Baaghi TV

Category: کراچی

  • سونے کی قیمت میں آج پھر بڑا اضافہ ریکارڈ

    سونے کی قیمت میں آج پھر بڑا اضافہ ریکارڈ

    سونے کی عالمی اور مقامی قیمتوں میں آج پھر بڑا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 26ڈالر کا اضافہ ہونے سے نئی عالمی قیمت 4ہزار 325ڈالر کی سطح پر آ گئی،دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی آج پیر کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 2ہزار 600روپے کے اضافے سے 4لاکھ 54ہزار 862روپے کی سطح پر آگئی جب کہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 2ہزار 229روپے کے اضافے سے 3لاکھ 89ہزار 970روپے کی سطح پر آگئی۔

    اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 68روپے کے اضافے سے 6ہزار 532روپے کی سطح پر آگئی ہے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 59روپے کے اضافے سے 5ہزار 600روپے کی سطح پر آگئی۔

  • کراچی دودھ دینے والی گائے ہے، اسے چارہ تو کھلاؤ،مصطفیٰ کمال

    کراچی دودھ دینے والی گائے ہے، اسے چارہ تو کھلاؤ،مصطفیٰ کمال

    وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں کراچی دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے 12 ممالک میں شامل ہوگیا تھا، آج شہر تباہ حال ہے، ہم اچھے نہیں مگر بروں میں کم برے ہیں،

    شہر قائد کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کو درست کرنے کا وقت آ چکا ہے کیونکہ اس شہر کی ترقی براہِ راست پاکستان کی معاشی مضبوطی سے جڑی ہوئی ہے،چھ ماہ قبل وزارتِ صحت کی ذمہ داری سنبھالی اور انہیں متعدد انتظامی و پالیسی چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم خدمتِ خلق ہی ان کی سیاست کا بنیادی مقصد رہا ہے۔ ماضی میں کیے گئے ترقیاتی منصوبے کسی دباؤ یا مطالبے کے نتیجے میں نہیں بلکہ شہری ضروریات کو مدنظر رکھ کر مکمل کیے گئے،کراچی دودھ دینے والی گائے ہے، اسے چارہ تو کھلاؤ، آپ کو معاشی بحران سے آئی ایم ایف نہیں کراچی نکال سکتا ہے، پاکستان کی 50 فیصد سے زیادہ برآمدات کراچی سے ہوتی ہیں، کراچی کی افادیت سے کوئی انکار نہیں کرتا۔

    مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے 90 فیصد علاقوں میں پینے کا صاف پانی نہیں ہے، ہماری لائنوں کا پانی ہمیں ہی فروخت کر دیا جاتا ہے، کراچی کو ٹھیک کرنے سے کوئی انکار بھی نہیں کرتا، لیکن کراچی کب ٹھیک ہو گا یہ کوئی نہیں بتاتا،کراچی چلے گا تو پاکستان چلے گا، ہمیں نظام ٹھیک کرنا ہے اور نظام ملک کا آئین ہے، ترقی یافتہ ملکوں میں مقامی حکومتوں کا نظام ہے، ہمارے ہاں مقامی حکومتوں کا نظام فراڈ ہے،کوئی اپنے لیڈر کے خلاف نہیں جاتا، ہماری واحد پارٹی ہے جس نے اپنے لیڈر کو فارغ کیا،میرے پاس کام کرنے کے لیے 12 نہیں 24 گھنٹے ہیں۔ میں آج بھی اپنے افسروں کو سُلا کر سوتا ہوں ۔

  • شرجیل میمن نے سنائی کراچی کی عوام کو بڑی خوشخبری

    شرجیل میمن نے سنائی کراچی کی عوام کو بڑی خوشخبری

    سندھ کے سینئر صوبائی وزیر،شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے لئے ڈبل ڈیکر بسیں بندرگاہ پر پہنچ گئی ہیں، محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ کی جانب سے ڈبل ڈیکر بسیں جلد سڑکوں پر لائی جائیں گی،

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عوام کو جدید، آرام دہ اور باوقار سفری سہولیات فراہم کرنے کے اپنے عزم کی جانب ایک اور اہم قدم بڑھا رہی ہے،کراچی کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں بندرگاہ پر پہنچ چکی ہیں اور انشاءاللہ بہت جلد شہر کی سڑکوں پر نظر آئیں گی، ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ایک مثبت اور تاریخی اضافہ ہے، جو شہریوں کے لیے سفر کو نہ صرف سہل بلکہ خوشگوار بھی بنائے گا۔ یہ بسیں جدید سہولیات سے آراستہ ہوں گی اور بڑھتی ہوئی آبادی و ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی،محکمہ ٹرانسپورٹ حکومتِ سندھ تمام انتظامی اور تکنیکی مراحل مکمل کر رہا ہے، تاکہ یہ ڈبل ڈیکر بسیں جلد از جلد سروس میں لائی جا سکیں۔ سندھ حکومت کا مقصد کراچی کو ایک جدید، منظم اور ماحول دوست شہر بنانا ہے، جہاں عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولیات میسر ہوں

  • شرمندگی کاباعث ہے کہ دنیا میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو ہے،وزیراعلیٰ سندھ

    شرمندگی کاباعث ہے کہ دنیا میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو ہے،وزیراعلیٰ سندھ

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں 7 روزہ پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔

    کراچی میں پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر مرادعلی شاہ نے کہا کہ 15 دسمبر سے شروع ہونے والی 7 روزہ مہم سندھ کے 30 اضلاع کی ایک ہزار 345 یوسیز میں چلائی جائے گی جس دوران ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے،پوری دنیا نے اسی طرح اس مرض سے چھٹکارا پایا ہے، یہ شرمندگی کاباعث ہے کہ دنیا میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو ہے، اس کا صرف ایک علاج ہے کہ ہم پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں، دیگر مسلم ممالک اسلامی نے بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر یہ مرض ختم کیا، پچھلے سال بھی 30 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے 9 کا تعلق سندھ سے تھا، یہ مرض کم ہوگیا تھا مگر کچھ سالوں سے دوبارہ بڑھا ہے، اس مہم میں 80 ہزار سے زائد فرنٹ لائن ورکرز حصہ لیں گے جن کی حفاظت کے لیے 21 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے، والدین سے عوام سے اپیل ہے کہ وہ بچوں کو پولیو قطرے ضرور پلائیں،پولیو کے قطرے ہر بچے کے محفوظ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔آئیے مل کر اپنے بچوں کو معذوری سے بچا کر صحت مند پاکستان بنائیں۔ پولیو ایک ایسا مرض ہے جو بچوں کے روشن مستقبل کو متاثر کر سکتا ہے۔ حکومت سندھ اس کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور ہر چند ماہ بعد انسداد پولیو مہم جاری رکھتی ہے تاکہ ہر بچہ محفوظ رہے آیئے مل کر پولیو کا خاتمہ کریں،ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو نے بی بی آصفہ بھٹو زرداری کو پولیو کے قطرے پلائے، آج وہ خاتونِ اوّل اور ایم این اے ہیں یہ تسلسل ہے قیادت، خدمت اور عوامی اعتماد کا

  • طلبہ کو پکنک پر لے جانے والی بس حادثے کا شکار، 10 بچے زخمی

    طلبہ کو پکنک پر لے جانے والی بس حادثے کا شکار، 10 بچے زخمی

    کراچی کے مصروف علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر نجی اسکول کے طلبہ کو پکنک کے لیے لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہو گئی۔

    پولیس کے مطابق بس کیفے بوگی کے قریب فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں بس میں سوار کم از کم 10 طلبہ زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ خوش قسمتی سے تمام زخمی طلبہ کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے اور زیادہ تر بچوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق بس میں سوار بچے ایک نجی اسکول کے طالب علم تھے اور پکنک کے لیے شہر سے باہر جا رہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں بس ڈرائیور نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، جس کے باعث بس پر قابو نہ رکھا جا سکا اور وہ فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جبکہ بس کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بس کی فٹنس، بریک سسٹم اور دیگر تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

    واقعے کے بعد بچوں کے والدین بھی اسپتال پہنچ گئے، جہاں انہوں نے بچوں کی خیریت دریافت کی۔ والدین کی جانب سے اسکول انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ انتظامات پر سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول بسوں کی فٹنس اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے.

  • کراچی سے 3 ہائی پروفائل ملزمان،3 شوٹرز سمیت 9 گرفتار

    کراچی سے 3 ہائی پروفائل ملزمان،3 شوٹرز سمیت 9 گرفتار

    ایس آئی یو نے کراچی میں بڑی کارروائی کی، 3 ہائی پروفائل ملزمان اور 3 شوٹرز سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی ایس آئی یو عمران خان کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق وصی لاکھو اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی نیٹ ورک سے ہے۔عمران خان کا کہنا ہے کہ ملزمان بھتہ خوری کا نیٹ ورک چلا رہے تھے، وصی اللہ لاکھو اور عبدالصمد بیرون ملک چھپے ہوئے ہیں۔ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزم ریحان الدین کار شو روم پر فائرنگ کے مقدمے میں ملوث تھا، ایک ماہ قبل جمشید کوارٹر تھانے میں بھتے کا مقدمہ درج ہوا تھا۔عمران خان نے بتایا کہ مجموعی طور پر 17 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، ابتدائی تفتیش میں گرفتار 8 افراد کا کریمنل ریکارڈ ملا ہے۔

  • دبئی میں ملازمت کے نام پر لڑکیوں کی اسمگلنگ میں ملوث کارندہ گرفتار

    دبئی میں ملازمت کے نام پر لڑکیوں کی اسمگلنگ میں ملوث کارندہ گرفتار

    کراچی، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے دبئی میں ملازمت دلانے کے نام پر لڑکیوں کو بیرون ملک اسمگل کرنے والے گروہ کے ایک اہم کارندے کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شاہ زیب کے نام سے ہوئی ہے، جسے امیگریشن کلیئرنس کے دوران حراست میں لیا گیا۔ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب وزٹ ویزے پر دبئی جانے والی ایک لڑکی نے امیگریشن عملے کو آگاہ کیا کہ اسے ہوٹل میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر بیرون ملک بھیجا جا رہا ہے۔لڑکی کی بروقت نشاندہی پر ایف آئی اے نے فوری تحقیقات کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث شاہ زیب کو گرفتار کرلیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ شاہ زیب نے مرکزی اسمگلر ندیم سے ملنے والی رقم کے عوض لڑکی کے وزٹ ویزے، ہوائی ٹکٹ اور دیگر سفری دستاویزات (شومنی) کا انتظام کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق ملزم شاہ زیب نے مجموعی طور پر 4 لاکھ 20 ہزار روپے وصول کیے، جن میں سے 40 ہزار روپے ایئرپورٹ پر کلیئرنس کے لیے اسلم نامی ایجنٹ کو دیے گئے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک میں مزید افراد کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس سے اسمگلنگ نیٹ ورک، سہولت کاروں اور بیرون ملک روابط کے حوالے سے تفصیلی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے لیے صرف قانونی اور مستند ذرائع اختیار کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا انسانی اسمگلنگ سے متعلق فوری طور پر ایف آئی اے کو اطلاع دیں۔

  • نیشنل گیمز کی رنگا رنگ اختتامی تقریب، فیلڈ مارشل  کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت

    نیشنل گیمز کی رنگا رنگ اختتامی تقریب، فیلڈ مارشل کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت

    35ویں نیشنل گیمز کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

    6 سے 13 دسمبر تک جاری رہنے والے نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب نیشنل بینک اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھےفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 35ویں نیشنل گیمز کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے 36ویں نیشنل گیمز کی میزبانی پنجاب کے سپرد کی، اس موقع پر نیشنل گیمز کا جھنڈا پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے حوالے کیا گیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی تقریب میں شرکت پر ہم ان کے مشکور ہیں اور 35ویں نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد پر خوشی ہے سندھ کو نیشنل گیمز کے انعقاد پر فخر ہے، نیشنل گیمز قومی وحدت، اتحاد اور ہم آہنگی کی علامت ہیں، مئی 2025 میں پاکستان نے معرکۂ حق میں دشمن کو شکست دی اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کو پسپا کیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی تھی، کھلاڑیوں نے ثابت کیا کہ پاکستانی کسی سے کم نہیں، اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے اپنی خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا۔

    تقریب کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو روایتی سندھی اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی اور اعزازی شیلڈ پیش کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بہترین کارکردگی پر پاکستان پولیس کو شیلڈ دی جبکہ بلاول بھٹو نے نمایاں کارکردگی پر صوبہ پنجاب کو اسپیشل ٹرافی سے نوازا۔

    قائد اعظم ٹرافی نیشنل گیمز کی فاتح پاکستان آرمی کے نام رہی، جسے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ٹرافی پیش کی۔ پاکستان آرمی نے 25ویں بار ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا اور 196 گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی،واپڈا 84 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی اور اسے رنر اپ ٹرافی دی گئی، جبکہ پاکستان نیوی 36 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی، بہترین کارکردگی پر پاکستان نیوی کو ٹرافی عطا کی گئی جو فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیش کی،نیشنل ریکارڈ قائم کرنے پر رول آف آنر ٹرافی حمزہ آصف کے نام رہی۔

  • سونے کی قیمت میں بڑی کمی

    سونے کی قیمت میں بڑی کمی

    سونے کی قیمت میں گزشتہ روز بڑے اضافے کے بعد ایک بار پھر کمی ہو گئی ہے۔

    آج سونے کے نرخ میں دو ہزار روپے کی کمی ہو گئی ہے،اس کمی کے بعد فی تولہ سونے کا نیا نرخ 4 لاکھ 52 ہزار 262 روپے ہو گیا ہے، 10 گرام سونا 1715 روپے سستا ہونے سے نئی قیمت 3 لاکھ 87 ہزار 741 روپے ہو گئی ہے،عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں 20 ڈالر کمی ہونے سے فی اونس سونا 4 ہزار 299 ڈالر کی سطح پر آ گیا ہے،واضح رہے کہ گزشتہ روز سونا 10 ہزار 700 روپے تولہ مہنگا ہوا تھا-

    واضح رہے کہ چاندی کی فی تولہ قیمت میں 220 روپے کی کمی ہونے سے قیمت 6 ہزار 464 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

  • سندھ حکومت کا زرعی شعبے کی ترقی کے لیے جامع اصلاحات کا اعلان

    سندھ حکومت کا زرعی شعبے کی ترقی کے لیے جامع اصلاحات کا اعلان

    کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چھوٹے کاشت کاروں کے لیے قرضوں کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کی جائیں-

    ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت زرعی شعبے سے متعلق اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیرِ زراعت محمد بخش مہر، چیف سیکریٹری و دیگر شریک ہوئے،اجلاس میں زرعی ترقی، کریڈٹ سکیمز اور ہاریوں کی معاونت پر غور کیا گیا، سندھ حکومت نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے جامع اصلاحات کا اعلان کیا۔

    وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ آبادگار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، انہیں ہر ممکن سہولت دیں گے، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق پر مبنی زراعت کو فروغ دیا جائے غیر شفافیت یا ہاریوں کے فنڈز میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی،چھوٹے کاشت کاروں کے لیے قرضوں کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کی جائیں-

    وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہاریوں کے لیے بر وقت اور شفاف مالی معاونت یقینی بنائی جائے، وزیر اعلیٰ سندھ نے نئی اور سمارٹ کراپنگ پیٹرن اختیار کرنے کی تاکید کی،اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق فصلوں کے پیٹرن بدلنے پر مشاورت کی گئی-