Baaghi TV

Category: ڈیرہ غازی خان

  • سیلاب متاثرین کا دکھ الفاظ نہیں، عملی مدد سے کم ہوگا: مریم نواز

    سیلاب متاثرین کا دکھ الفاظ نہیں، عملی مدد سے کم ہوگا: مریم نواز

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر بھٹی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈیرہ غازی خان دورے کے موقع پر الیکٹرو بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جہاں وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب کے لیے بڑے اعلانات کیے اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے لیے 101 الیکٹرو بسیں فراہم کی جائیں گی اور راجن پور، لیہ، مظفرگڑھ، تونسہ سمیت ہر ضلع میں الیکٹرک بس سروس نافذ کی جائے گی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ہر ماہ ایک سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا تاکہ عوامی مسائل کے تدارک میں بہتری لائی جا سکے۔

    وزیراعلیٰ نے سرائیکی زبان سے خطاب کا آغاز کیا جس پر مقامی لوگوں نے عزت و محبت کا اظہار کیا اور انہوں نے واضح کیا کہ ان کے لیے ساؤتھ، سینٹرل اور اپر پنجاب میں کوئی امتیاز نہیں، سب کے ساتھ یکساں سلوک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسز جیسے عوامی منصوبوں کو نقصان پہنچانا عوام کو نقصان دینے کے مترادف ہے اور وینڈیلیزم کرنے والوں کو عبرت ناک سزا دی جائے گی۔ سیلاب زدگان کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے معمولی امدادی رقم سے بڑے نقصانات پورے نہیں ہوتے، متاثرین کے گھروں، مویشیوں اور فصلوں کے نقصان کا ازالہ ان کی ترجیح ہے اور وہ عوامی وسائل اپنے ہی وسائل سے عوام پر خرچ کریں گی، امداد کے لیے ہاتھ پھیلانے کی بات انہیں منظور نہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب کی ٹیکس کلیکشن کا معیار بہتر ہے اور صوبے کی آبادی و خدمات کے تناظر میں وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    اسی موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے ڈویژنل و ضلعی افسران اور ملازمین کی محنت و لگن کو سراہا اور کہا کہ نائب قاصد سے لے کر اعلیٰ افسر تک ہر نے ٹیم ورک کے تحت کام کیا جس کی بدولت یہ اہم پروفائل دورہ کامیابی سے ممکن ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت، گڈ گورننس اور سروسز کی بہتری کے لیے اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھا جائے تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ دورے اور منصوبہ بندی کے دوران عوامی مفاد کو اولین ترجیح دینے اور خدمات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی رعایت نہ برتنے کی تلقین کی گئی۔

  • ڈیرہ غازی خان: وزیراعلیٰ پنجاب کے کامیاب دورہ پر ڈپٹی کمشنر کا افسران و ملازمین کو خراجِ تحسین

    ڈیرہ غازی خان: وزیراعلیٰ پنجاب کے کامیاب دورہ پر ڈپٹی کمشنر کا افسران و ملازمین کو خراجِ تحسین

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی نیوز رپورٹر شاہد خان) ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کامیاب دورۂ ڈیرہ غازی خان پر ڈویژنل و ضلعی افسران اور ملازمین کی محنت و لگن کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

    اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نائب قاصد سے لے کر اعلیٰ افسر تک ہر ملازم نے ٹیم ورک کے تحت کام کیا، جس کی بدولت اس اہم پروفائل دورے کو کامیابی سے ممکن بنایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی مسائل کے حل، گڈ گورننس، سروسز کی بہتری اور ضلع کی ترقی کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔

  • پنجاب بار کونسل ڈیرہ نشست،عظمت اسلام غلزئی ایڈووکیٹ نےاکثریتی حمایت حاصل کرلی

    پنجاب بار کونسل ڈیرہ نشست،عظمت اسلام غلزئی ایڈووکیٹ نےاکثریتی حمایت حاصل کرلی

    ڈیرہ غازی خان (جواد اکبر بھٹی) ممبر پنجاب بار کونسل کے انتخابات قریب آتے ہی وکلاء برادری میں مشاورتی سرگرمیاں تیز ہو گئیں۔ اسی سلسلے میں 21 ستمبر 2025 کو ملک رشید احمد بھٹی ایڈووکیٹ کے دولت خانہ ملک ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وکلاء اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    ملک رشید احمد بھٹی ایڈووکیٹ نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا۔ اجلاس میں بھٹی لائرز گروپ اور ہم خیال دوستوں کی اکثریت نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ ممبر پنجاب بار کونسل ڈیرہ غازی خان کی نشست کے لیے عظمت اسلام غلزئی ایڈووکیٹ کی مکمل حمایت اور ووٹ دینے کا اعلان کیا جائے۔

    اجلاس میں محمد سلیم ملک ایڈووکیٹ سپریم کورٹ (سابق صدر و ممبر پنجاب بار کونسل)، عبدالغنی خان کھوسہ صدر بار ایسوسی ایشن ڈیرہ غازی خان، ملک رشید احمد بھٹی ایڈووکیٹ، خالد اقبال بھٹی ایڈووکیٹ،میاں عامر محمود بھٹی ایڈووکیٹ، ملک ایاز بھمبھانی، سردار محمود خان کھتران، عرفان اشرف بھٹی، اعجاز احمد خان کلاچی (سابق سیکرٹری بار)، محمد حنیف بھٹی، مظہر حسین بھٹی اور جواد اکبر بھٹی شریک ہوئے۔

    شرکاء نے کہا کہ اجلاس میں شریک نہ ہو سکنے والے وکلاء اور دوستوں کو بھی فیصلے پر اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔ اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ عظمت اسلام غلزئی ایڈووکیٹ کو کامیابی عطا فرمائے اور دوستوں کو صحت و تندرستی کے ساتھ لمبی زندگی دے۔

  • غازی یونیورسٹی میں محکمہ بہبود آبادی کی یوتھ کانفرنس، متوازن خاندان اور ترقی پر زور

    غازی یونیورسٹی میں محکمہ بہبود آبادی کی یوتھ کانفرنس، متوازن خاندان اور ترقی پر زور

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر بھٹی) غازی یونیورسٹی میں محکمہ بہبود آبادی کے اشتراک سے ’’بااختیار نوجوان، متوازن خاندان، ترقی کی راہ پر گامزن‘‘ کے عنوان سے یوتھ کانفرنس منعقد ہوئی۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر نذر حسین کو رائی، ضلعی آفیسر بہبود آبادی ہما مہدی لغاری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن، راؤ راشد حفیظ، محمد فیاض ڈھول، ڈاکٹر محمد عابد، عبد القدوس، محمد صدیق، پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر لغاری، پروفیسر ڈاکٹر سعد اللہ لغاری، ڈاکٹر محمد علی تارڑ اور دیگر اساتذہ شریک ہوئے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر سمیرا بانو نے انجام دیے۔

    مقررین نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت اور ان کے مثبت کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی مستقبل کے معمار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، رہنمائی اور بہتر مواقع فراہم کرکے نوجوان نسل کو اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے قابل بنایا جا سکتا ہے، تاکہ وہ ایک متوازن، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کے قیام میں مؤثر کردار ادا کریں۔

    مقررین نے مزید کہا کہ متوازن خاندان ہی معاشرتی استحکام کی بنیاد ہے اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ علم، برداشت اور تعاون کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ نوجوان جب بااختیار ہوتے ہیں تو درست فیصلے کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے بہترین مثال قائم کرنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت مثالی صفائی کا عزم

    ڈیرہ غازی خان: ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت مثالی صفائی کا عزم

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی نیوز رپورٹر شاہد خان)ضلع ڈیرہ غازی خان میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، واسا، ضلع کونسل، بلدیاتی اداروں اور دیگر محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

    اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ شہروں میں ’’زیرو ویسٹ‘‘ اور دیہات میں معیاری صفائی یقینی بنائی جائے، ڈیوٹی روسٹر کے مطابق عملہ کی حاضری کی سخت نگرانی ہو، مشینری اور افرادی قوت کا بروقت استعمال کیا جائے اور عملے کی تنخواہوں سمیت دیگر مسائل فوری حل کیے جائیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ صفائی نظام میں غفلت یا بدانتظامی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • ڈیرہ غازی خان: دفتر محتسب پنجاب کو عالمی معیار پر خدمات پر آئی ایس او سرٹیفکیٹ

    ڈیرہ غازی خان: دفتر محتسب پنجاب کو عالمی معیار پر خدمات پر آئی ایس او سرٹیفکیٹ

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر بھٹی) دفتر محتسب پنجاب ڈیرہ غازی خان کو عالمی معیار کے مطابق عوامی خدمات فراہم کرنے پر آئی ایس او سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ریجنل دفتر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان بخاری، سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

    ایڈوائزر دفتر محتسب ڈیرہ غازی خان راؤ محمد سلیم نے خطاب میں کہا کہ عوامی داد رسی اور شکایات کے بروقت ازالے کے باعث یہ اعزاز ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں کی بدانتظامی، تاخیر، لاپرواہی اور بدعنوانی سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ شہری بغیر کسی فیس کے سادہ کاغذ پر درخواست جمع کرا سکتے ہیں جبکہ شکایات کے ازالے کا دورانیہ 90 دن سے کم کرکے 30 تا 40 دن کر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ شکایت کنندگان کو ایس ایم ایس کے ذریعے کارروائی سے باخبر رکھا جاتا ہے اور دفتر آنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ صوبائی محتسب کی ہیلپ لائن 1050 کے ذریعے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ درخواست بذریعہ ڈاک یا ادارے کی ویب سائٹ پر آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہے، اور شہری اپنی درخواست کی پیش رفت بھی بآسانی دیکھ سکتے ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: کوہ سلیمان کی گود سے صدیوں پرانے سکے اور نوادرات برآمد

    ڈیرہ غازی خان: کوہ سلیمان کی گود سے صدیوں پرانے سکے اور نوادرات برآمد

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی/شاہد خان) مون سون کی بارشیں ہمیشہ کوہ سلیمان کے مکینوں کے لیے آزمائش بن کر اترتی ہیں۔ اس سال بھی دریائے سندھ، ستلج، راوی اور چناب کی طغیانی نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا۔ کھیت اجڑ گئے، مکانات تباہ ہوئے اور لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔ لیکن انہی پانیوں نے ایک نئی تاریخ بھی آشکار کر دی۔

    سخی سرور کی رود کوہی نے پہاڑوں کے دامن سے ایسے سکے اور نوادرات اُگل دیئے جو دو ہزار سال پرانے بتائے جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ خزانہ تہذیبوں کے سنگم کی گواہی دیتا ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ خطہ کبھی قدیم تجارتی قافلوں کی آماجگاہ رہا ہے۔

    ابتدائی اندازوں کے مطابق مقامی افراد کے ہاتھ لگنے والے 400 سے 500 سکے مختلف ادوار سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان میں مغل بادشاہ شاہجہان اور اورنگزیب کے سکے، تغلق اور لودھی سلطنت کے سکے، سکھ عہد اور رنجیت سنگھ کی نشانیاں، درانی سلطنت کے سکے، کشن سلطنت کے حکمران ویما دیوا کنشکا کے سکے، نادر شاہ، بہادر شاہ ظفر اور محمد شاہ رنگیلا کے سکے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وسطی ایشیا، عرب دنیا، چین اور برطانوی دور کے سکے بھی ملے ہیں۔ یہ تنوع واضح کرتا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑ زمانہ قدیم میں تجارتی شاہراہوں کا اہم حصہ رہے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد، پولیٹیکل اسسٹنٹ امیر تیمور اور محکمہ آثارِ قدیمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر سلمان تنویر نے سخی سرور میں کوہ سلیمان کے دامن کا دورہ کیا اور برآمد ہونے والے نوادرات کا معائنہ کیا۔ مقامی افراد نے رضاکارانہ طور پر سکے انتظامیہ کے حوالے کیے، جس پر ان کے کردار کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد اور انعامات دینے کا اعلان کیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری کی ہدایت پر محکمہ آثار قدیمہ کی خصوصی ٹیم یہاں لائی گئی ہے۔ ان کے مطابق کوہ سلیمان کی یہ دریافت نہ صرف ہماری تاریخ کو اجاگر کرتی ہے بلکہ مستقبل میں سیاحت اور تحقیق کے نئے دروازے بھی کھولے گی۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ سلمان تنویر نے کہا کہ یہ علاقہ قدیم تجارتی قافلوں کی گزرگاہ رہا ہے اور مزید تحقیق و کھدائی سے مزید نوادرات سامنے آنے کا امکان ہے۔ محکمہ آثار قدیمہ اس مقام کو ریسرچ سینٹر اور سیاحتی مرکز بنانے کے لیے سفارشات تیار کر رہا ہے۔

    سخی سرور کی نگری کو حضرت سلطان المعروف سخی سرور رحمۃ اللہ علیہ کی نسبت سے شہرت حاصل ہے۔ آپ نے اس خطے میں دین اسلام کی ترویج کی اور صدیوں بعد بھی آپ کا مزار عقیدت مندوں کا مرکز ہے۔ عقیدت مند روایت کرتے ہیں کہ جب رود کوہی سیلابی کیفیت میں آپ کے مزار کے عقب سے گزرتی ہے تو یہ پانی "سلام عقیدت” پیش کرتا ہوا دریائے سندھ کی طرف بڑھتا ہے۔ یہی روحانی وابستگی آج بھی اس خطے کی پہچان ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کوہ سلیمان قدیم شاہراہِ ریشم سے جڑا ہوا خطہ ہے، جہاں سے گزرنے والے قافلے وسطی ایشیا، خراسان اور عرب دنیا سے روابط قائم کرتے تھے۔ اس دریافت نے اس تاریخی تسلسل کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، سیکرٹری سیاحت احسان بھٹہ، ڈی جی آثار قدیمہ پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں نے یقین دلایا ہے کہ ملکی و بین الاقوامی ماہرین کے ذریعے مزید کھدائی اور تحقیق کی جائے گی تاکہ نہ صرف ان اثاثوں کو محفوظ بنایا جا سکے بلکہ خطے کی ترقی اور سیاحت کے فروغ کے لیے بھی انقلابی اقدامات کیے جا سکیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: پاکستان صحافی اتحاد کے زیر اہتمام جشنِ عید میلادالنبی ﷺ و ایوارڈ تقسیم تقریب

    ڈیرہ غازی خان: پاکستان صحافی اتحاد کے زیر اہتمام جشنِ عید میلادالنبی ﷺ و ایوارڈ تقسیم تقریب

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) پاکستان صحافی اتحاد کے مرکزی آفس رحیم ہنڈا پلازہ بلاک 16 میں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ اور ایوارڈ تقسیم کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق صدر بار ڈیرہ غازی خان و امیدوار ممبر پنجاب بار عظمت اسلام غلزئی ایڈووکیٹ تھے جبکہ صدارت مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر نے کی۔

    تقریب کی سرپرستی سردار اسلم خان چانڈیہ ایڈووکیٹ اور نگرانی رحیم خان غلزئی نے کی۔ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد سہیل خان نے حاصل کی جبکہ نعتِ رسول مقبول ﷺ سردار اسلم خان چانڈیہ ایڈووکیٹ نے پیش کی۔ نظامت کے فرائض جواد اکبر بھٹی نے سرانجام دیے۔

    تقریب میں محمد عرفان اشرف ایڈووکیٹ، فاروق احمد غوری، جواد اکبر گئی بھٹی، ساجدہ خان، ڈاکٹر شاہین کھوسہ، ذیشان جاوید، فرخ شہزاد، شیخ مصطفیٰ کنگ، سجاول سہرانی، جنید میتلا، ندیم خان سمیت متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی۔

    مہمانِ خصوصی عظمت اسلام غلزئی ایڈووکیٹ اور رحیم خان غلزئی نے صحافی اتحاد کے دوستوں کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ اور ختمِ نبوت شیلڈز سے نوازا۔ اس موقع پر سردار اسلم خان چانڈیہ ایڈووکیٹ نے سیرت النبی ﷺ پر ایمان افروز خطاب کیا۔

    مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر نے کہا کہ پاکستان صحافی اتحاد محبت، اخوت اور اتحاد کی علامت ہے، میرے ساتھی میرا قیمتی سرمایہ ہیں۔ تقریب دعا اور نعرہ تکبیر و رسالت کے نعروں کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

  • حکومت پنجاب کی جانب سے علی پور میں سیلاب زدگان کی مدد کا خصوصی آپریشن جاری

    حکومت پنجاب کی جانب سے علی پور میں سیلاب زدگان کی مدد کا خصوصی آپریشن جاری

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر مظفرگڑھ اور علی پور کے سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز زور و شور سے جاری ہیں۔

    کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان، ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ اور ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، ریسکیو 1122 اور پولیس کی مشترکہ ٹیمیں متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں۔

    سیلاب زدہ علاقوں سیت پور، لتی، کندائی، سلطان پور، خیر پور اور ان کے گرد و نواح کے دیہاتوں میں پانی میں گھرے ہوئے لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ سیلاب بند پر موجود خاندانوں کو روزانہ کی بنیاد پر خوراک اور راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، ریلیف کیمپوں میں متاثرہ خاندانوں کو رہائش، کھانا اور ادویات جیسی ضروری سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

    پولیس نے متاثرہ علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی ہے جو نہ صرف گشت کر رہی ہے بلکہ عوام کے جان و مال کی حفاظت بھی یقینی بنا رہی ہے۔ ڈی پی او مظفرگڑھ اور ڈپٹی کمشنر خود سیلابی پانی میں اتر کر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال رہے۔

    پنجند ہیڈ ورکس کے دورے کے دوران کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا اور ریسکیو آپریشن کی رفتار بڑھانے کے لیے اضافی کشتیاں اور وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ "حکومت کی پوری مشینری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کو بھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔”

    آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب حکومت کا یہ منظم امدادی آپریشن اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ اس قدرتی آفت کے مقابلے میں پوری قوت سے موجود ہے اور متاثرین کی بحالی تک یہ عمل جاری رہے گا۔

  • ڈیرہ غازی خان: مہنگائی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 5 گرفتار

    ڈیرہ غازی خان: مہنگائی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 5 گرفتار

    ڈیرہ غازی خان (نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نذر حسین کورائی نے شہر کی مختلف مارکیٹوں میں اچانک چھاپے مار کر پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر 5 دکانداروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں تین قصاب، ایک نان بائی اور ایک سبزی فروش شامل ہیں۔

    کارروائی کے دوران مہنگے داموں بڑا گوشت فروخت کرنے پر تین قصابوں، کم وزن نان فروخت کرنے پر ایک نان بائی اور خود ساختہ نرخ مقرر کرنے پر ایک سبزی فروش کو حراست میں لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے واضح کیا ہے کہ ضلع بھر میں پرائس کنٹرول ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ من مانی قیمتیں وصول کرنے والے کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے اور کسی کو بھی خود ساختہ مہنگائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔