Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف:حکومت چولستان کے عوام کو بھول گئی،چولستانی پانی کی بجائے زہر پینے پر مجبور

    اوچ شریف:حکومت چولستان کے عوام کو بھول گئی،چولستانی پانی کی بجائے زہر پینے پر مجبور

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان )حکومت چولستان کے عوام کو بھول گئی،چولستانی پانی کی بجائے زہر پینے پر مجبور،ہیڈ پنجند کی نہریں گندگی اور زہر کا ڈھیر بن گئیں، عوام ہیپاٹائٹس اور وبائی امراض کی لپیٹ میں، زرعی اور معاشی تباہی سر پر منڈلانے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق چولستان اور روہی کے لاکھوں باسی حکومتی آفیسران کی مجرمانہ غفلت کا شکار ہیں اور نہروں کا آلودہ اور پلید پانی پینے پر مجبور ہیں۔ ہیڈ پنجند سے نکلنے والی نہریں، جو اس علاقے کے عوام کے لیے پانی کا واحد ذریعہ ہیں، سیوریج کے گندے پانی اور جانوروں کے فضلے سے بھر چکی ہیں۔ آلودگی کی شدت اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ یہ پانی وضو کے قابل بھی نہیں رہا، مگر چولستانیوں کی زندگی کا دارومدار اسی پانی پر ہے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نہروں میں گٹر کا پانی، جانوروں کا گوبر اور زہریلا مواد شامل ہونے کی وجہ سے یہ پانی پینے کے قابل نہیں رہا۔ اس آلودہ پانی کے استعمال سے علاقے میں ہیپاٹائٹس، پیٹ کی بیماریاں اور وبائی امراض میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے، جس نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

    اس کے علاوہ زراعت اور مویشیوں پر بھی اس آلودگی کے مضر اثرات پڑ رہے ہیں، جس سے مقامی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ حکومتی ادارے اور بااختیار آفیسران نہ تو مسئلے کا کوئی حل نکال سکے ہیں اور نہ ہی کاغذی کارروائی سے آگے بڑھے ہیں۔

    عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر اقدامات کریں تاکہ چولستانیوں کی صحت، معیشت اور زندگی کو لاحق خطرات کو کم کیا جا سکے۔

  • اوچ شریف: یار شاہ قبرستان کی چار دیواری نہ ہونے سے رقبہ سکڑنے لگا، قبروں کی بے حرمتی جاری

    اوچ شریف: یار شاہ قبرستان کی چار دیواری نہ ہونے سے رقبہ سکڑنے لگا، قبروں کی بے حرمتی جاری

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان)یار شاہ قبرستان کی چار دیواری نہ ہونے سے رقبہ سکڑنے لگا، قبروں کی بے حرمتی جاری

    اوچ شریف اور نواحی علاقے بیٹ احمد میں واقع یار شاہ قبرستان سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ چار دیواری نہ ہونے کے باعث آوارہ جانوروں کی آمدورفت نے قبرستان کی حالت خراب کر دی ہے۔ قبروں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ قبرستان کا تقدس پامال ہو رہا ہے۔

    مقامی افراد کے مطابق قبرستان کا رقبہ تیزی سے کم ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے تدفین کے لیے جگہ کی کمی کا سامنا ہے۔ اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور مقامی سیاست دانوں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

    شہریوں نے قبرستان کے لیے چار دیواری کی تعمیر کے علاوہ وضو خانہ، جنازہ گاہ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ تدفین کے عمل میں آسانی ہو سکے۔ مقامی افراد نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مقدس مقام اپنی شناخت کھو دے گا اور تدفین کے مسائل مزید سنگین ہو جائیں گے۔

  • اوچ شریف و احمد پور شرقیہ  :ڈپٹی کمشنر بہاول پور کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    اوچ شریف و احمد پور شرقیہ :ڈپٹی کمشنر بہاول پور کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان)ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے احمد پور شرقیہ اور اوچ شریف کا دورہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا معائنہ کیا۔

    احمد پور شرقیہ میں انہوں نے عباسیہ چوک اور عثمان چوک سمیت مختلف مقامات پر تجاوزات کے خاتمے کے آپریشن اور صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ نکاسی آب اور صفائی کے کام معیاری اور بروقت مکمل کیے جائیں اور تجاوزات کا مستقل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے لیڈیز پارک چوک منیر شہید میں شجرکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے پودا لگایا اور پارک میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ، چاچا بستی چوک سے منیر شہید چوک تک دو رویہ سڑک کی مرمت کے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔

    ڈاکٹر فرحان فاروق نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ کا دورہ کرتے ہوئے ایمرجنسی، آؤٹ ڈور اور وارڈز میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کے سٹاک کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت دی کہ مریضوں کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں اور صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔

    اوچ شریف میں انہوں نے دیہی مرکز صحت کی اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ لی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ، ایکسئین بلڈنگ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

  • اوچ شریف: کوٹ خلیفہ روڈ پر بھیانک حادثہ، ٹرالر الٹنے سے بجلی کی لائن ٹوٹ گئی، تین افراد زخمی

    اوچ شریف: کوٹ خلیفہ روڈ پر بھیانک حادثہ، ٹرالر الٹنے سے بجلی کی لائن ٹوٹ گئی، تین افراد زخمی

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) کوٹ خلیفہ روڈ پر بھیانک حادثہ، ٹرالر الٹنے سے بجلی کی لائن ٹوٹ گئی، تین افراد زخمی

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے کوٹ خلیفہ روڈ پر ہونے والے ایک سنگین حادثے میں 26 ٹن کین لوڈ کے ساتھ ایک ٹرالر الٹ گیا۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بھلوال (سرگودھا) سے کراچی جانے والا ٹرالر ایک الیکٹرک پول سے ٹکرا کر سڑک کے نیچے جا گرا۔

    اس حادثے کے نتیجے میں بجلی کے کھمبے اور تاریں بھی گر گئیں، جس سے علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور مین گرڈ اسٹیشن کو علاقے کی بجلی کی فراہمی معطل کرنی پڑی۔ ریسکیو سٹاف کے مطابق، اس حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کو شدید زخمی حالت میں ار ایچ سی اوچ شریف منتقل کیا گیا ہے۔

    حادثے کے فوری بعد، ریسکیو سٹاف نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔ حادثے کی جگہ کو محفوظ بنانے کے لیے متعلقہ علاقے کو سیل کر دیا گیا تاکہ ٹریفک متاثر نہ ہو۔

  • اوچ شریف:پنجند کی نہریں آلودہ، روہی اور چولستان کے باسی گندا پانی پینے پر مجبور

    اوچ شریف:پنجند کی نہریں آلودہ، روہی اور چولستان کے باسی گندا پانی پینے پر مجبور

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان)پنجند کی نہریں آلودہ، روہی اور چولستان کے باسی گندا پانی پینے پر مجبور

    تفصیل کے مطابق ہیڈ پنجند سے نکلنے والی نہریں جو روہی اور چولستان کے باسیوں کے لیے زندگی کا اہم ذریعہ ہیں، شدید آلودگی کا شکار ہو چکی ہیں۔ ان نہروں میں جانوروں کا گوبر، پیشاب، اور گھروں کے گٹروں کا گندا پانی مسلسل ڈالا جا رہا ہے، جس سے پانی انسانی استعمال کے قابل نہیں رہا۔

    روہی اور چولستان کے لوگ جو پہلے ہی پانی کی قلت اور سہولیات کی کمی سے متاثر ہیں، اب گندگی سے بھرے ہوئے نہری پانی کو پینے پر مجبور ہیں۔ آلودہ پانی کے استعمال کی وجہ سے متعدد بیماریوں، جیسے پیٹ کی بیماریاں اور ہیپاٹائٹس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ مسئلہ نہ صرف صحت بلکہ زراعت اور مویشیوں پر بھی منفی اثر ڈال رہا ہے، جس سے علاقے کی معیشت شدید متاثر ہو رہی ہے۔

    ضلعی اور صوبائی حکام کی غفلت اور عدم توجہ نے صورت حال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ انہیں صاف پانی فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن حکام کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

    روہی اور چولستان کے باسیوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کا حکم دیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ نہری پانی کو آلودگی سے پاک کیا جائے،نہروں میں گندا پانی ڈالنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں اور علاقے کے لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے نتائج نہ صرف عوام کی صحت بلکہ خطے کی ترقی پر بھی منفی اثر ڈالیں گے۔ صاف پانی کی فراہمی ہر انسان کا بنیادی حق ہے، اور حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے اس حق کو یقینی بنائے۔

  • احمد پور شرقیہ: جیلانی پمپ کے قریب ٹریفک حادثہ، والد جاں بحق، دو بیٹے شدید زخمی

    احمد پور شرقیہ: جیلانی پمپ کے قریب ٹریفک حادثہ، والد جاں بحق، دو بیٹے شدید زخمی

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان)تحصیل احمد پور چنی گوٹھ روڈ پر جیلانی پمپ کے قریب خوفناک حادثہ، والد جاں بحق، دو بیٹے شدید زخمی، ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل

    تفصیل کے مطابق تحصیل احمد پور چنی گوٹھ روڈ پر جیلانی پمپ کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر سوار 60 سالہ عبدالرزاق، ان کے 7 سالہ بیٹے حسین اور 10 سالہ بیٹے دلاور کو پیچھے سے آتی ہوئی ہائی روف (وین) نے ٹکر مار دی۔ اس ہولناک تصادم کے نتیجے میں عبدالرزاق موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دونوں بچے شدید زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو 1122 نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے زخمی بچوں حسین اور دلاور کو موقع پر فرسٹ ایڈ دی اور انہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال احمدپور منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ حسین کو ٹیبیا میں چوٹ آئی جبکہ دلاور کو سر پر شدید چوٹ آئی۔ عبدالرزاق کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے تحصیل ہسپتال منتقل کر دی گئی اور بعد ازاں لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔

  • اوچ شریف: تاریخی مزارات کی ناقص سیکیورٹی، شہریوں کی فوری اقدامات کی اپیل

    اوچ شریف: تاریخی مزارات کی ناقص سیکیورٹی، شہریوں کی فوری اقدامات کی اپیل

    اوچ شریف باغی ٹی وی( نامہ نگارحبیب خان) 500 سالہ قدیم تاریخی شہر اوچ شریف میں واقع مذہبی مزارات پر نصب واک تھرو گیٹس کی خرابی نے شہر کی سیکیورٹی صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے، جس کے نتیجے میں زائرین اور مقامی شہریوں کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہو گئی ہیں۔ اس خرابی نے اہم مذہبی مقامات کو دہشت گردوں کے لیے آسان ہدف بنا دیا ہے، جس کے باعث علاقے میں بدامنی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

    اوچ شریف جو پاکستان کے تاریخی اور روحانی مزارات کا مرکز ہے ہر جمعہ اور مذہبی تعطیلات پر ہزاروں عقیدت مندوں کی آمد کا مرکز بنتا ہے۔ ان مزارات پر نصب واک تھرو گیٹس عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لگائے گئے تھے لیکن ان گیٹس کے غیر فعال ہونے سے شہریوں اور زائرین کے تحفظ پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ اس صورتحال نے سیکیورٹی کے دیگر انتظامات پر بھی شکوک پیدا کر دیے ہیں اور علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    شہریوں نے حکومت اور مقامی انتظامیہ سے فوری طور پر مسئلے کے حل کے لیے اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واک تھرو گیٹس کی فوری مرمت اور سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانا ضروری ہے تاکہ عقیدت مند محفوظ ماحول میں زیارت کر سکیں۔

    مقامی افراد نے مزید زور دیا کہ مزارات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور پولیس اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوچ شریف کی مذہبی اور تاریخی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہاں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔

    شہریوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ایسے اقدامات کرے جو زائرین کو سکون اور تحفظ فراہم کریں اور اس تاریخی شہر کی ساکھ برقرار رہے۔

  • اوچ شریف: نیا سال، نئی مہنگائی،پٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، عوام پریشان

    اوچ شریف: نیا سال، نئی مہنگائی،پٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، عوام پریشان

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان) نیا سال 2025 عوام کے لیے نئی مہنگائی لے کر آیا ہے کیونکہ حکومت نے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جس سے عوام کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کی توقعات کو ٹوٹتے ہوئے دیکھنے پر مجبور کر دیا ہے۔

    نئے سال کے آغاز پر عوام نے امید کی تھی کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی، تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی ہو سکے، مگر حکومت کے حالیہ فیصلے نے ان تمام امیدوں کو چکناچور کر دیا۔ اوچ شریف کے شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ان کے لیے نیا سال خوشی کا نہیں بلکہ مشکلات کا آغاز ثابت ہوا ہے۔

    "مہنگائی پہلے ہی بہت زیادہ ہے، اور اب پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ہمارا روزگار اور زندگی کے دوسرے اخراجات مزید مشکل ہو گئے ہیں۔” شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے یہ اضافہ ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کرے گا اور اس فیصلے سے ان کی روزمرہ کی زندگی مزید متاثر ہو گی۔

    شہریوں نے حکومت سے فوری طور پر اس فیصلے پر نظرثانی کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور مہنگائی کا بوجھ کم ہو۔

  • اوچ شریف: ٹریکٹر اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم میں 60 سالہ شخص جاں بحق

    اوچ شریف: ٹریکٹر اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم میں 60 سالہ شخص جاں بحق

    اوچ شریف، باغی ٹی وی( نامہ نگارحبیب خان) ٹریکٹر اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم میں 60 سالہ شخص جانبحق

    اوچ شریف کے ایل پی روڈ سوئی گیس پائپ لائن کے مقام پر ٹریکٹر اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 60 سالہ شخص امیر بخش جانبحق ہو گئے۔ قومی شاہراہ سوئی گیس پائپ لائن کے مقام پر ایک آئل ٹینکر نے ٹریکٹر کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس سے ٹریکٹر پر سوار 60 سالہ شخص امیر بخش حادثے کے دوران ٹریکٹر سے گر کر آئل ٹینکر کے نیچے آ گئے اور سر میں شدید چوٹیں آئیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق، ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر زخمی شخص کو فرسٹ ایڈ فراہم کی اور اسے مزید علاج کے لیے رورل ہیلتھ سنٹر اوچ شریف منتقل کر دیا۔ تاہم، امیر بخش زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے رورل ہیلتھ سنٹر اوچ شریف میں جانبحق ہو گئے۔

  • اوچ شریف: ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی کی فروخت، شہری بیماریوں کا شکار

    اوچ شریف: ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی کی فروخت، شہری بیماریوں کا شکار

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان) شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں مبینہ ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی کی کھلے عام فروخت جاری، جس کے باعث پیٹ اور معدے کے امراض میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ دودھ اور دہی میں مضر صحت کیمیکلز کی آمیزش کے بارے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مجرمانہ خاموشی سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں ملاوٹ مافیا کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف شہر میں ناقص اجزاء سے ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی کی فروخت عروج پر ہے، جس سے عوام کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں جیسے الشمس چوک، غوث اعظم چوک، علی پور روڈ، حسینی چوک، ٹینکی چوک وغیرہ میں دکاندار مضر صحت کیمیکلز سے ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی فروخت کر رہے ہیں۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ راتوں رات ملاوٹ شدہ دودھ کے ڈرم شہر لائے جاتے ہیں اور انہیں خالص دودھ کے طور پر فروخت کیا جاتا ہے۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مبینہ خاموشی اور محکمہ کی آشیرباد سے یہ مضر صحت دودھ شہریوں کے معدے اور صحت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بازاروں میں ملاوٹ شدہ دودھ خریدنا ایک مشکل کام بن چکا ہے، اور فوڈ اتھارٹی سمیت کوئی ادارہ ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کا فوری جائزہ لیا جائے اور ملاوٹ شدہ دودھ کی فروخت کو روکا جائے۔