Baaghi TV

Category: کراچی

  • وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل نے عالمی امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے،شرجیل میمن

    وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل نے عالمی امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے،شرجیل میمن

    سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے تمام حجاجِ کرام اور عالمِ اسلام کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی-

    راول ہاؤس راہوکی، ٹنڈوجام میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینیئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹزانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج کے اس مبارک دن ہمیں متحد ہو کر یہ پیغام دینا چاہیے کہ ہم اپنے تمام پرانے اختلافات اور مسائل کو پسِ پشت ڈال کر عید کی خوشیاں باہمی محبت اور یگانگت کے ساتھ منا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ انسانیت سب سے مقدم ہے اور ہر انسان کی جان بے حد قیمتی ہے نفرتوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور ملک کو بھائی چارے، رواداری اور باہمی مفاہمت کے جذبے کے ساتھ چلایا جانا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ 28ویں ترمیم کے حوالے سے ہونے والی گفتگو محض قیاس آرائیوں تک محدود ہے اور اس ضمن میں حکومت سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی کراچی ہمیشہ سندھ کا حصہ تھا، ہے اور رہے گا، جبکہ بینظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام ختم نہیں ہوگا کیونکہ اس کے ذریعے غریب اور مستحق خواتین کی معاو نت کی جاتی ہے عیدالاضحیٰ کے فوری بعد حیدرآباد میں لطیف آباد تا حیدر چوک روٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کی مقامی انتظامیہ شہر میں پانی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کا ابتدائی اقدام حکومتِ سندھ کی جانب سے اٹھایا گیا تھا اور اس پر کام مسلسل جاری ہے، ہر ہفتے وزیراعلیٰ سندھ اور متعلقہ حکام خود دورے کر کے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہیں اشیائے ضروریہ اور تعمیراتی لاگت میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے، تاہم حکومت نے کنٹریکٹر کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن مجبوری کے باعث مذکورہ کنٹریکٹ ختم کرنا پڑا یہ منصوبہ کسی معمولی کمپنی کو نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی کمپنی کے سپرد کیا گیا تھا۔

    منشیات کے خلاف کارروائیوں پر کہا کہ کریک ڈاؤن نہایت سنجیدگی اور مؤثر انداز میں جاری ہے، کیونکہ یہ محض منشیات نہیں بلکہ ایک مہلک زہر ہے جو صرف ایک فرد ہی نہیں بلکہ پورے خاندان کو تباہ کر دیتا ہے پولیس منشیات فروش عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے اور میڈیا سے بھی اس حوالے سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچایا جا سکے۔

    خواتین کی بااختیار بنانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں سندھ واحد صوبہ ہے جو اس مقصد کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے حکو مت سندھ خواتین کو پنک اسکوٹیز فراہم کر رہی ہے، ساتھ ہی انہیں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول اور تربیت میں بھی معاونت دی جا رہی ہے اسکیم کے آغاز سے قبل صرف 150 خواتین کے پاس لائسنس موجود تھا جبکہ اب 25 ہزار خواتین نے لائسنس کے لیے درخواست دی ہے۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ غیر قانونی تجاوزات کے ذریعے ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے شاہراہِ بھٹو کے افتتاح کے بعد بعض عناصر کی جانب سے صوبے کی تقسیم سے متعلق بیانات پر انہوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے خلاف ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بعض جماعتوں کا روزگار ہی یہ بن چکا ہے کہ وہ روزانہ کسی نہ کسی بہانے پریس کانفرنس کرتی ہیں اور بیان بازی کرتی ہیں منشیات کا مسئلہ صرف سندھ نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، تاہم بدقسمتی سے صرف سندھ کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی بالائی علاقوں سے آتا ہے جبکہ پنجاب میں زیرِ زمین میٹھے پانی کی فراوانی اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے انہوں نے کہا کہ سندھ کے حالات دیگر صوبوں سے مختلف نوعیت کے ہیں، جبکہ بجلی اور گیس کی فراہمی کے مسائل پر مسلسل آواز اٹھائی جا رہی ہے اور وفاقی سطح پر ناانصافی کا سامنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ جماعتیں بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کی بات کرتی ہیں جو خود بلدیاتی انتخابات سے فرار اختیار کرتی رہی ہیں انہوں نے کہا کہ جن ادار وں اور نمائندوں کو عوامی مینڈیٹ حاصل ہے انہیں اپنے دائرۂ اختیار کے مطابق اختیارات بھی حاصل ہیں حکومت تجاوزات کے مکمل خاتمے کی خواہاں ہے کیونکہ اس سے ٹریفک کے سنگین مسائل جنم لیتے ہیں قانون میں قتل کی واضح سزا موجود ہے اور کاروکاری کے نام پر قتل کرنے والا فرد سنگین جرم کا مرتکب ہوتا ہے، جبکہ تمام قوانین موجود ہیں اور ہر فرد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

  • 
ابراہیمی معاہدہ سرنڈر کی دستاویز ہے، حافظ نعیم الرحمان

    
ابراہیمی معاہدہ سرنڈر کی دستاویز ہے، حافظ نعیم الرحمان

    ‎امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے ابراہیمی معاہدے کو “سرنڈر کی دستاویز” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کو قانونی شکل دینے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
    ‎اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکی صدر ایک بار پھر مسلم ممالک پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ ابراہیمی معاہدے کا حصہ بن جائیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ بیت المقدس اور فلسطین کے مسئلے پر کوئی بھی ایسا فیصلہ قبول نہیں کیا جا سکتا جو فلسطینی عوام کے حقوق اور مسلم اُمہ کے مؤقف کے خلاف ہو۔
    ‎امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ابراہیمی معاہدہ دراصل اسرائیل کے قبضے کو مضبوط بنانے اور فلسطینیوں کی جدوجہد کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔
    ‎حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے “ناجائز مطالبات” کو واضح طور پر مسترد کرنے کا اعلان کریں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ صرف ایک خطے کا معاملہ نہیں بلکہ پوری مسلم دنیا کے ایمان اور غیرت کا مسئلہ ہے۔
    ‎جماعت اسلامی کے سربراہ نے مزید کہا کہ پاکستان کا تاریخی اور اصولی مؤقف ہمیشہ فلسطینی عوام کے حق میں رہا ہے اور اس پالیسی میں کسی قسم کی تبدیلی قبول نہیں کی جائے گی۔
    ‎سیاسی مبصرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ابراہیمی معاہدے سے متعلق حالیہ بیانات نے پاکستان سمیت مختلف مسلم ممالک میں نئی سیاسی بحث کو جنم دیا ہے۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ کے معاملے پر پاکستانی سیاسی و مذہبی جماعتوں کا مؤقف ہمیشہ حساس اور سخت رہا ہے۔
    ‎دوسری جانب حکومتِ پاکستان کی جانب سے ابراہیمی معاہدے سے متعلق کسی نئی پالیسی یا موقف کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

  • 
بلاول اور آصفہ بھٹو گلگت بلتستان انتخابی مہم کی قیادت کریں گے

    
بلاول اور آصفہ بھٹو گلگت بلتستان انتخابی مہم کی قیادت کریں گے

    ‎پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کی خود قیادت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد پارٹی نے جلسوں کا باقاعدہ شیڈول بھی تیار کر لیا۔
    ‎پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر آٹھ بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق انتخابی مہم کا آغاز 31 مئی کو شگر سے ہوگا جہاں بلاول بھٹو زرداری پہلا بڑا جلسہ عام کریں گے۔
    ‎شیڈول کے تحت بلاول بھٹو یکم جون کو خپلو، 2 جون کو اسکردو اور 3 جون کو دیامر میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
    ‎دوسری جانب آصفہ بھٹو زرداری بھی انتخابی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔ وہ 3 جون کو ہنزہ اور 4 جون کو نگر میں پارٹی جلسوں کی قیادت اور خطاب کریں گی۔
    ‎پیپلز پارٹی کے مطابق انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں بلاول بھٹو زرداری 4 جون کو غذر جبکہ 5 جون کو گلگت میں بڑے جلسوں سے خطاب کر کے مہم کا اختتام کریں گے۔
    ‎پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شیڈول سامنے آنے کے بعد گلگت بلتستان بھر میں پیپلز پارٹی کے کارکنان متحرک ہو گئے ہیں اور انتخابی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
    ‎سیاسی مبصرین کے مطابق بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو کی براہ راست انتخابی مہم میں شرکت سے گلگت بلتستان کی سیاست میں سرگرمی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات ملکی سیاست میں اہمیت رکھتے ہیں اور بڑی سیاسی جماعتیں اس خطے میں اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط بنانے کیلئے متحرک ہیں۔
    ‎پیپلز پارٹی قیادت کی جانب سے مسلسل عوامی رابطہ مہم کو پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

  • سونےاور چاندی  کی قیمتوں میں کمی

    سونےاور چاندی کی قیمتوں میں کمی

    عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے،سونے کی قیمت میں 24 ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جبکہ مقامی سطح پر فی تولہ سونا تقریباً 2400 روپے سستا ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 24ڈالر کی کمی سے 4ہزار 530ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی منگل کو فی تولہ سونے کی قیمت 2ہزار 400روپے کی کمی سے 4لاکھ 75ہزار 362روپے کی سطح پر آگئی اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2ہزار 57روپے کی کمی سے 4لاکھ 7ہزار 546روپے کی سطح پر آگئی۔

    دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت ایک ڈالر 53سینٹ گھٹ کر 76ڈالر 33سینٹس کی سطح پر آنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 153روپے کی کمی سے 8ہزار 117روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 131روپے کی کمی سے 6ہزار 959روپے کی سطح پر آگئی۔

    ملائیشیا کی جانب سے سونے کی کچھ بارز پر 10 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کیے جانے کے بعد ایشیائی بلین مارکیٹ میں ہلچل مچ گئی مئی کے آغاز سے ہی بعض سونے کی درآمدی کھیپوں پر اضافی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جس سے جنوب مشرقی ایشیا کی گولڈ ٹریڈ شدید متاثر ہونے لگی ہے۔

    تاجروں اور ڈیلرز کا کہنا ہے کہ نئی ڈیوٹی کے باعث سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ اور تجارت میں سست روی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پہلے ہی سونا ریکارڈ سطح پر پہنچ چکا ہے اور اب ملائیشیا کے اس اقدام نے سرمایہ کاروں کو نئی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں معاشی بے یقینی، جنگی کشیدگی اور ڈالر کی صورتحال کے باعث سرمایہ کار بڑی تعداد میں سونے کا رخ کر رہے ہیں۔

  • بوہری برادری آج عیدالاضحیٰ منا رہی ہے

    بوہری برادری آج عیدالاضحیٰ منا رہی ہے

    بوہری برادری آج ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وخروش سے منا رہی ہے۔

    کراچی کے علاقے صدر کی طاہری مسجد میں نماز عیدالاضحیٰ ادا کر دی گئی جس میں بوہری برادری کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی،عید کے اجتماعات میں ملک میں امن و سلامتی خوشحالی اور ترقی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

    نمازِ عید کے بعد سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے قربانی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اس موقع پرسکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ قربانی کے مراحل پُرامن انداز میں مکمل ہو سکیں۔

  • 
کراچی میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی قتل

    
کراچی میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی قتل

    ‎کراچی کے علاقے ملیر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
    ‎پولیس کے مطابق واقعہ سعود آباد تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں میاں بیوی کی لاشیں گاڑی کی پچھلی نشست پر موجود تھیں۔
    ‎ابتدائی تحقیقات کے مطابق نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر دونوں اطراف سے فائرنگ کی، جس کے باعث دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کے مختلف حصوں پر گولیوں کے متعدد نشانات بھی موجود ہیں۔
    ‎حکام کے مطابق مقتول میاں بیوی عدالت میں پیشی کے بعد گاڑی میں ملیر سے واپس جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر حملہ کر دیا گیا۔
    ‎پولیس نے بتایا کہ دونوں نے مبینہ طور پر گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کی تھی جبکہ ان کے خلاف سچل تھانے میں مقدمہ بھی درج کروایا گیا تھا۔
    ‎واقعے کے بعد پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔
    ‎واضح رہے کہ کراچی میں پسند کی شادی اور غیرت کے نام پر قتل کے کئی واقعات پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔ رواں سال جنوری میں لاسی گوٹھ کے علاقے میں بھی پسند کی شادی کرنے والے ایک جوڑے کو قتل کر دیا گیا تھا، جس میں مقتولہ کے اہل خانہ کو نامزد کیا گیا تھا۔
    ‎ماہرینِ سماجیات کے مطابق معاشرتی دباؤ، خاندانی تنازعات اور پسند کی شادیوں کو قبول نہ کرنے کا رجحان ایسے افسوسناک واقعات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔

  • 
ایبولا وائرس کے خدشے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہائی الرٹ

    
ایبولا وائرس کے خدشے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہائی الرٹ

    ‎ایبولا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سندھ محکمہ صحت نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نگرانی اور ہنگامی ردعمل کے اقدامات سخت کر دیے ہیں۔
    ‎محکمہ صحت سندھ کے مطابق ایبولا وائرس سے بچاؤ اور ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملے کے لیے خصوصی تربیتی سیشن اور موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ ایمرجنسی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
    ‎ڈاکٹر وقار میمن نے اس موقع پر ہیلتھ اسٹاف کی مکمل تربیت اور آگاہی کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری ناگزیر ہے۔
    ‎ڈاکٹر سید ظفر مہدی نے ایئرپورٹ پر آنے والے مسافروں کی مسلسل نگرانی اور فوری ردعمل کے نظام کو ضروری قرار دیا۔
    ‎محکمہ صحت سندھ کے تحت جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایبولا وائرس سے بچاؤ کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ صوبے بھر میں بھی احتیاطی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
    ‎اس حوالے سے اسپیشل سیکریٹری صحت فواد غفار سومرو کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں جناح ایئرپورٹ پر نگرانی، فوری ردعمل اور مسافروں کے لیے آئسولیشن سسٹم فعال کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
    ‎محکمہ صحت کے مطابق ایبولا وائرس کو عالمی سطح پر پبلک ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا جا چکا ہے، اسی لیے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 24 گھنٹے ایمرجنسی سروسز کی دستیابی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
    ‎اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ ایئرپورٹ پر پی پی ای کٹس اور ہنگامی طبی سامان کے ذخیرے کے لیے علیحدہ اسٹور روم قائم کیا جائے گا۔
    ‎اس کے علاوہ ایف آئی اے اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کے لیے بھی خصوصی حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ ایئرپورٹ پر تعینات اہلکار ممکنہ خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔
    ‎ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان میں ایبولا وائرس کا کوئی تصدیق شدہ کیس سامنے نہیں آیا، تاہم عالمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔

  • 
کراچی میں جدید پولیسنگ کیلئے سیکیورٹی ٹریننگ ہینڈ بک متعارف

    
کراچی میں جدید پولیسنگ کیلئے سیکیورٹی ٹریننگ ہینڈ بک متعارف

    کراچی میں جدید دور کے سیکیورٹی چیلنجز اور بدلتے ہوئے جرائم سے نمٹنے کے لیے “سیکیورٹی ٹریننگ ہینڈ بک” متعارف کروا دی گئی ہے، جسے پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎ڈی آئی جی سیکیورٹی مقصود احمد کے مطابق اس جدید ہینڈ بک کا باقاعدہ اجرا صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو کتاب پیش کر کے کیا گیا۔
    ‎یہ جامع تربیتی دستاویز اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی جانب سے تیار کی گئی ہے، جس کا مقصد پولیسنگ کے نظام کو جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے۔
    ‎ڈی آئی جی مقصود احمد کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں دہشت گردی، سائبر کرائم اور دیگر پیچیدہ خطرات کے باعث ایسی ہینڈ بک کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی تھی، جو سیکیورٹی کے شعبے میں موجود خلا کو پُر کر سکے۔
    ‎انہوں نے بتایا کہ یہ کتاب پولیس کے ٹیکٹیکل یونٹس، ایمرجنسی رسپانڈرز، سائبر ماہرین اور دیگر سیکیورٹی پروفیشنلز کے لیے خصوصی طور پر تیار کی گئی ہے۔
    ‎ہینڈ بک میں جدید پولیسنگ اور سیکیورٹی آپریشنز سے متعلق متعدد اہم موضوعات شامل کیے گئے ہیں، جن میں ٹیکٹیکل ریڈیو کمیونیکیشن، جدید اسلحے کا استعمال، آئی ای ڈیز کا تدارک، غیر مہلک ہتھیاروں کا استعمال، اہم تنصیبات کا تحفظ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ایمرجنسی رسپانس شامل ہیں۔
    ‎اس کے علاوہ وی وی آئی پی سیکیورٹی پروٹوکول، موٹرکیڈ آپریشنز، انسدادِ دہشت گردی حکمت عملی، سائبر سیکیورٹی، ڈیجیٹل انتہا پسندی اور مستقبل کی سیکیورٹی ٹیکنالوجیز پر بھی تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔
    ‎حکام کے مطابق اس ہینڈ بک کو پاکستان کے زمینی حقائق اور مقامی حالات کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جس میں حقیقی تجربات، مقامی مثالیں اور بین الاقوامی اصول شامل کیے گئے ہیں۔
    ‎اس منصوبے کی تیاری میں سینئر پولیس افسران، عسکری ماہرین، بیوروکریٹس اور سیکیورٹی شعبے کے معروف ماہرین نے حصہ لیا۔
    ‎ابتدائی مرحلے کے بعد اس ہینڈ بک کو ملک بھر کے پولیس ٹریننگ اداروں اور خصوصی سیکیورٹی اکیڈمیز میں بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ فورسز کی صلاحیتوں کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنایا جا سکے۔

  • 
نقیب محسود کیس میں راؤ انوار کی بریت کے خلاف اپیل کو نئی حمایت مل گئی

    
نقیب محسود کیس میں راؤ انوار کی بریت کے خلاف اپیل کو نئی حمایت مل گئی

    ‎نقیب محسود قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی بریت کے خلاف دائر اپیلوں کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقتول نقیب محسود کے صاحبزادے نے اپنے چچا کی حمایت میں سندھ ہائیکورٹ میں بیانِ حلفی جمع کرا دیا۔
    ‎سندھ ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران مقتول کے کمسن بیٹے عاطف کی جانب سے جمع کرائے گئے بیانِ حلفی میں کہا گیا کہ انہیں اپنے چچا کی جانب سے دائر اپیلوں پر کوئی اعتراض نہیں۔
    ‎بیانِ حلفی میں عاطف نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اس وقت کم عمر تھے جبکہ ان کی والدہ معاشرتی روایات کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں، اسی لیے دادا کے انتقال کے بعد ان کے چچا نے قانونی کارروائی آگے بڑھائی۔
    ‎سماعت کے دوران سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے وکلا نے اعتراض اٹھایا کہ اپیلیں مقتول کے بھائی کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔
    ‎عدالت کو بتایا گیا کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے راؤ انوار اور دیگر ملزمان کو بری کر دیا تھا، جس کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیلیں زیرِ سماعت ہیں۔
    ‎سندھ ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی جبکہ عاطف کی جانب سے جمع کرایا گیا بیانِ حلفی بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
    ‎واضح رہے کہ نقیب محسود قتل کیس پاکستان کے نمایاں مقدمات میں شمار ہوتا ہے، جس نے پولیس مقابلوں اور انسانی حقوق کے معاملات پر ملک بھر میں شدید بحث کو جنم دیا تھا۔

  • سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ریکارڈ

    سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ریکارڈ

    سونے اور چاندی کی قیمتوں میں آج بڑا اضافہ ریکارڈ ہوگیا۔

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج پیر کے روز فی اونس سونے کی قیمت 46ڈالر کے اضافے سے 4ہزار 554ڈالر کی سطح پر آ گئی،آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 77 ہزار 762 روپے ہوگئی ہے اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 943 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 9 ہزار 603 روپے تک پہنچ گئی۔

    علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 2ڈالر 36سینٹ بڑھ کر 77ڈالر 86 سینٹس کی سطح پر آنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 236روپے کے اضافے سے 8ہزار 270روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 203روپے کے اضافے سے 7ہزار 90روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

    معاشی ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق غیر یقینی صورتحال اور عالمی معاشی تبدیلیاں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔