Baaghi TV

Category: کراچی

  • عائشہ ثنا امریکا میں کس حال میں ہیں؟ ڈاکٹر عمر عادل کے حیران کن انکشافات

    عائشہ ثنا امریکا میں کس حال میں ہیں؟ ڈاکٹر عمر عادل کے حیران کن انکشافات

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان اور اداکارہ عائشہ ثنا سے متعلق حیران کن انکشافات سامنے آگئے۔

    عائشہ ثناء کے حوالے سے ڈاکٹر عمر عادل نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ و میزبان مالی مشکلات اور جان کے خطرات کے باعث پاکستان چھوڑنے پر مجبور ہوئیں جبکہ وہ اس وقت امریکا میں مختلف ملازمتیں کرکے زندگی گزار رہی ہیں یہ معاملہ 2018-19 کے دوران پیش آیا، جب عائشہ ثنا شدید مشکلات کا شکار تھیں اداکارہ نے متعدد بار ان سے کہا کہ ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے کیونکہ انہوں نے کچھ رقم ایک جگہ سرمایہ کاری کی تھی جس میں مسئلہ پیدا ہوگیا تھا اور متعلقہ لوگ ان کے پیچھے پڑ گئے تھے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ انہی دنوں عائشہ ثنا نے انہیں ایک کمیٹی میں شامل ہونے کا مشورہ دیا تھا ڈاکٹر عمر عادل کے مطابق 24 دسمبر 2018 کو ان کی کمیٹی نکلنی تھی اور عائشہ ثنا نے کہا تھا کہ وہ رقم لے کر ان کے پاس آرہی ہیں تاہم وہ رقم انہیں کبھی موصول نہ ہوسکی،عائشہ ثنا اس وقت سالٹ لیک سٹی میں مقیم ہیں اور یہ شہر میں ان کی پہلی نہیں بلکہ چوتھی رہائش گاہ ہے، اگرچہ ان کے پاس عائشہ ثنا کا رابطہ نمبر بھی موجود ہے، لیکن وہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ نہیں کرنا چاہتے۔

    انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا میں قیام کے دوران عائشہ ثنا پہلے ایک بھارتی اسٹور اور پھر ایک گیس اسٹیشن پر ملازمت کرچکی ہیں جبکہ اب وہ ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں ہوسٹس یا ویٹریس کے طور پر کام کر رہی ہیں جب وہ امریکا جائیں گے تو اسی ہوٹل میں قیام کریں گے تاکہ عائشہ ثنا سے ملاقات کر سکیں۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی

    امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کی امید پر اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، جہاں انڈیکس ابتدائی منٹوں میں ہی 3600 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا۔

    ایک موقع پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 171,456.12 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 3,611.88 پوائنٹس یعنی 2.15 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہےمارکیٹ میں تقریباً تمام اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا، جن میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں شامل ہیں، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، حبیب بینک، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ، مسلم کمرشل بینک، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی، ماری انرجیز، میزان بینک اور حبکو پاور کمپنی جیسے انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے شیئرز سبز زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔

  • گوادر پورٹ کی آپریشنل صلاحیت اور عالمی تجارتی اہمیت میں مزید اضافہ

    گوادر پورٹ کی آپریشنل صلاحیت اور عالمی تجارتی اہمیت میں مزید اضافہ

    گوادر پورٹ کی جدید بندرگاہی سہولیات علاقائی اور عالمی تجارتی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں –

    گوادر پورٹ نے 53 ہزار 277 میٹرک ٹن سے زائد کارگو کی کامیاب ہینڈلنگ کا اہم سنگِ میل عبور کر لیا،چین سے آنے والے بحری جہاز ایم وی بی جیا شان کو کامیابی سے گوادر پورٹ پر لنگر انداز کیا گیا،عمان کی بندرگاہ صحار جانے والے جہاز کو ٹرانس شپمنٹ آپریشنز کیلئے گوادر پورٹ منتقل کیا گیا، بحری جہاز ایم وی بی جیا شان پر موجود تقریباً20 ہزار669 اسٹیل بلٹس کی کامیاب ہینڈلنگ مکمل کی گئی-

    12.8 میٹر ڈرافٹ کے حامل بڑے بحری جہاز کی محفوظ برتھنگ گوادر پورٹ کی جدید سہولیات اور صلاحیت کو نمایاں کرتی ہے ایم وی بی جیا شان کی کامیاب ہینڈلنگ گوادر پورٹ پر بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کے بڑھتے اعتماد کی عکاس ہےگوادر پورٹ چین، مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے-

  • 
دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

    
دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

    ‎مہنگائی کے ستائے شہریوں کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آ گئی ہے کیونکہ دودھ اور دہی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے نیا سرکاری نرخ نامہ بھی جاری کر دیا ہے۔
    ‎سرکاری نرخ نامے کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی منظوری کے بعد بھینس کے دودھ کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 260 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
    ‎اسی طرح گائے کے دودھ کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور اب گائے کا دودھ 240 روپے فی لیٹر فروخت کیا جائے گا۔
    ‎نرخ نامے کے مطابق دہی کی قیمت میں بھی 20 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد دہی کی نئی قیمت 280 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔
    ‎شہریوں نے دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا مسلسل مہنگی ہوتی جا رہی ہیں، جس سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
    ‎دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے تمام دکانداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ سرکاری نرخ نامہ دکانوں پر نمایاں جگہ پر آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔
    ‎انتظامیہ کے مطابق مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے یا نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
    ‎معاشی ماہرین کے مطابق مویشیوں کی خوراک، ٹرانسپورٹ اخراجات اور بڑھتی مہنگائی کے باعث دودھ اور دودھ سے بنی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

  • 
کراچی میں پولیس نفری کی کمی، جرائم پر قابو پانا مشکل

    
کراچی میں پولیس نفری کی کمی، جرائم پر قابو پانا مشکل

    کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم کی ایک بڑی وجہ پولیس نفری کی شدید کمی قرار دی جا رہی ہے، جہاں عالمی معیار کے مقابلے میں شہر میں پولیس اہلکاروں کی تعداد انتہائی کم ہے۔
    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی کی آبادی 2 کروڑ 3 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق روزگار اور دیگر وجوہات کی بنا پر دوسرے شہروں سے آنے والے لاکھوں افراد بھی شہر میں مقیم ہیں، جو سرکاری اعداد و شمار میں شامل نہیں۔
    ‎ماہرینِ سماجیات کا کہنا ہے کہ بغیر منصوبہ بندی کے قائم ہونے والی آبادیوں، بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور محدود معاشی مواقع نے جرائم میں اضافے کی راہ ہموار کی ہے۔
    ‎کراچی پولیس کے تین زونز اور 8 اضلاع میں مجموعی طور پر 110 تھانے قائم ہیں۔ ایسٹ زون میں ضلع ایسٹ، کورنگی اور ملیر شامل ہیں جہاں تقریباً 11 ہزار 500 افسران و اہلکار تعینات ہیں۔
    ‎ویسٹ زون میں ضلع ویسٹ اور سینٹرل شامل ہیں جہاں مجموعی طور پر 6750 اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ ساوتھ زون میں ضلع ساؤتھ، سٹی اور کیماڑی شامل ہیں جہاں 8100 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
    ‎اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں جرائم کی روک تھام کے لیے مجموعی طور پر 26 ہزار 350 اہلکار تعینات ہیں، جن میں آپریشنل پولیس اور تفتیشی افسران شامل ہیں۔
    ‎اس کے علاوہ 16 ہزار 152 افسران و اہلکار دفتری امور اور دیگر انتظامی شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ وی وی آئی پی اور وی آئی پی سیکیورٹی پر 5461 اہلکار تعینات ہیں۔
    ‎عالمی معیار کے مطابق ہر 300 سے 400 شہریوں کے لیے ایک پولیس اہلکار ہونا چاہیے، تاہم کراچی میں صورتحال اس کے برعکس ہے جہاں 774 شہریوں پر صرف ایک پولیس اہلکار موجود ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق پولیس نفری کی کمی، وسائل کا فقدان اور آبادی میں تیزی سے اضافہ کراچی میں جرائم پر قابو پانے کی کوششوں کو متاثر کر رہا ہے، جس کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

  • ثاقب چدھڑ نے  کروڑوں روپے کے انتہائی قیمتی تحائف مومنہ اقبال کو دیئے،ارشاد بھٹی کا بڑا دعوٰی

    ثاقب چدھڑ نے کروڑوں روپے کے انتہائی قیمتی تحائف مومنہ اقبال کو دیئے،ارشاد بھٹی کا بڑا دعوٰی

    معروف صحافی ارشاد بھٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ معروف پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کو دیے گئےکروڑوں کی مالیت کے تحائف اور سفری اخراجات کی قانونی طور پر واپسی چاہتے ہیں۔

    ارشاد بھٹی نے ثاقب چدھڑ کے وکیل میاں علی اشفاق کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ سابق ایم پی اے نے شادی کی نیت سے مومنہ اقبال کو انتہائی قیمتی تحائف دیئے تھےان تحائف میں ایک فارچیونر گاڑی، ایک ہونڈا سوک اور 84 لاکھ روپے مالیت کی ایک قیمتی گھڑی سمیت دیگر لگژری اشیاء شامل ہیں ارشاد بھٹی کے مطابق فارچیونر گاڑی آج کل مومنہ کی والدہ کے زیر استعمال ہے اس کے علاوہ شمار ٹریولنگ اور سفری اخراجات کی ایک لمبی فہرست ہے۔

    ارشاد بھٹی کے مطابق ثاقب چڈھر کے وکیل میاں علی اشفاق نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کے درمیان تقریباً پانچ سال تک تعلقا ت رہے اور بات شادی تک پہنچ گئی تھی ثاقب چدھڑ اداکارہ کے گھر رشتہ لے کر بھی گئے تھے اور دونوں خاندان اس رشتے پر رضامند بھی تھے تاہم بعد ازاں ثاقب چدھڑ کو معلوم ہوا کہ مومنہ اقبال کی پہلے بھی دو شادیاں ہو چکی ہیں، جن میں سے ایک سے طلاق پہلے ہو چکی تھی جبکہ دوسری شادی کا خاتمہ بھی اسی دوران ہوا جب دونوں کے درمیان تعلقات موجود تھے۔

    ارشاد بھٹی کے مطابق وکیل کا کہنا ہے کہ انکشافات سامنے آنے کے بعد دونوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی، تاہم بعد میں معاملات دوبارہ بہتر ہو گئے اور شادی کی تیاریاں بھی شروع ہوگئی تھیں لیکن صورتحال اس وقت دوبارہ خراب ہوئی جب ثاقب چدھڑ کو مبینہ طور پر مومنہ اقبال کی کسی اور جگہ شاد ی طے ہونے کا علم ہوا۔

    ارشاد بھٹی کا کہنا ہے کہ ثاقب چدھڑ کے وکیل کے مطابق جب انہوں نے مومنہ اقبال سے اس حوالے سے رابطہ کیا تو بعد ازاں مومنہ کے ہونے والے شوہر کی جانب سے انہیں مبینہ دھمکیاں دی گئیں، جن کے خلاف ثاقب چدھڑ نے باقاعدہ مقدمہ بھی درج کروا دیا ہے جس کا دونوں فریقین اعتراف کر چکے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مومنہ اقبال یکم جون 2026 کو شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہی ہیں، ان کی بہن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام تنازعات اور خبروں کے باوجود مومنہ کی شادی اپنی مقررہ تاریخ پر ہی ہوگی اوردھوم دھام سے ہوگی۔

    ابتدائی طور پر یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ مومنہ اقبال کی جانب سے شادی کی پیشکش مسترد کیے جانے کے بعد ایم پی اے ثاقب چدھڑ مبینہ طور پر انہیں ہراساں کر رہے ہیں، تاہم ارشاد بھٹی کے مطابق ثاقب چدھڑ کے وکیل نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ثاقب چدھڑ مومنہ اقبال کو ہراساں نہیں کر رہے بلکہ صرف اپنے دیئے گئے تحائف واپس مانگ رہے ہیں مومنہ اگر کسی اور سے شادی کر رہی ہیں تو انہیں اس پر کو ئی اعتراض نہیں، اب وہ ان تمام اخراجات اور تحائف کی باقاعدہ واپسی کے لیے درخواست دینے جا رہے ہیں۔

  • پرانا گولیمار میں وفاقی سول حساس ادارے اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، مطلوب گینگ وار کمانڈر مارا گیا

    پرانا گولیمار میں وفاقی سول حساس ادارے اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، مطلوب گینگ وار کمانڈر مارا گیا

    کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں پولیس اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب گینگ وار کمانڈر مہراج ہلاک ہوگیا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں پولیس اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب گینگ وار کمانڈر مہراج ہلاک ہوگیا ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ ملزم منشیات فروشی کے نیٹ ورک میں بھی ملوث تھا-

    شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں اسی سلسلے میں ایس آئی یو اور رینجرز نے لیاقت آباد میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے ایک مبینہ بھتہ خور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا علاوہ ازیں درخشاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن منشیات فروخت کرنے والے مبینہ نیٹ ورک کے 4 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔

  • سعد ایدھی کراچی پہنچ گئے، اسرائیل میں قید کے دوران بدترین تشدد کا انکشاف

    سعد ایدھی کراچی پہنچ گئے، اسرائیل میں قید کے دوران بدترین تشدد کا انکشاف

    غزہ کے لیے روانہ ہونے والے بحری امدادی قافلے ’صمود فلوٹیلا‘ میں شامل معروف سماجی کارکن سعد ایدھی اسرائیلی فوج کی حراست سے رہا ہونے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

    جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچنے پر سعد ایدھی کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں ان کی اہلیہ اور کم سن بیٹی بھی موجود تھیں اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد ایدھی نے بتایا کہ ان کا یہ مشن غیر مسلح اور سراسر انسانی امداد پر مبنی تھا، جس کا مقصد بھوک کے شکار مظلوم فلسطینی عوام اور بچوں تک خوراک اور ادو یات پہنچانا تھا ان کا سفر 14 مئی کو شروع ہوا تھا، لیکن غزہ سے 200 ناٹیکل مائل دور بین الاقوامی سمندر میں اسرائیلی فوج نے انہیں زبردستی گرفتار کرلیا۔

    سعد ایدھی نے انکشاف کیا کہ ان کے قافلے میں 180 افراد شامل تھے، جنہیں 2 راتیں بحری جہاز پر محصور رکھا گیا، اس دوران شدید تشدد کے باعث 35 افراد زخمی ہوئے جبکہ 15 افراد کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی، حراست کے دوران انہیں کھانے میں صرف ڈبل روٹی اور پانی دیا جاتا تھا، 3 روز بعد جب انہیں اسرائیل پہنچایا گیا تو وہاں بھی غیر انسانی سلوک کا سلسلہ جاری رہا اور انہیں ایک ایسے سیل میں بند کردیا گیا جہاں رہائی کی کوئی امید نظر نہیں آتی تھی اس ظلم کے خلاف انہوں نے بھوک ہڑتال کی اور صرف پانی پی کر وقت گزارا۔

    سعد ایدھی کے مطابق اسرائیلی اہلکار قیدیوں کو سونے نہیں دیتے تھے اور اس مقصد کے لیے ان کی آنکھوں پر لیزر لائٹس ماری جاتی تھیں، جبکہ قید خانے کے فرش پر جان بوجھ کر پانی ڈال دیا جاتا تھا، انہیں کئی کئی گھنٹے گھٹنوں کے بل بٹھا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا جن افراد کے پاس امریکی یا یورپی پا سپورٹس نہیں تھے، ان پر زیادہ ظلم کیا جاتا تھا، جبکہ اپنی حکومت کے خلاف بولنے والے امریکی شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا تھا۔

    سعد ایدھی کا کہنا تھا کہ ان پر 4 دن تک لرزہ خیز تشدد کیا گیا، لیکن فلسطینی تو گزشتہ 80 سال سے یہ ظلم برداشت کررہے ہیں انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان کا لایا ہوا امدادی سامان ضائع کر دیا گیا ہے، تاہم وہ فلسطین کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے اور دوبارہ امداد پہنچانے کی کوشش کریں گے، انہوں نے حکومتِ پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین کا مسئلہ حل کرانے میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔

    اس موقع پر موجود سابق سینیٹر مشتاق احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعد ایدھی نے اس مشن کے ذریعے پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کی ہے اور اپنے دادا کا نام روشن کیا ہےوہ خود بھی دو مرتبہ اسرائیلی جیل میں قید رہ چکے ہیں اور وہاں کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے واقف ہیں اس وقت اسرا ئیل میں 11 ہزار فلسطینی قیدی موجود ہیں، جن میں 400 کے قریب 10 سال سے کم عمر بچے بھی شامل ہیں، اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کو پھانسی دینے کا قانون منظور کر لیا ہے، جبکہ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

  • 
سندھ میں عید کے دوران شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

    
سندھ میں عید کے دوران شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

    ‎پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے عید الاضحیٰ کے دوران صوبے بھر میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
    ‎پی ڈی ایم اے سندھ کے مطابق 25 سے 31 مئی کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی ہیٹ ویو متوقع ہے، جبکہ بعض اضلاع میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
    ‎ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شاہ نے بتایا کہ بالائی اور وسطی سندھ کے اضلاع سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو شدید گرمی سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ اس کے علاوہ بدین، سجاول، ٹھٹھہ، حیدرآباد، میرپورخاص، جامشورو اور سانگھڑ میں بھی شدید گرمی کی لہر کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
    ‎الرٹ کے مطابق کراچی میں موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ تاہم ہوا میں نمی کے تناسب میں اضافے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی۔
    ‎پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ عید الاضحیٰ کے دوران قربانی کے جانوروں کے لیے سایہ، پانی اور مناسب دیکھ بھال کا خصوصی انتظام کیا جائے تاکہ جانور شدید گرمی سے محفوظ رہ سکیں۔
    ‎اتھارٹی نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہیٹ ویو سے متعلق ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
    ‎ڈی جی سلمان شاہ کے مطابق پی ڈی ایم اے کا عملہ ہائی الرٹ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شہریوں کو بھی غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

  • 
امریکا ایران جنگ کا بوجھ پوری دنیا اٹھا رہی ہے، بلاول بھٹو

    
امریکا ایران جنگ کا بوجھ پوری دنیا اٹھا رہی ہے، بلاول بھٹو

    ‎پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کا بوجھ پوری دنیا کے عوام برداشت کر رہے ہیں۔
    ‎اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جنگ کی مخالفت کی ہے اور امن، مذاکرات اور سفارتی حل کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنگ بندی اور امن کے لیے جاری کوششیں کامیاب ہوں گی۔
    ‎بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
    ‎انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جنگ کا سلسلہ جاری رہا تو عوام کے لیے معاشی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔ ان کے مطابق مہنگائی، تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور عالمی معاشی دباؤ پہلے ہی عام شہریوں کو شدید متاثر کر رہا ہے۔
    ‎چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کے عوام پہلے ہی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور حکومت و سیاسی قیادت عوامی پریشانیوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی تنازعات کے اثرات صرف متعلقہ ممالک تک محدود نہیں رہتے بلکہ پوری دنیا کی معیشت اور عام انسان متاثر ہوتا ہے۔