Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف:فیکٹری میں آتشزدگی، 200 گھاس کی گانٹھیں جل گئیں

    اوچ شریف:فیکٹری میں آتشزدگی، 200 گھاس کی گانٹھیں جل گئیں

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) علی پور روڈ پر واقع سوئی گیس کوٹنگ پلانٹ کے قریب ایک فیکٹری میں خشک گھاس میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ فیکٹری میں موجود خشک گھاس کو مزدوروں نے آگ لگائی جو بڑھ کر ساتھ پڑی خشک گھاس کی گانٹھوں تک پہنچ گئی۔ اس واقعے میں تقریباً 200 خشک گھاس کی گانٹھیں جل گئیں۔

    آگ کے بڑھتے ہوئے شعلوں نے قریبی علاقوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا تھا، تاہم ریسکیو 1122 اوچ شریف اور احمد پور کی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر متعدد فائر ٹینک اور عملے کو موقع پر روانہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں چند گھنٹوں میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔

    حکام کے مطابق، آگ کے سبب فیکٹری یا کسی انسانی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم خشک گھاس کی گانٹھوں کا نقصان ہوا ہے۔

  • اوچ شریف: پولیس کی کامیاب کارروائیاں، ڈکیتی اور چوری کے ملزمان گرفتار، لاکھوں برآمد

    اوچ شریف: پولیس کی کامیاب کارروائیاں، ڈکیتی اور چوری کے ملزمان گرفتار، لاکھوں برآمد

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)ڈی پی او بہاولپور اسد سرفراز خان کی ہدایت پر اوچ شریف اور چنی گوٹھ میں پولیس نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ڈکیتی اور چوری کے ملزمان کو گرفتار کر لیا اور لاکھوں روپے برآمد کر لیے۔

    تھانہ چنی گوٹھ پولیس نے ایس ایچ او کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان دانش اور ساجد کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 70 ہزار روپے نقدی، ایک موٹر سائیکل، 2 بھینسیں اور ایک کٹی برآمد کی ہیں۔ ڈی پی او اسد سرفراز خان نے اس کامیاب کارروائی پر تھانہ چنی گوٹھ پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا لوٹا ہوا مال واپس کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔

    دوسری جانب تھانہ دھوڑکوٹ پولیس نے ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب ملزم آصف گودلا کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 3 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کیے ہیں، جو اصل مالک محمد عارف کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ اہل علاقہ نے ایس ایچ او تھانہ دھوڑکوٹ عرفان لیاقت اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

    ڈی پی او اسد سرفراز خان نے دونوں کامیاب کارروائیوں پر پولیس ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • اوچ شریف: عید کی آمد، درزیوں نےکپڑےلینا بند کر دیے، شہری مہنگے داموں سلائی کروانے پر مجبور

    اوچ شریف: عید کی آمد، درزیوں نےکپڑےلینا بند کر دیے، شہری مہنگے داموں سلائی کروانے پر مجبور

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ شروع ہوتے ہی اوچ شریف کے درزیوں نے عید الفطر کے کپڑوں کے آرڈر لینا بند کر دیے ہیں، جس سے شہری مہنگے داموں سلائی کروانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر بھر کے درزیوں نے کام کے دباؤ اور بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے دکانوں کے باہر "نو بکنگ” کے بورڈ لگا دیے ہیں۔ درزیوں کا کہنا ہے کہ رمضان کے آغاز سے ہی ان کے پاس اتنے زیادہ آرڈرز ہیں کہ وہ مزید کام نہیں لے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے سے دیے گئے آرڈرز کو ترجیح دے رہے ہیں تاکہ کسی کو عید کے موقع پر پریشانی نہ ہو۔

    دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ درزی اپنی مصروفیت کا بہانہ بنا کر من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی درزی زیادہ قیمت لے کر نئے آرڈرز قبول کر رہے ہیں جو عید کے قریب ہونے کی وجہ سے معمول سے زیادہ مہنگے پڑ رہے ہیں۔ اس صورتحال نے شہریوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے اور انہیں اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے اضافی مشکلات کا سامنا ہے۔

    شہریوں نے یہ بھی شکایت کی کہ رمضان کے دوران زیادہ تر درزی اپنی دکانوں پر کام کا وقت محدود کر دیتے ہیں، جس سے ان کی عید کی تیاریوں میں رکاوٹ آتی ہے۔

    تاہم درزیوں نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد صرف یہ ہے کہ وہ اپنے دیے گئے کام کو وقت پر مکمل کر سکیں اور ان کا کوئی ارادہ عوام سے اضافی پیسہ لینے کا نہیں ہے۔ لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے، درزی دگنی قیمت وصول کر رہے ہیں، جو کہ شہریوں کے لیے عید کی خوشیوں کو ماند کر رہی ہے۔

  • اوچ شریف: اغوا کار مہمان،7 روزبعد بھی لڑکی بازیاب نہ ہوسکی

    اوچ شریف: اغوا کار مہمان،7 روزبعد بھی لڑکی بازیاب نہ ہوسکی

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) پولیس کی مبینہ ملی بھگت سے اغوا کا معمہ الجھ گیا، 19 سالہ شادی شدہ لڑکی سات دن بعد بھی بازیاب نہ ہو سکی۔ تھانہ چنی گوٹھ کی حدود میں پیش آنے والے اس واقعہ نے پولیس کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ چنی گوٹھ کی حدود میں 19 سالہ شادی شدہ لڑکی کے اغوا کا معمہ سات دن گزرنے کے بعد بھی حل نہ ہو سکا۔ پولیس نے محمد یونس نامی ملزم کو تو گرفتار کر لیا ہے، لیکن نہ تو لڑکی کو بازیاب کروا سکی ہے اور نہ ہی دیگر ملزمان کو گرفتار کر پائی ہے۔

    مغویہ کی والدہ رخسانہ بی بی نے الزام لگایا ہے کہ پولیس رشوت لے کر ملزمان کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ان کی 19 سالہ بیٹی ‘م’ کی شادی موضع طاہر والی میں ملک منور سے ہوئی تھی۔ ملک منور نے اپنی بیوی کے نام اڑھائی ایکڑ زمین منتقل کی جس پر اس کے بڑے بھائی ملک شبیر نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ ملک شبیر نے میاں بیوی پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا کہ وہ زمین واپس اس کے نام کر دیں۔ انکار پر ملک شبیر نے لڑکی کے والدین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

    9 مارچ کو جب ‘م’ اپنے والدین سے مل کر واپس سسرال جا رہی تھی تو ملک شبیر نے اپنے بیٹے اعظم، بھائی یونس اور دو نامعلوم افراد کی مدد سے اسے اغوا کر لیا۔ لڑکی کی والدہ رخسانہ بی بی نے تھانہ چنی گوٹھ میں مقدمہ درج کرانے کی کوشش کی، لیکن چار دن تک پولیس نے ٹال مٹول سے کام لیا۔ بالآخر مقدمہ تو درج ہو گیا لیکن پولیس ابھی تک نہ تو لڑکی کو بازیاب کروا سکی ہے اور نہ ہی تمام ملزمان کو گرفتار کر سکی ہے۔

    متاثرہ خاندان نے ڈی پی او بہاولپور، آئی جی پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ تفتیشی سب انسپکٹر عبدالرزاق کو تبدیل کر کے کسی ایماندار افسر کو تفتیش سونپی جائے اور ان کی بیٹی کو بازیاب کروایا جائے۔

  • اوچ شریف: ڈینگی آگاہی اور صفائی مہم، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا سکولوں کا دورہ

    اوچ شریف: ڈینگی آگاہی اور صفائی مہم، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا سکولوں کا دورہ

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) پرائیس کنٹرول مجسٹریٹ اور فوکل پرسن ہیلتھ انسپکٹر ڈینگی عمران حیدر سیال نے اوچ شریف اور گردونواح کے سکولوں کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد طلباء میں ڈینگی بخار کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور سکولوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔

    عمران حیدر سیال نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اداروں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنائیں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ انہوں نے سکولوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دینے کی تاکید کی، کیونکہ یہ ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کا اہم سبب ہے۔

    انہوں نے طلباء کو ڈینگی کی علامات، بچاؤ کے طریقوں اور صحت کی حفاظت کے اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے طلباء اور اساتذہ کو موسمی تبدیلیوں کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی تلقین کی۔

    عمران حیدر سیال نے سکولوں کے صفائی کے معیار کا معائنہ کیا اور انہیں اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سکولوں میں صفائی کے انتظامات کی نگرانی جاری رکھے گی۔

    دورے کے دوران، طلباء نے بھی سوالات کیے اور اساتذہ نے عمران حیدر سیال کی فراہم کردہ معلومات کا خیرمقدم کیا۔ عمران حیدر سیال نے کہا کہ یہ دورے آئندہ بھی جاری رہیں گے اور تمام سکولوں میں صحت اور صفائی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی۔

  • احمد پور شرقیہ: یومِ علیؓ پر امن و امان کے لیے انجمن تاجران اور امن کمیٹی کا اجلاس

    احمد پور شرقیہ: یومِ علیؓ پر امن و امان کے لیے انجمن تاجران اور امن کمیٹی کا اجلاس

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) انجمن تاجران احمد پور شرقیہ مرکز امن کمیٹی نے 21 رمضان المبارک کو یومِ علی علیہ السلام کے موقع پر شہر میں امن و امان کے قیام، منبر و محراب سے محبت اور اتحاد کے فروغ کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق اور ڈی پی او اسد سرفراز خان نے کی۔

    اجلاس میں انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری سردار آفتاب احمد خان ڈاھر، مخدوم سید سبطین حیدر بخاری، صدر محمد ارشد راجپوت، مذہبی رہنما مولانا عبدالعزیز فیضی، میر سید عمر سعود اور یوسف کھوکھر نے خصوصی شرکت کی۔

    اجلاس میں یومِ علیؓ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقررین نے منبر و محراب سے محبت اور اتحاد کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور فلسفہ انسانیت کے پیغام کو عام کرنے کا عزم کیا۔

    اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کے استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

  • ڈیرہ نواب صاحب: گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج میں شجرکاری مہم کا آغاز، سیمینار اور ریلی کا انعقاد

    ڈیرہ نواب صاحب: گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج میں شجرکاری مہم کا آغاز، سیمینار اور ریلی کا انعقاد

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی ہدایات پر گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب احمد پور شرقیہ میں گرین پلانٹیشن پروگرام کے تحت شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل نے پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر کالج میں سرسبز ماحول اور درختوں کی اہمیت پر ایک شاندار سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقررین نے درختوں کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ سیمینار کے اختتام پر شجرکاری آگاہی ریلی بھی نکالی گئی۔

    پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل نے اپنے خطاب میں کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔ وائس پرنسپل ڈاکٹر سیف اللہ جامعی نے کہا کہ سرسبز ماحول میں تعلیمی سرگرمیوں سے طلباء کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔ صدر شعبہ سرائیکی ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے کہا کہ تازہ ہوا اور خوبصورت ماحول سے طلباء کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔

    اس موقع پر پروفیسر ظفر اقبال، پروفیسر سید رب نواز شاہ بخاری، پروفیسر احمد نواز بھٹو، پروفیسر عمران صارم اور سی ٹی آئیز لیکچررز سمیت طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔

  • اوچ شریف: 50 یتیم و غریب بچیوں کی اجتماعی شادیاں، 6 اپریل کو ہوں گی

    اوچ شریف: 50 یتیم و غریب بچیوں کی اجتماعی شادیاں، 6 اپریل کو ہوں گی

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ سول سوسائٹی کے صدر عمر خورشید سہمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی تنظیم 6 اپریل 2025 کو العباس میرج ہال، خیر پور ڈاہا روڈ، اوچ شریف میں 50 یتیم اور غریب بچیوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کر رہی ہے۔

    عمر خورشید سہمن نے کہا کہ یہ فلاحی اقدام ان بچیوں کی زندگیوں میں خوشیاں لانے اور ان کے مستقبل کو روشن کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوچ سول سوسائٹی معاشرتی طور پر کمزور طبقات کے لیے ایک بہتر ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ وہ بھی اپنے حقوق اور زندگی کے تمام پہلوؤں سے استفادہ کر سکیں۔

    انہوں نے اس تقریب کو ایک اجتماعی کوشش قرار دیتے ہوئے علاقے کے لوگوں سے مدد، تعاون اور دعا کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فلاحی منصوبوں کے ذریعے نہ صرف ان بچیوں کی زندگی میں خوشیاں لائی جا رہی ہیں بلکہ پورے معاشرے میں محبت، ہمدردی اور بھائی چارے کے پیغامات بھی پھیلائے جا رہے ہیں۔

    عمر خورشید سہمن نے اوچ سول سوسائٹی کے دیگر اراکین کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس کام کے لیے دل و جان سے مصروف ہیں اور تقریب میں شریک ہونے والے ہر فرد کو ایک پروقار اور یادگار تجربہ فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فلاحی پروگرام کی کامیابی سے انہیں علاقے میں مزید ایسے اقدامات اٹھانے کا حوصلہ ملے گا، تاکہ معاشرے کے ہر فرد کی زندگی میں خوشیاں لائی جا سکیں۔

    اس موقع پر جگر گوشہ غزالی زماں حضرت قبلہ سید حامد سعید شاہ کاظمی آف ملتان شریف کی جانب سے خصوصی دعا کا اہتمام کیا جائے گا، جس کا مقصد اس فلاحی منصوبے کی کامیابی اور ان بچیوں کی زندگیوں میں خوشحالی کا آغاز ہے۔

  • اوچ شریف: ترقیاتی منصوبے میں کرپشن کا انکشاف، عوامی مفادات کو نقصان

    اوچ شریف: ترقیاتی منصوبے میں کرپشن کا انکشاف، عوامی مفادات کو نقصان

    اوچ شریف، باغی ٹی وی(نامہ نگار ، حبیب خان): اوچ شریف کے نواحی علاقے یونین کونسل بن والا میں جاری سولنگ منصوبے میں کرپشن کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ مقامی افراد نے شکایت کی ہے کہ اس ترقیاتی منصوبے میں ناقص میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے سڑکوں کی پائیداری پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

    مقامی شہریوں ے مطابق ٹھیکیداروں اور ضلع کونسل کے افسران کی ملی بھگت سے پرانی سولنگ اکھاڑ کر نیچے اور اوپر ریت ڈالے بغیر ناقص اینٹوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس سے سڑکوں کی حالت بدتر ہو گئی ہے اور عوامی مفادات کو نقصان پہنچا ہے۔

    عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ علاقے کی ترقی کے بجائے مزید مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے فوری اور سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے، جس میں کرپشن کی تحقیقات اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شامل ہے۔

    اہلیان علاقہ نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے اپیل کی ہے کہ وہ اس منصوبے کی مکمل تحقیقات کرائیں اور ملوث افراد کو بے نقاب کریں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع کونسل کے افسران اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔

  • خبردار! ٹپال تیز دم چائے،انٹرنیٹ کا جھانسہ،دھوکے کا جال،پتی کم پیسے زیادہ

    خبردار! ٹپال تیز دم چائے،انٹرنیٹ کا جھانسہ،دھوکے کا جال،پتی کم پیسے زیادہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) چائے کے شوقین افراد ہوشیار ہو جائیں! "ٹپال تیز دم” چائے کے مالکان نے منافع خوری کا ایک نیا اور مکروہ طریقہ ایجاد کر لیا ہے۔ وہ چائے کی پتی کی مقدار کم کر کے اور انٹرنیٹ پیکیجز کا جھانسہ دے کر عوام کی صحت اور جیب دونوں پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چائے کے بڑے برانڈز نے اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ تو کیا ہے، لیکن پتی کی مقدار میں واضح کمی کر دی ہے۔ 20 روپے کے پیکٹ میں اب پہلے سے آدھی پتی ہوتی ہے، جس سے صارفین کا پیسہ ضائع ہو رہا ہے اور چائے کا معیار بھی گر رہا ہے۔

    دوسری جانب چائے مالکان نے ایک نیا "گیم” شروع کیا ہے۔ وہ 20 روپے کی چائے کی پتی خریدنے پر 100MB مفت انٹرنیٹ دینے کا وعدہ کرتے ہیں۔ یہ محض ایک چال ہے تاکہ لوگ زیادہ چائے خریدیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیکیجز عوام کی جیب اور صحت دونوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔ انٹرنیٹ کا جھانسہ دے کر چائے کی زیادہ مقدار خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

    چائے کے زیادہ استعمال سے نیند کی کمی، ذہنی دباؤ اور ہاضمے کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ انٹرنیٹ کی لالچ میں لوگ مزید چائے پی رہے ہیں، جو ان کی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔ اس کے علاوہ، وہ انٹرنیٹ پیکیجز کے چکر میں زیادہ چائے خرید کر اپنا مالی نقصان بھی کر رہے ہیں۔ پتی کم اور پیسے زیادہ، یہ ہے "ٹپال تیز دم” چائے کا اصل کاروبار۔

    ماہرین نے اس مہم پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس طرح کے اشتہارات پر پابندی لگائی جائے۔ عوام کی صحت اور مالی حالت کو بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔