Baaghi TV

Category: ڈیرہ غازی خان

  • ڈیرہ غازی خان: ٹیچنگ ہسپتال میں سیوریج سسٹم ناکام، کروڑوں کے فنڈز کرپشن کی نذر

    ڈیرہ غازی خان: ٹیچنگ ہسپتال میں سیوریج سسٹم ناکام، کروڑوں کے فنڈز کرپشن کی نذر

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ٹیچنگ ہسپتال میں سیوریج سسٹم ناکام، کروڑوں کے فنڈز کرپشن کی نذر

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے ٹیچنگ ہسپتال میں انتظامی نااہلی اور کرپشن نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ایم ایس عبد الرحمن عامر، بلڈنگ ایکسئین شہزاد سمیع اور سب انجینیئر فیاض کھوسہ کی زیر نگرانی کروڑوں روپے کے فنڈز ہسپتال کی سیوریج نظام کی بحالی کے لیے جاری کیے گئے لیکن یہ رقم کرپشن کی نذر ہو گئی۔ نتیجتاً ہسپتال کے سیوریج کا نظام ابتر ہوچکا ہے۔

    ہسپتال کے مین ہول کھلے پڑے ہیں اور گٹر ابل رہے ہیں، جس کے باعث پارکنگ ایریاز اور گراسی پلاٹس گندگی سے بھرے ہوئے ہیں۔ ہر طرف سیوریج کا پانی اور کیچڑ پھیلا ہوا ہے، جو ہسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے لیے شدید پریشانی کا باعث ہے۔ مریضوں کو نہ صرف اپنے کپڑوں کے خراب ہونے کا سامنا ہے بلکہ بدبو اور گندگی نے پورے علاقے کے ماحول کو خراب کر رکھا ہے۔

    محکمہ ہیلتھ نے سیوریج سسٹم کی بحالی کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کیے تھے جو ہسپتال انتظامیہ کے ذریعے محکمہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کو فراہم کیے گئے۔ لیکن بدقسمتی سے یہ فنڈز بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے ضائع ہو گئے اور سیوریج سسٹم کی بحالی کے لیے کوئی موثر کام نہیں کیا جا سکا۔

    شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس سنگین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہسپتال کی خراب حالت انتظامیہ کی غفلت اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔ ناصر قریشی، رانا انتظار، الیاس، بخت علی، عاشق علی اور ساجد خان جیسے نمائندہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کمشنر ناصر محمود بشیر، ڈپٹی کمشنر عثمان خالد اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اس معاملے میں فوری ایکشن لیں۔

    عوام کا کہنا ہے کہ ہسپتال کی سیوریج نظام کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور ذمہ دار افسران کو معطل کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ہسپتال انتظامیہ کے لیے نئے افسران تعینات کیے جائیں اور اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے موقع پر وزٹ کرکے معاملات کا جائزہ لیا جائے۔

  • کوٹ مبارک پولیس اسٹیشن کی تعمیرات میں محکمہ بلڈنگ کی لاپرواہی یا کرپشن؟

    کوٹ مبارک پولیس اسٹیشن کی تعمیرات میں محکمہ بلڈنگ کی لاپرواہی یا کرپشن؟

    کوٹ مبارک،باغی ٹی وی (نامہ نگارامداد اللہ تھہیم)کوٹ مبارک پولیس اسٹیشن کی تعمیرات میں محکمہ بلڈنگ کی لاپرواہی یا کرپشن؟

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ ڈغازیخان کوٹ مبارک پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کی تعمیر میں سنگین کرپشن اور ناقص میٹیریل کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جس سے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کے لئے جو ٹھیکہ دیا گیا ہے اس میں کم معیار کا میٹیریل استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف عمارت کی پائیداری پر سوالات اٹھتے ہیں بلکہ اس کے طویل عرصے تک کارآمد رہنے کا بھی خطرہ ہے۔

    بنیادی ساخت میں ناقص میٹیریل کا استعمال کیا جا رہا ہے جو عمارت کو وقت سے پہلے ناقابل استعمال بنا سکتا ہے۔ یہ معاملہ کرپشن اور بدعنوانی کا واضح ثبوت ہے۔ محکمہ تعمیرات کے افسران نے مرضی کے ٹھیکیدار کو ٹینڈر ذریعے اپنے ذاتی مفادات کے لئے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے جو کہ عوام کےٹیکس کے پیسوں کی بدترین لوٹ مار ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ٹھیکے میں ملوث افراد نے اپنے حصے بٹورنے کے لئے عمارت کی معیار پر سمجھوتہ کیا، جس سے نہ صرف پولیس اسٹیشن کی عمارت کی زندگی کم ہو گی بلکہ عوام کے ٹیکس کےپیسے بھی ضائع ہوں گے۔ اگر یہ صورتحال اسی طرح برقرار رہی تو کرپشن اور مافیاز کے اثرات مزید گہرے ہو جائیں گے اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی نہ ہونے کی صورت میں اس طرح کے واقعات میں مزید اضافہ ہو گا۔

    اعلیٰ افسران اور حکومتی ذمہ داران سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اس کرپٹ مافیا کے خلاف فوری قانونی کارروائی کریں اور ایسے منصوبوں کی نگرانی کے عمل کو مزید شفاف بنائیں تاکہ قومی خزانے کا تحفظ ممکن ہو سکے۔ ایسے کرپٹ مافیاز کے خلاف سخت کارروائی کر کے ملک میں بڑھتی ہوئی کرپشن کو روکنے کی ضرورت ہے تاکہ عوامی وسائل کا درست استعمال ہو سکے اور ملک کی معیشت کو مضبوط کیا جا سکے۔

  • ڈی جی خان: ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کے لیے اہم اجلاس

    ڈی جی خان: ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کے لیے اہم اجلاس

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹر جواد اکبر) ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کے لیے اہم اجلاس

    کمشنر ڈی جی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت ستھرا پنجاب پروگرام کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر حافظ عبد الکریم نے خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

    کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ہدایت دی کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو "آؤٹ سورس” کرنے تک صفائی مہم کو جاری رکھا جائے۔ ڈی جی خان سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور تمام میونسپل کمیٹیوں کو 30 دسمبر تک مشینری اور افرادی قوت متعلقہ کمپنی کے حوالے کرنے کے احکامات دیے گئے۔

    انہوں نے زور دیا کہ شہروں اور دیہاتوں میں صفائی کے لیے ون ٹائم جامع مہم اور دیگر مراحل کو مقررہ ٹائم لائنز کے تحت مکمل کیا جائے۔ کمشنر نے کہا کہ ہر گاؤں کو شہروں کے مساوی صاف کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "زیرو ویسٹ” وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ٹیم ورک کو یقینی بنایا جائے۔

    اجلاس میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور متعلقہ اداروں کو فوری عملدرآمد کی ہدایت دی گئی۔

  • ڈیرہ غازی خان :بارڈر ملٹری پولیس کے PSI امتیاز افضل کی ریٹائرمنٹ پر پروقار الوداعی تقریب

    ڈیرہ غازی خان :بارڈر ملٹری پولیس کے PSI امتیاز افضل کی ریٹائرمنٹ پر پروقار الوداعی تقریب

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ)بارڈر ملٹری پولیس کے PSI امتیاز افضل کی ریٹائرمنٹ پر پروقار الوداعی تقریب

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں بارڈر ملٹری پولیس کے PSI امتیاز افضل خان کھوسہ مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہو گئے، ان کے اعزاز میں بی ایم پی لائن میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب میں کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس محمد اسد خان چانڈیہ، رسالدار خرم عباس کھوسہ، رسالدار وقار عزیز قیصرانی، رسالدار اعجاز احمد لغاری، سرکل آفیسر حافظ محمد یوسف، ایس ایچ او لیاقت عباس لغاری، ایس ایچ او حبیب خان لغاری، لائن افسر محمد ساجد خان لغاری، ایڈیشنل ایس ایچ او حاجی محمد حسین اور دیگر ملازمین نے شرکت کی۔

    کمانڈنٹ اسد خان چانڈیہ نے امتیاز افضل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ڈیوٹی بہترین طریقے سے انجام دی۔ ان کے فرائض کی لگن اور فرض شناسی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    امتیاز افضل نے تقریب میں کمانڈنٹ، رسالداران، جمعداران، دفعداران، لائن افسر اور دیگر تمام عملے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوران ملازمت ہر ممکن کوشش کی کہ عوام کی خدمت کی جائے۔

    یاد رہے کہ امتیاز افضل خان کھوسہ ایک ہر دل عزیز شخصیت کے مالک تھے۔ ان کا دفتر ہر سائل کے لیے ہمہ وقت کھلا رہتا تھا اور کوئی سائل مایوس ہوکر واپس نہیں جاتا تھا۔ ان کی خاصیت یہ تھی کہ وہ صحافی برادری کے قریبی دوست سمجھے جاتے تھے اور ہر صحافی کو عزت و احترام دیتے تھے۔ ان کی مہمان نوازی کا یہ عالم تھا کہ وہ کسی صحافی کو چائے پلائے بغیر جانے نہیں دیتے تھے۔ ان کے جانے کے بعد ان جیسی شخصیت کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔

  • ڈیرہ غازی خان: پولیس اور سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، دو خوارجی دہشتگرد ہلاک

    ڈیرہ غازی خان: پولیس اور سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، دو خوارجی دہشتگرد ہلاک

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر) پولیس اور سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، دو خوارجی دہشتگرد ہلاک

    ڈیرہ غازی خان میں پنجاب خیبرپختونخوا سرحد پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں دو خطرناک خوارجی دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ کارروائی تھانہ وہوا کے علاقے کوتانی تل میں کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دہشتگرد پولیس پر راکٹ، ہینڈ گرینیڈ اور بھاری اسلحے سے حملہ آور ہوئے۔ پولیس اور سی ٹی ڈی نے جوانمردی سے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔ دہشتگردوں کے قبضے سے راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینیڈ اور جدید اسلحہ برآمد ہوا۔

    اطلاعات کے مطابق دہشتگرد پنجاب کے تھانوں اور حساس مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پولیس کی بروقت کارروائی نے ان کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

    آپریشن کی کمانڈ آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی، جبکہ ڈی پی او سید علی فوری طور پر موقع پر پہنچے اور کارروائی کی نگرانی کی۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشتگردوں کے خاتمے پر پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کو شاباش دی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اور سویپ آپریشن جاری ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: پولیس مقابلہ خطرناک ڈاکو ہلاک، ایس ایچ او زخمی

    ڈیرہ غازی خان: پولیس مقابلہ خطرناک ڈاکو ہلاک، ایس ایچ او زخمی

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر) پولیس مقابلے میں خطرناک ڈاکو ہلاک، ایس ایچ او زخمی

    ڈیرہ غازی خان کے تھانہ کالا کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران مطلوب ڈاکو حق نواز ہلاک ہو گیا، جبکہ ایس ایچ او طاہر سلیم فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہو گئے۔

    ایس ایچ او طاہر سلیم اپنی پولیس پارٹی کے ہمراہ موضع بیٹ شادن میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے پہنچے، جہاں ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ایک گولی ایس ایچ او کے دائیں کندھے پر لگی تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ہلاک ہونے والے ملزم حق نواز قتل، اقدامِ قتل، اور ڈکیتی جیسے سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

    ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی نگرانی کی اور زخمی ایس ایچ او کی عیادت کرتے ہوئے ان کی بہادری کو سراہا۔ پولیس حکام کے مطابق عوام کی جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے۔

  • ڈیرہ غازیخان:بارالیکشن،بھٹی لائرز گروپ کی عبدالغنی کھوسہ کی حمایت کا اعلان

    ڈیرہ غازیخان:بارالیکشن،بھٹی لائرز گروپ کی عبدالغنی کھوسہ کی حمایت کا اعلان

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 11 جنوری 2025 کو منعقد ہوں گے۔ جیسے جیسے یہ دن قریب آ رہا ہے وکلاء برادری میں انتخابی جوش و خروش اور گہما گہمی بڑھتی جا رہی ہے۔ مختلف گروپس اپنے امیدواروں کی حمایت میں متحرک ہیں اور سیاسی فضا گرم ہو چکی ہے۔

    ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ غازی خان کے ایک مضبوط اور منظم گروپ "بھٹی لائرز” اور ان کے ہم خیال دوستوں نے اکثریت رائے سے امیدوار برائے صدارت عبدالغنی کھوسہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس اہم فیصلے کا اعلان وکلاء کے ایک اجلاس میں کیا گیا، جہاں معزز وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    اس موقع پر جن وکلاء نے اپنی رائے کا اظہار کیا اور عبدالغنی کھوسہ کی حمایت کی، ان میں ملک رشید احمد بھٹی ایڈووکیٹ، خالد اقبال بھٹی ایڈووکیٹ، میاں نصراللہ بھٹی ایڈووکیٹ، شکیل الحسنین بھٹی ایڈووکیٹ، محمد نعمان بھٹی ایڈووکیٹ، فیاض احمد بھٹی ایڈووکیٹ، اشفاق حسین بھٹی ایڈووکیٹ، محمد حنیف بھٹی ایڈووکیٹ، مظہر حسین بھٹی ایڈووکیٹ، میاں عامر محمود بھٹی ایڈووکیٹ، محمد ریاض بھٹی ایڈووکیٹ، روبینہ ارشاد بھٹی ایڈووکیٹ، سجاد طاہر بھٹی ایڈووکیٹ، ریاض حسین بھٹی ایڈووکیٹ، میاں محمد اکمل بھٹی ایڈووکیٹ، عبدالغنی بھٹی ایڈووکیٹ، جاوید اقبال بھٹی ایڈووکیٹ، خان سرور خان اخونزادہ ایڈووکیٹ، شیج محمد سلیم ایڈووکیٹ اور شرافت حسین ایڈووکیٹ شامل تھے

    اجلاس میں موجود وکلاء نے عبدالغنی کھوسہ کی قیادت اور ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بار کی فلاح و بہبود کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔ وکلاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی کامیابی سے ڈسٹرکٹ بار کے معاملات میں مثبت تبدیلی آئے گی اور بار کے مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا جائے گا۔

    تمام وکلاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بھرپور اتحاد کے ساتھ عبدالغنی کھوسہ کی انتخابی مہم میں ان کا ساتھ دیں گے۔ ان کی کامیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے وکلاء نے کہا کہ انشاءاللہ جیت ان کے قدم چومے گی اور یہ کامیابی بار کے تمام اراکین کے لیے ایک روشن مستقبل کی نوید ثابت ہوگی۔

    انتخابات سے قبل ڈسٹرکٹ بار میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اور مختلف گروپس اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں حمایت حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔ بار کے اراکین کے مطابق اس سال کا انتخابی معرکہ انتہائی دلچسپ اور سخت مقابلے کی توقع رکھتا ہے۔

    عبدالغنی کھوسہ کی حمایت کا اعلان ان کی مہم کے لیے ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے اور بھٹی لائرز گروپ کی شمولیت سے ان کی کامیابی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

  • ڈیرہ غازیخان:پی ٹی آئی دور کے لوکل گورنمنٹ کے سڑکوں کے منصوبے کرپشن کی نذر ہوگئے

    ڈیرہ غازیخان:پی ٹی آئی دور کے لوکل گورنمنٹ کے سڑکوں کے منصوبے کرپشن کی نذر ہوگئے

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (نامہ نگارشہزادخان) تحریک انصاف دور کے دوران محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام عوامی مفاد کے لیے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبے کرپشن کی نظر ہو گئے ہیں۔ بستی یارو کھوسہ میں مشہور چور پل سے ریلوے اسٹیشن تک بننے والی سڑک تین سال سے نامکمل ہے، جبکہ ٹھیکیدار اور مشینری غائب ہیں۔

    اس دو کلومیٹر طویل سڑک پر 2021 میں کام شروع کیا گیا تھا۔ تاہم ٹھیکیدار نے چند ابتدائی مراحل کے بعد کام ادھورا چھوڑ دیا اور محکمے کی ملی بھگت سے رقم نکال کر فرار ہو گیا۔ سڑک پر صرف پتھر ڈالے گئے ہیں، جن سے گاڑیوں کے ٹائر پھٹنے اور موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچنے کے واقعات روز کا معمول بن گئے ہیں۔

    ناقص صورتحال کے باعث مقامی آبادی کو گرد و غبار اور دھول کے باعث سانس کی بیماریوں کا سامنا ہے۔ راہگیر اور رہائشی شدید پریشانی میں مبتلا ہیں اور اس ادھورے منصوبے کو کرپشن کی بدترین مثال قرار دے رہے ہیں۔

    اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، کمشنر ڈیرہ غازی خان، اور اینٹی کرپشن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھیکیدار اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور سڑک کا یہ منصوبہ فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو سفری سہولیات اور صحت کے مسائل سے نجات مل سکے۔

  • ڈیرہ غازی خان: ٹرک اور گیس ٹینکر کا تصادم، ٹینکر الٹ گیا، گیس لیکیج سے اہلِ علاقہ کو شدید خطرہ

    ڈیرہ غازی خان: ٹرک اور گیس ٹینکر کا تصادم، ٹینکر الٹ گیا، گیس لیکیج سے اہلِ علاقہ کو شدید خطرہ

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) ٹرک اور گیس ٹینکر کا تصادم، ٹینکر الٹ گیا، گیس لیکیج سے اہلِ علاقہ کو شدید خطرہ

    تفصیل کے مطابق پاکستان چوک گیدڑ والا شوریہ بائی پاس روڈ پر بستی ہبتانی اور بستی سرکانی کے قریب افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جس میں گیس سے بھرا ٹینکر اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم کے نتیجے میں ٹرک اور ٹینکر دونوں الٹ گئے، جبکہ گیس لیکج نے آس پاس کی آبادیوں کو شدید خطرے سے دوچار کر دیا۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق بستی ہبتانی اور بستی سرکانی کے رہائشیوں کو آگ جلانے سے منع کر دیا گیا ہے، تاہم بجلی کی بحالی نہ ہونے سے کسی بھی وقت چنگاری اٹھنے کا خطرہ موجود ہے جو قیمتی جانوں کے ضیاع اور کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

    اہلِ علاقہ نے انتظامیہ کی نااہلی پر سخت تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بستی ہبتانی، بستی سرکانی اور دیگر قریبی علاقوں کے بجلی کنکشن فوری طور پر منقطع کیے جائیں اور ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ ہے اور فوری کارروائی نہ ہونے کی صورت میں خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: حمام اورہیئر سیلون ایڈز اور ہیپاٹائٹس پھیلانے کا گڑھ بن گئے

    ڈیرہ غازی خان: حمام اورہیئر سیلون ایڈز اور ہیپاٹائٹس پھیلانے کا گڑھ بن گئے

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواد اکبر)غیرمحفوط حمام اور ہیئرسیلون ایڈز اور ہیپاٹائٹس پھیلانے کا گڑھ بن گئے

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں بغیر لائسنس چلنے والے حمام اور ہیئر سیلون عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔ ان غیر رجسٹرڈ کاروباروں میں صفائی کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور ان کے ناقص اوزار ایڈز اور ہیپاٹائٹس جیسی خطرناک بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔

    ان حماموں میں کام کرنے والے اکثر کاریگر صفائی اور اوزاروں کی سٹرلائزیشن کے بنیادی اصولوں سے ناواقف ہیں۔ ایک طرف تو یہ کارکن معصوم نظر آتے ہیں لیکن دوسری طرف ان کی لاعلمی اور غفلت عوام کی صحت کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔ ناقص بلیڈ، غیر صاف قینچیاں اور بار بار استعمال ہونے والے تولیوں کی وجہ سے کئی افراد خطرناک انفیکشنز کا شکار ہو چکے ہیں۔

    صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں ایڈز اور ہیپاٹائٹس کے بڑھتے ہوئے کیسز میں ان حماموں کا مرکزی کردار ہے۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ کوئی بھی سرکاری ادارہ ان کے خلاف کارروائی کے لیے تیار نظر نہیں آتا۔ نہ ہی محکمہ صحت اور نہ ہی مقامی انتظامیہ ان غیر قانونی اور غیر محفوظ کاروباروں کے خلاف کوئی عملی قدم اٹھا رہی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ حکومت کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان حماموں اور سیلونز کو رجسٹر کیا جائے اور سخت چیک اینڈ بیلنس کا نظام نافذ کیا جائے تاکہ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

    سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ایڈز جیسی خطرناک بیماریوں کا پھیلاؤ مزید بڑھ سکتا ہے، جس سے نہ صرف عوامی صحت متاثر ہوگی بلکہ صحت کے نظام پر بھی ناقابل برداشت دباؤ پڑے گا۔