Baaghi TV

Category: کراچی

  • 
کراچی کی ترقی کے 3360 ارب روپے کہاں گئے؟ حافظ نعیم کا سوال

    
کراچی کی ترقی کے 3360 ارب روپے کہاں گئے؟ حافظ نعیم کا سوال

    امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر خرچ ہونے والے اربوں روپے پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کو بتائے 3 ہزار 360 ارب روپے کہاں خرچ کیے گئے۔
    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے حکومت اور بلدیاتی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے عوام آج بھی ٹوٹی سڑکوں، سیوریج مسائل، پانی کی قلت اور بدترین انفراسٹرکچر کا شکار ہیں، جبکہ ترقیاتی فنڈز کے بڑے بڑے دعوے کیے جاتے رہے ہیں۔
    ‎امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میئر کراچی عوام کو جواب دیں کہ شہر کی ترقی کے لیے عملی طور پر کیا کام کیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ترقیاتی منصوبوں کے نام پر جمع ہونے والی خطیر رقم ہڑپ کر لی گئی؟
    ‎حافظ نعیم نے شاہراہ بھٹو منصوبے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے یہ سڑک بارشوں میں دوبارہ نہ بہہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام اب صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات دیکھنا چاہتے ہیں۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ملک کی معیشت کا سب سے بڑا شہر ہے، مگر اس کے باوجود بنیادی سہولیات کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ ان کے مطابق عوام کو ترقیاتی فنڈز کی مکمل تفصیلات اور شفاف حساب دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
    ‎سیاسی مبصرین کے مطابق کراچی کی ترقیاتی صورتحال اور فنڈز کے استعمال کا معاملہ ایک بار پھر سیاسی بحث کا مرکز بنتا جا رہا ہے، جبکہ مختلف جماعتیں بلدیاتی کارکردگی پر ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

  • قتل،منشیات کیس،پنکی عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل

    قتل،منشیات کیس،پنکی عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل

    منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی کو قتل اور منشیات سے متعلق مقدمات میں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمہ کو سخت سیکیورٹی میں سینٹرل جیل کراچی میں قائم جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا، عدالت میں درخشاں، گزری اور بغدادی تھانوں کے تفتیشی افسران بھی پیش ہوئے،تفتیشی افسران نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمہ سے جاری تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے اور مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، تفتیش کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جبکہ کیس کو مکمل کرنے کے لیے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست بھی کی گئی،بعد ازاں عدالت نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے کیسز کے تفتیشی افسران کو مقدمات کا چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا،ملزمہ پنکی کو پولیس نے مجموعی طور پر 18 کیسز میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا تھا۔

  • کراچی ، پیپلز بس سروس کے ڈرائیوروں کا پولیس سے تنازع کے بعد احتجاج

    کراچی ، پیپلز بس سروس کے ڈرائیوروں کا پولیس سے تنازع کے بعد احتجاج

    کراچی میں ٹاور کے قریب پیپلز بس سروس کے ڈرائیوروں کی جانب سے احتجاج کے باعث شہر کے مصروف ترین علاقوں میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاج اس وقت شروع ہوا جب ایک پیپلز بس اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے میں ملوث موٹر سائیکل سوار ایک پولیس اہلکار تھا جو اپنی فیملی کے ہمراہ سفر کر رہا تھا۔ حادثے کے فوراً بعد بس ڈرائیور اور پولیس اہلکار کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد معاملہ مزید بگڑ گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ اہلکار نے اپنے دیگر ساتھیوں کو موقع پر طلب کیا، جس کے بعد پیپلز بس کے ڈرائیور پر مبینہ طور پر تشدد کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پیپلز بس سروس کے دیگر ڈرائیور مشتعل ہو گئے اور انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹاور کے مقام پر سڑک بلاک کر دی۔احتجاج کے باعث ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ دفتر جانے والے شہریوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض مقامات پر ٹریفک مکمل طور پر معطل رہی جس کے باعث متبادل راستوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا۔

    بعد ازاں پولیس حکام اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کیے گئے، جن کے نتیجے میں صورتحال قابو میں آ گئی۔ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا اور ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔شہری حلقوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ عملہ تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ ایسے واقعات سے شہری زندگی متاثر نہ ہو۔

  • 
کراچی ایئرپورٹ پر اربوں روپے کا ایئر کارگو اسکینڈل بے نقاب

    
کراچی ایئرپورٹ پر اربوں روپے کا ایئر کارگو اسکینڈل بے نقاب

    ‎کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کے ایئر کارگو اسکینڈل کا پردہ فاش کر دیا، جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کارگو ہینڈلنگ کمپنی پر 2 ارب 70 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
    ‎دستاویزات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے ذریعے قیمتی الیکٹرانکس سامان کی اسمگلنگ کا منظم نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا، جس میں آئی فون، لیپ ٹاپ، میک بک اور آئی پیڈ سمیت مہنگی اشیا جعلی گیٹ پاسز کے ذریعے غیر قانونی طور پر کلیئر کی جاتی رہیں۔
    ‎ایف بی آر رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سامان کو کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکس ادا کیے بغیر ایئرپورٹ سے باہر منتقل کیا جاتا تھا۔ تحقیقات کے دوران ایئروے بل چھپانے، جعلی گیٹ پاسز جاری کرنے اور ریکارڈ حذف کرنے جیسے سنگین الزامات بھی سامنے آئے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق ایف بی آر نے 22 کروڑ 10 لاکھ روپے ڈیوٹی اور ٹیکس کی ریکوری کا حکم بھی جاری کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکینڈل میں کمپنی کے سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے جعلی دستاویزات تیار کی جاتی تھیں۔
    ‎کسٹمز حکام نے کارروائی کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں کارگو کمپنی کے 5 ملازمین بھی شامل ہیں۔ ایک خاتون ملازمہ نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے سپروائزرز کی ہدایات پر جعلی گیٹ پاسز جاری کیے۔
    ‎تحقیقات میں گرفتار کارگو ایجنٹ نے انکشاف کیا کہ یہ منظم نیٹ ورک کئی سال سے سرگرم تھا اور بڑے پیمانے پر الیکٹرانکس سامان غیر قانونی طریقے سے کلیئر کیا جاتا رہا۔
    ‎وفاقی ٹیکس محتسب نے بھی اس بڑے کارگو فراڈ کی تصدیق کر دی ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق واقعے کے بعد ملک بھر کے ایئر کارگو آپریشنز کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ متعدد افسران اور اہلکار بھی تحقیقات کی زد میں ہیں۔

  • 
ڈیفنس حادثہ کیس، فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کو کچلنے والا ڈرائیور گرفتار

    
ڈیفنس حادثہ کیس، فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کو کچلنے والا ڈرائیور گرفتار

    ‎کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کو ٹکر مار کر فرار ہونے والے کار ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
    ‎ایس ایس پی ساوتھ انویسٹی گیشن توحید رحمان کے مطابق ملزم تیز رفتاری کے باعث گاڑی پر قابو کھو بیٹھا تھا، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار نجی فوڈ کمپنی کا ڈیلیوری رائیڈر ذیشان جاں بحق ہوگیا۔
    ‎پولیس حکام کے مطابق حادثے کے بعد کار ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا تھا جبکہ واقعے کا مقدمہ 10 مئی کو تھانہ گزری میں درج کیا گیا تھا۔
    ‎ایس ایس پی توحید رحمان نے بتایا کہ جدید تفتیش اور شواہد کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت حمزہ شمیم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اس کے زیر استعمال گاڑی بھی برآمد کر کے تھانہ گزری منتقل کر دی گئی ہے۔
    ‎پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے اور حادثے سے متعلق دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
    ‎یاد رہے کہ اس افسوسناک حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور شہریوں نے شہر میں تیز رفتاری اور لاپرواہ ڈرائیونگ کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔
    ‎اس سے قبل جاں بحق ہونے والے رائیڈر ذیشان کے والد کی جانب سے میڈیا پر بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کار سوار کو معاف کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم قانونی کارروائی بدستور جاری ہے۔

  • سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

    سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

    گزشتہ روز سونے کے فی تولہ نرخ میں 6 ہزار 800 روپے کی کمی ہوئی ، آج پھر سونا مہنگا ہو گیا ہے۔

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج جمعرات کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 50 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 4ہزار 530 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی ،جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 5000 روپے کے اضافے سے 4لاکھ 75ہزار 362روپے کی سطح پر آگئی جبکہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 4287روپے بڑھ کر 4لاکھ 7ہزار 546روپے ہوگئی۔

    علاوہ ازیں ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 60 روپے کے اضافے سے 8ہزار 034 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 51روپے کے اضافے سے 6ہزار 887روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونا 68 ڈالر کی کمی سے 4480 ڈالر فی اونس اور مقامی سطح پر 6800 روپے کم ہونے سے 4 لاکھ 70 ہزار 362 روپے فی تولہ اور 5830 روپے کی کمی سے 4 لاکھ 3 ہزار 259 روپے فی 10 گرام کی سطح پر آگیا تھا۔

  • نیب کی سندھ میں بڑی کاروائی،بحریہ ٹاؤن کی زمین منجمد

    نیب کی سندھ میں بڑی کاروائی،بحریہ ٹاؤن کی زمین منجمد

    نیب کراچی کی جانب سے جاری کردہ منجمدی (فریزنگ) احکامات کی تعمیل میں، ڈپٹی کمشنر جامشورو نے پولیس کی نفری اور محکمہ جنگلات حکومتِ سندھ کے کنزرویٹر کے ہمراہ دیہہ مول، تعلقہ تھانہ بولا خان، نیز بحریہ ٹاؤن (BTK) 2 ضلع جامشورو کی زمین کا قبضہ لے لیا .

    ترجمان نیب کے مطابق چند روز قبل نیب نے ملک ریاض حسین کی ذاتی رہائش کے لیے تعمیر کردہ عظیم الشان حویلی، جو ان کے بیٹے علی ریاض ملک کے نام پر “علی ولا” کے طور پر بحریہ ہلز، بحریہ ٹاؤن کراچی میں قائم ہے، کو منجمد کر دیا تھا۔ یہ 67 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہےڈائریکٹر جنرل نیب کراچی کی جانب سے جاری کردہ منجمدی (فریزنگ) احکامات کی تعمیل میں ڈپٹی کمشنر جامشورو نے پولیس کی نفری اور محکمہ جنگلات حکومتِ سندھ کے کنزرویٹر کے ہمراہ دیہہ مول تعلقہ تھانہ بولا خان نیز بحریہ ٹاؤن (بی ٹی کے) 2 ضلع جامشورو کی زمین کا قبضہ لے لیا ہے۔ایک اور کارروائی میں ڈپٹی کمشنر ضلع ملیر نے بھی ایک دوسرے فریزنگ آرڈر کی تعمیل میں علی ولا کو سیل کر دیا ہے، نیب نے ملک ریاض حسین کی ذاتی رہائش کے لیے تعمیر کردہ عظیم الشان حویلی، جو ان کے بیٹے علی ریاض ملک کے نام پر ’’علی ولا‘‘ کے طور پر بحریہ ہلز بحریہ ٹاؤن کراچی میں قائم ہے، کو منجمد کر دیا تھا یہ 67 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے۔علی ولا بحریہ ٹاؤن کراچی کے پہاڑی علاقے میں تعمیر کیا گیا ہے اور اس میں جدید ترین سہولیات موجود ہیں، جن میں ہیلی پیڈ، منی چڑیا گھر اور سوئمنگ پولز وغیرہ شامل ہیں۔

    مزید برآں دو نئی انکوائریوں میں نیب نے 1338 ایکڑ اراضی بھی منجمد کر دی ہے. جس پر الزام ہے کہ اسے بحریہ ٹاؤن کراچی نے ناجائز طور پر قبضہ کیا اس زمین پر بحریہ گرینز اور مختلف پریسنکٹس 33، 34، 38 تا 40، 42 اور 61 وغیرہ تعمیر کیے جانے تھے، جبکہ یہ زمین حکومتِ سندھ کی ملکیت ہے۔اسی طرح نیب نے بحریہ ٹاؤن 2 کی مکمل 3150 ایکڑ زمین بھی منجمد کر دی ہے، جسے مبینہ طور پر M/s Paradise Real Estate (Pvt.) Limited نے دھوکہ دہی کے ذریعے خریدا تھا یہ الگ حکم بھی ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی کی جانب سے جاری کیا گیا۔مذکورہ فریزنگ احکامات میں متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بحریہ ٹاؤن کراچی کو کسی بھی تیسرے فریق کے حقوق پیدا کرنے سے روکیں۔نیب اس سے قبل بھی ریفرنس نمبر 1/2025 احتساب عدالت کراچی میں دائر کر چکا ہے جس میں ضلع ملیر کی 17,672 ایکڑ سرکاری زمین کی غیر قانونی تبدیلی/ خردبرد کے الزامات شامل ہیں جن کی مالیت 708 ارب روپے بتائی گئی ہے۔الزام ہے کہ یہ کارروائیاں حکومتِ سندھ کے بعض افسران کی ملی بھگت سے کی گئیں اور اسی زمین پر قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایم-9 موٹروے کے قریب بحریہ ٹاؤن کراچی تعمیر کیا گیا۔

  • پنکی کے قریبی ساتھی سےتحقیقات کے لیے پولیس کا عدالت سے رجوع

    پنکی کے قریبی ساتھی سےتحقیقات کے لیے پولیس کا عدالت سے رجوع

    کراچی میں منشیات فروشی کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے قریبی ساتھی محمد سمیر سے تفتیش کے لیے پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت سے رجوع کر لیا۔

    پولیس کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی جس میں پہلے سے گرفتار سہولت کار محمد سمیر کی باقاعدہ گرفتاری اور مزید تفتیش کی اجازت طلب کی گئی۔ عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے 2 مقدمات میں ملزم کی گرفتاری اور تفتیش کی اجازت دے دی۔عدالت نے تفتیشی افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ سینٹرل جیل جا کر ملزم محمد سمیر سے تفتیش کریں اور مقدمات سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں۔پولیس حکام کے مطابق ملزم محمد سمیر جون 2021ء میں درج ایک مقدمے میں پہلے ہی گرفتار ہو کر جیل میں قید ہے، جبکہ مرکزی ملزمہ انمول عرف پنکی اس وقت جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں موجود ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ محمد سمیر موٹر سائیکل کے ذریعے منشیات سپلائی کرتا تھا، جبکہ منشیات فروشی سے حاصل ہونے والی رقوم مختلف بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جاتی تھیں۔تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ اور اس کے ساتھیوں کے مالی لین دین اور نیٹ ورک سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ کیس میں مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • آٹزم سروسز میں سندھ کے جامع ماڈل کو قومی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، شرجیل میمن

    آٹزم سروسز میں سندھ کے جامع ماڈل کو قومی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، شرجیل میمن

    وفاقی حکومت نے آٹزم بحالی اور خصوصی تعلیم کے شعبے میں سندھ کی نمایاں کارکردگی اور قائدانہ کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اسلام آباد میں آٹزم سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کے لیے سندھ حکومت سے تعاون طلب کر لیا ہے۔

    سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سی-آرٹس سندھ سے تعاون کی درخواست ایک تاریخی پیش رفت ہے، جو خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے سندھ کے مؤثر اور جامع ماڈل پر اعتماد کا اظہار ہے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے ڈی ای پی ڈی ڈیپارٹمنٹ کو وفاقی حکومت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت آٹزم بحالی، خصوصی تعلیم اور جدید سہولیات کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔

    شرجیل انعام میمن کے مطابق خصوصی افراد کی نگہداشت، پیشہ ورانہ تربیت، اسسٹو ٹیکنالوجیز اور آٹزم سروسز کے شعبے میں سندھ حکومت کے کامیاب اقدامات کو قومی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا جامع ماڈل ملک بھر کے لیے مثال بن چکا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ حکومت خصوصی افراد کو بااختیار بنانے اور انہیں بہتر تعلیمی و تربیتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی، جبکہ وفاقی سطح پر تعاون سے ان خدمات کا دائرہ مزید وسیع ہوگا۔

  • اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی

    اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز بھی زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہا،کاروبار کے ابتدائی منٹوں میں ہی انڈیکس 3,000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ اوپر چلا گیا۔

    صبح 10:10 بجے کے قریب بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 167,892.19 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 3,060.77 پوائنٹس یعنی 1.86 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے،مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، پاور جنریشن اور ریفائنری سیکٹرز میں نمایاں خریداری دیکھی گئی،بڑے انڈیکس شیئرز میں اٹک ریفائنری لمیٹڈ، حبکو، ماری پیٹرولیم، او جی ڈی سی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، یونائیٹڈ بینک، فوجی فرٹیلائزر، مسلم کمرشل بینک اور میزان بینک سمیت متعدد کمپنیوں کے شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔

    گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی تھی، جب سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کے باعث بڑے پیمانے پر خریداری ہوئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 1,934.74 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 164,831.42 پوائنٹس پر بند ہوا۔