فیصل آباد (محمد اویس) فیڈمک نے چھ کمپنیوں کو سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری پر ڈیوٹی فری مشینری کی امپورٹ اور دس سال تک انکم ٹیکس سے استثنی کی منظوری دیدی ہے۔ یہ کمپنیاں مجموعی طور پر 31 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے 72 ایکڑ پر سرامکس، ڈیری فوڈ پرڈکٹس، ھوم ٹیکسٹائل، بچوں کے ڈائیپرز اور پرنٹنگ پریس میں استعمال ہونے والی مختلف اقسام کی سیاہی تیار کرنے کے یونٹس لگائیں گی۔ اس سلسلے میں فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کا اجلاس چئیرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر فیڈمک میاں عامر سلیمی، ڈائریکٹر اسپیشل اکنامک زون عبدلاسمیع، ڈاکٹر سہیل سلیم سپیشل اکنامک زون پنجاب بورڈ آف ریونیو، آڈیشنل ڈپٹی کمشنر آفیفہ شاجیہ اور فیڈمک کے کمپنی سیکرٹری فیصل قاسمی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر چیئرمین فیڈمک نے کہا کہ ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کرنے والی مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں نے اسپیشل اکنامک زون کا اسٹیٹس حاصل کرنے کی درخواست دی تھی جو منظور کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کمپنیوں کے پروڈکشن یونٹ مکمل ہونے کے بعد پاکستانی امپورٹ میں کمی اور ایکسپورٹ میں اضافہ ہو گا۔
Category: فیصل آباد
حکومت صوبہ بھر میں 10 اسپیشل اکنامک زونز قائم کر رہی ہے،معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق
فیصل آباد(محمد اویس) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبہ بھر میں 10 اسپیشل اکنامک زونز قائم کر رہی ہے جس میں پاکستان کا سب سے بڑے اکنامک زون فیصل آباد انڈسٹریل سٹی پر کام تیزی سے جاری ہے۔اس منصوبے کے قیام سے تقریبا 10 لاکھ افراد کو بالواسطہ یا بلاواسطہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد سے آئے ہوئے صنعتکاروں کے ایک 15رکنی وفد سے ظہرانے کے دوران کیا۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ملک عمر فاروق نے کہا کہ فیصل آباد ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور معاشی ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے فیصل آباد کو کسی طور پر بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں صنعتی بہتری اورخوشحالی کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے عملی طور اپنی پوری توجہ مرکوز کر دی ہے جس کے شاندار نتائج بہت جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ ملک عمر فاروق نے بتایا کہ فیصل آباد انڈسٹریل سٹی سی پیک کا حصہ ہے جس میں ابتدائی طور پر چینی اور دیگر غیر ملکی کمپنیوں کو صنعتیں لگانے کے لیے 700 ایکڑ اراضی فراہم جارہی ہے۔ 3217 ایکڑ پر قائم ہونے والیاس پروجیکٹ کے لیے تقریبا ایک ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی کمٹمنٹ آ چکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروجیکٹ کا پہلا فیز انشاء اللہ جون2021 تک مکمل کرلیا جائے گا۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں ایئرپورٹ، ہسپتال، لیبر کالونی، پبلک پارکس، سپورٹس گراؤنڈز، ایکسپو سینٹر، فور سٹار ہوٹل سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ملک عمر فاروق نے بتایا کہ اکنامک زون میں ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ، تعمیراتی مٹیریل، آٹو موبائل، فارما سیوٹیکل، اسٹیل، کیمیکلز اور لائٹ انجینئرنگ کی صنعتیں لگانے کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی 22 کلومیٹر طویل بانڈری وال، مین بلیوارڈ، مین گیٹ اور ساڑھے چھ کلومیٹر رابطہ سڑک پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ وفد کے ارکان نے ملک عمر فاروق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فیصل آباد کی آواز نہایت دبنگ انداز میں حکام بالا تک پہنچائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ موجودہ حکومت نے انتہائی سمجھداری اور بروقت اقدامات سے ملک کو معاشی ابتری سے نکال کر درست راستے پر گامزن کر دیا ہے جس سے نہ صرف صنعتی ترقی کا پہیہ تیزی سے چلے گا بلکہ بہت جلد ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں بھی تیزی آئے گی۔

الائیڈ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ کو پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے 10لاکھ روپے مالیت کی طبی مشینری کی فراہمی
فیصل آباد(محمد اویس) الائیڈ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ کو پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے 10لاکھ روپے مالیت کی طبی مشینری فراہم کی گئی ہے جس میں کارڈیک مانیٹر،بے بی وارنر لیمپ اورپلس آگسی میٹرشامل ہیں۔یہ عطیہ صدر پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی ڈاکٹر جعفر حسن مبارک نے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فہیم یوسف کے حوالے کیا۔پروفیسر ڈاکٹر حنا عائشہ اور دیگر ڈاکٹرزوسوسائٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے طبی مشینری کی فراہمی پر پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے فلاحی اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ سوسائٹی نے ہمیشہ مریضوں کی فلاح وبہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجہ کی جدید ومعیاری طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاہم اس سلسلے میں نیکی کے کاموں میں ہاتھ بٹانے والوں کا جذبہ لائق تحسین ہے۔صدر پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی نے کہا کہ غریب ونادارمریضوں کی فلاح کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔اس موقع پر مریضوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ کی ہدایات پر غیر منظور شدہ/غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپورآپریشن
فیصل آباد(محمد اویس)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ کی ہدایات پر غیر منظور شدہ/غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپورآپریشن جاری ہے جس کے نتیجہ میں ایف ڈی اے کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں غیر منظور شدہ چار ہاؤسنگ سکیموں کو سیل اور غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کردیا جن میں رحمان گارڈن،مقبول ٹاؤن،جلال ٹاؤن اور بھولیوال ٹاؤن شامل ہیں جو چک نمبر100ج ب،چک نمبر61ج ب،چک نمبر217ج ب اور چک نمبر9ج ب کی اراضی پر تعمیر کی جارہی تھیں۔غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کی انتظامیہ سے کہاگیا ہے کہ وہ تمام تر قانونی اور محکمانہ تقاضے پورے کرکے ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری حاصل کریں بصورت دیگر وہ پلاٹس کی غیر قانونی فروخت نہیں کرسکیں گے۔خلاف ورزی کی ایسی صورت میں ان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں تاکہ عوام کو کسی قسم کے دھوکے یا جھانسے سے بچایا جاسکے۔

مارکیٹوں اوربازاروں میں آٹا،چینی،دالوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی
فیصل آباد(محمد اویس)ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا ہے کہ مارکیٹوں اوربازاروں میں آٹا،چینی،دالوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔اس سلسلے میں تاجر حضرات تعاون جاری رکھیں۔عدم موجودگی یا اوورچارجنگ پر متعلقہ دکاندار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول،ڈی ایف سی علی عمران ودیگر بھی موجود تھے جبکہ صدر شوگر لنکرز ایسوسی ایشن اسلم بھلی،صدر کریانہ وجنرل سٹورراؤ ہاشم علی،جنرل سیکرٹری شیخ محمد مسعود،جنرل سیکرٹری چکی اونرایسوسی ایشن محمدارشد ودیگر نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 20کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 808روپے مقرر ہے جس کی اوورچارجنگ نہیں ہونی چاہیے اور دکانوں پر صارفین کے لئے آٹا کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔اس سلسلے میں چیکنگ کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی شے کی بھی مصنوعی مہنگائی نہیں ہونی چاہیے اور ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایف سی سے کہا کہ فلورملز کی طرف سے گندم کی ترسیل کی مانیٹرنگ کی جائے اس سلسلے میں گڑبڑ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔اس موقع پرتاجروں نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

شعبہ زراعت توسیع کی سرگرمیوں کو جدید سائنسی اصولوں پر استوار کریں، ڈویژنل کمشنر عشرت علی
فیصل آباد(محمد اویس)ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے ہدایت کی ہے کہ شعبہ زراعت توسیع کی سرگرمیوں کو جدید سائنسی اصولوں پر استوار کریں اور اس کے ثمرات عام کسان تک پہنچانے کے لئے جامع ومربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔انہوں نے یہ ہدایت ڈویژنل زرعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے کسانوں کی فلاح وبہبود اور زرعی ترقی کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنرمحبوب احمد،ایکسٹرااسسٹنٹ ڈائریکٹرزراعت عبدالرحمن،ڈویژن بھر سے محکمہ زراعت کے افسران کے علاوہ کاشتکاروں کے نمائندں نے شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ کسانوں کو کم سے کم اخراجات میں فصلوں کی زیادہ پیداوار کے حصول کے سائنسی طریقوں سے آگاہ کرنے کے اقدامات میں وسعت لائی جائے اور ٹنل فارمنگ کے فروغ کے لئے محکمانہ رہنمائی میں کوئی کسر نہیں رہنی چاہیے تاکہ خصوصی طور پر سبزیوں کی بے موسمی پیداوار منافع بخش ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ مختلف فصلوں کے نمائشی پلاٹس قائم کرکے کاشتکاروں کو زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے تربیت دی جائے۔انہوں نے زرعی ترقیاتی بینک کے نمائندے سے کہا کہ وہ کسانوں کو قرضوں کے چنگل میں پھنسا کر ظلم نہ کریں بلکہ ان کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔انہوں نے نہری پانی چوری کے واقعات کا مستقل بنیادوں پر سدباب کرنے،انسداد ملاوٹ مہم پر بھرپور عملدرآمد کویقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں سے قریبی رابطہ استوار رکھا جائے تاکہ وہ حکومتی اقدامات سے آگاہ رہیں۔اجلاس کے دوران کسانوں نے کھادوں کی قیمتوں کو قابومیں رکھنے،زرعی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے سمیت بعض دیگر مسائل کی نشاندہی کی۔

فیصل آباد نجی ٹرانسپورٹ کمپنی مالکان کی جانب سے نان کسٹم گاڑیاں استعمال کرنے کا انکشاف
فیصل آباد (محمد اویس) نجی ٹرانسپورٹ کمپنی مالکان کی جانب سے نان کسٹم گاڑیاں استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے، مالکان بااثر اور سیاسی پشت پناہی رکھتے ہیں جس کی وجہ سے غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس تھانہ پیپلز کالونی کو ایک نجی بس اسٹینڈ پر ایک ہی نمبر کی دو گاڑیوں کی موجودگی کی اطلاع ملی ہے، اطلاع خفیہ اداروں کی جانب سے دی گئی ، جس میں بتایا گیا ہے کہ کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں رجسٹرڈ نہیں ہیں اور بوگس نمبر پیلٹ کے ذریعے کام چلایا جا رہا ہے۔اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی قبضے میں لے لی مزید گاڑیوں کی موجودگی کے امکانات کے باعث مکمل تفتیش کی جائے گی

فیصل آباد اور ملتان میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال تاحال جاری
فیصل آباد (محمد اویس) فیصل آباد اور ملتان میں گڈز ٹرانسپوٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی جس کی وجہ سے برآمدی اور درآمدی سامان کی ترسیل معطل ہے ۔گڈز ٹرانسپوٹرز نے ملتان میں بھی موٹروے پر جرمانوں میں اضافے اور ٹول ٹیکس میں اضافے کے خلاف ہڑتال کر رکھی ہے ہڑتال کے باعث کنٹینرز اور ٹرکوں کے ذریعے تمام قسم کے سامان کی ترسیل مکمل طور پر بند ہے جس سے کاروباری طبقے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کنٹینرز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر زاہد رفیق کا دعویٰ ہے کہ 3 روز کے دوران اب تک ڈیڑھ ہزار کنٹینرز کی فیصل آباد سے روانگی نہیں ہوسکی ۔انہوں نے کہا کہ ایکسل لوڈ کنٹرول پر عملدرآمد ، روٹ پرمٹ اور ٹوکن فیس میں اضافہ واپس لینے سمیت 10 نکاتی مطالبات تسلیم ہونے تک ان کی ہڑتال جاری رہے گی۔

چئیرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق فیصل آباد فاونڈری اینڈ انجیرنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری اشفاق اشرف اور ثناءاللہ سے ملاقات کرتے ہوئے
فیصل آباد(محمد اویس) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمیٹی (فیڈمک) کے تحت بننے والے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں فونڈری اینڈ انجینئرنگ انڈسٹری کے لئے الگ زون بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں فاؤنڈر ی اینڈ انجینئرنگ انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن کی طرف سے فیڈمک کو ابتدائی طور پر 400ایکڑ اراضی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر رہائشی آبادیوں میں موجود صنعتی یونٹس کی علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی منتقلی سے جہاں ماحولیاتی آلودگی و دیگر مسائل میں کمی آئے گی وہیں انڈسٹری کو فیڈمک کے اکنامک زونز میں سٹیٹ آف دی آرٹ انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کے سبب اپنی پیداوار کو بڑھانے اور معیار کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ فونڈری اینڈ انجینئرنگ انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن کی طرف سے فیڈمک کا آگا ہ کیا گیا ہے کہ ان کے اراکین کو اپنے پروڈکشن یونٹس شہر کے مختلف مقامات سے فیڈمک کے سپیشل اکنامک زون میں منتقل کرنے کے لئے پانچ ایکڑ کا ایک، چار ایکڑ کے 46، تین ایکڑ کے 15، دوایکڑ کے 45، ایک ایکڑ کے 58 اور آدھے ایکڑ کے 12پلاٹ درکار ہیں۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کے چوتھے اجلاس کی صدارت
فیصل آباد ( محمد اویس) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کے چوتھے اجلاس کی صدارت کی جس میں وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس الائیڈوڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ڈاکٹر خرم الطاف،ڈاکٹر حبیب بٹر کے علاوہ محکمہ فنانس،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے نمائندے اور مخیر حضرات بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران یونیورسٹی کے مختلف مالی،طبی وانتظامی امور کی منظوری دی گئی جس کے تحت میڈیکل مشینری کی خریداری،آپریشن تھیٹرز کی اپ گریڈیشن ودیگر منصوبے شامل ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے سینڈیکیٹ کے ارکان سے کہا کہ وہ یونیورسٹی کے زیراہتمام ہسپتالوں کا مختلف اوقات میں ماہانہ وزٹ کرکے انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کریں اور علاج معالجہ کی سہولتوں کی بھی مکمل مانیٹرنگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ وٹس ایپ گروپ کے ذریعے سنڈیکیٹ کے ارکان کو متعلقہ سرگرمیوں سے آگاہ رکھا جائے۔صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ حکومت پنجاب نے شعبہ صحت کی ترقی واستحکام کے لئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں جس کے تحت نئے ہسپتالوں کے قیام کے علاوہ موجودہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ الائیڈ وڈی ایچ کیو ہسپتال کو 27وینٹی لیٹرز فراہم کردئیے گئے ہیں جو فوری فنکشنل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کو ادویات کی بلاتعطل فراہمی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ودیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کا عمل بھی جاری ہے اورموجودہ حکومت نے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کیا ہے۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران بعض امور بھی زیر بحث آئے۔








