Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • چولستان: جھگیوں میں آگ لگنے سےماں  چار معصوم بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق

    چولستان: جھگیوں میں آگ لگنے سےماں چار معصوم بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان )بہاولپور میں صحرائے چولستان کے علاقے ٹوبہ قاسم والا میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا ہےجہاں جھگیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک ماں اور اس کے چار معصوم بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔

    پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ خاتون چائے بنانے میں مصروف تھی کہ چولہے سے اٹھنے والی چنگاری جھگی میں جاگری۔ جھگیوں کی تعمیر میں گنے کی فصل کی خشک باقیات استعمال کی گئی تھیں، جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے جھونپڑیاں شعلوں کی لپیٹ میں آگئیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں ایک سے چار سال کے درمیان تھیں، جو حادثے کے وقت اپنی ماں کے ساتھ جھگی میں موجود تھے۔ آگ نے انہیں سنبھلنے کا موقع تک نہ دیا اور وہ شدید جھلسنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ کسی ممکنہ غفلت یا مجرمانہ غفلت کے پہلو کو بھی مدنظر رکھا جا سکے۔

    چولستان کے صحرائی علاقے میں بسنے والے غریب خاندان انتہائی کسمپرسی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جہاں بنیادی سہولیات کی کمی ان کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔

  • چولستان :جھگیوں میں آگ لگنے سے4 بچے جاں بحق، وزیر اعلیٰ مریم نواز کا افسوس کا اظہار

    چولستان :جھگیوں میں آگ لگنے سے4 بچے جاں بحق، وزیر اعلیٰ مریم نواز کا افسوس کا اظہار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چولستان کے علاقہ قاسم والا میں جھگیوں میں آگ لگنے سے 4 بچوں کے جاں بحق ہونےافسوس کا اظہار کیا ہے۔

    باغی ٹی وی : بہاولپور میں صحرائے چولستان کے علاقے قاسم والا میں جھگیوں کو آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 4 بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے پولیس ذرائع کے مطابق خاتون چائے بنا رہی تھی کی چولہے سے آگ لگ گئی اور آگ گنے کی فصل کی باقیات سے بنائی گئی جھگیوں میں پھیل گئی، متاثرہ فیملی کا تعلق راجن پور سے ہے۔

    ہلاک بچوں کی لاشیں راجن پور جبکہ زخمی خاتون کو لیاقت پور اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں، مرنے والے بچوں کی شناخت 4 سالہ علیزہ، 3 سالہ شبانہ، 2 سالہ مقدس اور 2 سالہ بلال کے نام سے ہوئی ہے، متاثرہ فیملی محمد بلال نامی زمیندار کے ملازم تھے، گنے کی فصل کے ساتھ جھونپڑی بناکر رہائش پذیر تھے۔

    ن لیگ کی حکومت ہی پاکستان کو ترقی دے سکتی ہے،مریم اورنگزیب

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چولستان کے علاقہ قاسم والا میں جھگیوں میں آگ لگنے سے 4 بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا ہے،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہےوزیر اعلیٰ نے زخمی خاتون کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

    چینی صنعت کاروں کے وفد کی شرجیل میمن سے ملاقات

    ادھر کوئٹہ میں گیس لیکیج دھماکے میں خاتون سمیت 3 افراد جھلس گئے،کوئٹہ میں جوائنٹ روڈ پر ایک گھر میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا، دھماکا ریلوے ملازم محمد عمران کے کوارٹر میں ہوا، دھماکے سے ریلوے کوارٹر کی دیواریں اور چھت منہدم ہوگئی،واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کی۔

    اسٹارلنک کی رجسٹریشن سیٹلائٹ ریگولیٹری باڈی کے ساتھ جاری ہے، چئیرمین پی ٹی اے

    پولیس کے مطابق دھماکے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں، جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • اوچ شریف: زمین کے تنازعہ نے نوجوان کی جان لے لی

    اوچ شریف: زمین کے تنازعہ نے نوجوان کی جان لے لی

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے مامون آباد میں زمین کے تنازع نے خونی رنگ اختیار کر لیا۔ سگے بھائیوں کے درمیان جائیداد کی تقسیم پر ہونے والے جھگڑے میں فائرنگ سے 25 سالہ نوجوان محمد اظہر جان کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق منظور عالم، ایاز عالم اور محبوب عالم پر الزام ہے کہ انہوں نے بیرونی افراد کی مدد سے فائرنگ کروا کر اپنے بھتیجے محمد اظہر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں مقتول شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقتول کے اہل خانہ غم اور غصے کی حالت میں ہیں۔ پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے اور مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • ہارٹ اٹیک کی علامات اور ابتدائی طبی امداد، معروف کارڈیالوجسٹ کا عوام کو اہم مشورہ

    ہارٹ اٹیک کی علامات اور ابتدائی طبی امداد، معروف کارڈیالوجسٹ کا عوام کو اہم مشورہ

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان )ہارٹ اٹیک کی علامات اور ابتدائی طبی امداد، معروف کارڈیالوجسٹ کا عوام کو اہم مشورہ

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف میں معروف ماہر امراض قلب ڈاکٹر محمد کاشف کامران خان نے ہارٹ اٹیک کی علامات اور فوری طبی امداد کے حوالے سے اہم مشورہ دیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہارٹ اٹیک، جسے طبی طور پر مایوکارڈیل انفکشن کہا جاتا ہے، دل کی ایک سنگین حالت ہے جس میں دل میں خون کا بہاؤ بند ہو جاتا ہے۔ خون کے بہاؤ میں جزوی رکاوٹ کی وجہ سے سینے میں درد، جسے عام طور پر انجائنا کہا جاتا ہے، زیادہ شدید ہارٹ اٹیک کی انتباہی علامت ہے، اگر بروقت علاج نہ کیا جائے۔ خون کے جمنے کی وجہ سے خون کے بہاؤ میں مکمل رکاوٹ موت سمیت سنگین نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کسی شخص کو اچانک سینے میں دباؤ یا درد محسوس ہو، جو بائیں بازو یا گردن تک پھیلنے لگے، پسینہ آئے، رنگ زرد پڑ جائے، سانس لینے میں دشواری ہو یا سینے پر بوجھ محسوس ہو، تو یہ ہارٹ اٹیک کی ممکنہ علامات ہیں۔

    ایسی صورتحال میں فوری طور پر درج ذیل اقدامات کریں
    🔹 ایک گولی ڈسپرین (Disprin) چبا کر نگل لیں۔
    🔹 زبان کے نیچے Angised (انجی سڈ) ٹیبلٹ رکھ لیں۔
    🔹 سینے کے بائیں جانب Deponit NT5 سکن پیچ لگا لیں۔

    ڈاکٹر کاشف کے مطابق اس ابتدائی طبی امداد کی مجموعی لاگت تقریباً 50 سے 60 روپے بنتی ہے، لیکن یہ ہسپتال پہنچنے تک مریض کی جان بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

    انہوں نے 40 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ہارٹ سیفٹی کٹ تیار کر کے گھر، دفتر، گاڑی یا لباس میں ہمراہ رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد مل سکے۔
    یاد رکھیں، احتیاط علاج سے بہتر ہے!

  • اوچ شریف:مرکزی عیدگاہ کوڑا کرکٹ اور سیوریج کے پانی کا شکار، انتظامیہ غافل

    اوچ شریف:مرکزی عیدگاہ کوڑا کرکٹ اور سیوریج کے پانی کا شکار، انتظامیہ غافل

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب) ڈیرہ نواب صاحب میں واقع مرکزی عید گاہ اور جنازہ گاہ سیوریج کے گندے پانی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی، لیکن انتظامیہ کی بے حسی برقرار ہے۔

    نواب سر صادق محمد خان عباسی مرحوم کے آبائی علاقے صادق گڑھ پیلس روڈ پر واقع اس مقام پر اہل علاقہ عید نماز اور جنازے کی ادائیگی کرتے ہیں، مگر سیوریج لائن بند ہونے کے بعد اہل محلہ نے گندہ پانی عیدگاہ میں چھوڑ دیا، جس سے بدبو اور تعفن پھیل گیا ہے۔

    علاوہ ازیں، صفائی نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ چکے ہیں جبکہ لوگوں نے مین گیٹ بند ہونے کے سبب دیواریں توڑ کر غیر قانونی راستے بھی بنا لیے ہیں۔

    ویسٹ مینجمنٹ اور میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے کبھی اس جانب توجہ دینا گوارا نہیں کیا۔

    ڈیرہ نواب صاحب کے رہائشی اور سماجی شخصیت قاضی محمد افضل ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے کمشنر بہاولپور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • پنجاب سیاحت کا مرکز بنے گا، وزیراعلیٰ مریم نواز کا اعلان

    پنجاب سیاحت کا مرکز بنے گا، وزیراعلیٰ مریم نواز کا اعلان

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں 170 سیاحتی مقامات اور ٹریلز کی تعمیر و مرمت اور بحالی کی اصولی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، پنجاب کی پہلی مکمل ٹورازم میگنی فیسینٹ ایپ بھی تیار کر لی گئی ہے، جس کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ میگنی فیسینٹ ایپ کے ذریعے 170 سیاحتی مقامات کی ورچوئل سیر کی جا سکے گی۔

    میگنی فیسینٹ ایپ کی خصوصیات
    * سیاحت سے متعلق تمام تر فیچرز شامل
    * ٹریول وزٹ اور ہوٹل بکنگ کی سہولت
    * فوڈ پانڈا اور دیگر سروسز تک رسائی
    * چیٹ بوٹ سے مفید معلومات

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے سب سے بڑے اور جامع ٹورازم پلان کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ پنجاب بھر میں مذہبی، تاریخی، قدیمی ورثہ، اثار قدیمہ اور ایکو ٹورازم کو فروغ دیا جائے گا۔ قدیمی تہذیب سے قربت کا احساس دلانے کے لیے سیاحوں کے لیے ٹورسٹ ویلج بھی بنائے جائیں گے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹورازم ٹریل بھی تیار کی جائیں گی۔

    سیاحتی ٹریلز:
    * ڈسٹرکٹ مال روڈ، وال سٹی آف لاہور، سکھ سائٹس، جی ٹی روڈ کی مغل یادگاریں
    * سالٹ رینج، بھاٹی گیٹ، ٹیکسالی گیٹ، گوجرانوالہ، ایمن آباد سکھ ٹورازم ٹریل
    * گندھار تہذیب سے متعلق گندھار ٹریل (ٹیکسلا میوزیم، دھرما راچی کا، جولیاں، سرکیپ اور گری قلعہ)

    پنجاب میں گوردوارے اور گرجاگھروں کی قدیمی عمارتوں کو بھی بحال کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ملتان کی لیونگ ہیریٹیج سائٹ قلعہ کہنہ قاسم باغ کو وادی سندھ کی تہذیب کے نشان کے طور پر بحال کیا جائے گا۔ اوچ شریف میں زائرین کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریل ڈویلپ کی جائے گی۔ چھانگا مانگا فارسٹ پارک اور لال سوہانرا نیشنل پارک کو ایکو ٹورازم کے فروغ کے لیے ڈویلپ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    سیاحت کے فروغ کے لیے گورننس کی بہتری کے لیے پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی ایکٹ 2025ء پیش کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی پہلی ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی کی اصولی منظوری بھی دے دی ہے۔ لاہور، ملتان، بہاولپور، چکوال اور جہلم سمیت مختلف شہروں میں ٹورازم سائٹس کو ڈویلپ کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب میں عالمی سیاحت کے فروغ کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ تمام سیاحتی مقامات کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔ ٹیکسلا کو مکمل ٹورسٹ سائٹ بنایا جائے گا، جہاں فائیو سٹار ہوٹل بھی تعمیر کیا جائے گا۔ ان کی پوری توجہ پنجاب میں سیاحت کے فروغ پر مرکوز ہے، اور وہ پنجاب کو سیاحتی مرکز بنانا چاہتی ہیں۔

  • اوچ شریف: بازار میں زہر بکتا ہے، ملاوٹ مافیا بے لگام، حکام کی کارروائی کا انتظار

    اوچ شریف: بازار میں زہر بکتا ہے، ملاوٹ مافیا بے لگام، حکام کی کارروائی کا انتظار

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف اور گردونواح میں ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کی فروخت عروج پر پہنچ گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کی صحت داؤ پر لگ چکی ہے۔ مقامی بیکریوں، مٹھائی کی دکانوں، دودھ دہی فروشوں اور دیگر کھانے پینے کے مراکز میں ملاوٹ شدہ اشیاء کا کھلے عام استعمال جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق اوچ شریف میں فروخت ہونے والے دودھ، دہی، بیکری آئٹمز، مٹھائی اور دیگر اشیائے خورونوش میں غیر معیاری کوکنگ آئل، ناقص گھی، مصنوعی مٹھاس، کارن سیرپ اور دیگر مضرِ صحت کیمیکلز کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ بیکریوں میں گندے انڈوں سے کیک، بسکٹ اور دیگر اشیاء تیار کی جا رہی ہیں، جس کے باعث شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ معدے کے امراض، فوڈ پوائزننگ، ہیپاٹائٹس اور دیگر صحت کے مسائل عام ہو گئے ہیں، مگر انتظامیہ کی جانب سے اس خطرناک صورتحال پر کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔

    شہریوں محمد عاقل، رسول بخش، صفدر حسین، طلحہ زبیر خان، انس خان اور دیگر نے شکایت کی ہے کہ اوچ شریف کے مختلف علاقوں چوک، الشمس، خیرپور ڈاہا روڈ، بورڈنگ اسکول موڑ، ٹینکی چوک اور حسینی چوک میں موجود بیکری ورکشاپس میں صفائی ستھرائی کا انتہائی ناقص انتظام ہے۔ ان ورکشاپس سے بدبو اور تعفن اٹھنے کے باعث عوام کا جینا محال ہو گیا ہے، جبکہ بیکری اور مٹھائی کی دکانوں پر ناقص اشیاء کی فروخت جاری ہے۔

    باوثوق ذرائع کے مطابق بعض مقامی بیکری مالکان اور مٹھائی فروش اپنی ناقص مصنوعات پر معروف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے جعلی لیبل لگا کر فروخت کر رہے ہیں۔ اس فراڈ کے باعث نہ صرف صارفین کو دھوکہ دیا جا رہا ہے بلکہ انہیں مضرِ صحت اشیاء کھانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

    اوچ شریف کے عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ان صحت دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ملاوٹ مافیا کی روک تھام اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو متحرک کیا جائے، تاکہ عوام کی صحت محفوظ رہ سکے۔

  • اوچ شریف : گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد دکانداروں کو جرمانے

    اوچ شریف : گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد دکانداروں کو جرمانے

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی ہدایت پر رمضان المبارک میں گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عمران حیدر سیال نے اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ کے مختلف بازاروں میں چھاپے مارے۔

    اس دوران انہوں نے پھل، سبزی، کریانہ اور دیگر اشیائے خوردونوش کی دکانوں کا معائنہ کیا اور نرخ ناموں اور اشیاء کی کوالٹی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صارفین سے بھی گفتگو کی اور اشیاء کی مقررہ نرخ پر فروخت کے بارے میں دریافت کیا۔

    اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ مقررہ نرخ پر فروخت کی جائیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے صارفین سے کہا کہ اگر کوئی دکاندار ریٹ لسٹ سے زیادہ نرخ پر اشیاء فروخت کرتا ہے تو وہ فوری طور پر شکایت درج کرائیں۔

    انہوں نے پل جھانگرہ غربی، اوچ شریف شہر چوک بختیاری، شمس چوک، خرم پور سمیت مختلف علاقوں میں سبزی، فروٹ اور دودھ دہی فروشوں کا معائنہ کیا۔ سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے، گراں فروشی اور زائد المعیاد اشیاء کی فروخت پر متعدد دکانداروں کو بھاری جرمانے کیے گئے۔

  • اوچ شریف: اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کا گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    اوچ شریف: اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کا گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    اوچ شریف (باغی ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر فیلڈ میں متحرک، گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری۔ خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی وارننگ۔

    تفصیلات کے مطابق احمد پور شرقیہ سمیت تحصیل بھر میں گراں فروشی کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے سبزی، فروٹ، گوشت اور دیگر اشیاء کے اسٹالز اور دکانوں کا معائنہ کیا۔ اضافی نرخ وصول کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے۔ بعد ازاں انہوں نے سستا چینی سیل پوائنٹس کا بھی معائنہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو مزید بہتری کے احکامات جاری کیے۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • اوچ شریف:رمضان میں بھی قصابوں کا مکروہ دھندہ جاری، ناقص گوشت کی فروخت،انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف:رمضان میں بھی قصابوں کا مکروہ دھندہ جاری، ناقص گوشت کی فروخت،انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف، باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور گردونواح میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی مضر صحت، لاغر اور مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ قصائی مافیا انسانی صحت سے کھیلنے میں مصروف ہے، جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ناقص اور زہریلے گوشت کے استعمال سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، مگر انتظامیہ کی چشم پوشی کے باعث یہ مکروہ دھندہ کھلے عام جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کیا جا رہا ہے۔ قصائی مافیا دیہی علاقوں سے لاغر اور بیمار جانور انتہائی کم قیمت پر خرید کر ان کے گوشت کو مختلف کیمیکلز کے ذریعے مصنوعی طور پر تازہ بناتے ہیں اور پھر یہ گوشت شہر کی مختلف مارکیٹوں، ہوٹلوں، بیکریوں میں سپلائی کیا جاتا ہے۔

    رمضان المبارک میں شہری سحر و افطار میں زیادہ تر گوشت سے بنی اشیاء استعمال کرتے ہیں، لیکن ناقص گوشت کی فروخت کے باعث فوڈ پوائزننگ، معدے کی بیماریاں، یرقان اور دیگر سنگین مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق غیر معیاری گوشت کا استعمال بچوں اور بوڑھوں کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔

    عوامی وسماجی حلقے متعلقہ اداروں کی خاموشی پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ لائیو اسٹاک، فوڈ اتھارٹی اور دیگر ذمہ دار ادارے اس غیر قانونی دھندے سے باخبر ہونے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں کر رہے۔ رمضان المبارک کے دوران بھی مضر صحت گوشت کی فروخت کھلے عام جاری ہے، مگر انتظامیہ بے بس نظر آ رہی ہے۔

    اوچ شریف شہر کے مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری، ڈی سی بہاولپور اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے عناصر کو سخت سزائیں دی جائیں، ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والی دکانوں کو فوری طور پر سیل کیا جائے۔