Baaghi TV

Category: بہاولپور

  •  اوچ شریف: پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا ایکشن، 700 کلو گرام مضر صحت گوشت ضبط،ایک ملزم گرفتار،دوسرا فرار

     اوچ شریف: پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا ایکشن، 700 کلو گرام مضر صحت گوشت ضبط،ایک ملزم گرفتار،دوسرا فرار

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) تھانہ اوچ شریف کے علاقے میں غیر قانونی اور مضر صحت گوشت کی فروخت کے خلاف ایک بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سکھر انٹرچینج کے قریب موضع محمد اور اوچ شریف میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عمران حیدر سیال نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک لوڈر رکشہ کو روکا جس میں تقریباً 700 کلوگرام غیر تصدیق شدہ اور انسانی صحت کے لیے مضر گوشت لادا گیا تھا۔ مجسٹریٹ نے موقع پر ہی گوشت اور رکشہ کو اپنی تحویل میں لے لیا جبکہ ملزم محمد نوید قریشی کو گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم دوسرا ملزم عمران قریشی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز نے ضبط شدہ گوشت کا معائنہ کرنے کے بعد اسے نہ صرف غیر قانونی قرار دیا بلکہ اسے شہریوں کی صحت کے لیے بھی انتہائی خطرناک قرار دیا۔ ان کی رپورٹ کے مطابق یہ گوشت کسی مجاز مذبح خانے سے حاصل نہیں کیا گیا تھا اور اس میں بیماریوں کے جراثیم موجود ہو سکتے تھے۔

    تھانہ اوچ شریف کی پولیس ٹیم نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے سلاٹر کنٹرول ایکٹ 1963 (ترمیمی 2016) کے تحت ملزمان کے خلاف باضابطہ ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ڈاکٹر محمد اعجاز نے بھی قانونی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس غیر قانونی گوشت کی فروخت سنگین جرم ہے جس سے شہریوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔

    اس کامیاب کارروائی کے نتیجے میں اوچ شریف میں غیر قانونی اور مضر صحت گوشت کی فروخت کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور صحت مند غذا کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

  • اوچ شریف: اسسٹنٹ کمشنر  کا سرپرائز وزٹ، غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن

    اوچ شریف: اسسٹنٹ کمشنر کا سرپرائز وزٹ، غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوحید حیدر نے گزشتہ روز اوچ شریف کے مرکزی بازار کا اچانک معائنہ کیا اور وہاں موجود غیر قانونی تجاوزات، صفائی کی ناقص صورتحال اور عوامی گزرگاہوں پر قبضے کا سخت نوٹس لیا۔ اس اچانک دورے کی اطلاع ملتے ہی میونسپل کمیٹی کے عملے میں فوری طور پر کھلبلی مچ گئی اور تجاوزات کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کر دیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نوحید حیدر نے اپنے دورے کے دوران دکانوں کے آگے بے ترتیبی سے رکھے گئے سامان، سڑکوں پر غیر قانونی طور پر قائم کی گئی ریڑھیوں اور فٹ پاتھوں پر قابض غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر ہٹانے کے سخت احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح پیغام دیا کہ "اوچ شریف کے شہریوں کو ایک صاف ستھرا، کھلا اور پرامن بازار مہیا کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کی سہولت میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔”

    انہوں نے میونسپل کمیٹی کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر بازار کی صورتحال کی نگرانی کو یقینی بنائیں اور بازار کی صفائی اور اس کے مناسب انتظام کو برقرار رکھنے کے لیے مستقل اور مؤثر اقدامات کریں۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں اور دکانداروں سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے تجاوزات کو معاشرتی بد انتظامی قرار دیا اور ان کے مکمل خاتمے کے لیے عوامی تعاون کو بھی ناگزیر قرار دیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے سخت کارروائی کے واضح اشارے کے بعد متعدد دکانداروں نے فوری طور پر خود ہی اپنا تجاوز شدہ سامان فٹ پاتھوں سے ہٹا لیا، جبکہ کئی دیگر مقامات پر میونسپل کمیٹی کے عملے نے بھاری مشینری کی مدد سے زبردستی قبضے ختم کروائے۔

    شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس فوری اور مؤثر اقدام کو بھرپور انداز میں سراہا اور امید ظاہر کی کہ اگر اس طرح کے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں تو بازار کا مجموعی ماحول بہت بہتر ہو جائے گا اور عام لوگوں کو آمد و رفت میں نمایاں آسانی میسر آئے گی۔ اس موقع پر دکانداروں سے بھی باضابطہ اپیل کی گئی کہ وہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو یقینی بنائیں تاکہ انتظامیہ کو کسی بھی ناخوشگوار سخت کارروائی پر مجبور نہ ہونا پڑے۔

    اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوحید حیدر نے واضح عندیہ دیا کہ ضلعی انتظامیہ اگلے مرحلے میں شہر کے دیگر تمام علاقوں میں بھی اسی طرز کا جامع آپریشن شروع کرے گی تاکہ غیر قانونی تجاوزات کا مکمل طور پر خاتمہ ممکن بنایا جا سکے

  • اوچ شریف: ڈینگی سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات، تمام محکمے الرٹ

    اوچ شریف: ڈینگی سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات، تمام محکمے الرٹ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان)اسسٹنٹ کمشنر نوحید حیدر کی زیر صدارت تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اہم اجلاس تحصیل احمد پور شرقیہ میں منعقد ہوا، جس میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا اور تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔

    اجلاس میں ڈینگی وائرس کی روک تھام، عوامی آگاہی، مانیٹرنگ اور انسداد کے حوالے سے جامع لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ اس اہم اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم، میونسپل کمیٹی، سماجی بہبود، پبلک ہیلتھ، آبپاشی، ماحولیات، واپڈا اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد تحصیل بھر میں ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کو مؤثر حکمت عملی کے تحت روکنا اور فوری عملی اقدامات کو یقینی بنانا تھا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نوحید حیدر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام اداروں کو ایک مشترکہ اور مربوط حکمت عملی کے تحت متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تحصیل کے تمام تعلیمی اداروں، اسپتالوں، سرکاری دفاتر، قبرستانوں اور زیر تعمیر عمارتوں کی باقاعدگی سے کڑی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیا جائے تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔

    اسسٹنٹ کمشنر نوحید حیدر نے عوامی آگاہی مہم کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ شہری احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہو کر اس خطرناک وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ پیش کرنے، فیلڈ وزٹ کو یقینی بنانے اور کسی بھی قسم کی غفلت برتنے پر سخت قانونی کارروائی کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں۔

    اجلاس میں شریک تمام محکموں کے افسران نے اسسٹنٹ کمشنر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تحصیل احمد پور شرقیہ کو ڈینگی فری بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے استعمال میں لایا جائے گا۔

  • اوچ شریف: 35 سال بعد بھی سائیکل رکشہ والوں کو نواز شریف کے وعدے کا انتظار

    اوچ شریف: 35 سال بعد بھی سائیکل رکشہ والوں کو نواز شریف کے وعدے کا انتظار

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) نوے کی دہائی میں پیٹ بھرنے کے لیے کرائے پر سائیکل رکشے چلا کر گزر بسر کرنے والے غریب محنت کش، 35 سال گزر جانے کے باوجود میاں نواز شریف حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدے کی تکمیل کے منتظر ہیں۔ ان میں سے کئی اب قبروں میں جا سوئے ہیں اور جو زندہ بچے ہیں وہ اپنے بڑھاپے میں آسودگی کے خواہشمند ہیں۔ اب ان کی نظریں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پر ہیں کہ وہ اپنے والد کے کیے گئے وعدے کو پورا کرنے کا اعلان کریں۔

    انجمن تاجران علی پور کے رہنما اور سابق جنرل کونسلر شیخ لیاقت علی صدیقی نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 35 سال قبل جنوبی پنجاب کے علاقوں علی پور، احمد پور شرقیہ اور اوچ شریف سمیت دیگر جگہوں پر سخت معاشی مشکلات کا سامنا کرنے والے غریب محنت کش، روزانہ 20 روپے کرائے پر سائیکل رکشے لے کر لوگوں اور سامان کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچا کر اپنے خاندانوں کا پیٹ پالتے تھے۔ اس وقت کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے 1992 میں سائیکل رکشہ چلانے والوں کے لیے ایک سکیم کا اعلان کیا جس کے تحت تمام سائیکل رکشے حکومت نے اپنی تحویل میں لے لیے اور ان کے بدلے متبادل روزگار کے طور پر آٹو رکشہ، ٹیکسی، کار یا دیگر چھوٹی ٹرانسپورٹ دینے کا وعدہ کیا گیا۔ یہ بھی اعلان کیا گیا کہ جب تک ان کے لیے متبادل روزگار کا انتظام نہیں ہوتا، ہر فرد کو ماہانہ پندرہ سو روپے پولٹری الاؤنس ادا کیا جائے گا، جس سے غریب محنت کشوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

    شیخ لیاقت صدیقی نے بتایا کہ اس اعلان کے بعد اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ علی پور پہنچے اور انہوں نے ان سمیت دیگر 20 سائیکل رکشے جمع کیے اور ان کی قیمت کے طور پر موقع پر ہی نیشنل بینک آف پاکستان احمد پور شرقیہ برانچ کے 20 چیک عبدالشکور، محمد افضل، کالو خان، غلام اکبر، مشتاق احمد، ظفر حسین، ذوالفقار، قاسم علی، وزیر احمد، حق نواز، محمد اصغر، غلام عباس، قمر علی، مشیر احمد، محمد خلیل، محمد اجمل، بشیر احمد، غلام عباس ولد شملہ خان، رسول بخش ولد واحد بخش اور عظیم بخش کے نام پر فی چیک پانچ ہزار روپے کے حساب سے کل ایک لاکھ روپے مالیت کے جاری کیے گئے۔ شیخ لیاقت صدیقی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ 33 سال گزرنے کے باوجود وہ چیک آج بھی کیش ہونے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے نیشنل بینک احمد پور شرقیہ برانچ کے کئی چکر لگائے جس پر کرائے کی مد میں اصل رقم سے بھی زیادہ خرچ ہو چکا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ حکومت نے آج تک غریب سائیکل رکشہ والوں کو وعدے کے مطابق متبادل روزگار کے طور پر آٹو رکشہ وغیرہ مہیا کیا اور نہ ہی پولٹری الاؤنس کی مد میں ایک دھیلہ دیا۔ الٹا سائیکل رکشے سرکاری تحویل میں لیتے ہوئے ان کی قیمت کی مد میں جاری کیے گئے سرکاری چیک بھی دھوکہ اور فریب نکلے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی حکومت نے سہانے خواب دکھا کر انہیں زندہ درگور کر دیا۔ سائیکل رکشہ چلانا ذلت کا کام سہی لیکن وہ اپنے بچوں کو رزق حلال کما کر کھلا رہے تھے اور ان سے ان کا روزگار چھین لیا گیا۔

    انہوں نے موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے والد کے وعدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور جو لوگ زندہ ہیں انہیں متبادل روزگار کے سلسلے میں چھوٹی ٹرانسپورٹ آٹو رکشہ وغیرہ مہیا کرنے کا حکم دیں۔

  • اوچ شریف: فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی، اسرائیلی جارحیت کے خلاف بڑی احتجاجی ریلی

    اوچ شریف: فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی، اسرائیلی جارحیت کے خلاف بڑی احتجاجی ریلی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت انجمن تاجران کے صدر عمر خورشید سہمن اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کی۔

    یہ ریلی گیلانی امام بارگاہ سے شروع ہو کر الشمس چوک تک پہنچی، جس میں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے فلسطینی عوام کے حق میں نعرے لگائے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمر خورشید سہمن نے کہا کہ پاکستان ہر دور میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور اب بھی ہمارا فرض ہے کہ ان کی حمایت میں ہر ممکن طریقے سے آواز بلند کریں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں پر جاری مظالم بند کروانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

    مقررین مولانا محمد شاہ جرار اور مولانا عبدالرؤف نے اپنے خطابات میں کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی ظلم ناقابلِ برداشت ہے، اور وقت آ گیا ہے کہ تمام مسلم ممالک متحد ہو کر مظلوم فلسطینیوں کے حق میں عملی اقدامات کریں۔

    ریلی میں شہر کی نمایاں سماجی اور سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں حاجی غلام یٰسین سومرو، چوہدری طارق، حافظ جمیل احمد لنگاہ، میاں محمد عامر صدیقی، شفیق شہزاد، شفیق انجم، اظہر اقبال مغل، چوہدری محمد فیاض، چوہدری عمران طارق بھٹو، چوہدری عرفان اصغر، وسیم شہزاد مدنی اور اکرم شامل تھے۔

    ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر "فلسطین کا حقِ آزادی”، "اسرائیل کی جارحیت بند کرو” اور "فلسطینیوں کا ساتھ دو” جیسے نعرے درج تھے۔

    اختتامی تقریب میں عمر خورشید سہمن نے کہا کہ آج کی ریلی نے ثابت کر دیا کہ اوچ شریف کے عوام عالمی مظالم کے خلاف بیدار ہیں اور ظلم و جبر کے ہر مظہر کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ فلسطین کی آزادی تک اپنی حمایت جاری رکھیں گے۔

  • اوچ شریف: فاسٹ فوڈ پوائنٹ پر ڈینگی لاروا کی افزائش، قانونی نوٹس جاری

    اوچ شریف: فاسٹ فوڈ پوائنٹ پر ڈینگی لاروا کی افزائش، قانونی نوٹس جاری

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان)پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور فوکل پرسن ہیلتھ برائے ڈینگی سرویلنس، عمران حیدر سیال نے احمد پور شرقیہ میں غلام مرتضیٰ کے فاسٹ فوڈ پوائنٹ پر اچانک دورہ کیا۔دورے کا مقصد ڈینگی وائرس کی روک تھام کے حوالے سے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔

    معائنے کے دوران فاسٹ فوڈ پوائنٹ پر تازہ پانی جمع پایا گیا، جو ڈینگی وائرس پھیلانے والے مچھروں کی افزائش کا باعث بن سکتا تھا۔ اس غفلت پر موقع پر ہی متعلقہ مالکان کو قانونی نوٹس جاری کر دیا گیا۔

    اس موقع پر عمران حیدر سیال نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام تجارتی مقامات پر صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
    انہوں نے کہا کہ ڈینگی جیسے خطرناک مرض سے بچاؤ کے لیے حکومتی سطح پر بھرپور اقدامات جاری ہیں، لیکن عوام اور تاجر برادری کا مکمل تعاون بھی ضروری ہے تاکہ بیماری پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔

    عمران حیدر سیال نے مزید کہا کہ فاسٹ فوڈز سمیت دیگر عوامی مقامات پر ڈینگی سرویلنس کا عمل مسلسل جاری رہے گا اور آئندہ بھی کسی قسم کی غفلت پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • اوچ شریف: محکمہ لائیو اسٹاک کی بے عملی، مہلک وبامویشی ہلاک، مویشی پال پریشان

    اوچ شریف: محکمہ لائیو اسٹاک کی بے عملی، مہلک وبامویشی ہلاک، مویشی پال پریشان

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف اور ملحقہ دیہی علاقوں میں گل گھوٹو اور منہ کھر کی مہلک وباؤں نے قیمتی مویشیوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ محکمہ لائیو اسٹاک کی مجرمانہ غفلت، غیر سنجیدگی اور ناکافی سہولیات کے باعث کسانوں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ رتہڑ نہڑانوالی، رتہڑ لعل خان، دھوڑ کوٹ، سرور آباد، کوٹلہ رحمت شاہ اور اوچ موغلہ سمیت متعدد دیہات میں گائے، بیل اور بھینسیں اس مرض کا شکار ہو رہی ہیں، جبکہ روزانہ جانور ہلاک ہو رہے ہیں۔

    مقامی مویشی پال محمد صفدر، قاری مجیب الرحمن اور محمد اصغر نے بتایا کہ رورل ویٹرنری ہسپتال اوچ شریف میں نہ ویکسین موجود ہے نہ ضروری ادویات۔ ہسپتال عملہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے سے گریز کرتا ہے اور کسانوں کو بازار سے مہنگی ادویات خریدنے کا مشورہ دیتا ہے۔ غریب کسان نہ تو یہ اخراجات برداشت کر سکتے ہیں نہ ہی بروقت علاج کروا سکتے ہیں، جس سے ان کے قیمتی جانور مر رہے ہیں۔ محمد صفدر کا لاکھوں روپے کا بچھڑا گزشتہ روز ہلاک ہو گیا، جو ان کے گھر کا واحد ذریعہ معاش تھا۔

    کسانوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری مداخلت، شفاف تحقیقات اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ویٹرنری ہسپتالوں کو فعال کرنے، ویکسین و ادویات کی فراہمی اور مالی امداد کی اپیل کی ہے۔ عوامی حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو وبا پھیل کر دیہی معیشت کو تباہ کر سکتی ہے۔

  • بہاولپور: سابق شوہر کی سفاکیت، فائرنگ کر کے خاتون کو شدید زخمی کر دیا گیا

    بہاولپور: سابق شوہر کی سفاکیت، فائرنگ کر کے خاتون کو شدید زخمی کر دیا گیا

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور کے علاقے اختر کالونی، بغداد اسٹیشن کے قریب ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک بے رحم سابق شوہر نے اپنی 25 سالہ سابقہ اہلیہ پر فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق رمضان کی دختر کرن کو اس کے سابق شوہر نے سینے پر گولی ماری اور موقع سے فرار ہو گیا۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے کے شہریوں نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔

    ریسکیو 1122 کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر فوری کارروائی عمل میں لائی اور ون یونٹ چوک کے قریب لواحقین کی گاڑی سے زخمی خاتون کو ریسکیو کیا۔ ریسکیو عملہ نے فوری طور پر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے زخمی کرن کو بہاول وکٹوریہ ہسپتال (بی وی ایچ) منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز اسے زندگی بچانے کے لیے انتہائی نگہداشت فراہم کر رہے ہیں۔

    زخمی خاتون کی شناخت 25 سالہ کرن دختر رمضان کے نام سے ہوئی ہے جو اختر کالونی بہاولپور کی رہائشی بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اس افسوسناک واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور خواتین کے تحفظ کے حوالے سے سوالات اٹھا دیے ہیں۔

  • خیرپور ڈاہا میں فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لیے جمعیت علماء اسلام کی احتجاجی ریلی

    خیرپور ڈاہا میں فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لیے جمعیت علماء اسلام کی احتجاجی ریلی

    اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان) خیرپور ڈاہا میں جمعیت علماء اسلام کے زیرِ اہتمام فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

    ریلی کی قیادت مولانا نذیر احمد وارن اور مولانا حفیظ الرحمن ساقی نے کی۔ کاظمی چوک سے شروع ہونے والی ریلی خالد بن ولید چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ انہوں نے "فلسطین زندہ باد”، "اسرائیل مردہ باد”، اور "ہم سب فلسطینی ہیں” کے نعرے لگائے۔

    علما، تاجر، طلبہ، بزرگ، خواتین سمیت ہر طبقے سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جو فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا واضح پیغام تھا۔ اختتام پر قائدین نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، اسلامی ممالک، اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لینے اور فلسطینیوں کو ان کا حق دلانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے امت مسلمہ سے متحد ہو کر آواز اٹھانے کی اپیل کی۔

    ریلی پرامن طور پر ختم ہوئی، اور شرکاء نے فلسطین کی آزادی تک حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔

  • چولستان، نہری پانی بند، روہیلے دردناک زندگی گزارنے پر مجبور

    چولستان، نہری پانی بند، روہیلے دردناک زندگی گزارنے پر مجبور

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) چولستان میں زندگی ایک المناک رقص پیش کر رہی ہے جہاں گزشتہ چھ ماہ سے نہروں میں پانی بند ہونے کے باعث مقامی روہیلے باشندے اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پیاس سے بلکتے چولستانی عوام کی آہ و بکا کسی ایوان اقتدار تک نہیں پہنچ رہی اور ان کی فریاد صدا بہ صحرا ثابت ہو رہی ہے۔

    چولستان کے مقامی باشندوں نے اپنی درد بھری کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے نہریں بند ہیں اور ان کی پینے کے پانی کی التجا کسی نے نہیں سنی۔ انہوں نے چیخ چیخ کر کہا کہ ان کے بچے اور جانور پیاس سے مر رہے ہیں اور انہیں زندگی بچانے کے لیے نقل مکانی پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

    اس سنگین صورتحال پر اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے کہا کہ سابق ریاست بہاولپور نے اسلام اور پاکستان کے نام پر پاکستان میں شمولیت اختیار کی تھی، اور وہ (چولستانی) بھی پاکستانی ہیں۔ لیکن انہیں اس ملک کا حصہ ہونے کا یہ صلہ دیا جا رہا ہے کہ انہیں پیاسا مارا جا رہا ہے۔ ان کے پانی کے حقوق غصب کیے جا رہے ہیں۔

    مقامی باشندوں نے بتایا کہ چولستان کی اہم ترین نہریں جن میں کھٹڑی نہر، ڈراور نہر، سالاری نہر، سیون آر نہر، فرید ون ایل نہر اور ون آر نہر شامل ہیں، گزشتہ چھ ماہ سے جان بوجھ کر بند کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب عباسیہ لنک کینال میں پانی کی فراوانی ہے لیکن اس نہر سے نکلنے والی چولستانیوں کی زندگی کی رگوں کو تختے لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ کیسا انصاف ہے کہ ان کی صدیوں پرانی نہروں کو بند کر کے آباد کاری کے لیے چولستان کینال کے نام پر ایک نیا نہری منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

    مقامی افراد نے پرزور مطالبہ کیا کہ زندہ انسانوں اور بے زبان جانوروں کی پیاس بجھانے کے لیے فوری طور پر بند کی گئی نہروں کو کھولا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور ان کے درد اور کرب کو محسوس کیا جائے۔