو مسلح ڈاکوؤں نے ہلہ بول کر ڈاکٹر یاسر حیات قریشی سے 65 ہزار روپے نقدی، شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، دو اے ٹی ایم کارڈز اور پی ایم ڈی سی رجسٹریشن کارڈ چھین لیے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے جس کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے۔

    واردات پیر کی شب 9 بج کر 10 منٹ پر پیش آئی جب دو نامعلوم افراد بغیر نمبر پلیٹ چائنا موٹر سائیکل پر کلینک کے احاطے میں داخل ہوئے۔ دونوں ڈاکوؤں نے داخل ہوتے ہی اسلحہ تان کر ڈاکٹر کو یرغمال بنایا اور لوٹ مار کے بعد ہوائی فائرنگ کے بغیر موقع سے فرار ہو گئے۔

    پولیس نے متاثرہ ڈاکٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد پیش رفت متوقع ہے۔

    دوسری جانب اہلِ علاقہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں، خاص طور پر کلینکس، میڈیکل مراکز اور کاروباری اداروں کے گرد پولیس گشت کو مؤثر بنایا جائے تاکہ شہری عدم تحفظ کا شکار نہ ہوں۔

  • اوچ شریف: اکبر ٹاؤن گندگی اور تعفن کا شکار، "ستھرا پنجاب پروگرام” صرف کاغذوں تک محدود؟

    اوچ شریف: اکبر ٹاؤن گندگی اور تعفن کا شکار، "ستھرا پنجاب پروگرام” صرف کاغذوں تک محدود؟

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تاریخی شہر اوچ شریف کا نواحی علاقہ اکبر ٹاؤن بدترین صفائی، بہتے سیوریج اور تعفن زدہ ماحول کی لپیٹ میں آ چکا ہے، جہاں "ستھرا پنجاب پروگرام” کے حکومتی دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ گلیوں میں جمع گندگی، نالوں سے اُبلتا ہوا گندا پانی، اور خالی پلاٹوں میں کھڑا تعفن زدہ پانی نہ صرف مکینوں کے لیے اذیت کا باعث بن رہا ہے بلکہ علاقے کو وبائی امراض کے خطرے کی جانب دھکیل رہا ہے۔

    مقامی رہائشی محمد عامر، ساجد خان، یونس ادریس، غلام مصطفیٰ اور دیگر شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صفائی کی ابتر صورتحال، گٹروں کی بندش اور نکاسی آب کے ناقص نظام سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق بلدیہ کو بارہا شکایات درج کرانے کے باوجود کوئی موثر اقدام دیکھنے میں نہیں آیا۔ نہ صفائی عملہ متحرک ہے اور نہ ہی گٹروں کی مرمت کا کوئی سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

    شہریوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اکبر ٹاؤن کو فی الفور "ستھرا پنجاب پروگرام” میں شامل کر کے صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے ذاتی طور پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

    علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو احتجاجی مظاہروں، دھرنوں اور قانونی چارہ جوئی کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ "صفائی صرف بینرز اور اشتہارات سے نہیں، عملی اقدامات ہی عوامی مسائل کا حل ہیں۔

  • ترنڈ بشارت: موٹر چلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 18 سالہ نوجوان جاں بحق

    ترنڈ بشارت: موٹر چلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 18 سالہ نوجوان جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے ترنڈ بشارت میں ایک المناک حادثہ پیش آیا، جہاں 18 سالہ محمد نوید بوہڑ بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ اہلِ خانہ اور عینی شاہدین کے مطابق محمد نوید موٹر آن کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اُسے اچانک شدید کرنٹ لگا جس سے وہ موقع پر ہی بے ہوش ہو گیا۔ فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

    اس اندوہناک واقعے پر پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ نوجوان کی ناگہانی موت پر اہلِ علاقہ، عزیز و اقارب اور دوست احباب بڑی تعداد میں تعزیت کے لیے اُس کے گھر پہنچے اور غمزدہ خاندان سے اظہارِ ہمدردی کیا۔ محمد نوید کی نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد اُسے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

  • اوچ شریف اور خیرپور ٹامیوالی میں خوفناک ٹریفک حادثات: ایک جاں بحق، چار زخمی

    اوچ شریف اور خیرپور ٹامیوالی میں خوفناک ٹریفک حادثات: ایک جاں بحق، چار زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) جنوبی پنجاب کے دو مختلف علاقوں اوچ شریف اور خیرپور ٹامیوالی میں تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی ایک بار پھر انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن گئی۔ دو الگ الگ حادثات میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں ریسکیو 1122 نے فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا۔

    اوچ شریف کے علاقے للو والی موری میں موٹر سائیکل اور رکشہ کے درمیان تصادم اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل رکشہ سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان محمد فیصل ولد کریم بخش، قوم لنگاہ، عمر تقریباً 25 سال شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد دی اور RHC اوچ شریف منتقل کیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    دوسرا المناک حادثہ خیرپور ٹامیوالی کے علاقے میں فوجی والا پل کے قریب پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکلیں تیز رفتاری کے باعث آمنے سامنے آ گئیں۔ شدید تصادم کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے، جن میں بزرگ شہری محمد امیر ولد لال خان، عمر 60 سال، سکنہ بستی جھوک لال، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں محمد نعمان اور عمر فاروق ولد زاہد سلیم شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر THQ خیرپور ٹامیوالی منتقل کیا۔

    حادثات کے بعد دونوں علاقوں میں کہرام مچ گیا جبکہ اہل علاقہ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔

  • اوچ شریف: دینی مدرسے پر سیکیورٹی اہلکاروں کا غیر قانونی دھاوا، جے یو آئی کا احتجاج، کارروائی کا مطالبہ

    اوچ شریف: دینی مدرسے پر سیکیورٹی اہلکاروں کا غیر قانونی دھاوا، جے یو آئی کا احتجاج، کارروائی کا مطالبہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)مدرسہ امیر المدارس اوچ شریف میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کا غیر قانونی دھاوا، جمعیت علماء اسلام کا شدید ردعمل، اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ

    مدرسہ و مسجد امیر المدارس اوچ شریف میں 17 مئی بروز ہفتہ کو پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے خلاف جمعیت علماء اسلام تحصیل احمد پور شرقیہ اور حلقہ پی پی 250 اوچ شریف کا مشترکہ و ہنگامی اجلاس مدرسہ امیر المدارس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں قاری سیف الرحمن راشدی، امیر جمعیت علماء اسلام ضلع بہاولپور نے بطورِ خاص شرکت کی، جبکہ تحصیل امیر پیر حماد اللہ گنمب کی زیر صدارت اس اہم اجلاس میں جمعیت کے ضلعی و تحصیلی رہنماؤں اور بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں مدرسہ و مسجد امیر المدارس پر سرکاری وردی میں ملبوس اہلکاروں کے ڈرامائی انداز میں داخل ہونے، چادر و چاردیواری کے تقدس کی پامالی، مسجد میں بوٹوں سمیت گھسنے، منتظمین کو زدوکوب کرنے اور حبسِ بے جا میں رکھنے جیسے غیر قانونی فعل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ واقعے کو انتہائی تشویشناک اور دینی اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے، جمعیت علماء اسلام نے اسے ایک ناقابلِ برداشت عمل قرار دیا۔

    اجلاس کے بعد ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ بہاولپور واقعے کی اعلیٰ سطح پر شفاف تحقیقات کرائے، اور ملوث اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر مثالی سزائیں دی جائیں۔ جمعیت علماء اسلام نے واضح کیا کہ اگر فوری انصاف نہ کیا گیا تو جماعت راست اقدام اُٹھانے پر مجبور ہو گی۔

    اجلاس میں قاضی عمر فاروق فاروقی (تحصیل جنرل سیکرٹری)، مولانا نذیر احمد وارن، مہر غلام ربانی کاٹھیہ، مولانا اسد اللہ مدنی، مولانا محمد بابر علی صدیقی سمیت متعدد دیگر اکابرین نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے مدرسہ و مسجد کے تقدس کو پامال کرنے والے اقدامات کو ناقابلِ معافی جرم قرار دیا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز سیکیورٹی اہلکاروں کی یونیفارم ملبوس کچھ اہلکاروں نے مدرسے پر غیر قانونی اور غیر اخلاقی انداز میں دھاوا بول کر مدرسے کے مدرس اور دیگر لوگوں پر تشدد کیا، طلباء کو ہراساں کیا، حبس بے جا میں رکھا اور پھر مدرس کو اپنی گاڑیوں میں ڈال کر ساتھ لے گئے۔ راستے میں انہیں ہراساں کیا گیا، مدرسے میں مدرس کو تھپڑ مارے گئے اور ان کی تذلیل کی گئی۔ کچھ دور جا کر سیکیورٹی اہلکاروں نے مدرس سے شناختی کارڈ طلب کیا، شناختی کارڈ دیکھنے اور ڈیٹا چیک کرنے کے بعد انہیں راستے میں چھوڑ دیا۔