Baaghi TV

Category: کراچی

  • ہمیں 46 فیصد پانی کم دیا جارہا ہے وفاق ظلم بند کرے، سندھ حکومت

    ہمیں 46 فیصد پانی کم دیا جارہا ہے وفاق ظلم بند کرے، سندھ حکومت

    سندھ حکومت نے کہا ہے کہ ارسا سندھ کے حصے کا پانی نہیں دے رہی، سندھ میں شدید خشک سالی ہوچکی، ہمیں 46 فیصد پانی کم دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے لگی ہوئی فصلیں بچانا بھی محال ہوگیا۔

    صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کی سندھ دشمنی کی وجہ سے سندھ کی زراعت تباہ ہو رہی ہے، کاشت کاروں کو نئی فصل لگانے کے لیے تو دور کی بات لگی ہوئی فصلوں کا بچانا بھی محال ہوگیا، پنجاب فقط 8 فیصد کمی لے رہا ہے جب کہ سندھ کو 46 فیصد پانی کم دیا جارہاہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاق کو سندھ کے ساتھ اس ظلم کا حساب دینا ہوگا، اس وقت سندھ کے تینوں بیراجوں کی حالت بہت ہی خراب ہے، گڈو بیراج کو اس وقت 12 ہزار 6 سو کیوسک پانی ملنا چاہیے جسے فقط 6 ہزار 632 کیوسک پانی مل رہا ہے، گڈو بیراج کو 47.4 فیصد پانی کم دیا جا رہا ہے، سکھر بیراج کو جہاں 43 ہزار کیوسک پانی ملنا چاہیے وہاں فقط 27 ہزار 339 کیوسک دستیاب ہے یعنی سکھر کو 36.6 شارٹیج کا سامنا ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ کوٹڑی بیراج کے کینالز کو اس وقت 21 ہزار 700 کیوسک پانی ملنا چاہیے، جہاں فقط 7 ہزار 555 کیوسک موجود ہے، کوٹڑی بیراج پر بدترین صورتحال ہے، پانی کی قلت 65 فیصد تک پہنچ چکی ہے، لوئر سندھ کے تمام اضلاع شدید قحط سالی کا شکارہیں۔

    اسماعیل راہو نے کہا کہ جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ، قمبر شھداد کوٹ، شکارپور، بدین سجاول، ٹھٹہ اور ٹنڈو محمد خان میں چاول کے کاشت کار شدید پریشانی کے عالم میں ہیں، ابھی تک سندھ میں کہیں بھی دھان کی فصل نہیں لگائی جا سکی۔

    اسماعیل راہو نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں باغات، سبزیوں، گنے اور کپاس کے فصل پانی کی قلت کی وجہ سے ختم ہونے لگے ہیں، ابھی بھی پانی نہ دیا گیا تو فصلوں کو مزید نقصان پہنچنے اور قحط سالی کا خدشہ ہے، ارسا کی جانب سے پانی نہ دینے کی وجہ سے سندھ میں کپاس کی فصل کم کاشت ہو سکی ہے.

    اسماعیل راہو نے کہا کہ پانی چوری کرنا بند نہ کیا گیا تو سخت احتجاج کیا جائے گا، وفاق سندھ کا پانی روک کر زراعت اور کاشت کاروں کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

  • ای میل کے ذریعے دس کروڑ روپےمانگنے والا مطلوب بھتہ خور گرفتار

    ای میل کے ذریعے دس کروڑ روپےمانگنے والا مطلوب بھتہ خور گرفتار

    سندھ پولیس نے شہر قائد میں کارروائی کر کے ای میل کے ذریعے دس کروڑ روپے بھتہ مانگنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے کراچی کے علاقے میمن گوٹھ میں کارروائی کر کے مطلوب بھتہ خور کو گرفتار کیا، جس نے مبینہ طور پر ملزم سے ای میل پر کروڑوں روپے بھتے کا مطالبہ کیا تھا۔

    متاثرہ تاجر نے ای میلز موصول ہونے کے بعد پولیس کو شکایت درج کرائی، جس کے بعد مقدمے کا اندراج کر کے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ تاجر نے بتایا تھا کہ اُس سے ملزم نے ای میل کے ذریعے دس کروڑ روپے بھتہ طلب کیا اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت گل زمان عرف عجوبہ خان کے نام سے ہوئی، جس نے تاجر کو تین ای میلز بھیجیں ۔

    تفتیشی افسر کے مطابق ملزم نے تاجر کو پہلی ای میل 8 مئی، دوسری 15 مئی اور تیسری 18 مئی کو بھیجی تھی۔ تاجر نے تینوں ای میلز کے پرنٹ آؤٹ بھی پولیس کو فراہم کیے تھے۔

  • کراچی سے پانچ رکنی خطرناک گروہ گرفتار، خاتون بھی شامل

    کراچی سے پانچ رکنی خطرناک گروہ گرفتار، خاتون بھی شامل

    شہر قائد میں واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے ذریعے خطرناک منشیات فروخت کرنے والے گروہ کو پولیس نے بے نقاب کردیا۔

    ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین نے بتایا کہ گینگ پولیس سے بچنے کے لیے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر منشیات فروخت کرتا تھا، پولیس نے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے بعد آج ہفتے کے روز کارروائی کی۔

    انہوں نے بتایا کہ کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں کارروائی کرکے پانچ رکنی منشیات فروش گروہ کو گرفتار کیا، گینگ میں خاتون بھی شامل ہیں۔

    ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان کے قبضے سے بیس کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی ہے، گروہ کیماڑی، ڈیفنس اور کلفٹن میں منشیات فروشی کا کام کرتا تھا۔

    پولیس کے مطابق گروہ میں نرگس نامی خاتون بھی شامل ہے، جو پوش علاقوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کو گھر کی دہلیز پر منشیات فراہم کرتی تھی۔ مذکورہ گروہ کے کارندے سوشل میڈیا پر آرڈر لےکر مال گھر پر پہنچانے کی سہولت دیتے تھے، ایک پیکٹ کے عوض دس ہزار روپے وصول کیے جاتے تھے۔

  • اسرائیل فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی جانوں سے کھیلنا بند کرے ، پیر قاری عبدالمنان انور نقشبندی

    اسرائیل فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی جانوں سے کھیلنا بند کرے ، پیر قاری عبدالمنان انور نقشبندی

    جمعیت علماء اسلام صوبہ سند ھ کے امیر پیر قاری عبدالمنان انور نقشبندی ،جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے نائب امیر مولانا اقبال اللہ ،جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ احمد علی نے اپنے ایک بیان میںکہا ہے کہ مسلم حکمران مظلوم فلسطینی بھائیوںکے لئے بیانات اور احتجاج کے علاوہ بھی اپنا کردار ادا کریںبیت المقدس مسجد اقصی اول دن سے ہی مسلمانوں کا قبلہ اول رہا ہے اور فلسطین کی سرزمین انبیاء کی سرزمین کہلاتی ہے یہود و نصاری کا قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ہر فرم ہر پلیٹ فارم سے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے لئے علم جہاد بلند کیا جائیگا ، عرب امارات کا اسرائیل سے معاہدات کرنا مظلوم مسلمانوں کے جذبات کو مجرو ح کرنا ہے اور فلسطین کے مسلمانوں کی برسوں کی جدوجہد کو سبکوتاژ کرنا ہے ،اسرائیل نے مسلماںنوں پر جو مظالم ڈھائے ہیں لاکھو ں مسلمانوں کا خون بہایا ہے مسلم اقوام اسرائیل کو کسی صور ت تسلم کرنے کے لئے تیار نہیں ہے عرب امارات نے ذاتی مفادات کو ملحوظ رکھتے ہوئے کروڑوں مسلمانوں کے ایمانی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے ،عرب امارات کو اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرنا چاہئے اور دیگر مسلم ممالک سے اس مسئلہ پر بات چیت اور مشاورت کرنا چاہئے اورتمام مسلم ممالک کو اعتماد میں لینا چاہئے ،مسلمانوں کے قاتلوں سے تعاون بڑھانا اور ان کے ساتھ معاہدے کرنا مسلم امہ اس کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی ۔
    اس موقع پرجمعیت علماء اسلام کراچی کے امیر پیر لیا قت علی شاہ ،جنرل سیکٹری علامہ مولاناحماد مدنی صاحب ،سیکٹری اطلاعا ت مفتی عابد ،جمعیت علماء اسلام کراچی صاحب زادہ غلام مصطفی فاروقی ،عبدالستار بلوچ ، مفتی محمد نقشبندی ،مفتی ظل الرحمن ،حضرت ولی حضراوی ،مولانا اقبال اللہ ، اور دیگر رہنمائوں نے بھی عرب امارات کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

  • ڈاکٹر عاصم حسین اور انیس قائم خانی کو بھی کورونا ہوگیا

    ڈاکٹر عاصم حسین اور انیس قائم خانی کو بھی کورونا ہوگیا

    ڈاکٹر عاصم حسین اور انیس قائم خانی کو بھی کورونا ہوگیا۔دہشتگردوں کو علاج معالجہ اور پناہ دینے کے مقدمے میں دونوں ملزمان انسدادہشتگردی عدالت پیش نہیں ہوسکے۔وسیم اختر ذاتی مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
    کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں دہشتگردوں کو علاج معالجہ اور پناہ دینے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، ڈاکٹر عاصم حسین، وسیم اختر اور انیس قائم خانی عدالت پیش نہیں ہوسکے، دوران سماعت وکیل ملزمان نے عدالت کو بتایا ڈاکٹر عاصم اور انیس قائم خانی کو کورونا ہوگیا ہے، کورونا کے وجہ سے کورنٹائین میں ہے پیش نہیں ہوسکتے، وکیل وسیم اختر کا کہنا تھا کہ وسیم اختر ذاتی مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہوسکتا، لہذا آج حاضری سے استثنی دی جائے، جس پر عدالت نے کیس کی سماعت بغیر کسی کاروائی کے 3 جولائی تک ملتوی کردی، جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

  • نوجوان کو بھیک مانگنے والی لڑکی سے محبت ہو گئی، دونوں نے شادی کر لی

    نوجوان کو بھیک مانگنے والی لڑکی سے محبت ہو گئی، دونوں نے شادی کر لی

    رکشہ ڈرائیور نے بھیک مانگنے والی لڑکی کے ساتھ شادی کرلی۔ ذرائع کے مطابق کے مطابق نوجوان خود رکشہ ڈرائیور ہے جس نے بھکاری خاتون کے ساتھ عشق میں مبتلا ہوکر کر اسی سے شادی کر لی۔دونوں نے کورٹ میرج کی۔تاہم اب دونوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔بتایا گیا ہے کہ کراچی میں اپنا رکشہ چلانے والا ڈرائیور غلام بشیر عمرانی ایک بھیکاری خاتون عذار سولنگی سے محبت کر بیٹھا۔
    وہ اپنا رکشہ اسی جگہ چلایا کرتا تھا جہاں عذرا بھیک مانگتی تھی۔دونوں کو پیار ہوگیا اور بالآخر شادی کا فیصلہ کرلیا۔جوڑے نے عدالت میں شادی کی۔تاہم عذرا کے والدین اس شادی سے خوش نہیں ہیں جس کے باعث دونوں نے اپنی زندگی کو خطرہ لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ لڑکی کے والدین نے جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔غریب جوڑے نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ انہیں تحفظ فراہم کرے تاکہ وہ پرسکون ہو کے خوشیوں بھری زندگی گزار سکیں۔

  • کراچی کو بجلی کی بحالی کے دوران بن قاسم سے دھوئیں کی اطلاع

    کراچی کو بجلی کی بحالی کے دوران بن قاسم سے دھوئیں کی اطلاع

    کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی کو بجلی کی بحالی کے دوران بن قاسم پاور اسٹیشن 1 سے دھوئیں کی اطلاع ملی ہے جس کی فوری تحقیق کی جا رہی ہیں۔

    کے الیکٹرک کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ کے بعد کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی بحالی تیزی سے جاری ہے۔

    کے الیکٹرک کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ این کے ون اور ٹو ٹرانسمیشن لائن میں ٹرپنگ سے کراچی کو بجلی فراہمی متاثر ہوئی۔

    واضح رہے کہ آج دوپہر اچانک نیشنل گرڈ اسٹیشن سے آنے والی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے کے باعث کراچی کے ایک بڑے علاقے کو بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہو گئی۔

    بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہونے کے باعث سخت گرمی کی وجہ سے کراچی کے شہری بلبلا اٹھے۔

  • کراچی کے متاثرہ علاقوں کو سپلائی بحال کرنا شروع کردی: کے الیکٹرک

    کراچی کے متاثرہ علاقوں کو سپلائی بحال کرنا شروع کردی: کے الیکٹرک

    کراچی: ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرنے سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا تاہم ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ شہر کے متاثرہ حصے کو بجلی کی سپلائی کی بحالی شروع کردی ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی لائن میں خرابی ہوئی اور نیشنل گرڈ اسٹیشن سے آنے والی ہائی ٹینشن لائن جامشورو سے ٹرپ کرگئی جس کی وجہ سے 45 گرڈ اسٹیشن بھی ٹرپ ہوچکے ہیں جس کے باعث سسٹم میں ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی کمی ہوئی ہے۔

    ترجمان نے بتایاکہ بحالی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور ایک گھنٹے تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

    ادھر ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہےکہ کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی ٹرانسمیشن لائن بحال کردی، این کے بلدیہ اوربلدیہ 2 ٹرانسمیشن لائنز بحال کردی ہیں جب کہ بجلی کا لوڈ آہستہ آہستہ بڑھایا جا رہا ہے۔

    علاوہ ازیں ترجمان کے الیکٹرک نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیمیں بریک ڈاؤن پر کام کررہی ہے اور پیچھے سے بجلی کی سپلائی بحال ہونے کے بعد شہر کے متاثرہ علاقے کو بجلی کی بحالی شروع کردی ہے۔

  • چھوٹی عمر کے متعدد بچوں کو بدفعلی کا شکار بنانے والا ملزم گرفتار

    چھوٹی عمر کے متعدد بچوں کو بدفعلی کا شکار بنانے والا ملزم گرفتار

    شہرقائد میں چھوٹی عمر کے متعدد بچوں کو بدفعلی کا شکار بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ، گرفتاری سے قبل بھی ملزم نے بارہ سالہ بچے کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بن قاسم ملیر سے چھوٹی عمر کے متعدد بچوں کو بدفعلی کا شکار بنانے والے ملزم گرفتار کرلیا ، ملزم کو خفیہ اطلاع پر باقاعدہ منصوبہ بندی سے گرفتار کیا گیا۔

    ملزم اسلم ولد غلام حسن بچوں کو تبرکات کھلانے یا دینے کے بہانے بہلا پھسلا کر شکار بناتا اور بچوں کو مین نیشنل ہائی وے کے قریب مشکوک پلاٹ/گھر پر لا کر بدفعلی کا نشانہ بناتا تھا۔

    گرفتاری سے قبل بھی ملزم نے بارہ سالہ بچے کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا ، متاثرہ بچے کے والد کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی، گرفتار ملزم کیخلاف کم عمر بچوں کیساتھ زنا/بدفعلی کے چار مقدمات تھانہ بن قاسم اور شاہ لطیف میں درج ہیں۔
    گرفتار ملزم کی گرفتاری کے متعلق شہر کے تمام تھانوں میں مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے اور ملزم اسلم کیخلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

  • کراچی کا بڑا حصہ بجلی سے محروم،بجلی تقریباً تین گھنٹوں سے معطل

    کراچی کا بڑا حصہ بجلی سے محروم،بجلی تقریباً تین گھنٹوں سے معطل

    ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرنے سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔ڈیفنس فیز ون، ملیر ماڈل کالونی، لیاری، کھارادر، نیا آباد، کھڈا مارکیٹ میں بھی بجلی معطل ہے۔ اس کے علاوہ گلستان جوہر، موسمیات اسکیم 33، لیاقت آباد سی ون ایریا، گلستان جوہر بلاک 14، 18 ، 19، سر سید ٹاؤن ، ڈی ایچ اے، نارتھ کراچی اور اطراف میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
    کراچی کے علاقوں شاہ فیصل، ہائی وے، ٹیچرز سوسائٹی، رفاہ عام، گلبرگ، نیو کراچی، کلفٹن بلاک 5، صدر، ایم اے جناح روڈ ، موبائل مارکیٹ،الیکٹرانک مارکیٹ اور ہائیکورٹ میں بھی بجلی تقریباً تین گھنٹوں سے معطل ہے۔
    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی لائن میں خرابی ہوئی ہے اور نیشنل گرڈ اسٹیشن سے آنے والی ہائی ٹینشن لائن جامشورو سے ٹرپ کرگئی ہے جس کی وجہ سے 45 گرڈ اسٹیشن بھی ٹرپ ہوچکے ہیں جس کے باعث سسٹم میں ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی کمی ہوئی ہے۔
    ترجمان نے بتایاکہ بحالی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور ایک گھنٹے تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔
    علاوہ ازیں ترجمان وزارت توانائی کا بتانا ہےکہ کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی لائن میں ٹرپنگ ہوئی جس کی وجہ سے بجلی فراہمی متاثر ہوئی ہے، ملک میں بجلی کا پورا سسٹم اس وقت بالکل نارمل ہے، این ٹی ڈی سی اورکےالیکٹرک کے اہلکار بجلی بحالی میں مصروف ہیں اور ٹرپنگ کی وجوہات کا بھی پتا چلایا جارہا ہے۔