Baaghi TV

Category: کراچی

  • درخواست ضمانت مسترد ہونے پر نیب کا سراج درانی کی گرفتاری کیلئے گھر پر چھاپا

    درخواست ضمانت مسترد ہونے پر نیب کا سراج درانی کی گرفتاری کیلئے گھر پر چھاپا

    احتساب بیورو (نیب) نے سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کی گرفتاری کیلئے کراچی میں ان کے گھر پر چھاپا مارا ہے۔

    سندھ ہائیکورٹ سے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد آغا سراج درانی کی گرفتاری کیلئے نیب ٹیم ان کی رہائشگاہ پہنچ گئی۔

    ذرائع کے مطابق آغاسراج درانی کی گرفتاری کیلئے نیب نے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

    دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے سراج درانی سمیت 9 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کا تحریری فیصلے جاری کیا ہے۔

    16 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس اقبال کلہوڑو نے تحریری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آغا سراج درانی کے آمدن اور اثاثوں میں فرق دستاویزات سے بھی ظاہر ہوتا ہے۔

  • گرین لائن منصوبے کی مزید 40 بسیں آج کراچی پہنچیں گی

    گرین لائن منصوبے کی مزید 40 بسیں آج کراچی پہنچیں گی

    گرین لائن بس سروس کے لیے مزید 40 بسوں کی دوسری کھیپ آج کراچی پہنچے گی۔

    ذرائع کے مطابق آئوی اوشین نامی جہاز آج صبح 11 بج کر 40 منٹ کراچی پورٹ پہنچے گا۔ گزشتہ ماہ 40 بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں۔ وفاقی حکومت کے مطابق کراچی میں گرین لائن بس سروس کا آغاز آئندہ ماہ سے ہو جائے گا۔

    پہلے مرحلے میں گرین لائن بس سرجانی سے نمائش تک چلائی جائے گی، بسیں مکمل ایئرکنڈیشنڈ ہوں گی جن میں 200 سے 250 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، بس میں خواتین اور معذور افراد کے لیے نشستیں مختص ہوں گی۔

  • ملک بھر میں نابینا افراد کے لیے تشکیل کی گئی کسی پالیسی پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، مصطفی کمال

    ملک بھر میں نابینا افراد کے لیے تشکیل کی گئی کسی پالیسی پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، مصطفی کمال

    پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ملک بھر میں نابینا افراد کے لیے تشکیل کی گئی کسی پالیسی پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، نااہل اور کرپٹ حکومتیں معذور افراد کے کوٹے پر بھی جعلی بھرتیاں کررہی ہیں۔ ملک آٹو پہ چل رہا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ حکومتی بے حسی اور نااہلی نے آج معذور افراد کو بھی احتجاج پر مجبور کردیا ہے۔
    پاک سر زمین پارٹی پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو ناصرف ہر مظلوم کیساتھ کھڑی ہے، بلکہ اختیارات ملنے پر اب ٹھیک کردینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پاک سر زمین پارٹی بینائی سے محروم افراد کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ بینائی سے محروم افراد کے مسائل کو فوری بنیادوں پر حل کیا جائے۔
    5 فیصد آئینی کوٹے پر شفاف اور غیر جانبدارانہ عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلائنڈ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نابینا افراد کے حقوق دیئے بغیر پاکستان فلاحی ریاست نہیں بن سکتا۔ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، اس صورتحال میں حکومت غریب اور خصوصا جسمانی طور پر کمزور افراد کا خیال کرے، معزور افراد کے کوٹے پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ نابینا افراد حکومت کی جانب سے بہترین سلوک کے مستحق ہیں،حکمران اگر اس جانب توجہ دے تو نابینا افراد ملک و قوم کا اثاثہ ثابت ہوسکتے ہیں کیونکہ نابینا افراد میں بے پناہ صلاحیت ہوتی ہے جسے بروئے کار لا کر معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
    حکومت ترجیحی بنیادوں پر نابینا افراد کے ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرے۔ نوکریوں میں غیر مستقل آفراد کو مستقل کیا جائے۔ عمر رسیدہ اور ضرورت مندوں کا ماہانہ وظیفہ مقرر کیا جائے۔ معزور افراد کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں میں انہیں مکمل نمائندگی دی جائے تاکہ وہ اپنے مسائل حل کرنے کے لیے بااختیار ہوں۔

  • صوبائی وزیر سعید غنی نے منظور کالونی فرنیچر مارکیٹ میں فرنیچر سیل 50 فیصد تک کی افتتاحی تقریب کا افتتاح کردیا

    صوبائی وزیر سعید غنی نے منظور کالونی فرنیچر مارکیٹ میں فرنیچر سیل 50 فیصد تک کی افتتاحی تقریب کا افتتاح کردیا

    صوبائی وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے منظور کالونی فرنیچر مارکیٹ میں 13 سے 17 اکتوبر تک لگائی جانے والی فرنیچر سیل 50 فیصد تک کی افتتاحی تقریب کا افتتاح کیا۔اس موقع پر چوہدری ذیشان شریف گجر جنرل سیکرٹری، ملک راشد، ملک اکرم چیئرمین، ایم اقبال و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
    صوبائی وزیر نے اس موقع پر مارکیٹ کا دورہ کیا اور سیل کے حوالے سے تفصیلات لیں۔
    صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت مہنگائی کی صورتحال میں مارکیٹ کی جانب سے عوام کے لئے لگائی جانے والی سیل قابل ستائش ہے۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ اس طرح کی سیل سے جہاں غریب طبقہ کو فائدہ ہوگا وہاں متوسط اور سفید پوش طبقہ بھی اس سے مستفید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت موجودہ نااہل اور نالائق سلیکٹیڈ حکمرانوں نے ملک کو بدترین معاشی صورتحال سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مارکیٹ کی انتظامیہ اور 200 سے زائد دکانداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اس صورتحال میں عوام کے لئے یہ سیل شروع کی ہے۔

  • سندھ اسمبلی گیٹ کے سامنے نابینا افراد کا دھرنا

    سندھ اسمبلی گیٹ کے سامنے نابینا افراد کا دھرنا

    سندھ اسمبلی گیٹ کے سامنے نابینا افراد کا دھرنا جاری ہے۔ سرکاری نوکریوں میں نظر انداز کرنے کے خلاف نابینا افراد نے روڈ بلاک کردیاہے۔ نابینا افراد نے ملازمتوں کیلئے سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کیا، مظاہرین نے سندھ اسمبلی میں جانے کی کوشش کی، مگر ناکامی پر نابینا افراد نے سندھ اسمبلی کے گیٹ کے سامنے دھرنا دے دیا۔
    نابینا مظاہرین اندرون سندھ کے مختلف شہروں سے آئے ہیں۔ مظاہرین نے 5 فیصد معذور کوٹہ کے تحت ملازمتیں دینے کا مطالبہ کیا۔
    پولیس نے نابینا افراد کو سندھ اسمبلی کے گیٹ پر روک دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ڈی سی ساوتھ کی جانب سے مطالبات کے حوالے سے لولی پوپ دیا گیا، جب تک وزیر اعلی سندھ نہیں آئیں گے احتجاج جاری رہے گا۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ کافی عرصے سے نابینا افراد کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ ہم بھی پڑے لکھے ہیں ہمیں کیوں نظرانداز کیا جارہا ہے۔ نابینائوں کو سرکاری نوکریوں میں نظرانداز کیوں کیا جارہا ہے۔ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہونگے ہمارا احتجاج جاری رہیگا۔ اگر ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو کل ہم سی ایم ہائوس پر دھرنا دینگے۔

  • آٹھ ربیع الاول کو یوم شہادت حضرت امام حسن عسکریؓ کی مناسبت سے کراچی میں چپ تعزیہ کے دو جلوس کل جمعہ 15 اکتوبر کو برآمد ہونگے

    آٹھ ربیع الاول کو یوم شہادت حضرت امام حسن عسکریؓ کی مناسبت سے کراچی میں چپ تعزیہ کے دو جلوس کل جمعہ 15 اکتوبر کو برآمد ہونگے

    آٹھ ربیع الاول کو یوم شہادت حضرت امام حسن عسکریؓ کی مناسبت سے کراچی میں چپ تعزیہ کے دو جلوس کل جمعہ 15 اکتوبرکوبرآمد ہونگے۔ پہلا جلوس کراچی میں شہادت امام حسن عسکری کی مناسبت سے نشتر پارک سے صبح7بجے اور قصر مسیب رضویہ سوسائٹی سے بعد نماز ظہرین برآمد ہونگے۔نشتر پارک اور قصر مسیب رضویہ سوسائٹی سے نکلنے والے الوداعی چپ تعزیئے کے جلوسوں کی قیادت بوتراب اسکاوٹس کریگی۔
    کراچی میں ایام عزا کے آخری روز کی مناسبت سے جمعہ 8 ربیع الاول کو نشترپارک میں چپ تعزیہ کی مرکزی مجلس منعقد ہوگی اورچپ تعزیہ کا جلوس نشتر پارک سے صبح 8 بجے برآمد ہوکر روایتی راستوں ، پرانی نمائش، ایم اے جناح روڈ، صدر، تبت سینٹر، عید گاہ، لائٹ ہاس اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا ساڑھے گیارہ بجے کے قریب اپنی منزل امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادار سے ہوتا ہوا نور باغ مسافر خانہ پر اختتام پذیرہوگا۔
    دوسرا جلوس بعد نمازجمعہ قصرمسیب رضویہ سے برآمد ہوکر لسبیلہ، پرانا لیاقت آباد، جیل روڈ سے ہوتا ہوا رات دس بجے کے قریب امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن کواٹرز پر اختتام پذیر ہوگا۔چپ تعزیہ کے جلوسوں کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔ جلوس کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کے علاوہ جلوس کے روٹ ،گزر گاہوں اور اطراف کی سڑکوں کو کنٹینرز، بسیں اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
    پولیس کے علاوہ رینجرز کی بھاری نفری بھی جلوس کے ساتھ گزر گاہ پر موجود رہے گی۔ بلند عمارتوں پر اسنائپر شوٹرز تعینات ہونگے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں جلوس سے قبل روٹ کی سویپنگ کریں گی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی جلوس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

  • آغا سراج درانی سمیت 8 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد

    آغا سراج درانی سمیت 8 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد

    ہائیکورٹ نے اسپیکر صوبائی اسمبلی آغا سراج درانی سمیت 8 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔

    بدھ 13اکتوبر کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس ندیم اختر اور جسٹس اقبال کلہوڑو پر مشتمل اسپیشل بینچ نے فیصلہ سنایا۔

    ہائیکورٹ کے اسپیشل بینچ نے درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

    ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس بھی زیر سماعت ہے۔

    نیب کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر پر ایک ارب 61 کروڑ کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے جبکہ کچھ جائیدادیں فروخت بھی کر دی ہیں۔ غیر قانونی اثاثہ جات میں گھر، 35گاڑیاں اور ساڑھے 300 تولہ سونا بھی شامل ہے جبکہ 11 کروڑ روپے کی قيمتی گھڑياں بھی برآمد ہوئيں۔

    ایف بی آر کے مطابق آغا سراج درانی نے 2007 سے 2018 تک 11کروڑ روپے کی آمدنی ظاہر کی تھی مگر دوران تفتیش آغا سراج درانی نے آمدنی 8کروڑ بتائی۔ اثاثوں میں 11گاڑیاں جبکہ بیٹے، اہلیہ اور بیٹوں کے نام پر کراچی اور ایبٹ آباد میں جائیداد ہیں۔

    واضح رہے کہ نیب کراچی نے فروری 2019 میں اسپيکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا ۔

  • پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے اپنی جیب کاٹنے والے جیب کترے کو پکڑ لیا

    پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے اپنی جیب کاٹنے والے جیب کترے کو پکڑ لیا

    پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان کی والدہ کی نماز جنازہ کے دوران ممبر صوبائی اسمبلی راجہ اظہر نے اپنی جیب کاٹنے والے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا جس کے خلاف درخشاں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

    مدعی مقدمہ رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ اپنے ساتھی رکن سندھ اسمبلی کی والدہ کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر رہے تھے کہ اس دوران سائیڈ کی جیب میں انھیں ہلکی سی آہٹ محسوس ہوئی جس پر انھوں نے پلٹ کر دیکھا تو ایک شخص نے مشکوک انداز میں اپنا ایک ہاتھ جیب میں ڈالا ہوا تھا جس پر انھوں نے اپنی جیب میں پرس چیک کیا تو وہ غائب تھا ۔

    اس دوران انھوں نے اپنے دوست کی مدد سے اسے پکڑ لیا اور فوری طور مدد گار 15 کو اطلاع دی جس نے موقع پر پہنچ کر مذکورہ شخص سے معلومات حاصل کیں تو اس نے اپنا نام وسیم بتایا اور پولیس افسر اے ایس آئی محمد شہزاد نے اس کی تلاشی کے دوران قمیض کی دائیں جیب سے میرا پرس برآمد کیا جسے میں نے شناخت کرلیا اور اس میں میری نقدی اور دیگر کارڈز موجود تھے ۔
    راجہ اظہر نے بتایا کہ پکڑے جانے والے ملزم کا آبائی تعلق لاہور سے ہے جس نے ابتدائی تفتیش میں پولیس کو بتایا کہ وہ ہر 2 ماہ بعد کراچی آتا ہے اور اپنی کارروائیاں کر کے چلا جاتا ہے ، ملزم نے انکشاف کیا کہ اسے پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کے والد کی نماز جنازہ جو کہ عصر میں ادا ہونا تھی اس میں بھی جا کر جیب کاٹنے کی وارداتیں کرنا تھیں لیکن اس سے قبل ہی پکڑا گیا .

  • سائنس کی تعلیم دینے کے لیے ملک کا پہلا انٹر ایکٹیوسائنس سینٹر

    سائنس کی تعلیم دینے کے لیے ملک کا پہلا انٹر ایکٹیوسائنس سینٹر

    کراچی: سائنس کی تعلیم دینے کے لیے ملک کا پہلا سائنس سینٹر داؤد فاؤنڈیشن کی جانب سے قائم کیا گیا ہے جسے دی میگنفی سائنس سینٹر کا نام دیا گیا ہے۔

    باغی ٹی وی : نجی ٹی وی "ہم نیوز” کے مطابق تین منزلوں پر مشتمل اس سینٹر کو مختلف سائنسی موضوعات کے لیے وقف کیا گیا ہے جن میں انسانی جسم، آواز، روشنی، فریب نظر، نقل و حمل اور قابل تجدید توانائی سمیت قوت و حرکت جیسے سائنسی موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔

    اس سینٹر میں طلبا و طالبات انتہائی دلچسپ طریقے سے نہ صرف انسانی اعضا کے بارے میں جان سکتے ہیں بلکہ عملی طور پر تجربات کرکے بھی دیکھ سکتے ہیں سینٹر کا ہدف سائنسی تصورات اور اصولوں کو بہتر انداز میں سمجھا کر سائنس کو مقبول بنانا اور سینٹر آنے والوں میں تنقیدی سوچ اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت بڑھانا ہے۔

    اس میں تمر یعنی میگروز کے جنگلات کے ماحولیاتی نظام کو بھی سینٹر کا حصہ بنایا گیا ہے صرف یہی نہیں بلکہ مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں بھی سینٹر کا حصہ ہیں جن سے صرف بچے ہی محظوظ نہیں ہوں گے بلکہ بڑے بھی اپنا اچھا وقت گزار سکیں گے۔

    میگنفی سائنس سینٹر میں کراچی محلہ بھی بنایا گیا ہے اس محلے میں انتہائی دلچسپی کا پہلو پوشیدہ ہے کھیل کھیل میں کراچی کا عکس دیکھنے کو بھی مل جاتا ہے۔

    طلبہ کو ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے آگہی دینے کے لیے ایک ایمبولنس کا ماڈل بھی یہاں رکھا گیا ہے۔ انسانی دل بھی ڈسپلے کیا گیا ہے جس میں برقی آلات کی مدد سے جان ڈالی گئی ہے اس وجہ سے وہاں آنے والوں کو دل دھڑکتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔

    ریلوے روڈ پر قائم یہ عمارت رلی برادرز کی تھی جسے 1888 میں قائم کیا گیا تھا۔ برطانوی راج میں یہاں ویئر ہاؤس موجود تھا داؤد فاؤنڈیشن نے 1969 میں یہ عمارت خریدی جسے 1974 میں ایشین کوآپریشن بینک کو منتقل کردیا گیا لیکن داؤد فاؤنڈیشن نے 1976 میں عمارت دوبارہ خرید لی۔

    داؤد فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سبرینا داؤد نے یقین ظاہر کیا ہے کہ میگنفی سائنس سینٹر ملک میں سائنس کی تعلیم کو سب تک پہنچانے، اسے بہتر بنانے اور نئی نسل میں سائنس کی جستجو بڑھانے میں معاون و مددگارثابت ہوگا۔

    سائنس سینٹر کی تقریب رونمائی سے قبل ہی اس کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ ابتدائی طور پر سائنس سینٹر میں داخلے کی فیس 8 سو روپے مقرر کی گئی ہے۔

  • وزیر اعظم سے گورنر سندھ کی ملاقات

    وزیر اعظم سے گورنر سندھ کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملاقات میں بارہ ربیع الاول شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم عمران خان کو بتایا کہ بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں معروف اسکالرز، مذہبی علما و مشائخ کو مدعو کیا جائے گا۔

    ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم عمران خان سے خطاب کی درخواست کی جسے انہوں نے منظور کیا، وزیر اعظم ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کریں گے، کانفرنس کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس عشرہ کو نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کو صوبے بھر میں اجاگر کرنے کے لیے تقریبات منعقد کی جائیں۔