Baaghi TV

Category: کراچی

  • حکومت کا کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے سے متعلق غور، فیصلہ رواں ہفتے متوقع

    حکومت کا کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے سے متعلق غور، فیصلہ رواں ہفتے متوقع

    حکومت کی جانب سے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے سے متعلق غور کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا ویکسین بوسٹر ڈوز کے بارے میں ماہرین صحت سے رائے طلب کی جارہی ہے جبکہ حکومت نے عالمی اداروں سے بھی کورونا بوسٹر ڈوز کے نتائج کا ڈیٹا مانگ لیا ہے۔

    انٹرنیشنل پریکٹس کے مثبت نتائج ملنے پر ہی بوسٹر ڈوز لگانے کا آغاز ہو گا جس کا فیصلہ رواں ہفتے متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ بوسٹر ڈوز بیرون ملک جانے کے منتظر افراد کا مطالبہ ہے۔

  • بلاول کی حکومت نے کراچی کو 10 بدترین شہروں میں دھکیل دیا ہے : حلیم عادل شیخ

    بلاول کی حکومت نے کراچی کو 10 بدترین شہروں میں دھکیل دیا ہے : حلیم عادل شیخ

    سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بلاول کی حکومت نے کراچی کو 10 بدترین شہروں میں دھکیل دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے وڈیو بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے تین بڑے نالوں پر وفاق کا اس پیکج کے تحت کام مکمل ہوچکا، گرین لائین کی بسیں اکتوبر میں کراچی کے روڈوں پر نظر آئیں گی،گرین لائین کی بسیں اکتوبر میں کراچی کے روڈوں پر نظر آئیں گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ کے فور پر اس پیکیج کے تحت وفاق کام کررہا ہے، کے سی آر، ٹرمینل پر کام بھی شروع ہوچکا ہے، بلاول کی حکومت نے 13 سال میں ایک بس شہر کو نہیں دی ہے، پانی کی ایک بوند بھی بلاول حکومت کراچی کو نہیں دے سکی ہے، بلاول کی حکومت نے کراچی کو دس بدترین شہروں میں دھکیل دیا ہے۔

    سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ کے ایم سی، ڈیم ایم سیز کا پیسہ جعلی اکاؤنٹس، یونس اکاؤنٹس، بلاول ہاؤس اکاؤنٹس میں چلا گیا ہے، گٹروں، کچرے کی صفائی کا کام بھی شہری حکومت سے لیکر وزیراعلیٰ کے ماتحت کیا ہوا ہے۔

  • شہر قائد میں پولیس پر بھروسہ ختم، شہری خود ڈکیت پکڑنے لگے

    شہر قائد میں پولیس پر بھروسہ ختم، شہری خود ڈکیت پکڑنے لگے

    شہر قائد میں پولیس سے ناامید ہوکر شہری خود ڈکیت پکڑنے لگے۔

    کراچی کے علاقہ حسن اسکوائرکے قریب اورمیٹروول میں راہ گیروں اور شہریوں نے اپنی جان پر کھیلتے ہوئے 3 اسٹریٹ کرمنل پکڑلیے، راہ گیروں اور شہریوں نے تینوں ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا جہاں سے جیل جاکر ڈکیت باآسانی ضمانتوں پر باہر آکر دوبارہ لوٹ مار میں مصروف ہوجائیں گے لہٰذا پولیس نے ڈاکوؤں کے بھاگنے والے ساتھی ڈکیتوں کی تلاش شروع کردی۔

    نیو ٹاؤن تھانے کی حدود حسن اسکوائرکے قریب گزشتہ شب ایک ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا شہریوں نے ڈکیت کو تشدد کانشانہ بنانے کے بعد نیو ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا گرفتار ڈکیت کے قبضے سے اسلحہ ، موٹر سائیکل اور2 موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔

    مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میٹروول پارک کے قریب لوٹ مار کرنے والے 2 ڈکیت مکینوں کے ہتھے چڑھ گئے ڈاکوؤں کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہوگیا.

    پولیس کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس مدد گار 15 کی موبائل 8 منٹ میں موقع پر پہنچ گئی تھی شہریوں نے پکڑے جانے والے ڈاکوؤں کی خوب پٹائی کی اور اس کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔

    مبینہ ٹاؤن پولیس نے گرفتار ڈاکوؤں کے تیسرے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔

  • صوبے میں امن و امان کیلئے سندھ پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں : بلاول بھٹو

    صوبے میں امن و امان کیلئے سندھ پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں : بلاول بھٹو

    پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے لئے سندھ پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضلع ٹھٹہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

    پی پی پی چیئرمین نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کی ہے، یقین ہے اس واقعے میں ملوث مجرمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

    پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔

  • گھارو میں ملزمان کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

    گھارو میں ملزمان کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

    صوبہ سندھ کے علاقے گھارو میں ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے، ملزمان کے خلاف علاقے میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے علاقے گھارو میں 2 گروپوں میں کشیدگی کے مقدمے میں پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے گئی جس کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

    ترجمان ٹھٹھہ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

    ترجمان کے مطابق شہید اہلکاروں میں اے ایس آئی سخی محمد بخش اور علی نواز چنڑ شامل ہیں، فائرنگ میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    واقعے کے بعد اعلیٰ پولیس افسران بھی گھارو پہنچ گئے ہیں، ملزمان کے خلاف علاقے میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں

  • گاڑیوں کی وارداتوں کو روکنے کیلئے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے مربوط حکمت عملی تیار کر لی

    گاڑیوں کی وارداتوں کو روکنے کیلئے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے مربوط حکمت عملی تیار کر لی

    گاڑیوں کی وارداتوں کو روکنے کیلئے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے مربوط حکمت عملی تیارکرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گاڑیوں کی وارداتیں کرنے والوں کے کیلئے بین الصوبائی کارلفٹرز نے سخت ایکشن کی تیاری کرلی ہے، اب سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں اے وی ایل سی کی چیکنگ پوائنٹس بھی قائم کئے جائینگے۔

    اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے فیصلہ کیا ہے کہ اے وی ایل سی کراچی کے تمام اضلاع میں اسپیشل ٹیمیں تشکیل دے کر اسنیپ چیکنگ کو شروع کرے گی، سندھ میں جامشورو، ٹھٹہ اور شہید بےنظیر آباد جبکہ بلوچستان کے ڈسٹرکٹ لسبیلہ میں اے وی ایل سی کی چیکنگ پوائنٹس بنائے جائیں گے، کراچی کے تمام اضلاع میں اے وی ایل سی اہلکار ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس اور سی پی ایل سی کے ساتھ مل اسنیپ چیکنگ شروع کرے گی۔

    اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے فیصلے کے مطابق اے وی ایل سی کے ڈی ایس پی رینک کے افسر کی زیر نگرانی اسنیپ چیکنگ کی ٹیم بنائی جائیگی۔

  • پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے ویکسینیشن سے متعلق اسکولوں سے ڈیٹا طلب کرنا شروع کردیا

    پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے ویکسینیشن سے متعلق اسکولوں سے ڈیٹا طلب کرنا شروع کردیا

    پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے کورونا ویکسینیشن سے متعلق نجی اسکولوں سے ڈیٹا طلب کرنا شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گوگل فارم کے ذریعے پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے کورونا ویکسینیشن سے متعلق تفصیلات طلب کی جا رہی ہے۔

    پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے مطابق ڈیٹا طلب کر کے ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز کو کورونا ویکسینیشن سے متعلق رپورٹ جمع کروائیں گے۔

    پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ نجی اسکولوں کی نمائندہ تنظیموں نے 23 اگست کو وزیر تعلیم کو عملے کی 100 فیصد کورونا ویکسینیشن مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق 100 فیصد ویکسینیشن کروانے والے اسکولوں کو 30 اگست سے کھولنے کی اجازت ہوگی، 50 فیصد حاضری کے ساتھ اسکول کھولنے کی اجازت ہوگی۔

  • امن کو کسی صورت خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے : مرادعلی شاہ

    امن کو کسی صورت خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے : مرادعلی شاہ

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ امن کو کسی صورت خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت امن ومان سے متعلق اجلاس ہوا ہے جس میں سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ محرم الحرام اور یوم آزادی پرامن برقرار رکھنے پرسیکیورٹی فورسزکو مبارکباد دیتا ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغان صورتحال کے پیش نظر پولیس ضروری اقدامات کرے، صوبے میں بڑی محنت سے امن قائم کیا ہوا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ پولیس ماہانہ جرائم کی وارداتوں کی رپورٹ میڈیا پرجاری کرے اور غیرملکی شہریوں کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنائیں۔

    واضح رہے کہ اجلاس میں چیف سیکریٹری ممتاز شاہ ، آئی جی سندھ مشتاق مہر، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ غلام نبی میمن ، ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس ، ڈی آئی جی شرقی ڈی آئی جی جنوبی جاوید اکبر ریاض، ڈی آئی جی ایچ کیوز پیر محمد شاہ، ڈی آئی جی غربی کیپٹن (ریٹائرڈ) عاصم ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد، ڈی آئی جی سی آئی اے نعمان صدیقی اوروزیراعلیٰ سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری فیاض جتوئی نے شرکت کی ہے۔

  • شاہ لطیف ٹائون میں حادثاتی طور پر آگ لگنے سے دو ٹینکر جل گئے

    شاہ لطیف ٹائون میں حادثاتی طور پر آگ لگنے سے دو ٹینکر جل گئے

    کراچی کے ضلع ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹائون میں نیشنل ہائی وے پر آتشزدگی کے ایک واقعے میں دو ٹینکر جل گئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی .
    ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق ملیر میں نیشنل ہائی وے پر شاہ لطیف ٹائون تھانے کے قریب ویلڈنگ کرنے کے دوران شعلہ بھڑکنے سے ایک ٹینکر کو آگ لگ گئی جو تیل کی وجہ سے پھیل گئی اور برابر میں کھڑے ہوئے ایک اور ٹینکر کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، وہاں جمع ہونے والے لوگوں کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر آتشزدگی سے کافی دور کردیا۔فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کو طلب کیا، فائر فائٹرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا، آگ بجھائے جانے تک ٹینکر کافی حد تک جل چکے تھے۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق آگ حادثاتی طور پر لگی تھی جس کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

  • شہر کراچی کی ایڈمنسٹریٹر شپ ایک اعزاز بھی ہے اور ایک چیلنج بھی : بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

    شہر کراچی کی ایڈمنسٹریٹر شپ ایک اعزاز بھی ہے اور ایک چیلنج بھی : بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

    ایڈمنسٹریٹر کراچی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کراچی کی ایڈمنسٹریٹر شپ ایک اعزاز بھی ہے اور ایک چیلنج بھی ، ابھی عہدے کا چارج بھی نہیں لیا تھا کہ تنقید شروع کردی گئی، مجھے بلدیاتی امور کا تجربہ نہیں ہے لیکن میرے نیت صاف ہے، یہ بات انہوں نے انگلش اسپیکنگ یونین آف پاکستان کی 60 ویں سالانہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ESUP کے کلیم امام، افشاں لالانی اور دیگر نے بیرسٹر مرتضی وہاب کا استقبال کیا، مختلف ممالک کے ڈپلومیٹ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجو د تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ میں شہر میں پلا بڑا ہوں ، یہ میرا شہر ہے اور مجھے اس شہر اور ملک سے محبت ہے میں کسی تنازعے میں پڑنے کے بجائے شہر کی ترقی اور بہتری کے لئے کام کروں گا، مسائل بے انتہا ہیں لیکن میں مسائل پر بات نہیں کروں گا بلکہ میں ان کے حل کی بات کروں گا، انہوں نے کہا کہ گاربیج، پانی، سیوریج، لنک روڈز، ایکسپریس ویز، ٹرانسپورٹ کے معاملات کراچی کو درپیش ہیں میری کوشش ہوگی کہ ترجیحی بنیادوں پر ان مسائل کو حل کروں، میں یہاں کراچی کے لوگوں سے درخواست کرنا چاہتاہوں کہ وہ ان کاموں کو بہتر طور پر حل کرنے کے لئے میرا ساتھ دیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کا شمار دنیا کے بڑے شہروں میں ہوتا ہے اور اس کے مسائل بھی اسی طرح بہت زیادہ ہیں لیکن یہ سارے مسائل حل ہونے چاہئیں اور میری کوشش ہوگی کہ جن مسائل کا میں نے ذکر کیا ہے ان کو جلد سے جلد حل کرنے کی بھرپور کوشش کروں، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو اس موقع پر انگلش اسپیکنگ یونین آف پاکستان کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔