Baaghi TV

Category: گوجرانوالہ

  • گوجرانوالہ:شہر سموگ کی زد میں، عوام پریشان، انتظامیہ کی غفلت وکرپشن بے نقاب

    گوجرانوالہ:شہر سموگ کی زد میں، عوام پریشان، انتظامیہ کی غفلت وکرپشن بے نقاب

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات عوام کو سموگ اور فضائی آلودگی کے خطرناک اثرات سے بچانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ علاقے میں قائم کینن انٹرپرائزز اینڈ میٹل ورکس کی بھٹیاں مسلسل زہریلا دھواں چھوڑ رہی ہیں، جبکہ دوسری طرف تعلیمی ادارے بند ہیں۔

    اہلِ علاقہ اور قرب و جوار کے رہائشی سانس کی بیماریوں، دمہ، پھیپھڑوں کے امراض، آنکھوں میں چبھن، الرجی اور دل کے امراض جیسے شدید مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات شہر کو سموگ اور آلودگی سے پاک کرنے اور صنعتی یونٹس کو رہائشی علاقوں سے باہر منتقل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔ کینن انٹرپرائزز اینڈ میٹل ورکس اور شیخوپورہ روڈ پر قائم دیگر فیکٹریاں زہریلا دھواں چھوڑ کر عوام کی صحت کے لئے خطرہ بن چکی ہیں۔

    عوامی شکایات کے مطابق متعدد فیکٹریوں اور صنعتی یونٹس کو سیل کیے جانے کے بعد کچھ ہی دیر میں دوبارہ کھول دیا جاتا ہے۔ بااثر فیکٹری مالکان ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران کو مبینہ طور پر رشوت دے کر کارروائی سے بچ جاتے ہیں۔

    عوام نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری، ڈی جی ماحولیات اور سیکرٹری ہیلتھ سے فوری نوٹس لے کر غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سموگ اور فضائی آلودگی کے اس عذاب سے نجات حاصل کی جا سکے۔

  • گوجرانوالہ: راشد اقبال کا ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ، ہنر سیکھنے کی اہمیت پر زور

    گوجرانوالہ: راشد اقبال کا ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ، ہنر سیکھنے کی اہمیت پر زور

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے زکوٰۃ و عشر راشد اقبال نصر اللہ نے گوجرانوالہ میں ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (وی ٹی آئی) کامونکی اور گل روڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈوثرنل انچارج وی ٹی آئی محمد اقبال میاں اور پرنسپل محمد رفیق ملک نے معاون خصوصی کو ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

    اس بریفنگ میں بتایا گیا کہ وی ٹی آئی کامونکی اور گوجرانوالہ میں 8 مختلف شعبوں میں مستحق بچوں اور بچیوں کو سکلز کے کورسز کرائے جا رہے ہیں جن میں سلائی کڑھائی، کمپیوٹر، بیوٹیشن، پلمبنگ، آثو کیڈ اور الیکٹریشن جیسے شارٹ کورسز شامل ہیں تاکہ یہ نوجوان معاشرے کے کارآمد شہری بن کر باعزت روزگار کما سکیں۔

    معاون خصوصی راشد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس ان اداروں کی شکل میں اس مقصد کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کو مزید فعال بنانے کے لیے بھرپور توجہ دی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو معیاری تربیت فراہم کی جا سکے۔

    معاون خصوصی نے ڈسٹرکٹ زکوٰۃ و عشر کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور اس موقع پر ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر عبدالحفیظ قریشی سے محکمانہ امور پر تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ و عشر کے تمام اداروں میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں، زکوٰۃ کے مصارف کو ڈیجیٹلائز کرنے اور مستحقین کو امداد فراہم کرنے کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کا اعلان کیا۔

    بعد ازاں، معاون خصوصی نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے ملاقات کی اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے ورکرز سے بھی ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ ورکرز پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

  • گوجرانوالا: دلہن نے دولہے کو نشہ آور مشروب پلا کر گھر کا صفایا کر دیا

    گوجرانوالا: دلہن نے دولہے کو نشہ آور مشروب پلا کر گھر کا صفایا کر دیا

    گوجرانوالا میں ایک دلہن نے اپنے دولہے کو نشہ آور مشروب پلا کر شادی کے بعد گھر کا صفایا کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس واقعے کے بعد متاثرہ دولہے نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی ہے۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ حال ہی میں ایک شادی کی تقریب کے بعد پیش آیا۔ دولہے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دلہن نے دودھ میں نشہ آور چیز ملائی، جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگئے۔ جب صبح ہوش آیا تو دیکھا کہ دلہن اور اس کا سامان غائب تھے۔دولہے نے مزید بتایا کہ دلہن شادی کے دن 50 ہزار روپے، قیمتی زیورات، اور کپڑے لیکر فرار ہوگئی۔ جب انہوں نے دلہن کے گھر والوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، تو ان کے فون نمبر بند تھے، جس کی وجہ سے وہ مزید معلومات حاصل نہیں کر سکے۔
    یہ واقعہ گوجرانوالا کی ایک مقامی پولیس اسٹیشن میں درج کر لیا گیا ہے، اور پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔اس واقعے نے شادی کی تقاریب میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے سوالات اٹھا دیے ہیں، اور لوگوں کو نشہ آور مشروبات سے محتاط رہنے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔ متاثرہ دولہے کے مطابق، اس واقعے نے اس کی زندگی کو متاثر کیا ہے اور وہ انصاف کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو اس طرح کے واقعات کا سامنا ہو تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ ایسے جرائم کی روک تھام کی جا سکے۔

  • گوجرانوالہ: گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، جرمانے اور اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    گوجرانوالہ: گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، جرمانے اور اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، جرمانے اور اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی
    وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ نے ناجائز منافع خوروں اور گراں فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ گراں فروشی پر قابو پانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے اور سبزی و پھل منڈیوں کے ساتھ ساتھ دیگر مارکیٹوں میں بھی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے جس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق حالیہ کارروائیوں کے دوران چکن کی قیمت میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے جو 519 روپے فی کلو سے کم ہو کر 504 روپے فی کلو تک آگئی ہے۔ علاوہ ازیں سبزیوں کی قیمتوں میں بھی واضح کمی دیکھی گئی ہے ٹماٹر کی قیمت میں 10 روپے، لہسن میں 20 روپے، ادرک میں 37 روپے اور گاجر میں 10 روپے کی کمی کی گئی ہے۔ مزید برآں گوبھی کی قیمت 14 روپے، شملہ مرچ 39 روپے، مٹر 5 روپے اور ہری مرچ کی قیمت میں 15 روپے کمی دیکھی گئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے رواں ماہ میں اب تک گراں فروشوں کے خلاف 2 کروڑ روپے کے قریب جرمانے عائد کیے ہیں اور 330 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ مزید برآں قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والے 200 کے قریب دکانوں کو سیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق یہ کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دیا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ سبزی و پھل منڈیوں، کریانہ اسٹورز اور دیگر دکانوں کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ حکام نے شہریوں کو بھی ترغیب دی کہ وہ منافع خوروں کی نشاندہی کریں اور سرکاری قیمتوں کے مطابق خریداری کریں۔ انتظامیہ کی یہ کوشش ہے کہ عوام کو اشیاء خوردونوش مناسب داموں پر فراہم کی جائیں اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے گوجرانوالہ کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قیمتوں کے حوالے سے اپنی شکایات متعلقہ حکام کو درج کروائیں تاکہ انتظامیہ ان کے مسائل کا بروقت ازالہ کر سکے۔

  • گوجرانوالہ: پولیو مہم ، 30 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے، کمشنر

    گوجرانوالہ: پولیو مہم ، 30 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے، کمشنر

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن کے سات اضلاع میں 28 اکتوبر سے جاری انسداد پولیو مہم کے دوران پہلے تین دن میں 30 لاکھ 79 ہزار 472 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ پانچ سال تک کی عمر کے سو فیصد بچوں کی کوریج یقینی بنانے کے لیے مہم کی مکمل مانیٹرنگ جاری ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کے ہمراہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جس کی قیادت ڈاکٹر حامد جعفری کر رہے تھے جبکہ دیگر شرکاء میں ڈاکٹر زین العابدین اور ڈاکٹر عبدی بھی شامل تھے۔

    کمشنر نے مزید کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران 32 لاکھ 63 ہزار 472 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہےاور ابتدائی تین دنوں میں 94.35 فیصد کوریج مکمل ہو چکی ہے۔ اس دوران پہلے وزٹ میں دستیاب نہ ہونے والے 2 لاکھ 50 ہزار 354 بچوں کو بھی تلاش کر کے ویکسین پلائی گئی۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق مائیکرو پلان کو مزید موثر بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس کو جلد ڈیجیٹلائز کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے وفد نے گوجرانوالہ ڈویژن میں انسداد پولیو کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور محکمہ صحت کی کاوشوں کے باعث گوجرانوالہ ڈویژن کو کم رسک والے علاقوں میں شامل کیا جا چکا ہے۔

    دریں اثناء کمشنر گوجرانوالہ اور چیئرمین ایجوکیشن بورڈ سید نوید حیدر شیرازی نے تعلیمی بورڈ کے افسران و ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں اور طلبہ و طالبات کے مسائل کے حل کے لیے بہترین خدمات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گذاروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور یقینی بنایا جائے کہ ان کے مسائل کو کم سے کم وقت میں حل کیا جائے۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر نعیم بٹ اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر گوہر الطاف بھی موجود تھے۔

  • کرنٹ لگنے سے 6 شہریوں کی ہلاکتیں:نیپرا کا گیپکو کو کروڑوں روپے کا جرمانہ

    کرنٹ لگنے سے 6 شہریوں کی ہلاکتیں:نیپرا کا گیپکو کو کروڑوں روپے کا جرمانہ

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کرنٹ لگنے سے 6 شہریوں کی ہلاکتوں پر گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) پر 2 کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔

    باغی ٹی وی: نیپرا نے گیپگو پر جرمانے کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے 6 شہریوں کے لواحقین کو 40، 40 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا حکم دیا نیپرا نے متاثرہ خاندان کے وارثین کو ملازمت دینےکی بھی ہدایت کردی اور گیپکو کو 15روز کے اندر نیپرا کے نامزد کردہ بینک میں جرمانہ جمع کرانےکی ہدایت کی۔

    واضح رہے کہ گیپگو کے زیر انتظام علاقوں میں 2022-23 میں 9 ہلاکتیں ہوئیں تھیں، کرنٹ لگنے سے مرنے والوں میں 6 شہری اور 3 گیپگو کے ملازمین شامل تھےنیپرا نے 30 اگست 2023 کوجاری شوکاز نوٹس پرگیپکو کےخلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا، نیپرا نے شوکاز جاری کرکے کمپنی سے جواب طلب کیا تھا اور گیپکو کا جواب تسلی بخش نہ ہونے کی وجہ سے مسترد کیا گیا۔

  • گوجرانوالہ: گھر میں گھس کر فائرنگ، 2 خواتین جاں بحق، ایک شخص زخمی

    گوجرانوالہ: گھر میں گھس کر فائرنگ، 2 خواتین جاں بحق، ایک شخص زخمی

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے تھانہ صدر کے علاقے تلونڈی موسیٰ خان میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 50 سالہ طاہرہ اور 35 سالہ منزہ موقع پر جاں بحق ہو گئیں، جبکہ 60 سالہ رستم شدید زخمی ہو گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور اچانک گھر میں گھسے اور فائرنگ کرکے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا محاصرہ کر لیا۔ تحقیقاتی ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے جائے حادثہ سے گولیوں کے خول اور دیگر مواد جمع کر لیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں فائرنگ کے واقعے کو دیرینہ دشمنی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم دیگر محرکات پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ علاقے کے لوگوں سے پوچھ گچھ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

    زخمی رستم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اہلِ خانہ اور قریبی رشتہ داروں میں غم و غصے کی فضا قائم ہے، جنہوں نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام زاویوں سے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • گوجرانوالہ: معمولی جھگڑے کے بعد بہن بھائی کی خودکشی

    گوجرانوالہ: معمولی جھگڑے کے بعد بہن بھائی کی خودکشی

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) معمولی جھگڑے کے بعد بہن بھائی کی خودکشی

    تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے قلعہ دیدار سنگھ میں ایک افسوسناک واقعے میں بہن بھائی نے معمولی تلخ کلامی کے بعد زہر کھا کر اپنی جان لے لی۔

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ جب بھائی نے اپنی بڑی بہن کو گولیاں کھاتے دیکھا تو اس نے بھی ایک گولی چھین کر خود نگل لی۔ دونوں کی حالت تشویشناک ہو گئی اور انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہاں پہنچنے سے پہلے ہی وہ دم توڑ گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کر دیا ہے مگر واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

  • گوجرانوالہ:چائلڈ پروٹیکشن ٹیم نے گھر پر چھاپہ ،4سالہ بچّی بازیاب ،ملزم گرفتار

    گوجرانوالہ:چائلڈ پروٹیکشن ٹیم نے گھر پر چھاپہ ،4سالہ بچّی بازیاب ،ملزم گرفتار

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں چائلڈ پروٹیکشن ٹیم نے پولیس کے ہمراہ ایک گھر پر چھاپہ مار کر 4 سالہ گھریلو ملازمہ بچی کو بازیاب کروالیا ہے۔ متاثرہ بچی نے بتایا کہ گھر کی مالکن اسے بہت زیادہ تشدد کرتی تھی۔

    پولیس نے اس واقعے میں ملوث گھر کے مالک ہمایوں شہزاد اور بچی کے والد عرفان کو گرفتار کرلیا ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر کی مدعیت میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق 4 سالہ مسکان کو اس کے والد نے 12 ہزار روپے ایڈوانس اور ماہانہ تنخواہ پر ہمایوں شہزاد کے گھر ملازمہ کے طور پر دیا تھا۔ بازیابی کے بعد متاثرہ بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے سپرد کردیا گیا ہے۔

  • گوجرانوالہ:لدھیوالہ وڑائچ پولیس کی بڑی کارروائی، جواء کھیلتے 12 ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ:لدھیوالہ وڑائچ پولیس کی بڑی کارروائی، جواء کھیلتے 12 ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کی پولیس ٹیم نے ڈی ایس پی قلعہ دیدار سنگھ عبدالجبار کی زیر نگرانی ایک بڑی کامیاب کارروائی میں تاش پر جواء کھیلنے والے 12 ملزمان کو گرفتار کیا۔

    ایس ایچ او انصر سیویا کی قیادت میں ہونے والی اس کارروائی کے دوران ملزمان سے 21,350 روپے نقدی اور 156 تاش کے پتے برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان میں محمد شہباز، تعظیم احمد، محمد یٰسین، قمر، عرفان، بلال، مظفر، فیاض، بلال مقصود، رضوان، سہیل اور عمر فاروق شامل ہیں۔

    ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، اور قمار بازی میں ملوث افراد کے خلاف مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) محمد ایاز سلیم نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کی جا رہی ہیں اور کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے ایس ایچ او انصر سیویا اور ان کی ٹیم کو اس کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے آپریشنز کا مقصد علاقے کو جرائم سے پاک کرنا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے پولیس کی اس موثر کارروائی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے علاقے میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی۔