Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: صفائی کی غفلت سے زائرین اور طالبات کو مشکلات کا سامنا

    اوچ شریف: صفائی کی غفلت سے زائرین اور طالبات کو مشکلات کا سامنا

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف جو کہ اولیائے کرام کے مزارات کی زیارت کے لیے مشہور ہے صفائی کی بدترین حالت کا شکار ہے۔ شہر کے اہم مذہبی مقامات جیسے حضرت جلال الدین سرخ پوش اور حضرت صفی الدین حقانی کے درگاہوں کے قریب سڑکوں پر گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جس سے نہ صرف ان مقدس مقامات کی اہمیت متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہر میں آنے والے سیاحوں اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کی طالبات کو روزانہ مشکلات کا سامنا ہے۔

    میونسپل کمیٹی کی غفلت اور صفائی کی ناقص صورتحال نے شہریوں کی زندگیوں کو متاثر کر دیا ہے۔ حالیہ دنوں میں گندگی کے ڈھیر پھینکنے کی تصاویر میڈیا میں آئیں جو انتظامیہ کی ناکامی کی نشاندہی کرتی ہیں۔ شہر کے مرکزی علاقوں میں صفائی نہ ہونے سے نہ صرف شہریوں کی عزت نفس مجروح ہو رہی ہے بلکہ صحت کے مسائل بھی بڑھ گئے ہیں۔

    اس صورتحال نے حکومت پنجاب کے "صاف ستھرا پنجاب” کے دعووں کو بھی سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کا کہنا ہے کہ اوچ شریف جیسے مقدس شہر میں آنے والے افراد کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جانا چاہیے تھا مگر گندگی کے ڈھیر کی وجہ سے پریشانی سے دوچار ہونا پڑا۔ ایک طالبہ نے کہا "ہمیں روزانہ سکول جانے کے لیے ان راستوں سے گزرنا پڑتا ہے، جہاں گندگی کی وجہ سے نہ صرف بدبو پھیلی ہوئی ہے بلکہ ہمیں پڑھائی میں بھی دقت سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    شہریوں نے انتظامیہ سے فوری صفائی کے اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ نہ صرف شہر کا تقدس بحال ہو بلکہ زائرین اور طالبات کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔ مقامی افراد نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اوچ شریف کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے فوری اقدامات کرے تاکہ یہ شہر اپنے حقیقی مقام پر واپس آ سکے۔

  • اوچ شریف: ایچ بی ایل برانچ بندش کے فیصلے پر عوام اور تاجروں کا احتجاج

    اوچ شریف: ایچ بی ایل برانچ بندش کے فیصلے پر عوام اور تاجروں کا احتجاج

    اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار،حبیب خان) حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کی اوچ شریف برانچ بند کرکے اسے احمد پور شرقیہ منتقل کرنے کے فیصلے نے علاقے میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔ مقامی تاجروں، سرکاری ملازمین، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور دیہاتیوں نے بینک انتظامیہ کے اس اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے کی معیشت پر کاری ضرب قرار دیا ہے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اوچ شریف اور مضافاتی دیہات کے سینکڑوں افراد روزمرہ لین دین، تنخواہوں، پنشن، کاروباری امور اور آن لائن بینکنگ کے لیے اسی برانچ پر انحصار کرتے تھے۔ اب احمد پور شرقیہ جانے سے نہ صرف اضافی خرچ برداشت کرنا پڑے گا بلکہ خواتین، بزرگ شہری اور دور دراز سے آنے والے دیہاتی شدید مشکلات سے دوچار ہو جائیں گے۔

    مقامی کاروباری طبقہ اور عوام نے چیئرمین حبیب بینک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوامی مشکلات اور علاقائی معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے اوچ شریف برانچ بند کرنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ عوامی نمائندوں نے بھی بینک انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ عوامی ریلیف کو مقدم رکھتے ہوئے اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔

  • اوچ شریف: ٹرک کی ٹکر سے پھٹہ رکشہ سوار غلام شبیر جاں بحق

    اوچ شریف: ٹرک کی ٹکر سے پھٹہ رکشہ سوار غلام شبیر جاں بحق

    اوچ شریف، باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے علاقے جلال پور پیر والا روڈ دھور کوٹ موڑ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے پھٹہ رکشہ کو ٹکر مار دی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب رکشہ روڈ کراس کر رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک نے رکشہ کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں رکشہ سوار 65 سالہ غلام شبیر ولد الہی بخش موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق غلام شبیر ٹرک کے نیچے آ کر بری طرح زخمی ہوا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    حادثے میں رکشہ میں موجود ایک اور شخص کو معمولی چوٹیں آئیں، جسے مقامی افراد نے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور پیٹرولنگ پولیس خیرپور ڈاہا موقع پر پہنچ گئیں اور ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق ہونے والے غلام شبیر کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔ ورثاء نے اپنی نجی گاڑی میں میت کو گھر منتقل کر دیا۔

  • اوچ شریف: انصاف کی پکار، بزرگ شخص کی زندگی بااثر افراد نے اجیرن کر دی

    اوچ شریف: انصاف کی پکار، بزرگ شخص کی زندگی بااثر افراد نے اجیرن کر دی

    اوچ شریف (نامہ نگارحبیب خان) پل فاروق آباد کے رہائشی بزرگ شخص ملک رشید سمیجہ نے بااثر افراد کی جانب سے زندگی اجیرن کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد سرفراز خان اور ایس ایچ او نوشہرہ جدید صدیق احمد ڈھڈی سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

    ملک رشید سمیجہ کا کہنا تھا کہ پولیس تھانہ نوشہرہ انہیں تحفظ فراہم کرے کیونکہ ان کے اپنے ہی جان کے دشمن بن گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ عظیم خاتون بی بی کے حصے میں 40 سال قبل ان کے والد اللہ رکھا کی جانب سے ایک کنال رقبہ دیا گیا تھا، جسے اب ان کی اہلیہ کے بھائی خلیل، جلیل، کالا اور دیگر غنڈہ عناصر واپس لینا چاہتے ہیں۔

    ملک رشید سمیجہ نے الزام لگایا کہ ان کے بچوں کے گزرنے کا راستہ اور گھر کی چار دیواری توڑ دی گئی ہے اور انہیں آئے روز تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور متعلقہ انتظامیہ سے سخت نوٹس لے کر ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • اوچ شریف : بھیک مانگنے کی حدود پر گداگر خواتین میں تصادم، شہری خوفزدہ، انتظامیہ غائب

    اوچ شریف : بھیک مانگنے کی حدود پر گداگر خواتین میں تصادم، شہری خوفزدہ، انتظامیہ غائب

    اوچ شریف (نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے مصروف ترین الشمس چوک پر اس وقت افراتفری پھیل گئی جب دو گداگر خواتین، شیلا اور نیلم کے درمیان اپنی ‘حدود’ کے تعین پر شدید لڑائی چھڑ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں خواتین نے ایک دوسرے پر نہ صرف گالم گلوچ کی بلکہ جسمانی طور پر بھی حملہ آور ہوئیں، بال نوچے گئے اور دھکے دیے گئے۔

    یہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب شیلا نے نیلم پر الزام لگایا کہ وہ اس کے ‘علاقے’ میں داخل ہو کر بھیک مانگ رہی ہے۔ دیکھتے ہی دیکھتے بحث تکرار میں بدلی اور پھر ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ چوک پر موجود دیگر گداگر اس تماشے کو خاموشی سے دیکھتے رہے جبکہ راہگیروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    حیرت انگیز طور پر مقامی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس سارے واقعے سے بے خبر رہے یا پھر خاموش تماشائی بنے رہے۔ شہریوں نے اس غفلت پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گداگروں کی آپس کی لڑائی نہ صرف امن عامہ کے لیے خطرہ ہے بلکہ شہر کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گداگروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مصروف ترین چوکوں پر اس طرح کے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔ انہوں نے زور دیا کہ گداگری کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی وضع کی جائے تاکہ شہر کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔

  • غزہ میں اسرائیلی بربریت ناقابل برداشت، عالمی برادری فوری کردار ادا کرے.محمد مدثر

    غزہ میں اسرائیلی بربریت ناقابل برداشت، عالمی برادری فوری کردار ادا کرے.محمد مدثر

    اوچ شریف ( نامہ نگارحبیب خان)صدر ہانیہ ویلفیئر ٹرسٹ اوچ شریف محمد مدثر نے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری کو سخت الفاظ میں پیغام دیا کہ وہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے فوری اور عملی اقدامات اٹھائے تاکہ نہتے فلسطینی عوام کو انصاف اور امن مل سکے۔

    محمد مدثر نے کہا کہ غزہ میں جاری ظلم انسانیت کے چہرے پر سیاہ دھبہ ہے۔ معصوم بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کا بے رحمانہ قتل ناقابل برداشت اور قابل مذمت ہے۔ دنیا کا ہر باشعور انسان اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائے، یہی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

    محمد مدثر نے کہا کہ ہانیہ ویلفیئر ٹرسٹ ہر سطح پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ غزہ کے مظلوم عوام کے لیے ہر ممکن مدد، آواز بلند کرنے اور آگاہی پھیلانے کے لیے تمام فورمز استعمال کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نہ صرف مظلوم فلسطینیوں کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے بلکہ دنیا بھر کے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے تاکہ عالمی طاقتیں اس انسانیت سوز عمل کے خلاف کھل کر میدان میں آئیں۔

    محمد مدثر کا کہنا تھاکہ اقوام متحدہ، او آئی سی، انسانی حقوق کی تنظیموں اور دنیا بھر کے تمام اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جاری قتل و غارت بند کرانے کے لیے فوری کردار ادا کریں۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا کی خاموشی مظلوموں پر ظلم کو مزید بڑھا رہی ہے، اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ فلسطینی عوام کو انصاف مل سکےانہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہانیہ ویلفیئر ٹرسٹ غزہ کے متاثرین کے لیے ممکنہ امداد فراہم کرنے کو تیار ہے اور بہت جلد اس حوالے سے عملی اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔ہم نہ صرف مالی امداد بلکہ دعاؤں اور آواز کے ذریعے بھی فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • حاصل پور:واپڈا گرڈ اسٹیشن میں آگ بھڑک اٹھی۔ریسکیو 1122 نے قابو پا لیا

    حاصل پور:واپڈا گرڈ اسٹیشن میں آگ بھڑک اٹھی۔ریسکیو 1122 نے قابو پا لیا

    اوچ شریف(نامہ نگارحبیب خان)ضلع بہاولپور کے شہر حاصل پور کے چوہان والا روڈ پر واقع واپڈا گرڈ اسٹیشن میں 7 اپریل 2025 کو صبح 4 بج کر 44 منٹ پر آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ ریسکیو 1122 کو اطلاع ملنے پر فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں روانہ کی گئیں، جنہوں نے صرف 6 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق واپڈا گرڈ اسٹیشن کے اندر وولٹیج کنٹرول پینل میں آگ لگی۔ وہاں موجود واپڈا ڈیوٹی سٹاف نے بتایا کہ اندرونی خرابی کے باعث دھماکہ ہوا اور پینل میں آگ بھڑک اٹھی۔

    ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ڈی سی پی (ڈرائی کیمیکل پاؤڈر) کا استعمال کرتے ہوئے فوری طور پر آگ پر قابو پالیا اور کسی بڑے نقصان سے بچا لیا۔ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک جاری رہا۔

    ریسکیو آپریشن کی کمانڈ آفتاب ایف ڈی آر نے کی۔ ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122 کی گاڑیاں بی پی اے-14 اور ایچ آر ایف-01 استعمال کی گئیں۔

  • اوچ شریف: تاریخ رقم،50 جوڑوں کی اجتماعی شادی، دلہنوں کو جہیز بھی دیاگیا

    اوچ شریف: تاریخ رقم،50 جوڑوں کی اجتماعی شادی، دلہنوں کو جہیز بھی دیاگیا

    اوچ شریف (نامہ نگارحبیب خان) اوچ سول سوسائٹی کا قابل تحسین اقدام،50 جوڑوں کی اجتماعی شادی، دلہنوں کو جہیز بھی فراہم کیا گیا

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف میں اوچ سول سوسائٹی کے زیر اہتمام پانچویں اجتماعی شادی کی عظیم تقریب نجی شادی ہال العباس میرج ہال میں منعقد ہوئی، جس میں 50 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ اس منفرد موقع پر ہر دلہن کو ضروریات زندگی کی اشیاء پر مشتمل جہیز بھی فراہم کیا گیا، تاکہ نئی زندگی کے آغاز میں کوئی کمی نہ ہو۔

    تقریب میں متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں سابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر سید حامد سعید کاظمی، ایم این اے مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی، ولی عہد مخدومزادہ سید عمر رضا گیلانی، ایم پی اے سید عامر علی شاہ، سابق وائس چیئرمین عبدالغفور خان بڈانی، سماجی شخصیت شیخ ناصر سلیم ایڈووکیٹ، ڈی ایس پی خانپور سٹی چوہدری اظہر اقبال ،مخدوم یاور عباس بخاری ،پیر محمد شاہ ،جرار ملک، محمد اسماعیل، صدیق خان، میاں محمد عامر صدیقی ،ڈاکٹر ضیاء الحق بڈانی، سجاد حسین ،رجب حسین ،مہر عمران حیدر سیال، قاضی محمد نعیم ،راؤ ضیاء الرحمن ،حبیب اللہ خان ،مہر خادم حسین اور سول سوسائٹی ٹیم کے رہنماؤں ڈاکٹر ذوالفقار علی مکول، سید کامران رضاء بخاری ، ملک سیف الرحمان گھلو ، شیخ جہانگیر اعجاز ، سید شہنشاہ بخاری،محمد اعجاز خان ،عبد اللہ مستوئی ،شفیق شہزاد اور دیگر شامل تھے۔

    اس اہم موقع پر شریک ہونے والے افراد نے اس اقدام کو سراہا اور اجتماعی شادیوں کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں شریک دلہنوں کا کہنا تھا کہ معاشی مشکلات کی وجہ سے بہت سی لڑکیوں کی شادی میں تاخیر ہو جاتی ہے اور اس طرح کے پروگرام معاشرتی بہتری کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے اوچ سول سوسائٹی کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات غریب اور مستحق لڑکیوں کے لئے خوشی کا سبب بن رہی ہیں۔

    ایم این اے مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی اور ایم پی اے سید عامر علی شاہ نے اس اقدام کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی شادیوں کا یہ عمل نہ صرف ایک نیک عمل ہے بلکہ اس سے معاشرتی ہم آہنگی بھی فروغ پاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام قابلِ تعریف ہے اور اس طرح کے پروگراموں کو مزید بڑھاوا دینے کی ضرورت ہے۔

    اوچ سول سوسائٹی کے صدر عمر خورشید سہمن نے تقریب میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہم نے اللہ کی رضا کے لئے یہ قدم اٹھایا ہے اور ہر سال اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد ضرورت مند لڑکیوں کی مدد کرنا ہے تاکہ وہ اپنی نئی زندگی کا آغاز کر سکیں۔

    اس اجتماعی شادی کی تقریب کے بعد، نکاح کی رسم کے دوران دلہے اپنے عروسی ملبوسات میں سجی سنوری دلہنوں کو اپنے ساتھ لے کر روانہ ہوئے۔ شادی شدہ جوڑوں کے اہلخانہ نے بھی اوچ سول سوسائٹی اور مخیر حضرات کے اس اقدام کی تعریف کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان جوڑوں کو خوشی و سکون سے نوازے اور اوچ سول سوسائٹی کو مزید کامیابیاں دے۔

    اس نیک عمل کے ذریعے سینکڑوں یتیم اور مستحق لڑکیاں زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر رہی ہیں۔ اس طرح کی تقریبات نہ صرف معاشرتی بہتری کا باعث بنتی ہیں بلکہ وہ غربت اور مہنگائی کے درمیان امید کی کرن بن کر ابھرتی ہیں۔

  • اوچ شریف: گھریلو ناچاقی، شوہر نے بیوی پر چھری سے حملہ کر دیا

    اوچ شریف: گھریلو ناچاقی، شوہر نے بیوی پر چھری سے حملہ کر دیا

    اوچ شریف(نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے موچیاں والی سولنگ، خرم پور روڈ پر گھریلو ناچاقی کے نتیجے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ محمد صفدر نامی شخص نے اپنی بیوی سعدیہ پر تیز دھار چھری سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔

    اطلاعات کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کسی گھریلو مسئلے پر تلخ کلامی ہوئی جو جلد ہی پرتشدد شکل اختیار کر گئی۔ غصے میں آکر محمد صفدر نے سعدیہ پر چھری سے وار کر دیے، جس سے ان کے گلے اور ہاتھوں پر گہرے زخم آئے۔

    واقعے کے فوراً بعد ریسکیو عملے نے سعدیہ کو تشویشناک حالت میں رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) اوچ شریف منتقل کیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت نازک ہے اور انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد صفدر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

  • اوچ شریف: چوروں نے مسجد کو بھی نہ بخشا، پانی کی موٹر لے اڑے

    اوچ شریف: چوروں نے مسجد کو بھی نہ بخشا، پانی کی موٹر لے اڑے

    اوچ شریف(نامہ نگارحبیب خان) چوروں نے مسجد کو بھی نہ بخشا، پانی کی موٹر لے اڑے

    اوچ شریف کے نواحی علاقے میں ایک دل دہلا دینے والی واردات نے مقامی لوگوں میں خوف اور غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ موہانہ والی پل کے قریب واقع ایک مسجد میں چوروں نے گھس کر وہاں سے پانی کی موٹر چوری کر لی۔ یہ موٹر مسجد میں وضو اور دیگر ضروریات کے لیے پانی کی فراہمی کا واحد ذریعہ تھی۔ اس گھناؤنے فعل نے نہ صرف اہلِ علاقہ کو پانی کی سہولت سے محروم کر دیا ہے بلکہ ان کے مذہبی جذبات کو بھی شدید ٹھیس پہنچائی ہے۔

    مقامی لوگوں نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے مقدس مقام کی بے حرمتی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چوروں نے نہ صرف چوری کی ہے بلکہ ان کی عبادت میں بھی رکاوٹ ڈالی ہے۔ لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر حرکت میں آئیں اور ان مجرموں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دیں۔

    علاقے کے معززین نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں کی حفاظت کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔ لوگوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومت ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ دوسروں کے لیے یہ ایک عبرت کا نشان بن جائے۔

    اس واقعے نے مقامی لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے اور وہ حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔