Baaghi TV

Category: اسلام آباد

  • گھریلو صارفین کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم

    گھریلو صارفین کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے قابلِ تجدید توانائی منصوبوں کو ترجیح دی جائے۔

    وزیراعظم زیر صدارت توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بجلی کے نظام میں بہتری اور صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کے مختلف اقدامات پر غور کیا گیااجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی کے صنعتی اور گھریلو صارفین کے لیے مزید آسانیاں پیدا کی جائیں، جبکہ ترسیلی نظام کو بہتر بنا کر لائن لاسز میں نمایاں کمی لائی جائے۔

    وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے قابلِ تجدید توانائی منصوبوں کو ترجیح دی جائےانہوں نے بجلی کے نرخوں میں استحکام لانے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی۔

    اجلاس میں صارفین کو بلوں کی ادائیگی میں سہولت دینے کے لیے ڈیجیٹل نظام کو فروغ دینے اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے توانائی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ گھریلو صارفین کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    انہوں نے واضح کیاکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات عوام اور صنعت کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھ کر ہی کی جائیں گی اجلاس کے دوران وزیراعظم کو گھریلو اور صنعتی صارفین کی بجلی کھپت سے متعلق مختلف سفارشات بھی پیش کی گئیں۔

    اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر پاور اویس لغاری، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

  • پاک افغان سرحدی صورتحال پر برطانوی مؤقف زمینی حقائق کی مکمل عکاسی نہیں کرتا، دفتر خارجہ

    پاک افغان سرحدی صورتحال پر برطانوی مؤقف زمینی حقائق کی مکمل عکاسی نہیں کرتا، دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نےکہا ہےکہ پاکستان افغانستان سرحدی صورتحال پر برطانوی مؤقف زمینی حقائق کی مکمل عکاسی نہیں کرتا۔

    ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مارچ 2026 میں پاکستان کی جانب سے خیرسگالی کے طور پر عارضی وقفے کے اعلان کے باوجود افغانستان کی جانب سے سرحد پار دہشتگردی اور دراندازی کی کوششیں بلا تعطل جاری رہیں، مارچ میں پاکستان کے جنگ بندی اقدام کے باوجود افغانستان سے حملے جاری رہے، افغان طالبان کی بلااشتعال سرحد پار فائرنگ اور دہشتگرد کارروائیوں میں 52 شہری شہید اور 84 افراد زخمی ہوئے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مؤثر اور ہدفی کارروائیاں کیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور سہولت کار ڈھانچوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ متعدد دراندازی کی کوششیں ناکام بنائی گئیں ترجمان نے افغان حکام کے شہری ہلاکتوں کے دعوؤں کو بے بنیاد اور شواہد سے عاری قرار دیا۔

    پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے کی صورتحال کو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور اصولی مؤقف کی روشنی میں دیکھے اور حقائق پر مبنی غیر جانبدار رائے اختیار کرے۔

  • نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کویتی وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کویتی وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ

    اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ہفتہ کے روز کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے وسیع تر معاشی اثرات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل تعمیری سفارت کاری اور مذاکراتی عمل کی حمایت پر زور دیا۔کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان کی ان مخلصانہ کوششوں کو سراہا جن کا مقصد نہ صرف خطے بلکہ عالمی برادری اور امت مسلمہ میں پائیدار امن و سلامتی کو فروغ دینا ہے۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور آئندہ بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

  • کانسٹی ٹیوشن ون بلڈنگ پر انکوائری کمیٹی  طبقاتی تقسیم کا واضح ثبوت ہے،ترجمان جے یو آئی

    کانسٹی ٹیوشن ون بلڈنگ پر انکوائری کمیٹی طبقاتی تقسیم کا واضح ثبوت ہے،ترجمان جے یو آئی

    جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ترجمان اور رہنما اسلم غوری نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانسٹی ٹیوشن ون بلڈنگ پر وزیر اعظم کی جانب سے قائم انکوائری کمیٹی معاشرے میں طبقاتی تقسیم کا واضح ثبوت ہے۔

    اپنے ایک بیان میں اسلم غوری کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ قیام پاکستان کا مقصد صرف اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ بن کر رہ گیا ہے، جبکہ عام اور غریب طبقہ مسلسل نظرانداز ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مسجد و مدرسہ کو مسمار کرنا یا غریب بستیوں کو اجاڑنا حکمرانوں کا معمول بنتا جا رہا ہے، جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ترجمان جے یو آئی نے گزشتہ برس مدنی مسجد کی شہادت اور حالیہ دنوں میں بری امام اور سید پور گاؤں کے خلاف کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات غریب اور مذہبی طبقے کے خلاف امتیازی سلوک کی عکاسی کرتے ہیں۔اسلم غوری نے مزید کہا کہ ملک میں دوہرے معیار قائم ہو چکے ہیں، جہاں غریب اگر کوئی جرم کرے تو اسے سخت سزا دی جاتی ہے، جبکہ اشرافیہ کے لیے باعزت بریت کی راہیں ہموار کی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر قسم کی مراعات صرف اشرافیہ تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں، جس سے عام آدمی خود کو بے یار و مددگار محسوس کر رہا ہے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ حکمرانوں کے یہ متضاد رویے جمہوریت، پارلیمنٹ، سیاست اور انتخابات پر عوام کے اعتماد کو متزلزل کر رہے ہیں، جو کسی بھی جمہوری نظام کے لیے خطرناک ہے۔آخر میں ترجمان جے یو آئی نے مطالبہ کیا کہ حکمران فوری طور پر دوہرے معیار کا خاتمہ کریں اور فیصلوں میں اخلاقی اقدار اور مشرقی روایات کو مدنظر رکھیں، بصورت دیگر طبقاتی تفریق ملک میں مزید انتشار کا باعث بن سکتی ہے۔

  • بھارت دہشتگردی کو فروغ دیتا ہے،عطا تارڑ

    بھارت دہشتگردی کو فروغ دیتا ہے،عطا تارڑ

    وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہےکہ پاکستان اس وقت دنیا میں چمک رہا ہے جب کہ بھارت میں ناکامی اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں۔

    اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ دنیا میں سفارتی اور عسکری سطح پر پاکستان کا ایک مقام ہے، دنیا میں لوگ پاکستان سے اپنے تعلق پر فخر محسوس کرتے ہیں، مشرقی سرحد کے اس پار، تنہائی، ناکامی اور رسوائی ہے اس کے سوا کچھ نہیں، پاکستان اس وقت دنیا میں چمک رہا ہے اور مشرقی سرحد کے دوسری طرف تاریکی ہے، پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی مشرقی سائیڈ سے کبھی مذمت تک نہیں کی گئی، پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث کلبھوشن کو رنگے ہاتھوں پکڑا، معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان دنیا بھر میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا، معرکہ حق سفارتی سطح پر بھی لڑا گیا اور پاکستان کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

    عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے کے ثبوت مانگے تو بھارت کے پاس خاموشی کے سوا کچھ نہیں تھا، بھارت دہشتگردی کو فروغ دیتا ہے اور پاکستان دہشتگردی کا مقابلہ کر رہا ہے، پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پہلگام واقعے پر تشویش کا اظہار کیا، پاکستان کا ہر طبقہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے، اے پی ایس ہو یا جعفر ایکسپریس کا واقعہ، ہمارا ہر طبقہ دہشتگردی کی جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے، دوسری جانب ایک ایسا ملک ہے جس کا کبھی کلبھوشن پکڑا جاتا ہے اور کبھی ابھینندن.

  • 15سال سے کم عمر بچوں کو حج پر لے جانے پر پابندی

    15سال سے کم عمر بچوں کو حج پر لے جانے پر پابندی

    سعودی عرب نے حج کیلئے عمر کی نئی پابندی نافذ کرتے ہوئے 15 سال سے کم عمر بچوں کو ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے

    ترجمان پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے نئی سعودی پالیسی کے مطابق اب 3 مئی 2026 سے 15 سال سے کم عمر عازمین کو حج پروازوں میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی، اس پابندی کے نفاذ کے بعد 15 سال سے کم عمر تمام عازمین کے حج ویزے منسوخ قرار دے دیے گئے ہیں۔
    ترجمان پی اے اے کے مطابق 27 مئی 2026 تک 15 سال کی عمر مکمل نہ کرنے والے عازمین حج سعودی عرب سفر کے اہل نہیں ہوں گے۔

    سعودی حکومت نے نئی حج پالیسی سے متاثرہ تمام عازمین کو مکمل رقم کی واپسی کی یقین دہانی کرائی ہے۔سعودی امیگریشن حکام نے تمام ائیرپورٹس کو ہدایت کی ہے کہ 15 سال سے کم عمر عازمین کو ائیرپورٹ پر ہی حج پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا جائے۔پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے نئی سعودی ہدایات کے بعد 3 مئی 2026 سے 15سال سے کم عمر عازمین کو حج پروازوں میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی، سعودی حکام نے متاثرہ عازمین کو مکمل رقم کی واپسی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • وفاقی وزیر داخلہ کا تبلیغی مرکز اسلام آباد کا دورہ، اکابرین سے ملاقات

    وفاقی وزیر داخلہ کا تبلیغی مرکز اسلام آباد کا دورہ، اکابرین سے ملاقات

    وفاقی وزیر داخلہ کا جامعہ ابو القاسم تبلیغی مرکز اسلام آباد کا دورہ، اکابرین سے ملاقات کی

    جامعہ ابو القاسم اسلام آباد تبلیغی مرکز آمد پر وزیر داخلہ نے اسلام آباد مذاکرات کے دوران اجتماع ملتوی کرنے پر اکابرین اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے تین روزہ تبلیغی اجتماع اسلام آباد میں جاری ہے اور اڑھائی لاکھ نفوس کی شرکت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے تبلیغی جماعت کے منتظمین کو مثبت کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ۔ محسن نقوی نے انہیں سیکیورٹی اور دیگر انتظامات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ نے مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لئے تبلیغی اجتماع کے اکابرین کے کردار کو سراہا۔ اجتماع کا اختتام اتوار کی صبح خصوصی دعا کے بعد ہوگا۔

  • سابق چیئرمین نادراطارق ملک 25 ٹاپ ماہرین میں شامل

    سابق چیئرمین نادراطارق ملک 25 ٹاپ ماہرین میں شامل

    نادرا کے سابق چیئرمین اور ورلڈ بینک کے موجودہ مشیر پاکستانی نژاد طارق ملک کی ڈیجیٹل شناخت اور پبلک انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں مہارت، خدمات اور صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کرتے ہوئے انہیں اس شعبے کے دنیا بھر میں ماہر ترین 25 افراد میں تسلیم کرلیا گیا ہے۔

    ان 25 ماہرترین افراد کے نام اور تصاویر 4 مئی کی صبح عالمی شہرت یافتہ ٹائمز اسکوائر نیویارک کی اسکرین پر پیش کرکے اعلان کیا جائے گا۔ڈیجیٹل شناخت، آئی کلاؤڈ اور سائبر سکیورٹی کے عالمی شہرت یافتہ پلیٹ فارم (OKTA) نے دنیا بھر میں اس شعبے سے ایسے 25 افراد کا انتخاب کیا جن کی مہارت اور خدمات نے ڈیجیٹل شناخت، سکیورٹی اور ڈیجیٹل ٹرسٹ کے شعبے میں عالمی سطح پر اپنی مہارت کے اثرات مرتب کیے ہیں،نامور پاکستانی محقق اور دانشور پروفیسر فتح ملک کے صاحبزادے طارق ملک ورلڈ بینک کے موجودہ ٹیکنیکل ایڈوائزر کے عہدے سے قبل اقوام متحدہ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور بے نظیر انکم سپورٹ کے ڈیجیٹل نظام کے خالق بھی ہیں۔

    اپنے ایک نجی دورہ امریکا کے دوران بے نظیر بھٹو شہید کی ملاقات طارق ملک سے ہوئی تھی اور بے نظیر بھٹو نے طارق ملک کو پاکستان آنے اور ملک کی خدمت کرنے پر آمادہ کیا۔ پھر طارق ملک نے اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کے ساتھ پاکستان میں اپنی خدمات انجام دیں، بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی نادرا، ڈیجیٹل شناخت اور سکیورٹی کے نظام کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق استوار کرنے میں پیش پیش رہے حتیٰ کہ نادرا کے چیئرمین بھی رہے۔

  • فیصل موورز ،ٹکٹ مہنگا،سہولیات غائب،خاتون صحافی سعدیہ خالد پھٹ پڑیں

    فیصل موورز ،ٹکٹ مہنگا،سہولیات غائب،خاتون صحافی سعدیہ خالد پھٹ پڑیں

    نجی بس سروس فیصل موورز کی جانب سے مہنگے ٹکٹوں کے باوجود سہولیات کی عدم فراہمی پر مسافروں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے خاتون صحافی سعدیہ خالد کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے دورانِ سفر بس سروس کے ناقص انتظامات کو بے نقاب کیا ہے

    ویڈیو بیان میں خاتون صحافی سعدیہ خالد کا کہنا تھا کہ وہ لاہور سے اسلام آباد سفر کر رہی تھیں اور انہوں نے مہنگی ٹکٹ اس امید پر خریدی کہ انہیں معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاہم عملی طور پر صورتحال اس کے برعکس نکلی۔ ان کے مطابق بس میں نہ تو وعدے کے مطابق فری وائی فائی دستیاب تھا اور نہ ہی دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب عملے سے اس حوالے سے شکایت کی گئی تو ان کا رویہ انتہائی غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ تھا۔ بس اٹینڈنٹ نے شکایت سننے کے بجائے انہیں ٹکٹ پر درج ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کرنے کا کہا، مگر مذکورہ نمبر بھی بند پایا گیا۔سعدیہ خالد کا کہنا تھا کہ کمپنی مسافروں سے ڈبل قیمت وصول کرتی ہے اور سہولیات کے نام پر صرف دعوے کیے جاتے ہیں بس میں لگی اسکرین پر صرف ڈرامے اور فلمیں دیکھنے کی سہولت موجود تھی جبکہ باقی تمام وعدے محض اشتہاری دعوے ثابت ہوئے

    سعدیہ خالد نے حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں مبینہ مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مسافروں کو ان کے حقوق کے مطابق سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے بھی ویڈیو پر شدید ردعمل دیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر نجی ٹرانسپورٹ کمپنیاں بھاری کرایہ وصول کرتی ہیں تو انہیں معیاری سروس فراہم کرنا بھی یقینی بنانا چاہیے۔سعدیہ خالد کی ویڈیو پر کمنٹ میں عباس ملک کا کہنا تھا کہ ایک اور چیز جو آپ مس کر گئیں ان کی گاڑیوں کا تاخیر سے ٹرمینل سے نکلنا معمول کی بات ہے ۔جب ٹرمینل پر اس حوالے سے پوچھا جائے کہ گاڑی کیوں لیٹ ہے تو ان کاعملہ مسافروں کو ایک دوسرے کی طرف بھیجتا ہے کہ فلاں کے پاس جائیں۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز ،وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب کو نوٹس لینا چاہیے

  • سابق سینیٹر مشتاق احمد  کی اسرائیلی حراست سے رہائی ہو گئی،اسحاق ڈار

    سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اسرائیلی حراست سے رہائی ہو گئی،اسحاق ڈار

    اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی رہائی پر انہیں دلی خوشی ہوئی ہے، جنہیں اسرائیلی قابض افواج نے دیگر انسانی ہمدردی کے کارکنوں کے ہمراہ پر غیر قانونی طور پر حراست میں لیا تھا۔

    اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ الحمدللہ، مشتاق احمد خان کی رہائی ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے یونانی حکام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کریٹ، یونان میں ان کی سہولت کاری کی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ترکیہ کی قیادت اور حکومت کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے مشتاق احمد خان کی استنبول منتقلی اور وہاں سے پاکستان واپسی کے انتظامات میں بھرپور تعاون کیا۔وزیر خارجہ نے دفتر خارجہ اور ایتھنز میں پاکستانی سفارتخانے کی مؤثر کارروائی کو بھی سراہا، جن کی کوششوں سے یہ ممکن ہوا۔اسحاق ڈار نے انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی غیر قانونی حراست اور غزہ کے محصور عوام کے لیے بھیجی جانے والی امداد میں رکاوٹ ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس عمل کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

    انہوں نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔