Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: دینی مدرسے کی ریلی، پاک فوج سے یکجہتی، شہداء کو خراجِ عقیدت

    اوچ شریف: دینی مدرسے کی ریلی، پاک فوج سے یکجہتی، شہداء کو خراجِ عقیدت

    اوچ شریف (باغی ٹی وی: نامہ نگار حبیب خان)دینی مدرسے کی ریلی، پاک فوج سے یکجہتی، شہداء کو خراجِ عقیدت

    اولیائے کرام کی سرزمین اوچ شریف میں قائم معروف دینی درسگاہ مدرسہ عربیہ امیر المدارس کی جانب سے افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت مدرسہ کے مہتمم قاری محمد صادق اور صدر مدرس مولانا قاری محمد رمضان عثمانی نے کی۔

    اس روح پرور ریلی میں شہر بھر کے علما کرام، اساتذہ، طلبہ اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے ہوئے تھے اور "پاک فوج زندہ باد”، "شہداء کو سلام” اور "پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الٰہ الا اللہ” کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے افواجِ پاکستان کی جرات، قربانی اور جذبۂ شہادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج صرف ایک عسکری ادارہ نہیں بلکہ قوم کے اتحاد، حوصلے اور بقاء کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاکستان کے کل کو محفوظ بنایا اور ان کی عظیم قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

    مقررین نے مزید کہا کہ شہداء کا جذبۂ قربانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ہمیں بھی اپنے اندر وہی استقلال، ایثار اور وطن سے محبت پیدا کرنی چاہیے۔

    ریلی کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، افواجِ پاکستان کی کامیابی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے ایک پُراثر اجتماعی دعا کی گئی، جس میں تمام شرکاء نے بھرپور شرکت کی۔

    بعد ازاں جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ دشمن کے ناپاک عزائم اور بزدلانہ کارروائیوں کا جس حکمت، صبر اور جرأت سے پاک فوج نے مقابلہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ قوم آج پہلے سے زیادہ متحد ہے اور اپنی افواج کے ساتھ چٹان کی مانند کھڑی ہے۔

    شرکاء نے افواجِ پاکستان کو کامیاب آپریشنز پر دلی مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سالمیت، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی۔ دشمن کے ناپاک ارادوں کو ہمیشہ کے لیے خاک میں ملا دیا جائے گا۔

  • اوچ شریف: ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر، ماں بیٹی جاں بحق، باپ زخمی

    اوچ شریف: ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر، ماں بیٹی جاں بحق، باپ زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی,نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے بلہ جھلن میں رات کے وقت ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک ہی خاندان کے تین افراد حادثے کا شکار ہو گئے۔ موٹر سائیکل پر سوار محمد سلیم، اس کی اہلیہ فرزانہ بی بی اور کمسن بیٹی سویرا بی بی سڑک کے کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئے۔ حادثے کی وجہ موٹر سائیکل کی ہیڈ لائٹ کا خراب ہونا بتایا جا رہا ہے، جس کے باعث سامنے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی نظر نہ آ سکی۔

    افسوسناک حادثے میں 32 سالہ فرزانہ بی بی اور اس کی ایک سالہ بیٹی موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ 35 سالہ محمد سلیم شدید زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف منتقل کر دیا۔ جاں بحق ماں بیٹی کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔

    حادثے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا چھا گئی، اہل علاقہ نے سڑکوں پر کھڑی بغیر روشنی والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • تمام ڈرون گرائے جا چکے،جھوٹے پیغامات ،تصاویر پھیلائی جا رہی ہیں، ڈی سی بہاولپور

    تمام ڈرون گرائے جا چکے،جھوٹے پیغامات ،تصاویر پھیلائی جا رہی ہیں، ڈی سی بہاولپور

    بہاولپور،ایک بار پھر شہر میں ڈرونز حملے ہوئے ہیں

    ڈرونز کی تعداد 6 سے 8 تھی،ڈیفنس سسٹم نے فضا میں ہی ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا ،ڈرونز کو مار گرانے کے دھماکوں سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا،حکام کا کہنا ہے کہ تمام ڈرونز کو فضا میں ہی مار گرایا ہے کوئی نقصان نہیں ہوا، ڈرونز کے ملبے کی تلاش جارہی ہے،

    دوسری جانب ڈی سی بہاولپور کا کہنا ہے کہ بہاولپور میں آگ اور لوگوں کے زخمی ہونےکی خبریں جھوٹی ہیں۔ لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے لیے جھوٹے پیغامات اور تصاویر پھیلائی جا رہے۔ حالات مکمل پر پرامن ہیں۔تمام ڈرون گرائے جا چکے۔ پاک فوج اور انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔

  • بھارتی جارحیت انسانیت سوز، جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ ہے: امیر بہاولپور و ولی عہد

    بھارتی جارحیت انسانیت سوز، جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ ہے: امیر بہاولپور و ولی عہد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)امیر بہاولپور اور ولی عہد کی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت، پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہاربھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، انسانیت سوز کارروائیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار

    امیر بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی اور ولی عہد پرنس بہاول عباس عباسی نے بھارت کی حالیہ فوجی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی افواج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے کر کے معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

    انہوں نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کہا کہ بھارتی اقدامات نہ صرف انسانیت سوز ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی بھی ہیں، جن کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ امیر اور ولی عہد نے کہا کہ بھارت کا بڑھتا ہوا جنگی جنون جنوبی ایشیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے اور عالمی برادری کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

    سات مئی کے حملے میں شہید ہونے والے افراد کے لیے دعا کرتے ہوئے انہوں نے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر امیر بہاولپور اور ولی عہد نے پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پرعزم ہے۔

  • اوچ شریف: انجمن تاجران احتجاجی ریلی، مودی کا پتلا نذر آتش، پاک فوج سے اظہار یکجہتی

    اوچ شریف: انجمن تاجران احتجاجی ریلی، مودی کا پتلا نذر آتش، پاک فوج سے اظہار یکجہتی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) بھارت کی جانب سے نہتے شہریوں پر حملوں اور فضائی جارحیت کے خلاف اوچ شریف میں انجمن تاجران کی قیادت میں ایک تاریخ ساز احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس نے شہر کی فضا کو حب الوطنی، جوش و جذبے اور قومی یکجہتی سے معمور کر دیا۔ ریلی میں شہریوں، تاجروں، علما، وکلاء، اساتذہ، صحافیوں، بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جو "پاک فوج زندہ باد” اور "پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ” جیسے فلک شگاف نعروں سے دشمن کے خلاف شدید غصے اور پاک فوج سے غیرمتزلزل وابستگی کا مظاہرہ کر رہے تھے۔

    ریلی ڈاکخانہ چوک سے شروع ہو کر الشمس چوک تک جوش و جذبے سے جاری رہی، جس کی قیادت انجمن تاجران کے چیئرمین ملک بشیر احمد اعوان، سرپرستِ اعلیٰ شیخ محمد اکمل، نائب صدر میاں عامر صدیقی اور صدر عمر خورشید سہمن نے کی۔ مقررین نے اپنے ولولہ انگیز خطابات میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ہوشیار رہے، یہ قوم نہ جھکنے والی ہے نہ بکنے والی — ہم سب پاک فوج کے سپاہی ہیں۔

    مقررین نے کہا کہ بھارتی افواج کا شہری آبادی، مساجد اور مدارس کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ریلی کے اختتام پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پتلا نذر آتش کیا گیا، اور شہدائے وطن کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ بعد ازاں ملک کی سلامتی، افواجِ پاکستان کی کامیابی، شہداء کے درجات کی بلندی اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔

    ریلی میں شریک عوام کا ایک ہی نعرہ تھا: "پاکستان پہلے!” جس نے ثابت کر دیا کہ افواج، عوام اور تاجر برادری ایک صف میں ہیں، اور یہی قومی اتحاد دشمن کے لیے سب سے بڑی شکست ہے۔

  • فورٹ عباس :مروٹ کے گاؤں چاپو میں مشتبہ ڈرون گر گیا، سیکیورٹی ادارے متحرک

    فورٹ عباس :مروٹ کے گاؤں چاپو میں مشتبہ ڈرون گر گیا، سیکیورٹی ادارے متحرک

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) فورٹ عباس کی تحصیل مروٹ کے نواحی گاؤں چاپو میں ایک مشتبہ ڈرون گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا۔

    ابتدائی معلومات کے مطابق ڈرون کا ملبہ چاپو والا کے مقام پر موجود ہے۔ سیکیورٹی ادارے ملبے کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس بات کی تحقیقات جاری ہیں کہ آیا یہ ڈرون دشمن ریاست بھارت کا ہے یا کسی اور مقصد کے لیے بھیجا گیا تھا۔ واقعہ کے بعد مقامی شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ سیکیورٹی اور تفتیشی سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

    یاد رہے کہ بھارتی فضائی جارحیت کے سلسلے میں 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے 12 ہیرپ ڈرونز بھیجے گئے تھے، جنہیں پاک فضائیہ نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا تھا۔ ان میں سے ایک ڈرون ننکانہ صاحب کے گاؤں دھارووالی میں گرا، جبکہ دیگر کو لاہور، راولپنڈی، کراچی، اٹک اور دیگر مقامات پر گرایا گیا۔

    آئی ایس پی آر نے ان بھارتی اقدامات کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کے ہر حملے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ملک کے فضائی، زمینی اور سمندری دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار اور چوکس ہیں۔

  • اوچ شریف: دل کا دورہ  پڑنے سے نوجوان جابحق، علاقے میں سوگ کی فضا

    اوچ شریف: دل کا دورہ پڑنے سے نوجوان جابحق، علاقے میں سوگ کی فضا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے بستی چاکر خان رند میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں 38 سالہ نوجوان محمد اعجاز دل کا دورہ پڑنے کے باعث اچانک وفات پا گیا۔ محمد اعجاز ایک خوش اخلاق، خوش مزاج اور ہر دلعزیز نوجوان تھا، جس کی ناگہانی موت نے پورے علاقے کو افسردہ کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق محمد اعجاز حسبِ معمول صبح کھیتی باڑی کے لیے گھر سے نکلا، مگر کچھ دیر بعد اسے سینے میں شدید درد محسوس ہوا۔ اہل خانہ نے فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا، مگر ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ چکا تھا۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق موت کی وجہ ہارٹ اٹیک قرار دی گئی ہے۔

    مرحوم کے والدین، بھائی، بہن اور دیگر اہل خانہ گہرے صدمے میں مبتلا ہیں جبکہ پورے علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔ محمد اعجاز کی نمازِ جنازہ آج بروز جمعرات صبح 9 بجے بستی چاکر خان رند میں ادا کی گئی، جس میں علاقہ معززین، دوست احباب، عزیز و اقارب اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ مرحوم کو دعاؤں اور آہوں کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

  • اوچ شریف: نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر خاتون کو گردن پر گولیاں مار کر قتل کر دیا

    اوچ شریف: نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر خاتون کو گردن پر گولیاں مار کر قتل کر دیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)تھانہ دھوڑکوٹ کی حدود میں واقع بستی نوناری، موضع نوناری خیرپور ڈاہا میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں تین نامعلوم مسلح افراد ایک گھر میں گھس آئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے گھر میں موجود 25 سالہ خاتون علینہ زوجہ مزمل کو گردن پر گولی مار کر قتل کر دیا۔ مقتولہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

    واقعے کے بعد تینوں حملہ آور بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکھٹے کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، تاہم انہیں جلد گرفتار کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

    دوسری جانب مقتولہ کے لواحقین شدید غم و غصے میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے لاش کو اسپتال منتقل کرنے سے انکار کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جبکہ اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

  • بہاولپور: بھارتی بزدلانہ حملہ، احمدپور سمیت مختلف علاقوں میں 8 پاکستانی شہید، 35 زخمی

    بہاولپور: بھارتی بزدلانہ حملہ، احمدپور سمیت مختلف علاقوں میں 8 پاکستانی شہید، 35 زخمی

    بہاولپور ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) بہاول پور کی تحصیل احمدپور شرقیہ میں بھارتی میزائل حملہ میں 5 شہری شہید ، 20 زخمی ۔ شہداء میں 2 خواتین ، 2 مرد اور 1 کم سن بچی شامل ۔ شہداء کی نماز جنازہ آج 11 بجے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں ادا کی جائے گی ۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر بلااشتعال میزائل حملوں کے نتیجے میں بہاولپور، احمدپورشرقیہ، کوٹلی، مظفرآباد، مریدکے، سیالکوٹ اور شکرگڑھ میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق بھارتی جارحیت میں 8 پاکستانی شہید جبکہ 35 زخمی ہوئے جن میں خواتین، بچے اور نوجوان شامل ہیں، جبکہ 2 افراد لاپتہ ہیں۔

    بہاولپور میں بھارتی میزائل حملے کے نتیجے میں 5 شہری شہید اور 20 زخمی ہو گئے، شہداء میں 2 خواتین، 2 مرد اور ایک کم سن بچی شامل ہیں۔ شہداء کی نماز جنازہ آج صبح 11 بجے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں ادا کی جائے گی۔

    احمدپورشرقیہ میں مسجد سبحان پر چار حملے کیے گئے، جس میں 3 سالہ معصوم بچی سمیت 5 افراد شہید اور 6 خواتین سمیت 31 افراد زخمی ہوئے۔ حملوں سے مسجد مکمل طور پر تباہ اور چار رہائشی فیملی کوارٹرز کو شدید نقصان پہنچا۔

    مظفرآباد کے علاقے شاہی والی میں 7 میزائل حملے کیے گئے، جن میں مسجد بلال شہید ہوئی اور ایک بچی زخمی ہو گئی۔

    کوٹلی میں بھی ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں 16 سالہ لڑکی اور 18 سالہ نوجوان شہید جبکہ ماں اور بیٹی زخمی ہوئیں۔

    مریدکے میں چار حملے کیے گئے، جس میں ایک شخص شہید، ایک زخمی اور دو افراد لاپتہ ہو گئے، جبکہ ایک مسجد اور رہائشی کوارٹرز کو نقصان پہنچا۔

    سیالکوٹ کے شمال میں کوٹلی لوہاراں پر دو حملے ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ایک گولہ بغیر پھٹے زمین پر گرا جبکہ دوسرا کھلے میدان میں گرا۔

    شکرگڑھ میں بھی دو حملے کیے گئے جن میں ایک ڈسپنسری کو معمولی نقصان پہنچا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق یہ حملے بھارتی فوج کی بزدلانہ اور بلاجواز کارروائیاں ہیں جن کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا کو آج ان متاثرہ مقامات پر لے جایا جائے گا تاکہ بھارت کی کھلی جارحیت کو دنیا کے سامنے لایا جا سکے۔

  • اوچ شریف:پیکا ایکٹ ترمیم، پیپلز پارٹی رہنما صحافیوں کے تحفظات بلاول بھٹو تک پہنچائیں گے

    اوچ شریف:پیکا ایکٹ ترمیم، پیپلز پارٹی رہنما صحافیوں کے تحفظات بلاول بھٹو تک پہنچائیں گے

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) پاکستان پیپلز پارٹی بہاولپور کے سرگرم رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق ٹکٹ ہولڈر حافظ حسین احمد مدنی نے کہا ہے کہ وہ پیکا ایکٹ میں حالیہ ترمیم کے حوالے سے صحافتی برادری کے تحفظات سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے یہ یقین دہانی رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان اور مقامی معاصر روزنامہ کے اشتراک سے احمد پور شرقیہ کے ایک نجی کالج میں منعقدہ عالمی یومِ آزادی صحافت کی راؤنڈ ٹیبل سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ تقریب صدر آر ایم این پی احسان احمد سحر کی زیر صدارت منعقد ہوئی جبکہ پرنسپل گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج پروفیسر شاہد حسین مغل مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔

    حافظ حسین احمد مدنی نے کہا کہ عالمی یومِ آزادی صحافت کی تقریب میں انہوں نے دیکھا کہ تحصیل احمد پور شرقیہ کے تمام پریس کلبوں کے موجودہ اور سابق عہدیداران نے اتفاق رائے سے پیکا ایکٹ کی حالیہ ترمیم 26-اے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس ترمیم کو واپس لیا جائے اور تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر قانون سازی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں شیری رحمان، شازیہ مری، ندیم افضل چن اور دیگر کو اس بارے میں خصوصی بریفنگ دیں گے۔

    قبل ازیں، صدر آر ایم این پی احسان احمد سحر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس 2025ء میں پاکستان کی درجہ بندی 152 سے گر کر 158 ہو گئی ہے جو انتہائی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مادر پدر آزادی صحافت کے قائل نہیں لیکن پیکا ایکٹ کی آڑ میں عائد پابندیوں کو مسترد کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافی برادری کے اضطراب کو دور کیا جائے۔ تقریب میں پروفیسر سید زوار حسین اور آر ایم این پی کے مقامی کوآرڈینیٹر محمد سلیمان فاروقی نے بھی خطاب کیا۔

    سینئر مسلم لیگی رہنما میر عمر سعود نے راؤنڈ ٹیبل میں کہا کہ پیکا ایکٹ میں ترمیم صحافیوں کے خلاف نہیں بلکہ ان سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف ہے جو ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا رہے ہیں۔ تاہم پریس کلب احمد پور شرقیہ کے سابق صدر محمد رفیق صفدر راجپوت، احمد پور یونین آف جرنلسٹس کے صدر ڈاکٹر عبدالحمید ثاقب، جنرل سیکرٹری حمید اللہ خان عزیز، وائس چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی عمران لاڑ، نائب صدر خلیل الرحمٰن کھوکھر، سینئر صحافی محمد ظفر خان، جمعیت علماء اسلام کے رہنما حکیم محمد حسنین چوہان، پریس کلب بہاولپور کے جنرل سیکرٹری امام بخش بھٹی، پریس کلب مبارک پور کے جنرل سیکرٹری فراز حیدر خان، پریس کلب چنی گوٹھ کے جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ انجم، پریس کلب خیرپور ڈاہا کے صدر شکیل وارن، پریس کلب نوشہرہ جدید کے صدر آصف اعوان، چیف آرگنائزر اے یو جے چوہدری محمد اکرم، سیکرٹری اطلاعات یوسف غنی قریشی، اوچ پریس کلب اوچ شریف کے صدر ارشاد احمد شاد، سینئر نائب صدر اطہر اقبال مغل، صدر پریس کلب چنی گوٹھ شاہد بشیر چوہدری اور پریس کلب سمہ سٹہ کے سرپرست اعلیٰ افتخار احمد علوی نے پیکا ایکٹ کی ترامیم کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔