Baaghi TV

Category: کراچی

  • کراچی سمیت سندھ بھر میں امتحانی مراکز اور بورڈ دفاتر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی

    کراچی سمیت سندھ بھر میں امتحانی مراکز اور بورڈ دفاتر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی

    کراچی سمیت سندھ بھر میں ہونے والے بورڈز کے امتحانات کے سلسلے میں امتحانی مراکز اور بورڈ دفاتر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے-

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق بورڈز کے امتحانات کے سلسلے میں امتحانی مراکز اور بورڈ دفاتر میں دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق امتحانی مراکز میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہے امتحانی مراکز میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے

    نوٹیفکیشن کے مطابق امتحانی مراکز کے نزدیک فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں کھولنے پر بھی پابندی عائد ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ہونے والے بورڈز کے امتحانات میں پرچے تاخیر سے ملنے، پیپر آؤٹ ہونے سمیت مختلف بے قاعدگیوں کی شکایات مل رہی تھیں جن کی وجہ سے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

  • نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ

    نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ

    محکمہ داخلہ سندھ نے نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی۔

    سندھ میں امتحانی مراکز پر نقل اور پرچہ آؤٹ ہونے کے واقعات پر محکمہ داخلہ سندھ نے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز پر عام شہریوں کے جانے پر پابندی ہوگی، ایڈمٹ کارڈ والے طلبا اور ڈیوٹی اسٹاف کو امتحانی مراکز پر جانے کی اجازت ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق امتحان کے اوقات میں موبائل فون بھی استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ تھانوں کی حدود میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    علاوہ ازیں امتحانی مراکز کے قریب فوٹو اسٹیٹ مشین والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ آج بھی دسویں جماعت کا ریاضی اور نویں جماعت کا کیمسٹری کا پرچہ مقررہ وقت سے قبل ہی آؤٹ ہوگیا تھا۔

    ناظم امتحانات کا کہنا تھا کہ پرچے بورڈ سے نکلنے کے بعدبورڈ کی ذمہ داری ختم ہوجاتی ہے، امتحانی مرکز کی ذمہ داری ہے پرچہ باہر نہ نکلے، تمام مراکز پر پرچہ بروقت پہنچایا گیا تھا۔

  • کراچی میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد

    کراچی میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد

    شہر قائد کے علاقے عزیز آباد میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی ہے۔

    کراچی کے علاقے عزیز آباد میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی، خاتون کی شناخت 45 سالہ نجمہ زوجہ حنیف کے نام سے ہوئی۔

    پولیس کے مطابق خاتون کی لاش گھر میں بستر سے ملی، لاش کے قریب سے کاغذ کٹر بھی ملا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے بھائی اور سسرال والوں کا کہنا ہے کہ کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا تھا، بھائی نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ کل بہن سے مل کر گیا تھا تو کوئی شکایت نہیں کی تھی۔

    شوہر نے پولیس کو بتایا کہ مجھے بھی کوئی شکایت نہیں تھی نہ ہی کوئی لڑائی ہوئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعے کی مختلف پہلوؤں تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے سلطان آباد میں رہائشی فلیٹ سے ایک شخص کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی تھی جس کی شناخت ملک مختار کے نام سے ہوئی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول فلیٹ کے ایک کمرے میں اکیلا رہتا تھا جبکہ دوسرے کمرے میں اس کا دوست رہائش پذیر تھا۔

  • نادرا رجسٹریشن دفاتر میں جمعہ کو خواتین کی رجسٹریشن کے لئے مخصوص

    نادرا رجسٹریشن دفاتر میں جمعہ کو خواتین کی رجسٹریشن کے لئے مخصوص

    چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا ہے کہ 10 فیصد غیر رجسٹرڈ خواتین کا فرق ختم کرنے کیلئےنادرا ہنگامی بنیادوں پر اقدامات لے رہا ہے.

    نادرا رجسٹریشن دفاتر میں جمعہ کو خواتین کی رجسٹریشن کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔پاکستان الیکشن کمیشن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طارق ملک نے کہا کہ نادرا غلطیوں سے پاک و شفاف انتخابی فہرستوں بنانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

    چیئرمین نادرا نے کہا کہ جمعہ کو مختص کردہ 258 نادرا دفاتر میں صرف خواتین کی رجسٹریشن کی جائے گی، خواتین کو رجسٹریشن میں پہلا شناختی کارڈ مفت فراہم کیا جائے گا.

    ملک بھر میں موجود 688 نادرا رجسٹریشن دفاتر میں خواتین کیلئے ون ونڈو کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے۔طارق ملک نے کہا کہ خواتین کی رجسٹریشن کیلیے نادرا موبائل رجسٹریشن وینز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

    چیئرمین نادرا نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں موبائل رجسٹریشن وینز کے ذریعے خواتین کو ان کی دہلیز پر رجسٹر کیا جائے گا۔

  • چودہ سالہ بچہ بدفعلی کے بعد قتل، ملزم کا ڈی این اے میچ کرگیا

    چودہ سالہ بچہ بدفعلی کے بعد قتل، ملزم کا ڈی این اے میچ کرگیا

    سندھ کے ضلع سکھر کی تحصیل پنو عاقل میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والے بچے کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    پنو عاقل میں چودہ سالہ بچے کو 4 ماہ بدفعلی کے بعد قتل کیا گیا، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا ور تیس سے زائد ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کی۔

    تفتیشی ٹیم نے گرفتار ملزم سمیت 30 ملزمان کے نمونے حاصل کر کے انہیں تصدیق کے لیے لیبارٹری بھیجا، جس میں سے ایک گرفتار شخص شفیق جتوئی کا ڈی این اے میچ ہوگیا۔

    شفیق جتوئی نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اُس نے بچے کو بہانے سے بلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر بتانے کے خوف پر اُسے قتل کردیا۔

    پولیس حکام نے اس کو بڑی پیشرفت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اب ملزم کے خلاف زیادتی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے اُسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ چار ماہ قبل سکھر کی تحصیل پنو عاقل کے رہائشی بچے کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس پر اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور زیادتی کے بعد قتل کا دعویٰ کیا تھا۔ پولیس نے مقتول کی لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا تو میڈیکل میں بھی زیادتی ثابت ہوئی

  • عیدالاضحی کے ایام میں مہنگائی مافیا بے لگام

    عیدالاضحی کے ایام میں مہنگائی مافیا بے لگام

    پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے سینیئر رہنما سردار ذوالفقار نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے ایام میں مہنگائی مافیا بے لگام ہوگئی ہے۔

    پولیس و ٹریفک پولیس کی جاننب سے ریڑھی بانوں، چھوٹے دوکانداروں، بائیک چلانے والوں، مویشیوں کی خریدوفروخت کرنے والوں سے مٹھائی اور عیدی کے نام پر بھتہ طلب کیا جا رہا ہے۔

    دودھ، دہی، انڈے،چینی، سبزی، پھل،گوشت اور، مرغی سمیت تمام اشیائے خوردونوش من مانے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔

    مہنگائی کنٹرول کرنے والے محکمے، انتظامیہ اور اعلیٰ ضلعی حکام نوٹس لینے میں ناکام ہو گئے ہیں۔

    پاسبان ہیلپ لائنز پر موصولہ درجنوں شکایات کے مطابق مہنگی اشیاء بیچنے والوں اورجانور لے جانے والی گاڑیوں سے منڈی سے لے کر گھر پر جانور اتارنے تک مٹھائی کے نام پر پیسے بٹورے جا رہے ہیں۔

    عوام کس سے فریاد کریں؟ اعلی حکومتی افسران کو شکایات کی گئیں لیکن شکایات کے ازالے کے بجائے عوام کودوسرے افسران اور محکموں کے نمبرز دیئے جاتے رہے۔

    پی ڈی پی کراچی کے سینیئر رہنما سردار ذوالفقار نے کہا کہ چھوٹی عید ہو یا بڑی، مہنگائی مافیا عوام کی کھال اتارنے سے باز نہیں آتی۔ عید قرباں پر توپولیس و ٹریفک پولیس کو بھی عوام سے بھتہ لینے کا لائسنس مل گیا ہے۔

    جانور لے کر آنے والے بیوپاریوں اور خریداروں کو پولیس و ٹریفک اہلکار راستوں میں ہراساں کرتے ہیں۔ مٹھائی اور عیدی کے نام پر جبرا پیسے وصول کئے جاتے ہیں، جس کا سلسلہ گھر یا منڈی پہنچنے تک جاری رہتا ہے۔

    ہر ادارہ اور با اثرعناصر لوٹنا شروع کردیتے ہیں۔سردار ذوالفقار نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور مہنگائی کنٹرول کرنے والے اداروں کے افسران اپنی ذمہ داریاں اور فرائض احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے عوام کو مہنگائی مافیا سے نجات دلائیں۔

    بیوپاریوں اور خریداروں کو ہراساں کرنے اور ان سے بھتہ وصولی کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے تاکہ قربانی کے جانور مہنگے فروخت نہ ہوں اور قربانی ایک عام آدمی کی دسترس میں ہو.

  • کراچی کی مویشی منڈی میں خوبصورت بیلوں کی جوڑی مرکز نگاہ بن گئی

    کراچی کی مویشی منڈی میں خوبصورت بیلوں کی جوڑی مرکز نگاہ بن گئی

    عید قرباں کی آمد آمد ہے اور ملک بھر میں قربانی کے جانوروں کی فروخت کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، ایسے میں بیلوں کی ایک جوڑی نے خریداروں کو حیران کر رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں یوں تو 1 لاکھ کے قریب جانور موجود ہیں لیکن ان میں دو بیلوں کی جوڑی سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

    پنجاب کے شہر رحیم یار خان سے لائے گئے بیل شیزی اور شہزادی کا وزن بالترتیب 10 اور ساڑھے 9 من ہے۔

    مالکان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ان بیلوں کا خاص خیال رکھا ہے اور سارا سال انہیں گھی، بادام اور مکھن کھلاتے رہے ہیں۔

    ان بیلوں کی قیمت 11 لاکھ رکھی گئی ہے جس نے شہریوں کو پریشان بھی کیا ہے تاہم شاندار بیل خریداروں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

  • کراچی میں مثبت کورونا کیسز کی یومیہ شرح 11.50فیصد تک پہنچ گئی

    کراچی میں مثبت کورونا کیسز کی یومیہ شرح 11.50فیصد تک پہنچ گئی

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کراچی میں مثبت کوروناکیسزکی یومیہ شرح 11.50فیصد تک پہنچ گئی جبکہ کورونا کیسزکی بلند ترین شرح گلگت بلتستان میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت صحت کی جانب سے ملک میں کے مختلف شہروں میں مثبت کورونا کیسز کی شرح کے حوالے سے تفصیلات جاری کردی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں مثبت کورونا کیسزکی بلند ترین شرح گلگت بلتستان میں ہے، جہاں شرح27.03 فیصد ہے جبکہ جہلم،صوابی میں کوروناکیسزکی شرح صفرریکارڈکی گئی ہے۔

    وزارت صحت کے مطابق چاروں صوبوں کے 22اضلاع کورونا کے حوالے سے اہم ہیں، کراچی میں مثبت کوروناکیسزکی یومیہ شرح 11.50فیصد ، اسلام آباد میں مثبت کیسزکی یومیہ شرح 5.40فیصد اور پشاورمیں مثبت کوروناکیسز کی یومیہ شرح 5.19فیصدہے۔

  • شہر قائد میں مون سون بارشوں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیےاربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ تیار

    شہر قائد میں مون سون بارشوں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیےاربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ تیار

    شہر قائد میں مون سون بارشوں کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی ڈویژن کااربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ تیار

    کراچی میں محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ مون سون کے موسم میں کراچی میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوسکتی ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈویژن مقصود احمد کی سربراہی میں سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسزڈویژن کی جانب سے شہر میں کسی بھی ہنگامی یا سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اربن فلڈنگ ریسکیویونٹ تشکیل دیدیا گیا ہے۔
    ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس کیجانب سےحال ہی میں اربن فلڈنگ ریسکیویونٹ کا افتتاح کیا گیاتھا۔جدید سازو سامان سے لیس ایس ایس یو کمانڈوز پر مشتمل اربن فلڈنگ ریسکیو ٹیم چھوٹی کشتیوں کے ہمراہ بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے چوبیس گھنٹے الرٹ رہے گی۔

    اس موقع پر ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کا کہناہے کہ اربن فلڈنگ ریسکیو ٹیم کے کمانڈوز نے لائف گارڈ کی تربیت ماہرین سے حاصل کی ہے۔

    یونٹ کی جانب سے پانی میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے ایک عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔

  • کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آج آخری پرچہ

    کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آج آخری پرچہ

    ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آج آخری پرچہ ہے، اس حوالے سے تمام امتحانی مراکز پر پرچوں کی ترسیل مکمل کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈسید شرف علی شاہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ میٹرک سائنس گروپ کے تحت آج ریاضی کے پرچے کا انعقادکیا جارہا ہے اور تمام امتحانی مراکز پر پرچوں کی ترسیل کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا تھا کہ شہر میں11حب امتحانی مراکز کی تعداد اب18کردی گئی ہے ، کراچی کے ہر ٹاون میں اب ایک حب امتحانی مرکز قائم کردیا گیا ہے، حب امتحانی مرکز سے ٹاون کے تمام اسکولوں کو پرچے کی ترسیل یقینی بنائی گئی ہے۔

    میٹرک کے امتحانات میں 3 لاکھ سے زائد امیدوار شرکت کر رہے ہیں،اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق اس سال صرف اختیاری مضامین کے پرچوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے میٹرک امتحانات میں واٹس ایپ سے امتحانی پرچہ آؤٹ ہونے اور نقل کے معاملے پر مشیر تعلیمی بورڈ سندھ نثار کھوڑو نے امتحانی عملے کے موبائل، انٹرنیٹ ڈیوائس کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔

    واضح رہے کراچی میں میٹرک کے امتحانات کے پہلے روز ہی فزکس کا پرچہ آغاز کے چند منٹ کے بعد ہی آؤٹ ہوا تھا اور حل شدہ پرچہ سوشل میڈیا پر آگیا تھا۔