فیصل آباد(محمد اویس)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صارفین کو اشیائے ضروریہ سستے داموں فروخت کرنے کے لئے شہر میں چار ماڈل بازار اور23میگا سٹورز پر فیئرپرائس کاؤنٹرز کام کررہے ہیں جہاں پر روزمرہ استعمال کی اشیاء ڈی سی ریٹ سے بھی کم نرخوں پر دستیاب ہیں۔ماڈل بازار ریاض شاہد چوک اسلام نگر،کلیم شہید پارک غلام محمد آباد،ماڈل بازار جھنگ روڈ اور فیضان مدینہ چوک مدینہ ٹاؤن میں فنکشنل ہیں جبکہ شہر کے جن میگا سٹور/مالز پر فیئرپرائس کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں ان میں ایس بی سٹورزڈی گراؤنڈ،جھنگ روڈ،سمندری روڈ،سرگودھا روڈ،غلام محمد آباد،بیسٹ ڈیپارٹمنٹل سٹور غلام محمد آباد،دینوب مارٹ ملت روڈ گلستان کالونی،فیملی مارٹ ملت روڈ گلستان کالونی،پٹھان مارٹ گلستان کالونی،رچنا سپر سٹورملت روڈ گلستان کالونی،بیمینو مارٹ ڈی گراؤنڈ،سٹی کیش اینڈ کیری کینال روڈ،سٹی میگا مارٹ ڈی گراؤنڈ،ای مارٹ سوساں روڈ مدینہ ٹاؤن،سلیمی ہوم پلس کوہ نورروڈ،لاثانی مارٹ مسجد اسماعیل روڑ(ڈائیوروڈ)،مرحبا مارٹ کینال روڈ،قطر سپر سٹور کینال روڈ،511کیش اینڈکیری سرگودھا روڈ،ٹیمپو سٹور پیپلز کالونی،ایچ کیز سٹور،سعید مارٹ جناح کالونی اور مکہ کیش اینڈ کیری کلبرگ روڈ شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کا خود ساختہ مہنگائی اور اشیاء ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اس سلسلے میں خفیہ گوداموں پر دو مختلف چھاپوں کے دوران مختلف دالوں،چاولوں اور سرخ مرچوں کی 44ہزاربوریاں برآمد کرکے انہیں قبضہ میں لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ خود ساختہ مہنگائی کو روکنے کے لئے ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرگرم عمل ہیں اور رواں ماہ کے دوران قیمتوں کو چیک کرتے ہوئے زائد قیمتیں وصول کرنے پر 1156گرانفروشوں کو 11لاکھ 25ہزارروپے کے جرمانے کئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سبزی منڈیوں میں پھلوں اورسبزیوں کی نیلامیوں کے عمل کی بھی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے تاکہ قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کو روکا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آٹا،چینی،گھی اوردیگر اشیاء کی قیمتوں پر گہری نظر رکھی جارہی ہے لہذا مہنگائی مافیا کے ہاتھوں عوام کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔
۔۔۔///۔۔۔
Category: فیصل آباد
اشیائے ضروریہ سستے داموں فروخت کرنے کے لئے شہر میں چار ماڈل بازاروں کا قیام
سنوکر کے عالمی فاتح محمد آصف کا ڈپٹی کمشنر آفس میں استقبال
فیصل آباد (محمد اویس)ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ سنوکر کے عالمی فاتح محمد آصف کا اپنے دفتر میں استقبال کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)فضل ربی چیمہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) میاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنرز زوہا شاکر،نازیہ موہل،عمردرازگوندل،فیصل سلطان،خرم شہزاد بھٹی،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال،ایڈمن آفیسرریاض حسین انجم ودیگر افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے سنوکر میں دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والے فیصل آباد کے سپوت کھلاڑی محمد آصف کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی عظیم کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستانی قوم کو اس پر بے حد فخر ہے جس نے سنوکر کے عالمی مقابلوں میں بہترین کارکردگی اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی پرچم کو بلند کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نہ صرف باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ مختلف کھیلوں کے فروغ وترقی اورکھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے سنوکر کے کھیل کی ترقی کے لئے ضلعی انتظامیہ کے بھرپور تعاون کایقین دلایا۔سنوکر کے عالمی چیمپئن محمد آصف نے بھر پور حوصلہ افزائی اور پرتپاک استقبال کرنے پر ڈپٹی کمشنر محمد علی ودیگرافسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ تعالی کے خاص فضل وکرم سے ان کی کامیابی پاکستانیوں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے اور عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد فیصل آباد کے شہریوں کے گرانقدر پیارومحبت کا ممنون ہوں۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر سنوکر کے عالمی چیمپئن محمد آصف کو ایک لاکھ روپے کے نقدانعام سے نوازا اور کہا کہ ان کی مزید حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔
۔۔۔///۔۔۔ورلڈ کالمسٹ ایسوی ایشن اور فیصل آباد پریس کلب کے اشتراک سے یکجہتی کشمیر ریلی
فیصل آباد (محمد اویس)حکومتی ہدایات پر مختلف سرکاری اداوں اور سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی ظلم و ستم کیخلاف احتجاجی ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے اس ضمن میں ورلڈ کالمسٹ ایسوی ایشن اور فیصل آباد پریس کلب کے اشتراک سے احتجاجی ریلی منعقد ہوئی جس کی قیادت ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کی۔ایڈیشنل کمشنرز رائے واجد علی،ملک خادم جیلانی،ڈائریکٹر لائلپور میوزیم طارق جاوید،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سبحان علی،کالم نگار رانا زاہد اقبال،رانا ریاض،ڈاکٹر جعفر حسن مبارک،یٰسین ملک،مجیب ساحل،میاں ساجد،شیخ اسلم، فاروق انجم،طارق سرور، ستارہ رانا،روبینہ مرزا، سیمی خان،سیکرٹری فیصل آباد پریس کلب اشفاق ہاشمی،سابق صدر پریس کلب غلام عباس تنویر،شفقت حمید سندھو،ساجد خان اور دیگر صحافی حضرات کے علاوہ مختلف سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی ریلی میں شریک تھے۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی ضلع کونسل چوک سے شروع ہر کر خلیق قریشی چوک اور فیصل آباد پریس کلب کے سامنے سے گزرتی ہوئی کچہری بازار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔شرکا نے کشمریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بینرزاورپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔شرکاء ریلی نے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف احتجاجی طور پر بازوں پر سیاہ پٹیاں بھی باندھ رکھی تھیں۔ڈویژنل کمشنر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے 103 دن سے عائد کرفیو کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے ایسے انسانیت سوز ہھتکنڈے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتے، پاکستان کا ہر شہری مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ اور احتجاجی ریلیوں کے ذریعے عالمی مصنفوں کے ضمیر کو جگاتے رہیں گے۔انہوں نے کشمری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔اس سلسلے میں عالمی اداروں کو موثرکردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم چٹان کی طرح متحد ہے جو کہ کشمیر کی آزادی کے لئے واضح پیغام ہے۔انہوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ورلڈ کالسمٹ ایسوسی ایشن اور فیصل آباد پریس کلب کے عہدیداران کے جذبہ کو سراہا۔کالم نگار رانا زاہد اقبال،رانا ریاض،سیکرٹری پریس کلب اشفاق ہاشمی،غلام عباس تنویر ودیگر نے کشمیری عوام کی آزادی کے لئے لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر ی عوام کے حق خود ارادیت کو مظالم کے ذریعے نہیں دبا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مسلم بچوں‘ خواتین اور بوڑھوں پر بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم اورقتل عام افسوسناک ہے جسے فوری بند کیا جائے۔اس موقع پر کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے جبکہ کشمیری عوام کی فتح و نصرت‘ قومی یکجہتی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔
۔۔۔///۔۔۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر عوامی مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لئے ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقاد
فیصل آباد(محمد اویس)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر عوامی مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لئے میٹروپولیٹن میونسپل کارپوریشن ہال میں ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرمحمد علی نے عوامی مسائل سنے اور موقع پر ہی افسران کو داد رسی کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کھلی کچہری کا انعقاد کرکے عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے درخواست گزاروں کے مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل سنتے ہوئے موقع پر موجودافسران کو نہ صرف داد رسی بلکہ تعمیلی رپورٹ سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے اقدامات جاری ہیں اس سلسلے میں محکموں کی کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر لوگوں کے مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لئے اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمدبھی جاری ہے۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے تجاوزات کے خاتمہ سمیت محکمہ مال،صحت،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،واسااوردیگر محکموں واداروں سے متعلقہ شکایات پیش کیں جن کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے۔
۔۔۔///۔۔۔کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف محکمہ محنت کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی
فیصل آباد(محمد اویس)حکومت پنجاب کی ہدایات پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف محکمہ محنت کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈائریکٹر لیبر ملک منور اعوان نے کی۔ریلی میں محکمہ لیبر کے افسران،مزدور رہنما اورسول سوسائٹی کے افراد نے انڈین فوج کے مظالم کی بھرپور انداز میں مذمت کی۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ریلی لیبر آفس سے شروع ہو کر اکبر آباد چوک سے ہوتی ہوئی جیل روڈ اور واپس لیبر آفس جا کر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف تحریروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ڈائریکٹر لیبر نے کشمیریوں کی آزادی کے لئے لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ ڈھرکتے ہیں اور جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ بھارتی ظلم وجبر کے باوجود کشمیری آزادی کے مطالبے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی حمایت جاری رکھی جائے
ڈی سی محمد علی کا پھلوں وسبزیوں کی نیلامیوں کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے علی الصبح سبزی منڈی سدھار کا دورہ
فیصل آباد(محمد اویس)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر محمد علی نے پھلوں وسبزیوں کی نیلامیوں کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے علی الصبح سبزی منڈی سدھار کا دورہ کیا۔سی پی او اظہر اکرم بھی ان کے ہمراہ تھے۔اسسٹنٹ کمشنرز سٹی وصدر زوہا شاکر،نازیہ موہل،ایکسٹراسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت عبدالرحمن اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے سبزی منڈی کے مختلف شیڈز میں جاکر بعض سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی اور ان کے تھوک کے حساب سے فروخت کے لئے دی جانے والی بولیوں کو جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی کے آڑھتیوں سے بھی ملاقات کی اورکہا کہ سبزیوں وپھلوں کی قیمتوں کو بلاجواز نہ بڑھنے دیں۔انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران سے کہا کہ وہ سبزیوں وپھلوں کی سپلائی پر گہری نظر رکھیں اور کسی شے کی قلت کی صورت میں سپلائی کے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ قیمتیں بڑھنے کا اندیشہ نہ ہو۔انہوں نے شفاف اورمعقول بولیوں کے بعد جائز منافع کے ساتھ پرچون نرخ مقرر کرنے اور فوری طور پر پرائس لسٹ جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر سبزی منڈی میں صارفین کو پھل وسبزیاں رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے قائم کسان پلیٹ فارم پر بھی گئے اور کاشتکاروں کے لئے دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کسان پلیٹ فارم پر صارفین کو پھل اورسبزیوں کی براہ راست فروخت کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 12کسان پلیٹ فارم قائم ہیں جہاں کاشتکار کو اپنی اجناس کو آڑھتیوں کے ذریعے فروخت کے سلسلے میں کمشن یا مارکیٹ فیس ادانہیں کرنی پڑ رہی جس کی بدولت مڈل مین کا خاتمہ اور اخراجات کم ہونے سے صارفین تک سبزیاں اور پھل رعایتی نرخوں پر دستیاب ہو رہے ہیں۔سی پی او نے سبزی منڈی میں حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ڈیوٹی افسران سے کہا کہ بولیوں کے اوقات میں سیکورٹی امور چوکس رہنے چاہیں۔
۔۔۔///۔۔۔کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ڈی سی جاوید محمود
فیصل آباد(محمد اویس)ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر پوری قوم کو فخر ہے جن کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھیلوں کی جانب راغب ہوں۔انہوں نے یہ بات سنوکر کے کھیل میں دوسری بار عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرکے فیصل آباد پہنچنے والے کھلاڑی محمد آصف کا اپنے دفتر میں استقبال کرتے ہوئے کہی۔اسسٹنٹ کمشنر مصور خاں نیازی ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے عالمی چیمپئن سنوکر کے باصلاحیت کھلاڑی محمد آصف کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔اس موقع پر محمد آصف کو ایک لاکھ روپے کا نقد انعام اور دیگر تحائف دئیے گئے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ بیماری کی حالت میں کھیلتے ہوئے عالمی اعزاز جیت کر محمد آصف نے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ فیصل آباد اور طن عزیز کا مقام بلند کردیا ہے جس کی بدولت عالمی سطح پرپاکستان کا ابھرتا تشخص اجاگر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف کھیلوں میں فیصل آباد کے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے جن کی ہمیشہ بھرپور سرپرستی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ کھیلوں کی ترویج وترقی اور نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں میں لانے کے لئے متعددسہولیات کے منصوبے پر بھی غوروخوض کیا جائے گا۔انہوں نے محمد آصف کی مزید ترقی اور صحت کی دعا کی۔سنوکر کے عالمی چیمپئن محمد آصف نے ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ناسازی صحت کے باوجود جوش وجذبے اور قومی عزم سے کھلتے ہوئے عالمی اعزاز حاصل کرنا پاکستانی قوم کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی چیمپئن بننے پر شہریوں نے جس عزت وتوقیر سے نوازا ہے اس سے دیگر کھلاڑیوں کو بھی تحریک حاصل ہوگی۔انہوں نے سنوکر کے کھیل کی سرپرستی کرنے اور مختلف کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی پرزور دیا۔محمد آصف نے ترکی میں کھیلے جانے والے سنوکر کے عالمی مقابلوں کے فائنل میں فلپائن کے کھلاڑی کو شکست دی اوراس چیمپئن شپ میں دنیا کے 44ممالک نے حصہ لیا۔
۔۔۔///۔۔۔فیصل آباد ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی کی طرف سے معیار اور قوانین پر پورا اترنے والے پلازوں کی تعمیر کی منظوری
فیصل آباد(محمد اویس)ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی نے مطلوبہ معیار اور قوانین پر پورا اترنے والے عمارتوں و کمرشل پلازوں کی تعمیر کے نقشوں کی 19درخواستوں کی منظوری دی ہے جن میں ایک میرج ہال اور باقی مختلف نوعیت کی کاروباری عمارتوں کی تعمیر شامل ہے۔یہ منظوری کمیٹی کے اجلاس کے دوران دی گئی جو ڈپٹی کمشنر محمد علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد سمیت میونسپل کارپوریشن،ایف ڈی اے،واسا،ہائی ویز،سول ڈیفنس،ریسکیو1122،ٹریفک پولیس اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور ماہر تعمیرات شاہ نواز نے شرکت کی۔اس موقع پر تجاورتی وکاروباری عمارتوں کی تعمیر کی منظوری کے لئے 28درخواستوں کا جائزہ لیا گیا اور ان کے طرز تعمیر،نقشہ جات ودیگر ضروری امور کی جانچ کرتے ہوئے 19درخواستوں کی منظوری جبکہ بلڈنگ بائی لازاور دیگرضروری شرائط پوری نہ کرنے پر بقیہ درخواستوں کو قانونی وتعمیراتی تقاضے پورے کرنے کے لئے موخر کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ بلند وبالا کمرشل عمارتوں وپلازوں کے منصوبے شہری خوبصورتی میں اضافہ کا باعث ہونے چاہیں جن کے نقشوں وڈیزائن میں مقامی ثقافت،طرز زندگی اوردلکش اچھوتی طرز تعمیر کا عنصر رکھا جائے تاکہ یہ عمارتیں آئندہ صدیوں تک شہر کی تہذیب وثقافت کو اجاگر کرسکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کاروباری عمارتوں میں مطلوبہ تقاضوں وشرائط کے مطابق گاڑیوں کی پارکنگ کے بندوبست کے بغیر کوئی نقشہ منظور نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے پلازوں وکمرشل عمارتوں میں خصوصی افراد کے لئے ریمپ ودیگر سہولیات کا خیال رکھنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منظور شدہ نقشوں کی زیر تعمیر عمارتوں کی باقاعدگی سے انسپکشن کی جائے تاکہ تعمیراتی تصریحات کی خلاف ورزی نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منظور شدہ نقشوں کی خلاف ورزی یا تعمیراتی نقائص کی عمارتوں کو فوری سیل کردیا جائے تاکہ کسی ممکنہ حادثہ کا احتمال نہ ہو۔اجلاس کے دوران میونسپل آفیسر محمد فاروق نے نقشہ جات کی منظوری کے لئے زیرکارروائی درخواستوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب فیڈمک صنعتی زون کے افتتاح کیلیئے فیصل آباد کا دورہ کریں گے
فیصل آباد (محمد اویس)وزیر اعلیٰ عثمان بزدار فیڈمک کے صنعتی زونز میں قائم کئے گئے ماڈل پولیس اسٹیشن، ڈیزاسٹر مینجمنٹ سنٹر، ون ونڈو سیل اور ویونگ سٹی کا افتتاح کر نے کے لئے جلد فیصل آباد کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے ملاقات میں کہی ہے۔ چیئرمین فیڈمک نے انہیں ادارے کی مجموعی کارکردگی اور سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے ترجیحی اکنامک زون ”علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی“ پر ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ا س پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو وقت پر مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے اس حوالے سے پنجاب حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ماڈل بازاروں میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقررہ اشیاء کی ریٹ لسٹ جاری
فیصل آباد(محمد اویس)وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ماڈل بازاروں میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقررہ اشیائے ضروریہ عام مارکیٹ اور ڈی سی ریٹ سے بھی کم قیمتوں پر دستیاب ہیں۔تفصیلات کے مطابق شہرکے چار ماڈل بازاروں میں 20کلو گرام آٹے کا تھیلہ 800روپے جبکہ ڈی سی ریٹ 808اور عام مارکیٹ میں آٹے کے 20کلو گرام تھیلے کی قیمت 815روپے ہے۔اسی طرح چینی عام مارکیٹ میں 75،ڈی سی ریٹ 70اورماڈل بازاروں میں 69روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔دال چنا اوپن مارکیٹ میں 120،ڈی سی ریٹ 105اورماڈل بازار میں 103روپے فی کلو گرام،دال مونگ ماڈل بازار میں 150روپے فی کلوگرام جبکہ اوپن مارکیٹ میں 200روپے اور ڈی سی ریٹ 152روپے ہے۔سفید چنے کی قیمت عام مارکیٹ میں 120روپے،ڈی سی ریٹ 100روپے اور فیئر پرائس شاپ پر 98روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے۔ٹماٹر ماڈل بازاروں میں 170،عام مارکیٹ میں 200اورڈی سی ریٹ 175روپے ہے۔پیاز عام مارکیٹ میں 80،ڈی سی ریٹ 73اورماڈل بازار میں 68روپے اور ماڈل بازاروں میں آلو کی فی کلوگرام قیمت 23روپے جبکہ ڈی سی ریٹ 25روپے اور عام مارکیٹ میں 30روپے فی کلوکے حساب سے فروخت ہورہا ہے۔ڈپٹی کمشنرمحمدعلی نے بتایا کہ ان اشیائے ضروریہ کی کنٹرول ریٹ پر فروخت کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور ماڈل بازاروں میں صارفین کی سہولت کے لئے ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔
۔۔۔///۔۔۔