Baaghi TV

Category: گوجرانوالہ

  • گوجرانوالہ: تھانہ گرجاکھ پولیس کا ایکشن، 2 منشیات ڈیلرز گرفتار، 24 کلو چرس برآمد

    گوجرانوالہ: تھانہ گرجاکھ پولیس کا ایکشن، 2 منشیات ڈیلرز گرفتار، 24 کلو چرس برآمد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): تھانہ گرجاکھ پولیس نے منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے 24 کلو 350 گرام چرس اور 3 ہزار 600 روپے کی رقم برآمد کی گئی۔

    ایس پی سٹی شاہد رشید کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ گرجاکھ سب انسپکٹر محمود الحسن کی قیادت میں پولیس ٹیم نے دوران گشت و ناکہ بندی کے دوران منشیات فروشی میں ملوث ملزمان سفید خان اور محمد آصف کو گرفتار کیا۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ ضلع بھر میں نوجوانوں کو منشیات فراہم کرتے تھے۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنا ضروری ہے۔ اس موقع پر سماجی اور سیاسی تنظیموں اور علاقے کے مکینوں نے پولیس کی کارروائی کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

    سی پی او محمد ایاز سلیم نے ایس ایچ او سب انسپکٹر محمود الحسن اور ان کی ٹیم کو اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر شاباش دی۔

  • گوجرانوالہ:پنجاب پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کی اختتامی تقریب، سرٹیفکیٹس و بیجز تقسیم

    گوجرانوالہ:پنجاب پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کی اختتامی تقریب، سرٹیفکیٹس و بیجز تقسیم

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): پنجاب پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے ایکسویں بیج کی اختتامی تقریب پولیس لائنز گوجرانوالہ میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے پروگرام میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور فرینڈز آف پولیس کے بیجز بھی لگائے۔

    پنجاب پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد پولیس کے مثبت پہلوؤں کو فروغ دینا اور پولیس و عوام کے درمیان موجود فاصلے کو کم کرنا ہے۔ اس پروگرام میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، جنہیں دو ہفتوں پر محیط انٹرن شپ کے دوران پولیس کی مختلف ورکنگ اور شعبوں کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

    ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد پولیسنگ کی بہتر سمجھ بوجھ فراہم کرنا اور نوجوانوں کو پولیس کے جدید اقدامات اور کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پروگرام میں طلباء و طالبات کے تعاون سے کمیونٹی پولیسنگ کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔

    انٹرن شپ کے دوران طلباء کو پولیس ورکنگ، میثاق سینٹر، ویمن انکلیو، انوسٹی گیشن، آپریشن، آئی ٹی، اور دیگر اہم دفاتر میں پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے لیکچرز دیے گئے اور وزٹ کرائے گئے۔ پولیس کے سینئر افسران نے انٹرن شپ میں شریک طلباء کو پولیس کے تجدیدی اقدامات اور شہریوں کی خدمت میں پولیس کے کردار سے آگاہ کیا۔

    اختتامی تقریب کے موقع پر طلباء و طالبات نے اس پروگرام کے انعقاد پر پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس پروگرام سے انہیں پولیس کی ورکنگ کے بارے میں مفصل معلومات حاصل ہوئیں اور یہ کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

    ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یوتھ انٹرن شپ پروگرام کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ نوجوانوں کو پولیسنگ کے شعبے میں مزید آگاہی حاصل ہو اور پولیس و عوام کے درمیان مثبت تعلقات قائم ہوں۔

  • گوجرانوالہ: ریسلنگ چیمپئن شپ میں پوائنٹس کے تنازعے پر کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑا

    گوجرانوالہ: ریسلنگ چیمپئن شپ میں پوائنٹس کے تنازعے پر کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑا

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ کے دوران جناح اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیااس دوران پولیس اہلکاروں کی غفلت نے اسپورٹس ایونٹ کو میدان جنگ میں تبدیل کر دیا۔

    تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی، جب لاہور واپڈا اور گوجرانوالہ کی ٹیموں کے درمیان پوائنٹس کے تنازعہ پر کھلاڑیوں، کوچز اور تماشائیوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا۔

    مقابلوں کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان پوائنٹس پر اختلافات کی وجہ سے بحث تیز ہوگئی جو پھر جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ کھلاڑیوں اور ان کے حمایتی تماشائیوں نے ایک دوسرے پر تھپڑوں اور مکوں کی بارش کر دی، جس سے اسٹیڈیم کا ماحول انتہائی کشیدہ ہو گیا۔

    اس دوران اسٹیڈیم میں موجود پولیس اہلکاروں کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور وہ صرف تماشا دیکھتے رہے۔ جب صورتحال مزید بگڑ گئی تو فیڈریشن کے عہدیداروں نے مداخلت کی اور دونوں ٹیموں کے درمیان معاملہ حل کرایا۔

    اس واقعے نے اسپورٹس کی سرگرمیوں میں نظم و ضبط کی کمی کو اجاگر کیا، جہاں پولیس اور انتظامیہ کی غفلت نے پورے ایونٹ کی ساکھ کو متاثر کیا۔

  • رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری

    رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری

    گوجرانوالہ: وزیرِ اعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور، رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ یہ وارنٹ گوجرانوالہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ، سدرہ گل نواز کی عدالت سے جاری ہوئے، جنہوں نے رانا ثناء اللّٰہ کو 12 دسمبر تک گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

    رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف یہ مقدمہ گوجرانوالہ کے تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا۔ یہ کیس 16 اکتوبر 2020 کو پی ڈی ایم کے جلسے کے دوران پیش آنے والے واقعات سے متعلق ہے۔ ایف آئی آر میں رانا ثناء اللّٰہ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے کنٹینر ہٹانے اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی۔مقدمے میں دیگر ملزمان، خرم دستگیر، عمران خالد اور سلمان خالد بٹ پہلے ہی بری ہو چکے ہیں، تاہم رانا ثناء اللّٰہ کے معاملے میں پولیس نے تاخیر سے چالان پیش کیا۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں رانا ثناء اللّٰہ کو بے گناہ قرار دیا گیا تھا، لیکن عدالت نے اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے انہیں طلب کیا تھا۔

    رانا ثناء اللّٰہ کی مسلسل غیر حاضری اور عدالتی طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ اب عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ رانا ثناء اللّٰہ کو 12 دسمبر تک گرفتار کر کے پیش کرے۔

  • گوجرانوالہ: ترقیاتی منصوبے، گندم کاشت کا ہدف مکمل، کاروباری سہولتوں پر کمشنر کی بریفنگ

    گوجرانوالہ: ترقیاتی منصوبے، گندم کاشت کا ہدف مکمل، کاروباری سہولتوں پر کمشنر کی بریفنگ

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی (نامہ نگا ر محمد رمضان نوشاہی) کمشنر سید نوید حیدر شیرازی سے ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ایم پی اے عمر فاروق ڈار، سابق صدور چیمبر آف کامرس اخلاق احمد بٹ، ملک ظہیر الحق، فیصل ایوب، ڈویژنل امن کمیٹی کے رکن قاری زاہد سلیم اور مسلم لیگ ن کے رہنما ولید بٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کاروبار، ترقیاتی منصوبوں اور سماجی مسائل پر گفتگو ہوئی۔

    کمشنر گوجرانوالہ نے پبلک ڈیلنگ کے دوران شہریوں کی شکایات سنیں اور فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت کاروبار کے فروغ اور بزنس فیسلٹیشن سنٹر کے کامیاب ایک سال مکمل ہونے پر روشنی ڈالی، جس سے بزنس کمیونٹی بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہے۔

    کمشنر نے مزید بتایا کہ گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ دیہی و شہری علاقوں میں صفائی کے لیے ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے خوشخبری دی کہ گوجرانوالہ اور گجرات میں گندم کی کاشت کا ہدف 110 فیصد مکمل ہونے کی توقع ہے، جس میں 30 نومبر تک 24 لاکھ 23 ہزار ایکڑ رقبے پر کاشت مکمل ہو چکی ہے۔

    انہوں نے امن کمیٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے علما کرام سے اتحاد بین المسلمین کے فروغ میں اسی جذبے سے کام جاری رکھنے کی اپیل کی۔

  • گوجرانوالہ:کھیلتا پنجاب،ڈویژنل گیمز کے فاتحین میں تقریب تقسیم  انعامات

    گوجرانوالہ:کھیلتا پنجاب،ڈویژنل گیمز کے فاتحین میں تقریب تقسیم انعامات

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگا ر محمد رمضان نوشاہی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت منعقدہ "کھیلتا پنجاب” ان ڈور اور آؤٹ ڈور گیمز کے ڈویژنل سطح کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔ انعامات تقسیم کرنے کی تقریب قائداعظم ڈویژنل پبلک اسکول میں منعقد ہوئی، جس میں کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ایم پی ایز عمر فاروق ڈار، صائمہ صدف، اور صدر چیمبر آف کامرس رانا محمد صدیق کے ہمراہ کھلاڑیوں کو انعامات دیے۔

    تقریب میں کمشنر نے بتایا کہ مقابلوں میں ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، کبڈی، آرچری، والی بال، ایتھلیٹکس، تیکوانڈو، اور میٹ ریسلنگ جیسے کھیل شامل تھے۔ مختلف کھیلوں میں ضلع سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، اور گوجرانوالہ کی ٹیموں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ کرکٹ اور فٹ بال میں سیالکوٹ کی ٹیموں نے کامیابی حاصل کی، کبڈی میں منڈی بہاؤالدین، جبکہ ہاکی (بوائز) میں رچنا ہاکی کلب گوجرانوالہ اور ہاکی (گرلز) میں جی سی یونیورسٹی سیالکوٹ نے کامیابی حاصل کی۔

    فاتح ٹیموں کو ٹرافیاں اور 1 لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقد انعامات دیے گئے، جبکہ رنر اپ ٹیموں کو 50 ہزار سے 75 ہزار روپے انعامات سے نوازا گیا۔ انفرادی کیٹیگریز میں اتھلیٹکس، تیکوانڈو، اور میٹ ریسلنگ کے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور 25 ہزار روپے کے نقد انعامات دیے گئے، جبکہ رنر اپ کھلاڑیوں کو 15 ہزار روپے انعام دیا گیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ "کھیلتا پنجاب” وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وژنری پروگرام ہے، جس کا مقصد نوجوان نسل کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔ ان مقابلوں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے جو مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرے گا۔

    ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جیتنے والے کھلاڑی اور ٹیمیں مبارکباد کے مستحق ہیں، جبکہ رنر اپ ٹیموں کو مزید محنت کرنے کی تلقین کی۔ ایم پی ایز عمر فاروق ڈار اور صائمہ صدف نے کہا کہ "کھیلتا پنجاب” پروگرام حکومت پنجاب کی جانب سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

  • گوجرانوالہ: تیسری سالانہ محفل پاک، عید میلاد النبی ﷺ کی خوشی میں پروقار تقریب کا انعقاد

    گوجرانوالہ: تیسری سالانہ محفل پاک، عید میلاد النبی ﷺ کی خوشی میں پروقار تقریب کا انعقاد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) محلہ جلال پورہ میں تیسری سالانہ محفل پاک اور سالانہ ختم پاک سائیں اعوان مرحوم کی محفل جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر منعقد کی گئی۔ اس پروقار محفل کا انعقاد بانی محفل خالد حسین اعوان، اعوان برادری کے سربراہ الطاف اعوان اور زیر انتظام مہتاب اقبال اعوان کی جانب سے کیا گیا۔

    محفل کے مہمانان خصوصی میں بریگیڈیر (ر) بابر علاؤ الدین، ایم پی اے وقار احمد چیمہ، چوہدری مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ، اسسٹنٹ کمشنر رب نواز چدھڑ، خالد عتیق قریشی، محمد بلال قریشی، صہیب ساجد راٹھور، عمر مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ اور دیگر معززین شامل تھے۔ تقریب میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور محفل کی رونق میں اضافہ کیا۔

    محفل پاک میں پیر سید پرویز شاہ نے اسلام آباد سے تشریف لا کر محفل کی رونق دوبالا کی اور ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا ورد کر کے حاضرین کے دلوں کو معطر کیا۔ نعت خواں نے نبی اکرم ﷺ کی شان میں نعتیں پیش کر کے محفل کو جلا بخشی۔

    مقررین نے اپنے خطاب میں نبی ﷺ کی شان اقدس پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مسلمانوں کا آپسی اتفاق، بھائی چارہ اور محبت رسول ﷺ ہمارا شعار ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محافل کا انعقاد اور ذکر مصطفی ﷺ سے ہمیں سکون، سکونت اور صراط مستقیم پر چلنے کا درس ملتا ہے۔

    آخر میں محفل کے تمام شرکاء نے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم ہمیشہ نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا رہیں گے۔

  • گوجرانوالہ: پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کی اختتامی تقریب

    گوجرانوالہ: پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کی اختتامی تقریب

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی): پنجاب پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے بیسویں بیج کی اختتامی تقریب

    گوجرانوالہ میں پنجاب پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے بیسویں بیج کی اختتامی تقریب سی پی او آفس میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے شرکاء کو سرٹیفکیٹس اور فرینڈز آف پولیس کے بیجز تقسیم کیے۔ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد پولیس کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنا ہے۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم کی ہدایت پر دو ہفتوں کے اس پروگرام میں طلبا و طالبات کو پولیسنگ، آپریشنز، انوسٹی گیشن، فرنٹ ڈیسک، ویمن انکلیو اور دیگر شعبوں سے متعلق تربیت دی گئی۔ ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کو نوجوان نسل کے تعاون سے مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ انٹرن شپ کے شرکا نے اس اقدام کو سراہا اور پولیس کے امن و خدمت کی کوششوں کو سراہا۔

  • گوجرانوالہ: خواتین کی دستکاریوں کے فروغ کے لیے نمائش کا انعقاد

    گوجرانوالہ: خواتین کی دستکاریوں کے فروغ کے لیے نمائش کا انعقاد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار محمدرمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین ہنر اور مہارت میں دنیا کی کسی قوم سے کم نہیں۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے گھریلو صنعتوں اور دستکاریوں کے فروغ کی ضرورت ہے، اور اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ مکمل معاونت اور سرپرستی فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال گوجرانوالہ ڈویژن کے زیر اہتمام ایک روزہ "ہینڈی کرافٹ نمائش: میڈا ہنر میڈا گہنا” کی افتتاحی تقریب میں کیا۔

    کمشنر نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ گوجرانوالہ ڈویژن کے اضلاع میں صنعت زار، انڈسٹریل ہومز اور سماجی تنظیموں سے وابستہ خواتین کی تیار کردہ مصنوعات عالمی معیار کے مطابق ہیں۔ خواتین کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور جدید رجحانات کے مطابق تربیت و آگاہی فراہم کرنے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔

    تقریب میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، اے ڈی سی آر شبیر حسین بٹ، ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ارشاد وحید، مینیجر صنعت زار سمیرا اقبال اور دیگر سماجی تنظیموں کے نمائندوں سمیت مختلف اضلاع کی خواتین نے بھرپور شرکت کی۔

    کمشنر نے کہا کہ خواتین کو ہنرمند بنا کر باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے خواتین کی مصنوعات کی سوشل میڈیا پر مارکیٹنگ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے اپنی جیب سے خریداری بھی کی۔ نمائش کو شہریوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی اور خواتین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ارشاد وحید نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

  • گوجرانوالہ: پسند کی شادی سے انکار پر بھائی نے بہن کو قتل کر دیا

    گوجرانوالہ: پسند کی شادی سے انکار پر بھائی نے بہن کو قتل کر دیا

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) پسند کی شادی سے انکار پر بھائی نے بہن کو قتل کر دیا

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے اروپ میں انسانی رشتوں کو پامال کرنے والا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک بھائی نے اپنی ہی بہن کو شادی کے انکار پر گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مکی روڈ کے علاقے میں رونما ہوا۔

    مقتولہ شہناز کی شادی کچھ عرصہ قبل ہوئی تھی لیکن بعد ازاں اس کی طلاق ہوگئی اور وہ اپنے بھائی ضمیر الحسن کے ساتھ کرائے کے ایک مکان میں رہائش پذیر تھی۔ ضمیر الحسن اپنی بہن کی دوسری شادی اپنے ایک جاننے والے شخص سے کروانا چاہتا تھا۔ تاہم مقتولہ شہناز نے اس شخص سے شادی کرنے سے انکار کر دیا۔

    شہناز کے انکار کے باعث دونوں بہن بھائی کے درمیان تلخ کلامی اور تنازعہ بڑھتا گیا جو بالآخر ایک المناک انجام پر پہنچا۔ ملزم ضمیر نے مشتعل ہو کر اپنی بہن کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔ اس جرم کے بعد موقع پر پہنچنے والی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس واقعے پر علاقہ مکینوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ایسی افسوسناک صورتحال میں سماجی تربیت اور خاندانوں کے درمیان بہتر رابطے کی ضرورت ہے تاکہ اختلافات کو حل کیا جا سکے اور قیمتی انسانی جانیں ضائع نہ ہوں۔

    پولیس نے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور مقتولہ کے قتل کی وجوہات اور دیگر پہلوؤں کو جاننے کے لیے ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس المناک واقعے نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے اور عوامی حلقوں میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔