کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی نے سندھ میں ایک بار پھر نیا بلدیاتی نظام لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی بلاول بھٹو زرداری نے بھی منظوری دے دی۔ ٹاؤن سسٹم پھر سے بحال ہو جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں نئےبلدیاتی نظام کی منظوری دے دی، جس کے بعد کل نئے بلدیاتی نظام کا بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
پاکستان پیپلزپارٹی بل کی منظوری کے حوالے سے پُرامید ہے اور بتایا جارہا ہے کہ منظوری کے بعد مجوزہ بلدیاتی نظام میں بڑی تبدیلیاں کی جائیں گی۔
نئے بلدیاتی نظام کے تحت کراچی میں ضلع کونسل اور ڈی ایم سی کے نظام کو ختم کر کے صوبے کے ہر ڈویژن میں ٹاؤن سسٹم نافذ کیا جائے گا، کراچی میں ضلع کونسل اورڈی ایم سیزکی جگہ 25 ٹاؤنز تشکیل دیے جائیں گے، جو جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں 18 تھے۔
نئےبلدیاتی نظام میں میئرکراچی کو مزیداختیارات دیے جائیں گے جبکہ یونین کونسل کے چیئرمینز بھی بااختیار ہوں گے۔ نئےنظام میں میونسپل سہولیات کو ایک پلیٹ فارم میں یکجاکیاجائےگا۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے نئےبلدیاتی نظام میں ایم کیوایم اورجماعت اسلامی کی تجاویزکو بھی شامل کیا ہے۔
Category: کراچی
-

بلاول بھٹو نے سندھ کے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی
-

ٹرانسپورٹ کے کرایو ں میں من مانا اضافہ،بسوں میں خود ساختہ جعلی کرایہ نامہ آویزاں
کراچی : ٹرانسپورٹ کے کرایو ں میں من مانا اضافہ،بسوں میں خود ساختہ جعلی کرایہ نامہ آویزاں
سماجی رہنما و ماہر تعلیم حنید لاکھانی نے پور ے ملک میں پبلک ٹرانسپورٹ کے من مانے اضافوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے من مانے اضافوں نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے، پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں کے بعد ٹرانسپورٹرز نے بھی کرائے بڑھا دیئے ہیں جبکہ ٹرانسپورٹرز کو کوئی اختیار نہیں کہ از خود کرائے مقرر کر کہ لوٹ مار کا بازار گرم کر لیں ، حکومت نے گزشتہ دس سالوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کی کرائے نامہ کی لسٹ بھی جاری نہیں کی گئی جس کے مطابق پر مسافر کو فی کلومیٹر کس حساب سے کرایہ لیاجاتا ہے اور نہ ہی پبلک ٹرانسپورٹ میں کوئی ٹکٹ دینے کا نظام ہے، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنیدلا کھانی نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ والوں کی جانب سے سو سے لیکر دو سوروپے تک اضافہ کردیا گیا ہے، ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر کراچی کے ٹرانسپورٹرز نے من مانی کرتے ہوئے پہلے سے آخری اسٹاپ تک کرایوں میں بیس روپے تک اضافہ کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ بیشتر پبلک ٹرانسپورٹ سی این جی پر چلتی ہے جبکہ کرایوں میں اضافہ پٹرول کی قیمت بڑھنے کی مد میں لیا جا رہا ہے جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کا کام ہے کہ وہ حکومتی مقرر کردہ نرخوں پر عمل درا?مد کویقینی بنائے اور جو کرایہ حکومت نے فی کلومیٹر یا فی دس کلومیٹر تک مقرر کر رکھا ہے وہی عوام سے لیا جائے اور کرائے نامے کی لسٹ ہر پبلک ٹرانسپورٹ میں آویزاں ہونی چاہیے، انہوں نے کہا کہ کراچی کروڑوں کی آبادی کا شہر ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ یہاں کے لوگوں کے لیئے حکومتی سطح پر کوئی ایسی پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر نہیں ہے جس کو سستی اورآرام دہ سواری کہا جا سکے، پبلک ٹرانسپورٹ کے نام پر کراچی کے لوگ ٹوٹی پھوٹی اور کئی سال پرانی بسوں یا پھر چنچی رکشہ میں سفر کرنے پر مجبور ہیں اربوں روپے کا ٹیکس دینے والے شہر کی عوام ضلعی انتظامیہ کی نا اہلی کیوجہ سے مہنگے کرائے میں ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور پرانی بسوں پر سفر کررہے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی عوام کے ٹرانسپورٹ کے مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پر حل ہونا چاہیے کیونکہ یہ عوام کا دیرینہ اور اہم ترین مسئلہ ہے .
-

نامعلوم ملزمان نومولود بچہ جھلسی ہوئی حالت میں پھینک کر فرار
کراچی : نامعلوم ملزمان نومولود بچہ جھلسی ہوئی حالت میں پھینک کر فرار ۔
تفصیلات کے مطابق گلشن حدید میں نامعلوم ملزمان نومولود بچہ جھلسی ہوئی حالت میں پھینک کر فرار ہوگئے، پولیس نے زخمی بچے کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا ۔
بن قاسم تھانے کی حدود گلشن حدید میں واقع عائشہ اسپتال کے قریب سے نومولود بچے کے جھلسی ہوئی حالت میں موجودگی کی اطلاع ملنے پر مددگار 15 نے فوری موقع پر پہنچ کر بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا، پولیس کے مطابق بچہ شدید زخمی حالت میں ملا ہے جو کہ آگ سے جھلسا ہوا تھا، بچے کو نامعلوم افراد پھینک کر فرار ہو ئے ہیں، تاہم اس ححوالے سے پولیس تفتیش کررہی ہے ۔
-

شوہر نے جھگڑے کے دوران بیوی کو پھندا لگا کر قتل کردیا
کراچی : سرجانی ٹاؤن میں شوہر نے جھگڑے کے دوران بیوی کو پھندا لگاکر قتل کردیا، پولیس نے ملزم شوہر کو گرفتار کرلیا .
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سیکٹر ایل ون مکان نمبر ایک تین میں خاتون کی پھندا لگی لاش کی موجودگی کی اطلاع پاکر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیکر کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ۔ پولیس کے مطابق اسپتال میں مقتولہ کی شناخت 26 سالہ لاریب زوجہ ذوالفقار کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو اس کے شوہر ذوالفقار نے پھندا لگاکر قتل کیا ہے تاہم پولیس نے ملزم شوہر کو گرفتار کرکے واقعہ کی مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔
-

نیکیوں کو ریاکاری کی تباہی سے بچانا ضروری ہے : علامہ الیا س قادری
کراچی : امیر اہل سنت مولانا محمدالیاس قادری نے کہا ہے کہ ہماری نیکی ظاہر ہوجائے،لوگ تعریفیں کرنے لگیں،واہ واہ ہونے لگے، زیادہ لوگوں میں اعلان اورسوشل میڈیا پر وائر ل ہوجائے،اخبار میں اشتہار لگ جائے تو ہمیں خوشی ہوتی ہے،ہم پھولے نہیں سماتے، مگر قربان جایئے اللہ پاک کے نیک اور پاکیزہ لوگوں کی سوچ پر، ان کی ہمت پر،ان کے اخلاص پر یہ لوگ خالص اللہ کی رضا کیلئے نیکیاں کیا کرتے تھے،ہمارے بزرگان دین نیک اعمال میں اخلاص کا بہت لحاظ رکھا کرتے اور اپنی نیکیاں چھپانے کا خوب اہتمام فرماتے تھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میںہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔امیر اہل سنت نے فرمایا کہ آخرت میں نجات کیلئے نیکیاں کرنا بہت ضروری ہے،اسی طرح اپنی نیکیوں کو ریاکاری کی تباہ کاری سے بچانا بھی ضروری ہے،ریاکاری شرک کے مشابہت رکھتی ہے،اس سے ریاکاری کی سنگینی کا معلوم ہوتا ہے۔ ریاکاری دجال کے فتنے سے زیادہ خطر ناک ہے، ریاکاری کا علاج یہ ہے کہ نیکیوں کو چھپایا جائے، وہ نیکیاں جو چھپ کر کی جاسکتی ہیں جیسے تہجد،نفل نمازیں،صدقہ وخیرات وغیرہ ایسی نیکیوں میں کوشش کریں کہ اللہ پاک کے سوا کسی کو ان کا علم نہ ہو، البتہ وہ نیکیاں جن کا اظہار ضروری ہے انہیں اخلاص کے ساتھ کیا جائے۔
امیر اہل سنت نے اپنے بیان میں مزید فرمایا کہ ریاکاری کی وجہ سے بہت نقصان ہوتا ہے، نیکی کرنا آسان کام نہیں ہے،ایک نیکی کرنے کے لئے انسان ایک ہی وقت میں دو دشمنوں سے جنگ لڑتا ہے،ایک نفس امارہ اور دوسرا شیطان، یہ دنوں انتہائی خطر ناک دشمن ہیں،یہ ہر وقت نیکیوں سے روکتے رہتے ہیں،انسان ان دونوں کی مخالفت کرکے نیکی کرتا ہے،ریاکاری کی نیت سے نیکیوں کا اظہار کرنے والے کا محض عمل بے کار کردیا جاتا،تب بھی صرف اتنا ہوتا کہ گویا اس نے نیکی کی ہی نہیں، لیکن بات یہ نہیں ہے بلکہ ریاکار تو وہ خطا کار ہے جو کرتا نیکی ہے مگر ریاکاری کے سبب گنہگار لکھ دیا جاتا ہے،دکھاوے کیلئے نیکی کرنا ریاکاری کی نیت سے نیکی کا اظہار کردیناخطر ناک ہے۔
امیر اہل سنت نے فرمایا کہ جس طرح ریاکاری کی نیت سے نیکیوں کا اظہار اچھا نہیں اسی طرح گناہوں کا اظہار بھی نہ کریں، ایمان کا تقاضہ ہے کہ بندہ ریاکاری سے ہر دم بچتا رہے اور نیک کام صرف اور صرف اللہ پاک کی رضا کیلئے کیا کرے، اللہ پاک سے دعا ہے اپنے نیک بندوں کا صدقہ ہمیں بھی اخلاص کی دولت عطا فرمائے -

عائزہ خان کا سنڈریلا بننے کا خواب دیکھنے والی لڑکیوں کیلئے مشورہ
کراچی : پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف ماڈل و اداکارہ عائزہ خان نے سنڈریلا بننے کا خواب دیکھنے والی لڑکیوں کو ایک مفید مشورہ دیا ہے۔
عائزہ خان نے انسٹا گرام پر اپنی نئی خوبصورت تصاویر شیئر کی ہیں۔ ان تصاویر میں عائزہ خان آسمانی رنگ کا خوبصورت گائون پہنے ہوئے بالکل افسانوی کردار سنڈریلا جیسی نظر آرہی ہیں۔
انہوں نے اپنی یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’اپنی کہانی کی سنڈریلا بننے کیلئے، آپ کوصرف اپنی ضرورت ہے‘۔انہوں نے لکھا کہ’آپ کو کسی شہزادے کی ضرورت نہیں ہے کہ وہ آئے اور آپ کو شہزادی بنائے، جبکہ آپ تو پیدائشی ملکہ ہیں‘۔انہوں نے مزید لکھا کہ’ اپنی قدر جانیں اور ہمیشہ اپنا سر بلند رکھیں۔ یاد رکھیں، آپ دنیا کو چلاتی ہیں‘۔
-

نالائق پی ٹی آئی حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ ہمیشہ سندھ پر گراتی رہی ہے : منظور وسان
مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے کہا ہے کہ نالائق پی ٹی آئی حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ ہمیشہ سندھ پر گراتی رہی ہے ، یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔
ملک کو مہنگائستان بنانے والے سندھ حکومت کو کہتے ہیں کہ ذخیرہ اندوزوں اورمنافع خوروں کے خلاف کارروائی کرو.عمران خان کے سندھ میں مداخلت کے حوالے سے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ کیا ملک میں پی پی پی کی حکومت ہی ، وزیراعظم صاحب زہر افشانی کرنابند کریں اور بنی گالا میں چھپے مافیاز کے خلاف کارروائی کریں۔
کیا ملک میں مہنگائی،منافع خوری، بیروزگاری کی ذمہ دار سندھ حکومت ہی مشیر زراعت نے کہا کہ کیا چینی چور ماسک چور،ادویات چورسندھ حکومت ہی جواب دیں الزام نہ لگائیں۔کیا آئی ایم ایف سے قرضہ سندھ حکومت نے لیا ہے اگر نہیں تو مہنگائی کی ذمہ دار سندھ حکومت کیسے ہی خان صاحب جو ڈی اے پی کھاد کی بوری 4 ہزار روپے میں ملتی تھی وہ آپ کی حکومت میں 9 سے 10 ہزار تک کسان کو مل رہی ہے۔
منظوروسان نے کہا کہ خان صاحب عوام کو بے وقوف بنانا بند کریں۔لوگ آپ کواچھی طرح سے پہچان چکے ہیںاگر حکومت کے پاس 6.6 ملین میٹرک ٹن گندم کا اسٹاک موجود ہے تو پھر گندم باہرسے کیوں منگوا رہی ہی وزیراعظم صاحب کیا قوم کوبتائیں گے کہ آپ کی وہ کونسی کسان دوست پالیسیاں تھی انہوں نے کہا کہ ملک میں کسان رو رہا ہے کھاد کی قیمت میں اضافے کا ذمہ دار وفاق ہے۔گندم کی پیداوار بھی کم ہونے کا خدشہ ہے۔سندھ حکومت منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف روزانہ کارروائیاں کررہی ہے۔منظوروسان نے کہا کہ عمران خان سیاسی سازش کے تحت سندھ حکومت پربے بنیادالزامات لگاتے ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ ان کو سندھ فوبیا ہے وزیراعظم صاحب یاد رکھیں سندھ کے خلاف سازش پاکستان کے خلاف سازش ہے۔
-

گھر بنانا ایک خواب بن گیا , پٹرولیم ڈیلرز کے بعد بلڈر اور ڈویلپرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کر دیا
کراچی : پیٹرولیم ڈیلرز کے بعد بلڈر اور ڈویلپرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ ساتھ بلڈنگ میٹریل مہنگا ہونے سے گھر بنانا بھی خواب بن گیا۔ریت، بجری، سیمنٹ ، اینٹوں اور سرئیے سمیت تمام بلڈنگ میٹریل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔پٹرولیم ڈیلرز نے گذشتہ روز کاروبار بند کیا تو آج بلڈرز اور ڈویلپرز ایسوسی ایشن نے بھی شٹر گرا دئیے۔
کراچی میں تمام پراجیکٹس پر کام بند کر دیا گیا۔سابق چئیرمین حسن بخشی نے 92 نیوز کے پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی سامان بہت مہنگا ہو چکا۔ایسے کاروبار نہیں چل سکتے۔کراچی میں بلڈنگ مارکیٹ متاثر ہے۔سریے کی قیمت پر ریگولیٹری ڈیوٹی ہٹانا چاہئیے۔خیال رہے کہ اس سے قبل پٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال نے عوام کا جینا محال کیے رکھا۔
پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے مارجن میں اضافہ کرنے کا مطالبہ منظور نہ کیے جانے پر جمعرات کے روز ملک گیر ہڑتال کر دی تھی۔گذشتہ شب پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور پٹرولیم ڈویژن کے درمیان معاملات طے پا گئے۔ حکومت کیساتھ معاملات طےپانے کے بعد پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ۔ہڑتال ختم کرنے کے اعلان کے فوری بعد ملک بھر کے پٹرول پمپس کھلنا شروع ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور پٹرولیم ڈویژن کے مابین مذاکرات کے بعد پٹرولیم ڈویژن نے فی لیٹر پیٹرول پر مارجن میں99 پیسے اضافے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔یٹرولیم ڈویژن نے 6 ماہ بعد ڈیلرز مارجن کاجائزہ لینےکی یقین دہانی بھی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیلرز مارجن اضافہ 4.90 روپے فی لیٹر کیا جائےگا۔ -

پنجاب سے آکر کراچی میں چوری کی وارداتیں کرنے والا گروہ گرفتار
کراچی : پنجاب سے آکر کراچی میں چوری کی وارداتیں کرنے والا گرفتار
پنجاب سے آ کر کراچی شہر میں وارداتیں کرنے والے موٹر سائیکل لفٹرز کا ایسا انکشاف کہ سننے والے دنگ رہ جائیں
تفصیلات کے مطابق چار رکنی گروہ کراچی کے ہر ضلعے میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں کرتا تھا گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ چھینی گئی موٹر سائیکل بس ٹرانسپورٹ کے ذریعے پنجاب میں 50 ہزار کی بیچی جاتی تھی ۔ ایک موٹر سائیکل کی منتقلی کی رقم بس کنڈیکٹر 8 ہزار روپے لیتا تھا ملزم کا کہنا تھا کہ وہ تمام موٹر سائیکلیں 125 کی چوری کرتا تھا اور انہیں بس کے ذریعے پنجاب لے کر جاتا تھا جہاں وہ بیچ دیا کرتا تھا ۔ وہ ہر مہینے پندرہ سے بیس موٹر سائیکل چوری کرتا تھا ۔ دو مہینے بعد پنجاب جاتا اور ایک مہینہ گذار کر واپس کراچی آ جاتا اور پھر نئے سرے سے اپنے اس کام میں مگن ہو جاتا ۔
-

کراچی میں غربت اور بےروزگاری سے تنگ صحافی فہیم مغل نے خودکشی کرلی
کراچی میں غربت اور بےروزگاری سے تنگ صحافی فہیم مغل نے خودکشی کرلی۔۔۔۔۔۔
ذرائع کے مطابق فہیم مغل کو دو ماہ قبل روزنامہ ایمان اخبار میں ڈاؤن سائزنگ کے باعث ادارے سے فارغ کردیا گیا تھا جس کے بعد انھوں نے کرائے کا رکشہ لے کر چلانا شروع کیا، پیٹرول کے بڑھتے دام اور ہڑتال کے باعث تنگ آکر چار گھنٹے قبل پنکھے سے جھول گیا۔
کرائے کے گھر میں مقیم صحافی فہیم مغل کے 6 بچے تھے، فہیم مغل بینک کے 60 ہزار قرض کی وجہ سے بھی پریشان تھے۔
فہیم مغل نے سوگواران میں بیوی، 5 بیٹیاں اور 1 بیٹا چھوڑا ہے۔ اہل خانہ نے بتایا وہ آج شام دوا لے کر آئے، جب دودھ کا تقاضہ کیا تو اس وقت وہ کمرے میں بیٹھے تھے، تھوڑی دیر بعد دروازہ بند کرلیا، آدھا گھنٹے بعد دروازہ کھولا تو پنکھے سے جھول رہے تھے۔ متوفی نے سوگواران میں بیوہ اور 6 بچے چھوڑے ہیں۔