Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: 10 سالہ بچہ تالاب میں ڈوب کر جاں بحق

    اوچ شریف: 10 سالہ بچہ تالاب میں ڈوب کر جاں بحق

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) چنی گوٹھ روڈ پر احمد پور ٹول پلازا کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں 10 سالہ بچہ دل حسن نہاتے ہوئے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیروز پمپ کے قریب ایک خاتون کپڑے دھونے میں مصروف تھی جبکہ اس کا بیٹا دل حسن جس کی عمر 10 سال تھی قریبی ٹیوب ویل کے تالاب میں نہا رہا تھا۔ کھیلتے ہوئے بچہ گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب گیا۔

    قریبی افراد نے جب بچے کو پانی میں نہ پایا تو تلاش شروع کی، جس کے بعد لواحقین نے اپنی مدد آپ کے تحت اسے نکال لیا۔ ریسکیو 1122 کو فوری اطلاع دی گئی، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر بچے کو طبی امداد دی اور مصنوعی سانس (سی پی آر) دے کر ہوش میں لانے کی کوشش کی۔ تاہم حالت نازک ہونے پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔

    بچے کی ناگہانی موت پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ ورثا شدت غم سے نڈھال ہو گئے۔

  • اوچ شریف:موٹر وے ایم 5 پر اوور سپیڈ گاڑی چلانے پر ڈرائیور گرفتار

    اوچ شریف:موٹر وے ایم 5 پر اوور سپیڈ گاڑی چلانے پر ڈرائیور گرفتار

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان)موٹر وے ایم 5 پر تیز رفتاری کا جنون ایک ڈرائیور کو مہنگا پڑ گیا۔ موٹروے پولیس نے بیٹ نمبر 25 پر کارروائی کرتے ہوئے بدرالدین نامی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جو 161 کلومیٹر فی گھنٹہ کی خطرناک رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔

    موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق بدرالدین کی تیز رفتاری نہ صرف قانون کی خلاف ورزی تھی بلکہ دیگر مسافروں کی زندگیوں کے لیے بھی خطرہ تھی۔ موٹروے پر لائٹ وہیکلز کی رفتار کی حد 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور اس سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔

    بدرالدین کی گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانے میں بند کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے واضح کیا ہے کہ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار پر گاڑی چلانے والوں کو بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    موٹروے پولیس کا یہ اقدام تیز رفتاری کے خلاف ایک واضح پیغام ہے جس کا مقصد سڑکوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے۔

  • سرائیکی اجرک ڈے: اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ میں ثقافتی رنگ نمایاں

    سرائیکی اجرک ڈے: اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ میں ثقافتی رنگ نمایاں

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) سرائیکی وسیب سمیت ملک بھر میں سرائیکی اجرک ڈے بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا۔ اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں، جہاں شہریوں اور طلباء نے سرائیکی اجرک پہن کر اپنی ثقافت اور روایات کو اجاگر کیا۔

    اوچ شریف میں شہریوں نے سرائیکی اجرک پہن کر اپنی ثقافت اور روایات کو اجاگر کیا۔ مختلف مقامات پر تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں شرکاء نے سرائیکی ثقافت کی اہمیت اور اس کی تاریخی حیثیت پر روشنی ڈالی۔

    سرائیکی اجرک، جو نیلے اور فیروزی رنگوں سے مزین ہے، وسیب کی قدیم پہچان اور ورثے کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس مخصوص رنگ کا انتخاب ملتانی کاشی گری سے متاثر ہو کر کیا گیا ہے، جو کہ خطے کی تاریخی عمارتوں اور مزارات میں نمایاں نظر آتا ہے۔ اوچ شریف میں حضرت جلال الدین سرخپوش، حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت اور دیگر بزرگانِ دین کے مزارات اپنی نیلی اور فیروزی ٹائلوں کی بنا پر سرائیکی ثقافت کی روحانی و تاریخی عظمت کی عکاسی کرتے ہیں۔

    ثقافتی ماہرین کے مطابق، "اجرک” کا لفظ عربی کے "ازرک” سے ماخوذ ہے، جس کے معنی نیلے رنگ کے ہیں۔ سرائیکی وسیب میں یہی رنگ روحانیت، ثقافت اور فنونِ لطیفہ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

    سرائیکی دانشور میاں محمد عامر صدیقی، عمر خورشید، سہمن، شفیق انجم اور عمران دانش نے کہا کہ سرائیکی اجرک نہ صرف ایک پہناوا ہے بلکہ وسیب کی شناخت اور تشخص کی علامت بھی ہے۔ انہوں نے اس ثقافتی ورثے کی ترویج اور قومی سطح پر اس کی شناخت دینے پر زور دیا تاکہ سرائیکی ثقافت کو مزید فروغ حاصل ہو۔

    شہریوں نے بھی سرائیکی اجرک کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجرک وسیب کے لوگوں کے اتحاد، محبت اور روایات کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سرائیکی ثقافت کے فروغ کے لیے اقدامات کرے اور سرائیکی اجرک کو سرکاری سطح پر تسلیم کرتے ہوئے اسے قومی ثقافتی ورثے کا حصہ بنایا جائے۔

    احمد پور شرقیہ میں گورنمنٹ صادق عباس گرائجوئٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب کے نئے پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سیف اللہ جامعی، صدر شعبہ سرائیکی پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی، پروفیسر راشد رسول بلوچ اور پروفیسر عمیر الرحمن چوہان کو 6 مارچ سرائیکی کلچر ڈے کے حوالے سے معزز سول سوسائٹی اور طلباء نے سرائیکی کلچرل اجرک اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

    اس موقع پر صدر شعبہ سرائیکی پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی زبان، تاریخ، ادب، فنون، تہذیب و تمدن اور ثقافت اس خطے کی ہزاروں سال پرانی شناخت کا ورثہ ہوتی ہے۔ سرائیکی نیلی اجرک امن و محبت، رواداری اور برداشت کے تصوفانہ فلسفے کا پیغام ہے۔ پاکستان خوبصورت زبانوں اور ثقافتوں کا حسین روشن گلدستہ ہے۔ مادری زبانیں اور کلچرل روایتی لباس و میلوں سے آپس میں اتحاد و یکجہتی، فطری خوشی، احترام آدمیت اور خلوص جیسے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔

  • اوچ شریف :سرکاری سکولوں میں داخلوں کے لیے آگاہی ریلی، والدین سے بچوں کو داخل کرانے کی اپیل

    اوچ شریف :سرکاری سکولوں میں داخلوں کے لیے آگاہی ریلی، والدین سے بچوں کو داخل کرانے کی اپیل

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان): حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے سرکاری سکولوں میں داخلے کی ترغیب دینے کے لیے اوچ شریف میں ایک آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، والدین اور سماجی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔

    ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر عبدالروف سپرا نے خطاب کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے 5 سال تک کے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں، جہاں معیاری تعلیم اور بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اساتذہ اپنی انتھک محنت سے بہترین نتائج دیں گے تاکہ بچوں کا مستقبل روشن ہو۔

    سماجی رہنما ناصر خان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں تاکہ انہیں معیاری اور مفت تعلیم میسر آ سکے۔ ناصر خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بچوں کے لیے وظائف اور والدین کی معاونت کے لیے خصوصی پروگرام بھی متعارف کرائے جائیں تاکہ کم وسائل والے گھرانوں کو مدد فراہم کی جا سکے۔

    ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "تعلیم سب کے لیے”، "معیاری تعلیم، روشن مستقبل” جیسے نعرے درج تھے۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی اختتام پذیر ہوئی، جہاں مقررین نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عوام کو سرکاری اسکولوں میں داخلے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔

  • اوچ شریف: رمضان ریلیف پیکج ناکام، سستی چینی کاسٹال نہ لگ سکا

    اوچ شریف: رمضان ریلیف پیکج ناکام، سستی چینی کاسٹال نہ لگ سکا

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ سستا چینی اسٹال تاحال نہ لگ سکا، جس کی وجہ سے عوام میں شدید مایوسی اور غصہ پایا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے رمضان ریلیف پیکج کے تحت چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کے وعدے تو کیے، مگر حقیقت میں ان پر عملدرآمد نظر نہیں آ رہا۔

    اوچ شریف کے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ رمضان بازار اور سستے چینی اسٹالز کی خبر سن کر وہ صبح سے چینی لینے کے لیے بازاروں کا رخ کر رہے ہیں، لیکن انہیں کہیں بھی سستا چینی اسٹال نظر نہیں آیا۔ مقامی شہری محمد اشفاق، ادریس سفیان، مفیظ ارشاد احمد اور دیگر کا کہنا ہے کہ وہ کئی گھنٹوں سے سستے چینی کے اسٹال کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں، مگر کہیں بھی اس کا کوئی وجود نہیں۔

    شہریوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ رمضان میں چینی کی کھپت بڑھ جاتی ہے، لیکن حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہے۔ دوسری جانب اوچ شریف کے بازاروں میں چینی کی قیمتیں روز بروز بڑھ رہی ہیں، اور عام دکاندار مہنگے داموں چینی فروخت کر رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق چینی کی قیمت میں مسلسل اضافے نے ان کے لیے روزہ داروں کے سحری و افطاری کے اخراجات کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔

    شہریوں نے بتایا کہ ہمیں امید تھی کہ رمضان میں سستا چینی اسٹال لگے گا اور ہمیں کچھ ریلیف ملے گا، مگر یہاں تو حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیے جانے والے ریلیف پیکج کے وعدے صرف اعلانات تک محدود ہیں۔ رمضان سے قبل حکومتی نمائندوں اور متعلقہ محکموں کی جانب سے یہ دعوے کیے گئے تھے کہ عوام کو چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ سستے داموں دستیاب ہوں گی، مگر عملی طور پر کچھ بھی نظر نہیں آ رہا۔

    اوچ شریف کے شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سستا چینی اسٹال فوری طور پر لگایا جائے تاکہ روزے داروں کو سہولت مل سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو رمضان المبارک کے دوران سستی چینی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ آبادی پر مشتمل اوچ شریف کے عوام کی نظریں اب حکومت اور انتظامیہ پر جمی ہیں کہ آیا وہ اس معاملے پر کوئی عملی اقدام اٹھاتے ہیں یا نہیں۔

  • اوچ شریف: سستا رمضان بازار نہ لگ سکا، عوام مہنگائی کے بھنور میں پھنس گئی

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی اوچ شریف کے عوام سستا رمضان بازار سے محروم، مہنگائی کے باعث روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا۔

    ڈیڑھ لاکھ سے زائد آبادی والے تاریخی و روحانی شہر اوچ شریف میں اس سال بھی سستا رمضان بازار نہ لگ سکا، جس کے باعث غریب اور متوسط طبقہ مہنگائی کے بوجھ تلے دب گیا۔ آٹا، چینی، گھی، دالیں، سبزیاں اور گوشت عوام کی قوتِ خرید سے باہر، ناجائز منافع خوری عروج پر۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ دیگر شہروں میں رمضان بازار لگ چکے ہیں، لیکن اوچ شریف کے باسی ہمیشہ کی طرح انتظامیہ کی بے حسی کا شکار ہیں۔ حکومتی دعوے زبانی جمع خرچ ثابت ہو رہے ہیں، جبکہ مقامی انتظامیہ کوئی واضح جواب دینے سے قاصر ہے۔

    سماجی، سیاسی اور تجارتی حلقوں کا حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے فوری رمضان بازار کے قیام کا مطالبہ، عوام کا انتباہ: اگر ریلیف نہ دیا گیا تو احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

  • اوچ شریف:رمضان میں متوازن غذا اپنائیں، مرغن اور تلی ہوئی اشیاء سے گریز کریں: ڈاکٹر ارشد رانا

    اوچ شریف:رمضان میں متوازن غذا اپنائیں، مرغن اور تلی ہوئی اشیاء سے گریز کریں: ڈاکٹر ارشد رانا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) رمضان المبارک میں سحر و افطار کے دوران مرغن اور تلی ہوئی اشیاء کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف کے ایم ایس ڈاکٹر محمد ارشد رانا نے روزہ داروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ متوازن اور ہلکی غذا کا انتخاب کریں، خاص طور پر بلڈ پریشر اور دل کے مریضوں کو چکنائی اور تلی ہوئی اشیاء سے گریز کرنا چاہیے۔

    ڈاکٹر محمد ارشد رانا کے مطابق، روزے کے دوران پانی کی کمی اور پیاس کی شدت کو کم کرنے کے لیے دہی، لسی اور گھر کے بنے قدرتی مشروبات مفید ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افطار میں تازہ پھل، سبزیاں، چنا چاٹ اور کم تیل میں پکے کھانے کو ترجیح دی جائے تاکہ روزہ دار چاک و چوبند رہ سکیں۔ ہلکے مصالحے اور متوازن خوراک جسمانی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

    انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ رمضان المبارک کے دوران اپنی غذا میں اعتدال رکھیں تاکہ یہ بابرکت مہینہ نہ صرف روحانی بلکہ جسمانی طور پر بھی فائدہ مند ثابت ہو۔

  • اوچ شریف: شہید مخدوم سید علی حسن گیلانی سپورٹس کمپلیکس تکمیل کے قریب

    اوچ شریف: شہید مخدوم سید علی حسن گیلانی سپورٹس کمپلیکس تکمیل کے قریب

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) شہید مخدوم سید علی حسن گیلانی سپورٹس کمپلیکس اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، جس پر علاقے کے نوجوانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یہ منصوبہ ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جو علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک شاندار تحفہ ثابت ہوگا۔

    یہ جدید اسپورٹس کمپلیکس قومی معیار کی سہولیات سے مزین ہوگا، جس میں فٹبال، کرکٹ، باسکٹ بال، والی بال سمیت دیگر کھیلوں کے لیے معیاری گراؤنڈز موجود ہوں گے۔ اس کے علاوہ، نوجوانوں کے لیے خصوصی جمنازیم اور انڈور اسپورٹس کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع بھی ملے گا۔

    اوچ شریف کے عوام خصوصاً نوجوان جو طویل عرصے سے ایک معیاری اسپورٹس کمپلیکس کی ضرورت محسوس کر رہے تھے، اس منصوبے کی جلد تکمیل پر بے حد خوش ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اسے علاقے کی ترقی میں ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔

    مخدوم سید عامر علی شاہ اس وقت عمرہ کی سعادت کے لیے حجاز مقدس میں موجود ہیں، تاہم ان کی غیر موجودگی کے باوجود ان کے ویژن کے مطابق ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ عوام نے ان کی صحت و سلامتی اور عبادات کی قبولیت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ واپسی پر مزید ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کریں گے۔

    اہلیانِ اوچ شریف نے شہید مخدوم سید علی حسن گیلانی اسپورٹس کمپلیکس کو ایک تاریخی منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ یہ منصوبہ نوجوانوں کے لیے ایک نئی امید اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

  • اوچ شریف: چوہے مار دوا لگی روٹی کھانے سے دو معصوم بچے جاں بحق

    اوچ شریف: چوہے مار دوا لگی روٹی کھانے سے دو معصوم بچے جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) چوہے مار دوا لگی روٹی کھانے سے دو معصوم بچے جاں بحق، ایک بچہ اسپتال میں زیر علاج

    اوچ شریف کے نواحی علاقے دولت پور کی بستی سنجرانی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں چوہے مار دوا لگی روٹی کھانے سے دو معصوم بچے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک بچہ ضلعی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    ذرائع کے مطابق گھر میں چوہے مارنے کے لیے زہریلی دوا ملی روٹی رکھی گئی تھی، جسے لاعلمی میں بچوں نے کھا لیا۔ اسکول سے واپسی پر بھوک کے باعث بچوں نے وہی روٹی کھائی، جس کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی۔

    بچوں کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم معیز اور مانس جانبر نہ ہو سکے، جبکہ تیسرے بچے وسیم کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    یہ اندوہناک حادثہ اہلِ خانہ کے لیے گہرے صدمے کا باعث بن گیا ہے۔ اہل علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام میں زہریلی اشیاء کے محفوظ استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

  • اوچ شریف: ریسکیو 1122 کی دیانت داری، جاں بحق ڈرائیور کی نقدی ورثاء کے حوالے

    اوچ شریف: ریسکیو 1122 کی دیانت داری، جاں بحق ڈرائیور کی نقدی ورثاء کے حوالے

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) جھانگڑہ انٹرچینج پر پیش آنے والے افسوسناک بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور معراج حسین کی نقدی اور قیمتی اشیاء ایمانداری کے ساتھ ان کے ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ ریسکیو 1122 کے عملے نے ایک بار پھر دیانت داری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق، 7 اگست 2024 کو جھانگڑہ انٹرچینج پر پیش آنے والے خوفناک بس حادثے میں بس ڈرائیور معراج حسین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔ حادثے کے وقت ورثاء موقع پر موجود نہ تھے، جس پر ریسکیو 1122 احمد پور شرقیہ کے عملے نے ان کی جیب سے برآمد ہونے والی 33,300 روپے نقدی اور دو بینک اے ٹی ایم کارڈ بطور امانت محفوظ کر لیے۔

    آج، 5 مارچ 2025، بروز بدھ، مرحوم کی اہلیہ اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ صادق آباد سے ریسکیو 1122 آفس احمد پور شرقیہ پہنچیں، جہاں ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد رفیق اور دیگر عملے کی موجودگی میں نقدی اور دیگر اشیاء ایمانداری کے ساتھ ان کے حوالے کر دی گئیں۔

    مرحوم کی اہلیہ نے ریسکیو 1122 کے عملے کی ایمانداری اور دیانت داری کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ عوامی و سماجی حلقوں نے بھی اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا عملہ ہمیشہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رہتے ہوئے شفافیت اور دیانت داری کو اولین ترجیح دیتا رہے گا۔