Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج میں لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے طلباء کی تصدیق جاری

    اوچ شریف: گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج میں لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے طلباء کی تصدیق جاری

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہائیر ایجوکیشن کمیشن لیپ ٹاپ اسکیم کے مستحق طلباء کے لیے عملی اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل نے کہا کہ کالج آئی ٹی انتظامیہ ٹیم ورک کی شکل میں وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سیف اللہ جامعی، پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاہر جلالوی، سی ٹی آئی لیکچررز حسن رضا جعفری اور محمد عرفان ہیلپ ڈیسک پر بی ایس پروگرامز کے فرسٹ اور سیکنڈ سمسٹرز اور انٹرنیٹ میڈیٹ میں 65 سے 85 فیصد مارکس لینے والے اہل طلباء و طالبات کی تصدیق روزانہ کی بنیاد پر کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کے ساتھ اعلیٰ ٹیکنالوجی کی تحقیق و تعلیم و تربیت سماج، ملک و قوم کی حقیقی معنوں میں ترقی اور استحکام پاکستان کی علامت ہے۔ اپنے وطن عزیز کی سلامتی و معاشی خوشحالی کے لیے ہم سب کو ایمانداری اور سخت محنت سے مل کر کام کرنا ہوگا۔

    طلباء کی سہولت کے لیے تصدیق کی تاریخ 16 مارچ سے بڑھا کر 18 مارچ کر دی گئی ہے۔

  • اوچ شریف: رمضان آرڈیننس کی کھلی خلاف ورزیاں، انتظامیہ خاموش تماشائی

    اوچ شریف: رمضان آرڈیننس کی کھلی خلاف ورزیاں، انتظامیہ خاموش تماشائی

    اوچ شریف، باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف میں ماہ رمضان المبارک کے مقدس ایام میں رشوت کے عوض رمضان آرڈیننس کی کھلے عام خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور ہوٹل، ریسٹورنٹس اور کھانے کے دیگر پوائنٹس سارا دن کھلے رہتے ہیں، جہاں روزہ خور سرعام اپنی پیٹ پوجا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا احترام تو غیر مسلم بھی کرتے ہیں لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ انتظامیہ اوچ شریف میں فوڈ پوائنٹس مالکان اور روزہ خوروں کو نکیل ڈالنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ اوچ شریف شہر کے مختلف علاقوں للو والی پل، مونہ والی پل شہر اور محلے اوچ مغلہ، محلہ بخاری، گیلانی محلہ بلوچوں، جلال پور پیر والا ایکسپریس روڈ، ترنڈا محمد پناہ روڈ، خیرپور ڈھا روڈ، حسینی چوک اور شہر کے کئی ہوٹلوں پر کھلے عام چائے، کھانا اور روٹیاں فروخت کی جا رہی ہیں۔

    اوچ شریف میں "رشوت دو، ہوٹل کھولو” کی پالیسی چل رہی ہے۔ رمضان کے ایام میں شہریوں کو چائے اور کھانا پیش کیا جا رہا ہے۔ ہوٹلوں پر کھلے عام کھانا ملنے کی اطلاع پر روزہ خوروں کی بڑی تعداد ہوٹلوں کا رخ کر لیتی ہے۔ ہوٹلوں کے اندر اور باہر رش لگا ہوا نظر آیا۔

    اوچ شریف شہر میں کھلے عام رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزیوں پر شہریوں نے ڈی سی او بہاولپور اور انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رمضان آرڈیننس پر عمل درآمد کراتے ہوئے رشوت کے عوض اجازت دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے اور ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

  • اوچ شریف: مانجھی والا روڈ پر موٹر سائیکل تصادم، دو افراد زخمی

    اوچ شریف: مانجھی والا روڈ پر موٹر سائیکل تصادم، دو افراد زخمی

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان ) مانجھی والا روڈ پر للو والی پل کے قریب دو موٹر سائیکلیں آمنے سامنے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت محمد اسماعیل ولد عبدالعزیز، سکنہ ککس والا بھٹہ اوچ شریف (عمر تقریباً 35 سال) اور محمد کامران ولد حق نواز، سکنہ مانجھی والا اوچ شریف (عمر تقریباً 30 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق، دونوں موٹر سائیکلیں تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ دونوں سواروں کو شدید چوٹیں آئیں، خاص طور پر ان کے سر پر گہرے زخم لگے۔

    مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی، جنہوں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) اوچ شریف منتقل کر دیا۔

  • اوچ شریف : آٹا پسائی چکیوں کی من مانی عروج پر، عوام پریشان

    اوچ شریف : آٹا پسائی چکیوں کی من مانی عروج پر، عوام پریشان

    اوچ شریف، باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور گردونواح میں آٹا پسائی چکیوں کی من مانی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پسائی چکیاں سولر پینلز پر چلنے کے باوجود اضافی اخراجات کا بہانہ بنا کر من مانی نرخ وصول کر رہی ہیں، جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

    مختلف علاقوں میں قائم آٹا پسائی چکیوں پر کوئی حکومتی نگرانی نظر نہیں آتی، جس کی وجہ سے چکی مالکان اپنی مرضی کے مطابق نرخ مقرر کر رہے ہیں۔ عوامی شکایات کے مطابق، بجلی کے بلوں میں کمی کے باوجود پسائی کے نرخ کم نہیں کیے گئے، بلکہ مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ چکی مالکان آٹے کے وزن میں کمی اور معیار پر سمجھوتہ بھی کر رہے ہیں، جس سے عوام کو دوہری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب، ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی خاموشی نے چکی مالکان کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، جس سے عوام میں شدید بےچینی پائی جاتی ہے۔

    عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آٹا پسائی چکیوں کی من مانی کو روکا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

  • حاصل پور: آلو چوری پر تصادم، فائرنگ سے ایک زخمی

    حاصل پور: آلو چوری پر تصادم، فائرنگ سے ایک زخمی

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) حاصل پور روڈ پر واقع سولر پارک کے قریب آلو کی فصل میں چوری کے الزام پر دو گروپوں میں تصادم ہو گیا، جس کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی کی شناخت 23 سالہ دلشاد ولد محمد امین کے نام سے ہوئی ہے، جو چک نمبر 8 بی سی، حاصل پور روڈ، بہاولپور کا رہائشی ہے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک شخص آلو چوری کر رہا تھا، جسے مقامی افراد نے پکڑ کر مارا۔ بعد ازاں وہ اپنے ساتھیوں کو بلا کر لے آیا، جس کے نتیجے میں دونوں گروپوں کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دلشاد زخمی ہو گیا۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو اپنی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔ ریسکیو عملے نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور زخمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

  • بہاولپور: سیکیورٹی آفس کے کمرے سے 55 سالہ شخص کی لاش برآمد

    بہاولپور: سیکیورٹی آفس کے کمرے سے 55 سالہ شخص کی لاش برآمد

    اوچ شریف باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان) بہاولپورمیں ون یونٹ چوک کے قریب موبی لنک فرنچائز کے پاس واقع سیکیورٹی گارڈ آفس کے ملحقہ کمرے سے 55 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت جان مسیح ولد خورشید مسیح کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق ضلع ساہیوال سے تھا۔ وہ طویل عرصے سے یہاں ملازمت کر رہے تھے۔

    سیکیورٹی انچارج کا کہنا ہے کہ جان مسیح کا اپنے گھر والوں سے کوئی رابطہ نہیں تھا اور وہ اکیلے رہتے تھے۔ جب وہ صبح سے باہر نہیں آئے تو تشویش ہوئی، جس پر پولیس کی موجودگی میں کمرے کا دروازہ کھولا گیا۔ کمرے میں داخل ہونے پر انہیں مردہ پایا گیا۔

    پولیس تھانہ بغداد الجدید نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ موت کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • حاصل پور: چشتیاں روڈ پر منی مزدا ٹرک میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی

    حاصل پور: چشتیاں روڈ پر منی مزدا ٹرک میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) حاصل پورمیں چشتیاں روڈ پر لاری اڈہ کے قریب کھڑے ایک منی مزدا ٹرک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ ٹرک کے کیبن میں ہونے والا شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ خوش قسمتی سے حادثے کے وقت ٹرک میں کوئی شخص موجود نہیں تھا، جس کی وجہ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    ریسکیو 1122 کے عملے کو اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ موقع پر موجود عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے بعد دھوئیں کے گہرے بادل اٹھنے لگے، جس سے ارد گرد موجود لوگ خوفزدہ ہو گئے۔ تاہم ریسکیو ٹیم کی بروقت کارروائی کے باعث آگ زیادہ پھیلنے سے قبل ہی بجھا دی گئی، جس سے کسی بڑے نقصان کا خدشہ ٹل گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ٹرک میں لگنے والی آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ تاہم مزید تفصیلات اور وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ ادارے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ شہریوں نے ریسکیو عملے کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

  • اوچ شریف: مزارات پر سیکیورٹی کے ناقص انتظامات، زائرین پریشان

    اوچ شریف: مزارات پر سیکیورٹی کے ناقص انتظامات، زائرین پریشان

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان ) تاریخی و قدیمی شہر اوچ شریف میں رمضان المبارک کے دوران مختلف علاقوں سے سینکڑوں زائرین اور شہری نماز تراویح، شب بیداری اور دیگر عبادات کے لیے مزارات کا رخ کرتے ہیں، مگر سیکیورٹی کے ناقص انتظامات نے عقیدت مندوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہر میں نصب واک تھرو گیٹس مکمل طور پر غیر فعال ہو چکے ہیں، جس سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

    رمضان کے مقدس مہینے میں زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، اور لوگ دور دراز علاقوں سے اوچ شریف آ کر روحانی فیوض و برکات حاصل کرتے ہیں۔ تاہم، مزارات پر سیکیورٹی کے موثر انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے عوام میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ خاص طور پر نمازِ تراویح اور سحری کے اوقات میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے، مگر واک تھرو گیٹس کی خرابی اور مناسب چیکنگ کا نہ ہونا کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتا ہے۔

    عوامی اور سماجی حلقوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مزارات پر فوری طور پر جدید واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں، سی سی ٹی وی کیمرے فعال کیے جائیں اور پولیس نفری میں اضافہ کیا جائے تاکہ زائرین اور مقامی شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان عبادات اور روحانی سکون کا مہینہ ہے، اور حکومت کو اس معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ زائرین بلا خوف و خطر اپنی عبادات جاری رکھ سکیں۔

  • اوچ شریف: خرم پور بنیادی سہولیات سے محروم، کچا راستہ مکینوں کے لیے عذاب بن گیا

    اوچ شریف: خرم پور بنیادی سہولیات سے محروم، کچا راستہ مکینوں کے لیے عذاب بن گیا

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کا نواحی علاقہ خرم پور بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ علاقے کا واحد کچا راستہ مکینوں کے لیے عذاب بن گیا ہے۔ بارش کے دوران راستہ کیچڑ اور دلدل میں تبدیل ہو جاتا ہے جس سے اسکول کے بچے، مزدور اور بیمار افراد بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق، اوچ شریف کے نواحی علاقے خرم پور کی بستی جھوک بلوچاں کے مکینوں کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ اہلیانِ علاقہ نے نو منتخب ایم این اے مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر سولنگ تعمیر کرائیں تاکہ مقامی آبادی کو اس دیرینہ مسئلے سے نجات مل سکے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے کا واحد راستہ مکمل طور پر کچا ہے جس کی وجہ سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ بارش کے دوران یہ راستہ دلدل اور کیچڑ میں بدل جاتا ہے جس سے نہ صرف آمد و رفت مشکل ہو جاتی ہے بلکہ اسپتال جانے والے مریضوں کو بھی سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    مکینوں نے بتایا کہ بستی جھوک بلوچاں کے لوگ برسوں سے بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جبکہ دیگر علاقوں میں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بستی میں سولنگ تعمیر کر دی جائے تو عوام کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہے۔

    اہلیانِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ہر الیکشن کے موقع پر سیاستدان سہولیات فراہم کرنے کے دعوے کرتے ہیں مگر کامیابی کے بعد عوامی مسائل کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بستی جھوک بلوچاں کے عوام نے ہمیشہ حکومتی دعوے سنے مگر عملی طور پر انہیں کچھ نہیں ملا۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبے کسی ایک جماعت یا فرد کی جاگیر نہیں بلکہ عوام کا بنیادی حق ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ تمام علاقوں میں مساوی ترقیاتی کام کروائے اور پس ماندہ بستیوں کو نظر انداز نہ کرے۔

    اہلیانِ علاقہ نے مطالبہ کیا کہ ان کی مشکلات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور جلد از جلد سولنگ تعمیر کر کے انہیں بنیادی سہولت فراہم کی جائے۔ بصورت دیگر وہ سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

  • اوچ شریف میں ڈینگی سے بچاؤ کی مہم تیز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا معائنہ

    اوچ شریف میں ڈینگی سے بچاؤ کی مہم تیز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا معائنہ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف میں ڈینگی کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور فوکل پرسن ڈینگی، ہیلتھ آفیسر عمران حیدر سیال نے انسدادِ ڈینگی مہم کے تحت مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق، عمران حیدر سیال نے اوچ شریف اربن میں المدنیہ اور فیصل ٹائر شاپ کا دورہ کیا اور وہاں موجود افراد کو ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ٹائر شاپس پر کھلے عام رکھے گئے پانی کے برتنوں اور دیگر ایسی جگہوں کا معائنہ کیا جہاں ڈینگی مچھر کی افزائش ہو سکتی ہے۔

    دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی دکانوں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈینگی کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    اس موقع پر موجود دکانداروں اور شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا گیا، جن میں صفائی کا خاص خیال رکھنا، پانی کو کھڑا ہونے سے روکنا اور مچھر مار ادویات کا استعمال شامل ہے۔

    ہیلتھ آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کریں تاکہ ڈینگی کے خطرے کو کم سے کم کیا جا سکے۔

    عمران حیدر سیال نے عوامی مقامات اور دکانوں پر خصوصی نگرانی رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی جگہ ڈینگی لاروا پایا گیا تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور شہریوں کو بھی اس مہم میں بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔