اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت صوبے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی دور دور آباد ہے، جبکہ دیگر صوبوں میں بلوچ زیادہ تعداد میں مقیم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیانیہ بنایا گیا کہ جتنے دہشتگرد مارے گئے وہ لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل تھے، جبکہ باقی لاپتہ افراد خلیجی ممالک میں بیٹھے ہیں جو یہ بیانیہ پھیلا رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے یاد دلایا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن بلوچستان سے پکڑا گیا تھا، نہ کہ لاہور یا کراچی سے۔ انہوں نے سیاسی اختلافات سے قطع نظر ایوان سے اپیل کی کہ دہشت گردی کے ایشو پر سب متحد ہوں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں تیل کی اسمگلنگ کے ذریعے دہشتگرد روزانہ 4 ارب روپے منافع کماتے ہیں اور جب حکومت نے اسمگلروں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی تو انہوں نے حکومت کے خلاف بغاوت کی فضا پیدا کر دی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ بلوچستان میں تیل اور دیگر اشیا کی اسمگلنگ ایک طویل عرصے سے جاری ہے، اور اربوں روپے کا کاروبار اس غیر قانونی نیٹ ورک کے ذریعے ہوتا رہا ہے۔ حکومت نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ایرانی اسمگل تیل کی قیمت ایران میں فی لیٹر 40 روپے ہے، جسے کراچی میں 200 روپے فی لیٹر بیچا جا رہا ہے۔ صرف اس اسمگل تیل سے دہشتگرد روزانہ 4 ارب روپے کماتے ہیں۔ ایران سے اسمگل تیل کی آمد روکنے کے بعد یہ عناصر امن و امان خراب کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پچھلی تین دہائیوں سے امن و امان کی صورتحال متاثر رہی ہے اور دہشتگردی کے پیچھے کئی عوامل ہیں۔ افغانستان سے دہشتگردوں کو مدد ملتی ہے، اور ان کے سربراہ بھی وہاں موجود ہیں۔ ان کے بقول، اس پورے نیٹ ورک کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔
خواجہ آصف نے زور دیا کہ بلوچستان میں جو صورتحال پیدا ہوئی وہ قوم کے لیے بہت بڑا المیہ ہے اور حکومت ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے تمام اقدامات کر رہی ہے۔
Category: اسلام آباد
-

بلوچستان میں عدم استحکام کے لیے بھارت سازش کر رہا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف
-

ملتان سلطانز کی نیلامی کے لئے پی سی بی کو 6 درخواستیں موصول
ملتان سلطانز کی نیلامی کے لئے پی سی بی کو 6 درخواستیں موصول ہوگئیں، پی سی بی نے 14 جنوری کو ملتان سلطانز کی نیلامی کا اشتہار دیا تھا۔
پی ایس ایل مینجمنٹ نے 6 بڈز کی وصولی کی تصدیق کر دی،موصول ہونے والی تمام درخواستوں کے تکنیکی جائزے کا عمل جاری ہے،پی سی بی جلد ملتان سلطانز کی نیلامی کے بارے میں حتمی تاریخ کا اعلان کرے گا۔
دوسری جانب ملتان سلطانز کی دوبارہ فروخت کے اعلان کے بعد سابق مالک علی ترین کا ردِعمل سوشل میڈیا پر وائرل ہے،علی ترین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے اپنی تصویر کے ساتھ کیپشن تحریر کیا،علی ترین نے لکھا کہ ’’جب آپ کو پتہ چلے کہ آپ کی ایکس دوبارہ شادی کر رہی ہے‘‘ ان کے اس کیپشن کو صارفین نے ملتان سلطانز کی دوبارہ فروخت سے جوڑتے ہوئے مزاحیہ اورعلامتی قرار دیا۔

یاد رہےکہ گزشتہ سال پی سی بی نے معاہدے کی خلاف ورزی اور پی ایس ایل کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی مہم چلانے پر ملتان سلطانز کےمالک علی ترین کو نوٹس جاری کیا تھا تاہم علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈکا لیگل نوٹس پھاڑ دیا تھا اور پھر ٹیم کی اونر شپ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
-

غیرت کے نام پر قتل خلافِ اسلام ہے،اسلامی نظریاتی کونسل
اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل خلافِ اسلام ہے اور کسی بھی شخص کو کسی بھی حالت میں قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
اسلامی نظریاتی کونسل کا 244 واں اجلاس چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین کی زیرِ صدارت منعقد ہوا،اجلاس میں بلوچستان اور خیبرپختو نخوا میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے ہونے والے دہشتگردانہ واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہےاجلاس کے آغاز پر شہدا اور حال ہی میں وفات پانے والے سابق اراکین کونسل مولانا فضل الرحیم اور محمد جلال الدین ایڈوکیٹ کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
اجلاس میں قانونِ انفساخِ نکاح مسلمانان 1939 کے تحت اسبابِ فسخِ نکاح کا جائزہ لیا گیا کونسل نے خصوصی پارلیمانی سب کمیٹی برائے جنسی شمولیت (اسپیشل کمیٹی برائے جینڈر مین اسٹریمینگ) کی تجاویز سے اصولی طور پر اتفاق کرتے ہوئے قرار دیا کہ اگر خاوند مفقود الخبر ہو اور بیوی کو عفت و عصمت کا مسئلہ درپیش ہو تو وہ 2 سال انتظار کے بعد عدالت سے فسخِ نکاح کے لیے رجوع کر سکتی ہے۔

اسی طرح نفقے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ایک سال، خاوند کے قید ہونے کی صورت میں 3 سال بعد فسخِ نکاح کے لیے عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے نامردی، فرائضِ زوجیت کی ادائیگی پر قدرت نہ ہونا، ذہنی امراض یا دیگر امراضِ خبیثہ کی صورت میں ایک سال انتظار کے بعد فسخِ نکاح کیا جا سکتا ہے باپ دادا کی جانب سے بچپن میں کیے گئے نکاح میں اگر سو اختیار ثابت ہو جائے تو بھی فسخِ نکاح ممکن ہوگا۔
کونسل نے رحم کی پیوندکاری سے متعلق استفسار پر قرار دیا کہ ایسی خاتون جو تولید کی طبعی عمر گزار چکی ہو، چند شرائط کے ساتھ اس کے رحم کو بطور پیوندکاری منتقل کیا جا سکتا ہے نیو ڈورا پروڈکٹ (Dural Repair Patch) کے استعمال کے بارے میں کونسل نے قرار دیا کہ اس کا استعمال درست نہیں۔
مقدس اوراق کی ری سائیکلنگ سے متعلق کونسل نے منظوری دیتے ہوئے قرار دیا کہ احتیاط کا تقاضا ہے کہ قرآنی اور مقدس اوراق کو دیگر عام اوراق سے الگ ری سائیکلنگ کے مراحل سے گزارا جائے۔
وزارتِ قانون و انصاف کے استفسار پر کونسل نے واضح کیاکہ غیرت کے نام پر قتل خلافِ اسلام ہے اور کسی بھی شخص کو کسی بھی حالت میں قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
اجلاس میں صاحبزادہ حسان حسیب الرحمان، طاہر محمود اشرفی، رانا شفیق پسروری، ڈاکٹر عزیر محمود الازہری، مفتی محمد زبیر، سید سعید الحسن، پیر شمس الرحمان مشہدی، بیرسٹر عتیق الرحمان بخاری، حافظ محمد امجد، علامہ یوسف اعوان سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔
-

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے ملاقات
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے ملاقات کی، جس میں صحت، تعلیم، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات اسلام آباد میں ہوئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عالمی بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور صحت و تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان شعبوں میں خاطر خواہ سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام کو مضبوط بنایا جا رہا ہے، جبکہ قدرتی آفات کے باعث خیبرپختونخوا کو شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ معدنیات کے شعبے میں مقامی آبادی کے مفادات کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ جنوبی اضلاع میں بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ -

فارن فنڈنگ کیس : ایف آئی اے کو چالان مکمل کرنے کیلئے 2 دن کی مہلت
اسلام آباد:بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں عدالت نے ایف آئی اے کو چالان مکمل کرنے کے لیے 2 دن کی مہلت دے دی ہے۔
کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ کے جج عبدالغفور کاکڑ نے کی جب کہ فارن فنڈنگ کیس میں اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک عدالت میں پیش ہوئے، دورانِ سماعت جج عبدالغفور کاکڑ نے استفسار کیا کہ آپ ابھی تک کیا کر رہے ہیں اور چالان مکمل کیوں نہیں ہوا۔
اس پر اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں متعلقہ ملک سے رائے لینے کے لیے خطوط لکھے گئے ہیں، جج عبدالغفور کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ 2022 سے چل رہا ہے اور آپ نے ابھی تک اس میں دلچسپی ہی نہیں لی، وہ تفتیشی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے اور ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر طلب کرنے کا حکم دے رہے ہیں۔
اس پر اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت ایک ہفتے یا 10 دن کا وقت دے تاکہ چالان مکمل کیا جا سکے، شوکاز نوٹس اور ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرنے کا حکم فی الحال نہ دیا جائے،جج عبدالغفور کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ وہ اس معاملے کو دیکھ لیتے ہیں ، عدالت نے پراسیکیو شن کو ہدایت کی کہ 2 دن میں اپنی کارکردگی دکھائیں۔
بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی کر دی۔
-

پاکستان میں ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری میں پیشرفت
ترجمان وزارت صحت نے کہا ہے کہ پاکستان صحت کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔
ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین تیاری پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی سعودی ہم منصب سے 3 ملاقاتیں ہوئیں، جن میں ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری، سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،ویکسین کی مقامی تیاری کے حوالے سے وزیر صحت مصطفی کمال کی سعودی عرب کے وزیرِ انڈسٹری کے ساتھ میٹنگ ہو چکی ہے جن میں ویکسین مینوفیکچرنگ، فارماسیوٹیکل انڈسٹری اور صنعتی اشتراک پر پیش رفت ہوئی۔
مصطفی کمال نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں طرف سے فوکل پرسنز مقرر ہوئے پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر عبید چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ فوکل پرسنز مقرر ہوئےسعودی عرب کی جانب سے منسٹر آف انڈسٹریز کے سینئر ایڈوائزر نزار الحریری مقرر ہوئے اسی تسلسل میں پاکستان ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی سعودی وزارتِ صنعت کے ایڈوائزر کے ساتھ چھ تفصیلی ملاقاتیں ہوئیں،مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری کیلئے پر عزم ہیں مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری ملکی ضروریات کو پورا کرے گی۔
دوسری جانب ویکسین سازی میں پاکستان کے خود کفالت کے قومی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سعودی عرب کا گیارہ رکنی اعلیٰ سطحی وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے۔
-

وزیراعظم سے عالمی بینک کے صدر کی ملاقات
وزیراعظم شہبازشریف سے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نےعالمی بینک کے صدرکی حیثیت سے اجے بنگا کے پہلے سرکاری دورے پر ان کاخیرمقدم کیا شہباز شریف نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور اصلاحات میں عالمی بینک کی معاونت کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں، حکومت کثیرالجہتی اور ملکی ضروریات کے مطابق تشکیل دیےگئے اصلاحاتی پروگرام پر عمل پیرا ہے، حکومت جامع انتظامی اصلاحات پر کاربند ہے جو روزگار پر مبنی اقتصادی ترقی کو فروغ دیں گے۔
وزیراعظم نے انفرا اسٹرکچر، زرعی کاروبار، ڈیجیٹل ترقی، توانائی اور نجی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے عالمی بینک کی معاونت کو سراہا اور عالمی بینک گروپ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت تعاون کوقابل تحسین قرار دیا۔
دوسری جانب عالمی بینک کے صدراجے بنگا نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور حکومت پاکستان کی جاری اصلاحاتی کوششوں کو بھی سراہا،صدر عالمی بینک نے "ون ورلڈ بینک گروپ” کے تحت تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
-

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی عالمی بینک کے صدر سے ملاقات
اسلام آباد:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی اسلام آباد میں عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے ملاقات ہوئی-
ملاقات میں صحت، تعلیم و ہنر، معدنیات، توانائی اور کلائمیٹ رزیلینس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیاوزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عالمی بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، ان شعبوں میں خطیر سر ما یہ کاری کی جا رہی ہے، صوبائی حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام کو مضبوط بنا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ’’احساس ماں‘‘ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت حمل سے بچے کی پیدائش تک ماں اور بچے کی مکمل دیکھ بھال حکومت کی ذمہ داری ہوگی جبکہ بچی کی پیدائش کی صورت میں تین ماہ اضافی معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی 100 فیصد آبادی کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کی جا رہی ہے۔ قدرتی آفات سے خیبر پختونخوا کو شدید نقصان پہنچا، کلائمیٹ رز یلینس میں سرمایہ کاری بڑھا رہے ہیں جبکہ عمران خان کے وژن کے مطابق معدنیات کے شعبے میں مقامی آبادی کے مفادات کو پہلی ترجیح دی جا رہی ہے،صوبے کو غذائی لحاظ سے خود کفیل بنانے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں، جنوبی اضلاع میں بنجر زمینوں کو کابل کا شت بنانے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ و دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔
-

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی
او آئی بی عدالت اسلام آباد،تحریک انصاف کے خلاف بنائے گئے بیرونی فنڈنگ کیس کو پر لگ گئے
بیرونی فنڈنگ کیس میں عدالت نے ایف آئی اے کو چالان مکمل کرنے کیلئے 2 دن کی مہلت دے دی،او آئی بی عدالت کے جج عبدالغفور کاکڑ نے کیس پر سماعت کی ،فارن فنڈنگ کیس میں اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک عدالت میں پیش ہوئے ،جج عبدالغفور کاکڑ نے استفسار کیا کہ آپ ابھی تک کیا کررہے ہیں چالان مکمل کیوں نہیں ہوا، پراسکیوٹر واثق ملک نے کہا کہ اس کیس میں متعلقہ ملک سے رائے لینے کیلئے خط لکھ ہوئے ہیں، جج عبدالغفور کاکڑ نے کہا کہ میں تفتیشی کو شوکاز نوٹس اور ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرتا ہوں اگلی تاریخ پر،یہ معاملہ2022 سے چل رہا ہے اور آپ نے ابھی تک دلچسپی ہی نہیں لی، پراسکیوٹر واثق ملک نے کہا کہ عدالت ایک ہفتے یا دس دن کا ٹائم دے ہم چالان مکمل کر لیتے ہیں، عدالت سے استدعا ہے ایک موقع دیا جائے، شوکاز نوٹس اور ڈی جی طلبی کا حکم ابھی نہ دیا جائے، جج عبدالغفور کاکڑ نے کہا کہ میں اس معاملے کو دیکھ لیتا ہوں آپ دو دن میں اپنی کارکردگی دکھائیں، عدالت نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی
-
مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ
اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 175 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے مٹی کے تیل کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے ہو گیا ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے سے ملک کے دیہی اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے صارفین پر مزید بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے، جہاں آج بھی مٹی کا تیل گھریلو استعمال، روشنی اور کھانا پکانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 268 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہےتوانائی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مہنگائی کی مجموعی شرح پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے، کیونکہ ڈیزل ٹرانسپورٹ، زراعت اور صنعت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔