Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف:جمعیت علماء اسلام کی 27 اپریل کو مینار پاکستان میں یکجہتی فلسطین کانفرنس

    اوچ شریف:جمعیت علماء اسلام کی 27 اپریل کو مینار پاکستان میں یکجہتی فلسطین کانفرنس

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) جمعیت علماء اسلام پی پی 250 اوچ شریف نے 27 اپریل کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے والی عظیم الشان "یکجہتی فلسطین کانفرنس” میں بھرپور انداز میں قافلے کی صورت میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان جمعیت علماء اسلام پی پی 250 کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد بابر علی صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

    مولانا محمد بابر علی صدیقی نے کہا کہ یہ کانفرنس جمعیت علماء اسلام پنجاب کے زیرِ اہتمام منعقد کی جا رہی ہے، جس میں صوبہ بھر سے لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔ اس موقع پر قائد جمعیت، امیر مرکزیہ جمعیت علماء اسلام پاکستان مولانا فضل الرحمٰن خصوصی خطاب کریں گے جبکہ دیگر مرکزی و صوبائی قائدین بھی شریک ہوں گے۔

    مولانا بابر علی صدیقی نے فلسطینی عوام پر جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں کی خاموشی کو امت مسلمہ کے لیے لمحہ فکریہ قرار دیا۔ انہوں نے ان سیاسی عناصر پر سخت تنقید کی جو ماضی میں اپنی قیادت کی حمایت میں ملک اور افواج کے خلاف نکلنے کو جہاد اکبر کہتے تھے لیکن آج فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے سے گریزاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا یہ طرزِ عمل ان کے اسرائیل سے تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔

    مولانا صدیقی نے مزید کہا کہ علماء کرام نے اسرائیل کے خلاف فتویٰ جہاد جاری کر رکھا ہے، لیکن بعض لوگ اپنے وقتی مفادات کی خاطر اسے نظر انداز کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ فتح بالآخر مظلوم فلسطینیوں کی ہی ہوگی اور دنیا دیکھے گی کہ حق کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

    مولانا بابر علی صدیقی نے تمام اہل ایمان سے اپیل کی کہ وہ 27 اپریل کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے والی اس اہم کانفرنس میں بھرپور شرکت کر کے اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کریں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ امت مسلمہ آج بھی ایک جسم کی مانند متحد ہے۔

  • احمد پور شرقیہ: آتشزدگی سے دو ایکڑ گندم خاکستر

    احمد پور شرقیہ: آتشزدگی سے دو ایکڑ گندم خاکستر

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے مہراب والا میں ہفتے کے روز ایک افسوسناک آتشزدگی کے واقعے میں دو ایکڑ پر محیط گندم کا ذخیرہ مکمل طور پر جل گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق آگ اچانک لگی اور تیزی سے پورے ذخیرے میں پھیل گئی۔

    اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی فائر بریگیڈ کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ اگرچہ اس آتشزدگی کے نتیجے میں کسان کی قیمتی فصل کا بڑا حصہ ضائع ہو گیا، تاہم یہ اطمینان بخش بات ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں اور اس سلسلے میں ابتدائی تحقیقات جاری ہیں۔ آگ کی شدت کے باوجود ریسکیو ٹیم کی بروقت اور موثر کارروائی کے باعث قریبی کھڑی دیگر فصلوں کو محفوظ بنا لیا گیا۔

    مقامی کسانوں اور زمینداروں نے ریسکیو ٹیموں کے فوری ردعمل اور شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

  • اوچ شریف: ڈینگی مہم تیز، غفلت پر سخت کارروائی کی وارننگ

    اوچ شریف: ڈینگی مہم تیز، غفلت پر سخت کارروائی کی وارننگ

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان): ضلع بھر میں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی (DERC) کے ایک اہم اجلاس میں انسدادِ ڈینگی کے لیے مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم، لوکل گورنمنٹ، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے واضح طور پر کہا کہ ڈینگی ایک سنگین عوامی صحت کا مسئلہ ہے اور اس سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے تمام محکموں کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

    ڈاکٹر فرحان فاروق نے انسدادِ ڈینگی مہم میں کسی بھی قسم کی کوتاہی پر سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ غفلت برتنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے تمام ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں زیادہ فعال اور منظم انداز میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں، خاص طور پر انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس، صفائی اور اسپرے کے عمل کو مسلسل جاری رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے تمام ڈینگی ہاٹ اسپاٹس کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان مقامات پر فوری طور پر صفائی، اسپرے اور لاروا کنٹرول کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

    ڈاکٹر فرحان فاروق نے PEF، PIEAMA اور ہوٹلوں سمیت نجی تعلیمی اداروں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام تعلیمی ادارے اپنے انسدادِ ڈینگی اقدامات کی تفصیلی رپورٹ متعلقہ اینڈرائیڈ ایپ پر فوری طور پر اپ لوڈ کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی کرتے ہوئے رپورٹ نہ دینے والے اداروں کو سیل کر دیا جائے گا۔

    انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انسدادِ ڈینگی کی ذمہ داری صرف سرکاری اداروں پر عائد نہیں ہوتی بلکہ ہر شہری کو اس میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں، کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں اور ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ اور مؤثر مانیٹرنگ کا نظام اپنانے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی کوتاہی یا لاپرواہی کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔

  • اوچ شریف: گندم سیزن میں مبینہ پولیس رضا کاروں کی لوٹ مار، کسان پریشان

    اوچ شریف: گندم سیزن میں مبینہ پولیس رضا کاروں کی لوٹ مار، کسان پریشان

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور گردونواح کے علاقوں میں گندم کی کٹائی کے سیزن کے دوران مبینہ طور پر بعض پولیس رضا کاروں کی جانب سے لوٹ مار کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس سے دیہی کسانوں کا جینا محال ہو گیا ہے اور انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، اوچ شریف اور اس کے ملحقہ دیہات میں گندم کی فصل کی کٹائی شروع ہوتے ہی کچھ پولیس رضا کار مبینہ طور پر غیر قانونی وصولیوں میں ملوث ہو گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رضا کار خود کو قانون نافذ کرنے والے اہلکار ظاہر کر کے کسانوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں اور ان سے جبراً گندم کی بوریاں، نقدی یا فصل کا حصہ وصول کر رہے ہیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق یہ افراد کھیتوں میں آ کر کسانوں کو ہراساں کرتے ہیں اور گندم کی کٹائی یا نقل و حمل کے وقت غیر قانونی طور پر اپنا حصہ مانگتے ہیں۔ انکار کرنے پر انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، جس کے باعث بہت سے متاثرہ کسان خوف کے مارے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں کیونکہ انہیں کسی قسم کی کارروائی نہ ہونے کا خدشہ ہے۔

    کسانوں کا کہنا ہے کہ گندم ان کی پورے سال کی محنت کا نتیجہ ہے اور اس پر ناجائز قبضہ ان کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔ بعض مقامی افراد نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ ان رضا کاروں کو بااثر شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے، جس کی وجہ سے وہ سرعام ایسی کارروائیاں کر رہے ہیں اور قانون کی گرفت سے محفوظ ہیں۔

    عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور ڈی پی او بہاولپور سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ملوث رضا کاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بدعنوان عناصر کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں اور دیہی علاقوں میں کسانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ گندم کا سیزن امن و امان اور شفاف طریقے سے مکمل ہو سکے

  • اوچ شریف: مضر صحت گوشت فروش گرفتار، 30 کلو غیر معیاری گوشت برآمد

    اوچ شریف: مضر صحت گوشت فروش گرفتار، 30 کلو غیر معیاری گوشت برآمد

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں محکمہ لائیو اسٹاک اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری اور بغیر ویٹرنری مہر والا گوشت فروخت کرنے والے ایک قصاب کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے تقریباً 30 کلوگرام مضر صحت گوشت برآمد ہوا، جس پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، سبزی منڈی اوچ شریف کے قریب گوشت کی دکان چلانے والے محمد راشد ولد غلام قاسم کے پاس سے ایسا گوشت برآمد ہوا جس پر کسی قسم کی تصدیقی ویٹرنری مہر موجود نہیں تھی۔ ابتدائی معائنے میں گوشت کا معیار انتہائی ناقص قرار دیا گیا ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ لائیو اسٹاک کے انچارج ڈاکٹر محمد اعجاز اپنی ٹیم کے ساتھ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور گوشت کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ اسی دوران تھانہ اوچ شریف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد راشد کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ برآمد شدہ گوشت کو مزید تصدیق کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔

    عوامی حلقوں نے اس فوری کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے ایسے عناصر کے خلاف سخت ترین اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دی جا سکے۔

  • ایران میں قتل 8 پاکستانیوں کی میتیں پاکستان پہنچ گئیں

    ایران میں قتل 8 پاکستانیوں کی میتیں پاکستان پہنچ گئیں

    ایران کے سرحدی صوبے سیستان کے علاقے مہرستان میں 12 اپریل کو مسلح افراد کی طرف سے پاکستانی شہریوں کو قتل کیے جانے کے واقعے کے بعد ان 8 پاکستانیوں کی میتیں پاکستان پہنچا دی گئیں۔ یہ افراد ایک ورکشاپ میں کام کرتے تھے جہاں ان پر حملہ کیا گیا۔

    ایران کے صوبے سیستان کی مہرستان علاقے میں 12 اپریل کو مسلح حملہ آوروں نے ایک ورکشاپ میں موجود پاکستانی شہریوں پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں 8 پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے۔ ان میں سے 7 کا تعلق بہاولپور کے علاقے خانقاہ شریف سے تھا، جب کہ ایک پاکستانی شہری کا تعلق ملتان کے علاقے شجاع آباد سے تھا۔قتل کیے جانے والے ان 8 پاکستانیوں کی میتیں رات گئے خصوصی طیارے کے ذریعے ایران سے اسلام آباد اور پھر بہاولپور پہنچائی گئیں۔ اس کے بعد ایمبولینسز کے ذریعے ان کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کی گئیں، جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔پاکستانی سفیر نے بتایا تھا کہ جاں بحق ہونے والے افراد میں محمد عامر، محمد دلشاد، محمد ناصر، ملک جمشید، محمد دانش، محمد نعیم، غلام جعفر اور محمد خالد شامل ہیں۔ ان افراد کی شناخت کی تصدیق کر دی گئی ہے اور ان کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔

    وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس قتل میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے سزا دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف پاکستانیوں کے لیے ایک سانحہ ہے بلکہ یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اسے ایک مجرمانہ اقدام اور اسلامی تعلیمات، قانون اور انسانی اقدار کے خلاف قرار دیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ایران اس جرم کے مرتکب افراد کی شناخت اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔

  • ایران میں شہید 8 پاکستانیوں کی میتیں بہاولپور پہنچ گئیں، نماز جنازہ آج ادا ہوگی

    ایران میں شہید 8 پاکستانیوں کی میتیں بہاولپور پہنچ گئیں، نماز جنازہ آج ادا ہوگی

    اوچ شریف(نامہ نگارحبیب خان )ایران میں شہید 8 پاکستانیوں کی میتیں بہاولپور پہنچ گئیں، نماز جنازہ آج ادا ہوگی،ایران میں شہید ہونے والے 8 پاکستانیوں کی میتیں بہاولپور پہنچا دی گئی ہیں، جنہیں مقامی انتظامیہ نے لواحقین کے حوالے کر دیا ہے۔

    ان میں سے 5 شہیدوں کی نماز جنازہ آج صبح 9 بجے خانقاہ شریف بوائز ہائی سکول میں ادا کی جائے گی، جبکہ بقیہ 3 شہیدوں کے جنازے احمد پور شرقیہ اور رنگپور میں ان کے آبائی دیہات میں ادا کیے جائیں گے۔

    ایران میں قتل کیے گئے 8 پاکستانی شہریوں کی میتیں پاکستان پہنچا دی گئیں۔ ان افراد کو 12 اپریل کو ایران کے سرحدی صوبے سیستان کے علاقے مہرستان میں مسلح افراد نے ایک ورک شاپ میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

    جاں بحق ہونے والوں میں سے 7 کا تعلق بہاولپور کے علاقے خانقاہ شریف سے تھا جبکہ ایک کا تعلق ملتان کے نواحی علاقے شجاع آباد سے تھا۔ ان میتوں کو رات گئے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے ایران سے اسلام آباد منتقل کیا گیا اور پھر وہاں سے بہاولپور پہنچایا گیا۔ بعد ازاں ایمبولینسوں کے ذریعے میتیں ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دی گئیں۔

    یہ بدقسمت افراد موٹر مکینک تھے اور ایرانی صوبے سیستان میں ایک ورک شاپ پر کام کرتے تھے۔ پاکستانی سفیر نے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد عامر، محمد دلشاد، محمد ناصر، ملک جمشید، محمد دانش، محمد نعیم، غلام جعفر اور محمد خالد کے ناموں سے کی تھی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

    دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے مجرمانہ فعل اور اسلامی تعلیمات، قانون اور انسانی اقدار کے منافی قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اس جرم کے مرتکب افراد کی شناخت اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔

  • بہاولپور جرنلسٹ ایسوسی ایشن کا اجلاس، حقوق و تنظیم سازی پر اتفاق

    بہاولپور جرنلسٹ ایسوسی ایشن کا اجلاس، حقوق و تنظیم سازی پر اتفاق

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن بہاولپور ڈویژن کا ایک اہم اجلاس مقامی دفتر میں منعقد ہوا، جس میں صحافیوں کو درپیش مسائل، پیشہ ورانہ تربیت اور تنظیمی استحکام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    اجلاس کی صدارت ایسوسی ایشن کے نائب صدر جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید کاشف بخاری نے کی جبکہ انفارمیشن سیکریٹری ملک جمشید عطا، سینئر صحافیوں اور مختلف شہروں کے نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

    اجلاس میں متفقہ طور پر صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے پیشہ ورانہ وقار میں اضافے کے لیے جلد ہی کارڈز کی تقسیم اور نوٹیفیکیشن کی ایک پروقار تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، تنظیمی نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور اندرونی معاملات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل پر بھی غور کیا گیا۔

    صدر بہاولپور ڈویژن چوہدری عثمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور اس کے وقار کو برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن اپنے ممبران کی فلاح و بہبود اور آزادی صحافت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گی۔

    اجلاس کے اختتام پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کے بعد اجلاس ختم ہوا۔

  • اوچ شریف: ٹریکٹر کی چنگاری سے چھ ایکڑ گندم راکھ، ریسکیو نے بڑے نقصان سے بچایا

    اوچ شریف: ٹریکٹر کی چنگاری سے چھ ایکڑ گندم راکھ، ریسکیو نے بڑے نقصان سے بچایا

    اوچ شریف (نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے چکی مراد میں گندم کی کٹائی کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں اکرم خان ولد شریف خان کی چھ ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل آگ کی لپیٹ میں آ کر مکمل طور پر جل گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، آگ ٹریکٹر کے فرنٹ پر نصب ریپر سے نکلنے والی ایک چنگاری کے باعث بھڑکی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فصل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور اپنی بروقت کارروائی سے تقریبا ً40 ایکڑ پر محیط مزید فصل کو بڑے نقصان سے بچا لیا۔ اس مشکل گھڑی میں مقامی کسانوں اور دیگر افراد نے بھی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مل کر آگ بجھانے میں بھرپور تعاون کیا۔

    ماہرین زراعت کے مطابق، گندم کی کٹائی کے دوران استعمال ہونے والی مشینری کی مناسب دیکھ بھال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔ اس افسوسناک واقعے نے ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ معمولی سی غفلت بھی بعض اوقات ناقابل تلافی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ متاثرہ کسان مالی امداد کے لیے حکومتی توجہ کے منتظر ہیں۔

  • اوچ شریف: فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان احتجاجی ریلی

    اوچ شریف: فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان احتجاجی ریلی

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے دھوڑکوٹ میں عظیم روحانی پیشوا پیر سید شیر شاہ حقانی کی قیادت میں فلسطینی بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی جن میں معزز علماء کرام، مقامی دکاندار، نوجوان، بزرگ اور طلبہ شامل تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے دھوڑکوٹ میں معروف روحانی شخصیت پیر سید شیر شاہ حقانی کی قیادت میں فلسطینی مظلوموں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک تاریخی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس نے علاقے کی فضاؤں کو لبیک یا اقصیٰ اور مردہ باد اسرائیل کے نعروں سے گونجا دیا۔ ریلی میں مقامی علماء کرام مولانا طاہر زمان، استاد ریاض، جام اشرف سمیت سیاسی، سماجی و مذہبی حلقوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ عوام کا جذبہ دیدنی تھا، نوجوانوں نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔

    ریلی کا ایک اہم اور تاریخی لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب مقامی دکانداروں نے پیر سید شیر شاہ حقانی کی موجودگی میں احتجاجاً اسرائیلی ساختہ مشروبات کو سڑک پر لا کر توڑ دیا۔ بوتلوں کے ٹکڑے سڑک پر بکھر گئے اور عوام نے نعرے بلند کرتے ہوئے ان مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ اس موقع پر شرکاء کی آنکھوں میں فلسطینی مظلوموں کے لیے درد اور غصہ نمایاں تھا۔

    علماء کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ اسرائیلی مظالم دنیا کی تاریخ کا سیاہ باب ہیں، اور مسلم امہ کی خاموشی مزید المیے کو جنم دے رہی ہے۔ انہوں نے عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ وہ متحد ہو کر قبلۂ اول اور مظلوم فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے مضبوط حکمت عملی اختیار کریں۔

    پیر سید شیر شاہ حقانی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا: "یہ وقت خوابِ غفلت سے جاگنے کا ہے۔ جو قومیں مظلوموں کا ساتھ نہیں دیتیں، تاریخ اُنہیں معاف نہیں کرتی۔ آج ہم نے نہ صرف آواز بلند کی ہے بلکہ عملی طور پر اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے دشمن کو پیغام دیا ہے کہ مسلمان جاگ چکا ہے۔”

    ریلی کے اختتام پر پیر سید شیر شاہ حقانی نے انتہائی رقت آمیز دعا کرائی، جس میں فلسطینی شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی شفا، اور امتِ مسلمہ کی بیداری کے لیے دعائیں کی گئیں۔ عوام کی آنکھیں اشکبار تھیں اور دلوں میں ایک نئی بیداری کی چنگاری سلگ رہی تھی۔