Baaghi TV

Category: کراچی

  • کراچی،کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار

    کراچی،کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار

    کراچی میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی رینجرز اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ طور پر رئیس گوٹھ کے علاقے میں کی۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ، ڈیٹونیٹرز اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم تخریب کاری کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔رینجرز کے مطابق گرفتار دہشت گرد سجاد شاہ نے سنہ 2020 میں کالعدم تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ کراچی سمیت اندرون سندھ میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی مختلف کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

  • ‎پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی عدالت پہنچ گئی

    ‎پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی عدالت پہنچ گئی

    ‎امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کل اسلام آباد کی عدالت میں پٹیشن دائر کرے گی۔
    ‎جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرول مہنگا کرنا عوام پر بدترین ظلم ہے اور حکومت مسلسل مہنگائی کا بوجھ غریب عوام پر ڈال رہی ہے۔
    ‎انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی عیدالاضحیٰ کے بعد مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن مارچ کرے گی۔
    ‎حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور اب صرف نظام کی شاخیں نہیں بلکہ جڑیں اکھاڑنے کی ضرورت ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ گزشتہ 79 برسوں سے ملک پر ایک مخصوص طبقہ حکومت کر رہا ہے، جس میں طاقتور بیوروکریٹس، جاگیردار، سرمایہ دار اور مختلف مافیاز شامل ہیں۔
    ‎امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو تعلیم کے میدان میں جماعت اسلامی کا مقابلہ کرنا چاہیے، کیونکہ جماعت اسلامی نے ملک بھر میں ہزاروں تعلیمی ادارے قائم کیے ہیں جبکہ حکومت ایک بھی نیا کالج بنانے میں ناکام رہی۔
    ‎انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ پاکستان میں موجود تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
    ‎سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور لیوی کے نفاذ کے بعد ملک میں عوامی ردعمل میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتیں بھی حکومت پر دباؤ بڑھا رہی ہیں۔

  • پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی

    پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی

    ‎پاکستان میں ذوالحجہ 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ منانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سال پاکستان اور سعودی عرب میں عید ایک ہی دن منائی جائے گی۔
    ‎ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز میں بھی ہوئے۔
    ‎چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے مختلف شہروں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر اعلان کیا کہ پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر آ چکا ہے۔
    ‎انہوں نے بتایا کہ یکم ذوالحجہ 18 مئی بروز پیر ہوگی جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔
    ‎دوسری جانب سعودی عرب میں بھی ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کی تصدیق کر دی گئی ہے، جہاں سعودی سپریم کورٹ نے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وقوف عرفہ 26 مئی جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی۔
    ‎اسی طرح انڈونیشیا، ترکیہ اور تیونس نے بھی ذوالحجہ کے آغاز اور عیدالاضحیٰ کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔
    ‎ماہرین فلکیات کے مطابق چاند 17 مئی کی رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوا تھا اور غروبِ آفتاب کے وقت اس کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ تھی، جس کے باعث چاند نظر آنے کے واضح امکانات موجود تھے۔
    ‎ملک کے مختلف شہروں میں مغرب کے اوقات کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے چاند دیکھنے کی کوشش کی، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی چاند نظر آنے کی خبریں گردش کرتی رہیں۔
    ‎عیدالاضحیٰ مسلمانوں کا اہم مذہبی تہوار ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے، اس موقع پر مسلمان سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی ادا کرتے ہیں۔

  • ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

    ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

    ‎ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کراچی میں جاری ہے، جہاں چاند کی رویت سے متعلق مختلف شہادتوں اور سائنسی معلومات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
    ‎کراچی کے محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہونے والے اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں۔
    ‎اجلاس میں مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے ارکان کے ساتھ محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین بھی شریک ہیں۔
    ‎ذرائع کے مطابق آج چاند نظر آنے کی صورت میں پاکستان میں عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منائی جائے گی، جبکہ چاند نظر نہ آنے کی صورت میں عید 28 مئی بروز جمعرات ہوگی۔
    ‎میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ تاحال چاند نظر آنے کی کوئی مستند شہادت موصول نہیں ہوئی، تاہم زونل کمیٹیوں سے مسلسل رابطہ جاری ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ چاند نظر آنے کے امکانات کافی زیادہ ہیں اور جیسے ہی قابلِ اعتماد شہادت موصول ہوگی، عیدالاضحیٰ سے متعلق باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔
    ‎محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق ساحلی علاقوں میں چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔
    ‎سپارکو کے مطابق نیا چاند 17 مئی کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوا تھا، جبکہ غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، جو رویت کیلئے موزوں سمجھی جاتی ہے۔
    ‎سپارکو نے پیش گوئی کی ہے کہ یکم ذی الحج 1447 ہجری پیر 18 مئی کو ہونے کا امکان ہے، جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو متوقع ہے، تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔
    ‎دوسری جانب سعودی سپریم کورٹ نے بھی شہریوں سے آج 30 ذی القعدہ کی شام ذی الحج کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔

  • ابراہیم حیدری میں مسلح افراد پولیس کی تحویل سے چھالیہ بھری گاڑی چھین کر فرار

    ابراہیم حیدری میں مسلح افراد پولیس کی تحویل سے چھالیہ بھری گاڑی چھین کر فرار

    ‎کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں نامعلوم مسلح افراد پولیس کی تحویل سے چھالیہ سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہو گئے، جبکہ واقعے کے بعد پولیس نے دو الگ الگ مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
    ‎تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ریڑھی روڈ چائنا کٹ کے قریب پیش آیا جہاں پولیس اور مسلح افراد کے درمیان جھگڑا اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
    ‎پہلا مقدمہ سب انسپکٹر عبدالقادر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق پولیس کو مخبر کے ذریعے اطلاع ملی تھی کہ ایک سلور رنگ کی گاڑی میں چھالیہ اسمگل کی جا رہی ہے۔
    ‎پولیس نے مشتبہ گاڑی کو روک کر تلاشی شروع کی تو ڈرائیور نے اپنا نام اسماعیل جبکہ اس کے ساتھی نے عرفان بتایا۔
    ‎مدعی مقدمہ کے مطابق تلاشی کے دوران اچانک 14 سے 15 نامعلوم افراد ڈبل کیبن گاڑیوں میں موقع پر پہنچ گئے، جن میں سے بعض افراد نے مبینہ طور پر کوسٹ گارڈ کی وردی پہن رکھی تھی۔
    ‎پولیس کے مطابق ان افراد نے اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور زبردستی چھالیہ سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہو گئے، جبکہ ڈرائیور اسماعیل کو بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
    ‎پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موقع پر موجود ملزم عرفان کو گرفتار کر لیا۔
    ‎دوسرا مقدمہ گرفتار ملزم عرفان کی نشاندہی پر گٹکا برآمد ہونے کے بعد درج کیا گیا۔
    ‎پولیس کے مطابق عرفان کی نشاندہی پر نئی آبادی کے علاقے میں ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے تیار اور غیر تیار شدہ گٹکے کا بھاری مقدار میں سامان برآمد ہوا۔
    ‎کارروائی کے دوران انس نامی شخص کو بھی حراست میں لیا گیا۔
    ‎پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں مقدمات درج کر کے واقعے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کیلئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
    ‎شہری حلقوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں اسمگلنگ اور گٹکا مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔

  • شاہراہ بھٹو کا جلد افتتاح ہوگا، کراچی میں بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے: شرجیل میمن

    شاہراہ بھٹو کا جلد افتتاح ہوگا، کراچی میں بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے: شرجیل میمن

    ‎سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شاہراہ بھٹو کا جلد افتتاح کیا جائے گا جبکہ کراچی میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
    ‎ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر شہریوں کیلئے سب سے بڑا مسئلہ مکس ٹریفک ہے، تاہم بی آر ٹی منصوبہ اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور ٹریفک مسائل کے حل کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں کئی میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے، جن میں جدید اسپتال، یونیورسٹیاں، اسپورٹس گراؤنڈز، سڑکیں اور دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔
    ‎شرجیل میمن کے مطابق سندھ حکومت عوام کی سہولت اور فائدے کیلئے یہ منصوبے مکمل کر رہی ہے، اگرچہ تعمیراتی کاموں کے دوران شہریوں کو وقتی مشکلات اور پریشانی کا سامنا ضرور کرنا پڑ رہا ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پوری ٹیم مختلف منصوبوں کا دورہ کر رہی ہے، جبکہ کراچی میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکمے بھی ترقیاتی کاموں میں مصروف ہیں۔
    ‎منشیات کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ منشیات ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور حکومت سندھ صوبے سے اس ناسور کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ انمول عرف پنکی سے منشیات خریدنے والوں کی پگڑیاں اچھالنا مقصد نہیں، بلکہ اصل ہدف پورے منشیات نیٹ ورک کو ختم کرنا ہے۔
    ‎شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ منشیات فروش نیٹ ورکس کے خاتمے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی تاکہ نوجوان نسل کو اس تباہ کن لعنت سے بچایا جا سکے۔
    ‎سیاسی مبصرین کے مطابق کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اہم سمجھے جا رہے ہیں، تاہم ٹریفک اور تعمیراتی مسائل عوام کیلئے بدستور ایک بڑا چیلنج ہیں۔

  • منشیات فروش پنکی کے قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی تفصیلات جاری

    منشیات فروش پنکی کے قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی تفصیلات جاری

    منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

    دستاویزات کے مطابق ملزمہ پنکی نے 17 اپریل 2018 کو کراچی سے پاسپورٹ حاصل کیا جو 17 اپریل 2023 کوایکسپائر ہوا، دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ملزمہ انمول نے شناختی کارڈ بھی کراچی سے 6 دسمبر 2016 میں حاصل کیا، شناختی کارڈ پر ابوالحسن اصفہانی روڈ گلشن اقبال کا پتہ درج ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پنکی نے نام تبدیل کرکے ایک اور شناختی کارڈ بنوانے کی بھی کوشش کی جبکہ ملزمہ پنکی کی سفری تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے پنکی کے اہلخانہ کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں اور معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ چند کراچی میں گارڈن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش خاتون کو گرفتار کیا تھا، ملزمہ کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی کوکین اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد ہوئی تھیں۔

  • پنکی کو بچانے کیلئے بعض نامعلوم قوتیں متحرک؟ اہم شواہد غائب ہونے کاانکشاف

    پنکی کو بچانے کیلئے بعض نامعلوم قوتیں متحرک؟ اہم شواہد غائب ہونے کاانکشاف

    مبینہ منشیات فروش خاتون پنکی کو بچانے کے لیے بعض نامعلوم قوتوں کے متحرک ہونے کا انکشاف سامنے آگیا-

    تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ گارڈن تھانے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج دستیاب نہیں، ذرائع کے مطابق ملزمہ کو تھانے کب لایا گیا اور کب وہاں سے روانہ کیا گیا، اس حوالے سے کوئی باقاعدہ ریکارڈ موجود نہیں، جس پر پولیس حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اُس وقت بجلی موجود نہیں تھی، اسی وجہ سے ریکارڈنگ نہیں ہو سکی تاہم ذرائع کے مطابق معاملے نے کئی نئے سوالات کو جنم دے دیا ہے اور شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اہم شواہد غائب کیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ملزمہ پنکی کا مبینہ آن لائن کوکین سپلائی نیٹ ورک اب بھی سرگرم ہے، البتہ کارروائیوں کے بعد اس کے کارندوں نے رابطے کے نمبرز تبدیل کر لیے ہیں،مبینہ طور پر منشیات خریدنے والوں کو پیغامات ارسال کیے گئے جن میں کہا گیا کہ میڈم پنکی کا سابقہ نمبر بند ہو چکا ہے اور اب سروس ان کے دوست فراہم کر رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مبینہ پیغامات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کراچی میں 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن کوکین دستیاب ہے پیغامات میں گولڈن اسٹف 25 ہزار روپے فی گرام جبکہ سلور اسٹف 15 ہزار روپے فی گرام فروخت کیے جانے کا بھی ذکر کیا گیا ہے اس کے علاوہ مبینہ خریداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ رقم اب فیاض کمیونی کیشنز کے اکاؤنٹ میں منتقل نہ کی جائے کیونکہ مذکورہ اکاؤنٹ بلاک ہو چکا ہے، نیٹ ورک نئے مالیاتی ذرائع اور رابطہ نمبرز کے ذر یعے اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اس معاملے پر باضابطہ اور تفصیلی مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا-

  • منشیات کیس میں گرفتار خاتون نرگس کا شوہر بھی پولیس اہلکار نکلا

    منشیات کیس میں گرفتار خاتون نرگس کا شوہر بھی پولیس اہلکار نکلا

    کراچی کے علاقے قائد آباد سے گرفتار خاتون منشیات سپلائر نرگس کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آگئے ہیں.

    تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ اپنے شوہر اور بیٹے کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر منشیات کا خاندانی نیٹ ورک چلا رہی تھی گرفتار ملزمہ نرگس کا شوہر وکیل خان ریٹائرڈ پولیس اہلکار ہے، جو ماضی میں بھی منشیات کے مقدمے میں گرفتار ہو چکا ہے، جبکہ ان کا بیٹا طاہر خان بھی اس مبینہ نیٹ ورک میں سرگرم کردار ادا کرتا رہا۔

    ذرائع کے مطابق ماں، باپ اور بیٹے پر مشتمل یہ گروہ کراچی کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے میں ملوث تھا، جبکہ پوش علاقوں کے علاوہ جیلوں تک بھی منشیات پہنچانے کا انکشاف ہوا ہے ملزمہ کا بیٹا طاہر خان جیل اہلکاروں سے رابطے میں تھا اور انہی روابط کے ذریعے مبینہ طور پر جیل کے اندر منشیات سپلائی کی جاتی تھی۔

    تفتیشی حکام کے مطابق کوئٹہ سے فضل ولی نامی شخص اس گروہ کو منشیات فراہم کرتا تھا، جسے کراچی لا کر گھر میں چھپایا جاتا اور بعد ازاں مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا،ملزمان نے ضلع ملیر میں مبینہ طور پر تین گھر بھی حاصل کر رکھے تھے، جہاں سے نیٹ ورک کی سرگرمیاں چلائی جاتی تھیں قانون نافذ کرنے والے ادارے اس منشیات نیٹ ورک کے مزید کرداروں اور سہولت کاروں کے حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

  • ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج طلب

    ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج طلب

    ذوالحج کا چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

    وزارت مذہبی امور نے ذوالحج 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا،وزارت مذہبی امور کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کراچی میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے۔

    زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں طلب کیے گئے ہیں،وزارت مذہبی امور نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، آج ذوالحج کا چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالاضحیٰ بروز بدھ 27 مئی کو ہوگی، اگر چاند نظر نہیں آیا تو عیدالاضحیٰ 28 مئی بروز جمعرات منائی جائےگی۔

    دوسری جانب سعودی سپریم کورٹ نے بھی آج 30 ذی القعدہ کی شام کو ذی الحج کاچاند دیکھنے کی اپیل کی ہے سعودی سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخص کو ذی الحج کا چاند نظر آئے تو گواہی ریکارڈ کروائے۔

    قبل ازیں پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اپنی پیشگوئی میں کہا تھا کہ ذوالحجہ 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق پیدا ہونے کی توقع ہے 17 مئی 2026 کو غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔

    سپارکو کے مطابق ان فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر 17 مئی 2026 کی شام ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے امکانات موافق تصور کیے جا رہے ہیں، بشرطیکہ موسم صاف ہو اور افق کے قریب حد نگاہ بہتر ہو یکم ذوالحجہ 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی 2026 متوقع ہے، جو ماہ ذوالقعدہ کے اختتام کی علامت ہوگی۔

    سپارکو نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی، سپارکو کے مطابق ذوالحجہ کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کے بارے میں حتمی فیصلہ پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی بنیاد پر اسلامی مہینوں کے آغاز کا اعلان کرنے کا مجاز ادارہ ہے۔