کراچی کے علاقے کاٹھور کے قریب ایک ہولناک حادثے میں آئل ٹینکر مسافر وین پر گر گیا، جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ حادثے میں حیدرآباد سے کراچی آنے والی ایک گاڑی بھی ٹینکر کی زد میں آ گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 مرد، 3 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں، جن کی عمریں 6 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ آئل ٹینکر کو کاٹ کر ریسکیو آپریشن جاری ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ حادثہ چند گاڑیوں کے رانگ وے پر آنے کے باعث پیش آیا۔ ریسکیو اور پولیس ٹیمیں علاقے میں موجود ہیں اور مزید امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
Category: کراچی
-

کراچی میں کاٹھور کے قریب آئل ٹینکر حادثے میں 12 افراد جاں بحق
-

ماہ رمضان سے قبل کراچی میں پانی کی شدید کمی
کراچی میں ماہِ صیام کی آمد سے قبل پانی کا بحران دوبارہ نمودار ہو گیا ہے۔ گلشنِ اقبال شانتی نگر کے قریب واٹر کارپوریشن کی 84 انچ قطر کی مرکزی لائن کے لیک ہونے سے شہر کے بڑے حصے میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
واٹر کارپوریشن حکام نے بتایا کہ متاثرہ لائن کی مرمت مکمل کر دی گئی ہے اور دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔ تاہم، دھابیجی سے شہر تک پانی پہنچنے میں تقریباً 18 گھنٹے لگتے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو مکمل فراہمی کل سے متوقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رمضان سے قبل پیدا ہونے والے اس بحران سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مگر صورتحال جلد معمول پر آ جائے گی۔ -

کراچی،مشرف کالونی میں گولیاں چل گئیں،میاں بیوی،بیٹے کی موت
کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں صبح سویرے اندوہناک فائرنگ کے واقعے میں میاں، بیوی اور ان کا کمسن بیٹا جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔
واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا، پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ صبح تقریباً ساڑھے 6 بجے پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں و زخمی خاتون کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ بظاہر ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں عابد نامی شخص، اس کی اہلیہ اور ان کا بیٹا شامل ہیں۔ عابد پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور تھا اور اس کا تعلق مانسہرہ سے بتایا جاتا ہے۔ فائرنگ کے دوران زخمی ہونے والی خاتون مقتول عابد کی سالی ہے جو واقعے کے وقت گھر میں بطور مہمان موجود تھی۔
زخمی خاتون نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا کہ حملہ آور عابد کا ہم زلف دانش تھا۔ اس کے مطابق عابد نے اپنی ایک بیٹی دانش کو گود دے رکھی تھی، تاہم بعد ازاں اسی معاملے پر دونوں کے درمیان تنازع پیدا ہو گیا تھا۔ زخمی خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم دانش رات تقریباً تین بجے عابد کے گھر آیا تھا اور بعد ازاں صبح فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔پولیس حکام کے مطابق علاقہ مکینوں نے بھی بیان دیا ہے کہ انہوں نے ملزم دانش کو واردات کے بعد عابد کے گھر سے فرار ہوتے دیکھا۔ پولیس نے ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے فارنزک تجزیے کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
-

لاپتا شہری شاہ میر پولیس مقابلے میں مارا گیا، سندھ ہائیکورٹ کا اظہارِ حیرت
کراچی سے لاپتا ہونے والے شہری شاہ میر کے پولیس مقابلے میں مارے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ بات جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران سامنے آئی، جہاں شہر کے مختلف علاقوں سے 20 سے زائد لاپتا افراد سے متعلق درخواستوں پر کارروائی کی گئی۔
پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ میر ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے، جس پر عدالت نے حیرت کا اظہار کیا۔
سچل تھانے کے تفتیشی افسر نے عدالت میں پیش ہو کر مؤقف اختیار کیا کہ شاہ میر مقابلے میں مارا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شاہ میر کو مبینہ مقابلے سے دو روز قبل حراست میں لیا گیا تھا۔
عدالت نے زیر حراست شہری کی پولیس مقابلے میں ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا اور آئینی بینچ کو ہدایت کی کہ 19 فروری کو مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔
عدالت نے دیگر لاپتا افراد سے متعلق بھی تفصیلی رپورٹس طلب کر لی ہیں۔ -

جناح ایئرپورٹ پر ٹرالیاں غائب، پی اے اے کے 9 ملازمین معطل
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کو ٹرالیاں دستیاب نہ ہونے کے معاملے پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے 9 ملازمین کو معطل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق معطل افراد میں شفٹ کے ڈیوٹی فیلڈ آفیسر، ڈپٹی ڈیوٹی فیلڈ آفیسر اور ٹرالی اسٹاف شامل ہیں۔ شکایات سامنے آئیں کہ ٹرالیوں کو ٹرمینل بلڈنگ سے باہر نہیں لے جایا جا رہا تھا، جس کے باعث مسافروں کو سامان خود اٹھا کر لے جانا پڑا۔
واقعے کے بعد کراچی ایئرپورٹ منیجر کی سربراہی میں انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ -

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز مندی کا رجحان رہا اور کاروبار کے دوران 4,000 پوائنٹس کی کمی کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 78 ہزار 725 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ کا آغاز منفی زون میں ہوا اور دن بھر مسلسل کمی دیکھی گئی۔ ماہرین کے مطابق اس کی بنیادی وجہ بینکوں کے مالیاتی نتائج کا توقعات سے کم ہونا اور فرٹیلائزرز کی ایک بڑی کمپنی کی جانب سے کم منافع کی تقسیم ہے۔
تجزیہ کار شہر یار بٹ نے بتایا کہ بینکوں اور فرٹیلائزرز کی مالی کارکردگی نے مارکیٹ میں منفی رجحان کو فروغ دیا۔ اس کے علاوہ نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی نے بھی لسٹڈ کمپنیوں پر منفی اثر ڈال کر اسٹاک ایکسچینج میں کمی کو مزید بڑھا دیا۔ -

معروف نعت خواں تابندہ لاری انتقال کر گئیں
پاکستان کی معروف نعت خواں تابندہ لاری انتقال کر گئیں۔ وہ کراچی کے قومی ادارہ امراضِ قلب میں زیرِ علاج تھیں۔
اسپتال حکام کے مطابق تابندہ لاری گزشتہ چند دنوں سے عارضۂ قلب میں مبتلا تھیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق بھی ادارے کی جانب سے کی گئی ہے۔
تابندہ لاری اپنی پرسوز آواز اور عقیدت بھری نعتوں کے باعث ملک بھر میں پہچانی جاتی تھیں، اور مذہبی محافل میں ان کی شرکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ -

کراچی: بلیک میل کرنے پر سیکیورٹی گارڈ نے خاتون کو قتل کر دیا
پاپوش نگر صرافہ بازار میں واقع نجی بینک کے باہر سیکیورٹی گارڈ صادق ولد حاجی خان نے فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کر دیا-
پولیس کے مطابق پاپوش نگر تھانے کے علاقے پاپوش نگر صرافہ بازار میں واقع نجی بینک کے باہر فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا تاہم شدید زخمی خاتون دوران علاج دم توڑ گئی مقتولہ خاتون اور گرفتار سیکیورٹی گارڈ مبینہ طور پر آپس میں دوست تھے اور دوران تفتیش گرفتار گارڈز نے بتایا کہ مقتولہ خاتون اسے بیلک میل کر رہی تھی اور اسی وجہ سے اس نے فائرنگ کی۔
مقتولہ خاتون کی شناخت 32 سالہ زاہدہ زوجہ آصف کے نام سے کی گئی، مقتولہ خاتون چاندنی چوک کی رہائشی تھی فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پر طلب کیا۔
ایس ایچ او پاپوش نگر نے بتایا کہ مقتولہ خاتون نے گزشتہ ماہ گرفتار سیکیورٹی گارڈ سے 50ہزار روپے لیے تھے اور مزید رقم کا تقاضا کر رہی تھی، مقتولہ کے پاس گرفتار سیکیورٹی گارڈ کی ویڈیو موجود تھی اور مزید رقم نہ ملنے پر گارڈ کو ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر بلیک میل کر رہی تھی جس کی وجہ سے گرفتار سیکیور ٹی گارڈ پریشان تھا جمعرات کو گرفتار سیکیورٹی گارڈ نے رقم دینے کے بہانے خاتون کو فون کال کرکے بلوایا اور اسے فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا، پولیس نے گرفتار سیکیورٹی گارڈ کے قبضے سے اسلحہ اور جائے وقوع سے چلیدہ خول بھی برآمد کیے ہیں جبکہ مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
-

حکومت سندھ نے پہلے کبھی سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر نہیں دیے تھے،مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا ہے کہ سندھ میں 2022 کے سیلاب سے 70 فیصد گھر تباہ ہوگئے تھے اور لاکھوں افراد بےگھر ہوگئے تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایشیا پیسیفک شیلٹر اینڈ سیٹلمنٹس فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں 2022 کے سیلاب سے 70 فیصد گھر تباہ ہوگئے تھے اور لاکھوں افراد بےگھر ہوگئے تھے اس مشکل صورتحال میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ اپنے تمام دورے منسوخ کرکے متاثرین کے پاس گئے اور ان کے لیے گھر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت سندھ نے پہلے کبھی سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر نہیں دیے تھے، لیکن بلاول بھٹو زرداری کے ویژن اور قیادت کی بدولت یہ ممکن ہوا، ابتدائی طور پر منصوبے کے لیے بجٹ ناکافی لگ رہا تھا، لیکن عالمی بینک اور دیگر اداروں کی امداد کے بعد منصوبے کو آگے بڑھایا گیا۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ اب تک 7 لاکھ سے زیادہ گھر بنانے کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے اور یہ سب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کی بدولت ممکن ہوا ہے، جو اس وقت میونخ میں ہیں وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ متاثرین کی بحالی کے یہ اقدامات واقعی حیران کن اور متاثر کن ہیں-
-

کراچی ایئرپورٹ پر بدنظمی، رکاوٹوں اور عملے کی کمی سے مسافروں کی پروازیں چھوٹنے لگیں
کراچی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے شدید مشکلات کا سبب بن گیا ہے، جہاں سیکیورٹی رکاوٹوں، طویل قطاروں اور عملے کی کمی کے باعث پروازیں چھوٹنے کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔
اسٹار گیٹ اور جناح ٹرمینل پر پولیس چیک پوسٹس پر محدود اہلکاروں کی تعیناتی کے باعث چیکنگ کا عمل سست ہے، جس سے شارع فیصل پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں معمول بن چکی ہیں۔ جناح ٹرمینل کی پارکنگ اور لیول ٹو ریمپ پر بھی ٹریفک جام کی صورتحال رہتی ہے۔
ڈپارچر لاؤنج میں داخلے کے لیے تنگ راستے اور ناکافی عملہ مسافروں کو کم از کم ایک گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کروا رہے ہیں۔ سامان کی اسکیننگ، جسمانی تلاشی، کسٹمز اور اے این ایف کی پوچھ گچھ کے مراحل سے گزرنے کے بعد مسافر ایئرلائن کاؤنٹر تک پہنچتے ہیں، جہاں بورڈنگ کے لیے وقت انتہائی محدود رہ جاتا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق امیگریشن کے صرف 9 کاؤنٹر فعال ہیں جبکہ نصف سے زائد بند پڑے ہیں، جس کی وجہ ایف آئی اے امیگریشن میں عملے کی کمی بتائی جاتی ہے۔ حالیہ دنوں میں ایک ہی شفٹ میں 22 مسافر تاخیر کے باعث سفر سے محروم رہے۔
پی اے اے ریکارڈ کے مطابق مسافروں کی تاخیر سے آمد اور امیگریشن میں غیر معمولی سست روی کے باعث بین الاقوامی پروازوں کی روانگی میں ایک گھنٹے سے زائد تاخیر معمول بن چکی ہے۔ غیر ملکی ایئرلائنز نے بھی اس صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اگرچہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خود ایئرپورٹ کا دورہ کیا، تاہم عملی طور پر بہتری نظر نہیں آئی۔ حکام کے مطابق صرف مسافروں کو پانچ گھنٹے پہلے بلانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا جب تک داخلی راستوں پر رکاوٹیں اور عملے کی کمی دور نہیں کی جاتی۔