Baaghi TV

Category: کراچی

  • کراچی میں کوریئرکمپنی کے دفتر میں ڈکیتی، مسلح ملزمان 10 لاکھ روپے لوٹ کر فرار

    کراچی میں کوریئرکمپنی کے دفتر میں ڈکیتی، مسلح ملزمان 10 لاکھ روپے لوٹ کر فرار

    کوریئرکمپنی کے دفتر میں ڈکیتی کی واردات میں مسلح ملزمان10 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تاہم پولیس نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیروزآباد میں کوریئرکمپنی کے دفترمیں مسلح ملزمان کی جانب سے ڈکیتی کی واردات کی گئی ، واردات میں ملزمان دفتر سے مبینہ طور پر 10 لاکھ روپے رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کا واقعہ گزشتہ شام پیش آیا ، تفتیش کی جارہی ہے، ملزمان نے دفتر میں گھستے ہی عملے کو یرغمال بنایا اور اسلحے کے زور پر دفتر میں موجود رقم سمیت دیگرسامان لوٹا جبکہ ملزمان جاتے جاتے ڈی وی آر بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔

    دفتر کے ملازم نے اپنے بیان میں بتایا کہ سب کو ایک ہی کمرے میں بند کردیا گیا تھا جبکہ خاتون ملازمہ سے بدتمیزی بھی کی گئی، ون فائیو پر فوری طور پر فون کیامگرملزمان 5 منٹ میں فرار ہوگئے، ملزمان نے نقدی ،2موبائل اور دیگر سامان لوٹا۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر اے ٹی ایم توڑ کر ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی گئی ، ناکام ڈکیتی کا واقعہ ابراہیم حیدری تھانے کی حدود میں پیش آیا ، واردات سے قبل ملزمان نے سی سی ٹی وی کیمرے کوڈھانپ دیا۔

    دوسرے مرحلے میں ملزمان نے اے ٹی ایم کا پہلا حصہ توڑ ڈالا تاہم ملزمان مرکزی اےٹی ایم کی تجوری توڑنےمیں ناکام رہے، جس کے بعد فرار ہوگئے۔

  • یہاں اصلیت پر اتر آتے ہو تنقید کرنے والے کو ماہرہ کا جواب

    یہاں اصلیت پر اتر آتے ہو تنقید کرنے والے کو ماہرہ کا جواب

    اداکارہ ماہرہ خان نے اینکرپرسن ماریہ میمن کی ایک پوسٹ شیئرکرنے سے متعلق صارف کی تنقید کا کرارا جواب دے ڈالا۔

    ماہرہ خان نے ٹوئٹر پرماریہ میمن کے ایک ٹی وی شو کا ویڈیو کلپ ری ٹویٹ کیا تھا جس میں وہ خواتین کو حاصل تحفظ کے حوالے سے پاکستان اور دبئی کا موازنہ کررہی ہیں۔

    ویڈیو کلپ میں مینارپاکستان پرخاتون ٹک ٹاکر کو ہراساں کرنے کے واقعے پرغم وغصے کا اظہارکرتے ہوئے ماریہ میمن کا کہنا ہے کہ دبئی میں بھی خواتین مغربی لباس پہن کرکھلےعام گھومتی ہیں مگروہاں کسی کی ہمت نہیں ہوتی کہ انہیں چھیڑے۔ یہی 400 لوگ کل کو دبئی یا سعودیہ جائیں گےتو ہمت نہیں ہوگی کہ کسی خاتون کو ہاتھ لگائیں یا میلی آنکھ سے دیکھے کیوںکہ وہ اٹھا کر انہیں باہر پھینک دیں گے، یہ قانون کی بات ہے۔ 400 افراد کو معلوم تھا کہ دن دیہاڑے ویڈیو بھی بنے گی تو انہیں کچھ نہیں ہوگا۔
    ماہرہ خان کی جانب سے یہ کلپ ری ٹویٹ کرنے پرٹوئٹرصارف نے لکھا ‘ دبئی دبئی ہے، پاکستان پاکستان ہے میڈم جی ‘۔

    اداکارہ نے اس ٹویٹ کو بھی ری ٹویٹ کرتے ہوئے صارف کو آڑٰے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا ‘ فرق یہ ہے کہ دبئی میں جیل ہوگی، یہاں نہیں، وہاں جرات نہیں ہے، یہاں اصلیت پر اترآتے ہو’

  • صبا قمر نے اپنے آپ کو بہترین مشورہ کیا دیا؟

    صبا قمر نے اپنے آپ کو بہترین مشورہ کیا دیا؟

    صبا قمر نے اپنے آپ کو بہترین مشورہ کیا دیا؟
    پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ نے اپنے آپ کو خود ہی ایک بہترین مشورہ دے دیا۔

    سوشل میڈیا پر فعال صبا قمر نے کھلی فضا میں دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ایک تصویر شیئر کی۔

    تصویر کے کیپشن میں انہوں نے خود کو ہی مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’وقت کے مزے لینا سیکھو صبا، وقت تو تمہارے مزے لیتا ہی رہے گا۔‘
    صبا قمر نے ہیش ٹیگ کا اضافہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’گہری بات ہے سمجھ نہیں آئے گی۔‘

    واضح رہے کہ صبا قمر آئے روز اپنے کسی پراجیکٹ یا اپنی دلکش تصاویر مختلف کیپشنز کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں۔

    مداحوں سے رابطے میں رہنے کیلئے وہ صبح و شام انسٹاگرام پر مختلف اسٹوریز بھی شیئر کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

    آج کل اداکارہ اپنے نئے ڈرامے ’تمہارے حُسن کے نام ‘ کی شُوٹنگ میں مصروف ہیں۔

  • ایزی پیسہ کے ذریعے بھتہ لینے والا ملزم گرفتار

    ایزی پیسہ کے ذریعے بھتہ لینے والا ملزم گرفتار

    کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے پولیس اور رینجرز نے ایک بھتہ خور کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار بھتہ خور ایزی پیسہ کے ذریعے بھتے کی رقم وصول کرتا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار بھتہ خور ایاز عرف اسد سپر مارکیٹ اور نیپیئر کے تاجروں سے بھتہ طلب کرتا تھا۔

    پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم ایاز کے قبضے سے دستی بم اور پستول برآمد ہوا ہے۔

    پولیس حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ ملزم کے خلاف دہشت گردی اور بھتہ خوری کے 10 مقدمات درج ہیں۔

  • جہاز پرانی جگہ سے ہزار فٹ سمندر کی طرف آگیا

    جہاز پرانی جگہ سے ہزار فٹ سمندر کی طرف آگیا

    کراچی میں کلفٹن کے قریب سمندر کے کنارےریت میں پھنسے بحری جہاز ’ہینگ ٹونگ 77‘ کو نکالنے کے لئے آپریشن آج پھر شروع کر دیا گیا ہے، جہاز ہزار فٹ سمندر کی جانب آگیا ہے تاہم سمندر میں شدید موسم کی خرابی ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ کا سبب بن رہی ہے۔

    گڈانی کی ایان شپ بریکنگ کمپنی فلوٹنگ ’’باج‘‘ کی مدد سے جہاز نکالنے کیلئے سرگرم ، ’’باج‘‘ کھلے سمندر میں ہینگ ٹونگ 77 سے 1000 میٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔

    ریسکیو آپریشن کے انچارج کے مطابق تیز سمندری لہریں مکمل رفتار سے باج اور ہیوی کرین سے ٹکرا رہی ہیں تاہم کمپنی کی جانب سے جہاز کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
    انہوں نے بتایا کہ پیر کو کوشش کے دوران جہاز پرانی جگہ سے 1000 فٹ سمندر کی طرف آگیا تھا، جہاز کا رخ بھی تبدیل کرکے سمندر کی طرف کردیا گیا تھا مگر سمندری مد و جزر کی وجہ سے پیر کو آپریشن روکنا پڑا تھا۔

    واضح رہے کہ جہاز پھنسے ایک ماہ گزر جانے کے بعد گزشتہ روز اس کو نکالنے کا آپریشن سودمند رہا، جہاز کے انجن بھی اسٹارٹ ہوگئے اور توقع کی گئی ہےکہ جہاز آج (منگل) کی دوپہر تک مکمل طور پر نکال لیا جائے گا۔

    ریسکیو آپریشن میں سرگرم گڈانی کی شپ بریکنگ کمپنی کے ذرائع کے مطابق فلوٹنگ ’باج‘ استعمال کیا جارہا ہے یہ ’باج‘ کھلے سمندر میں ہینگ ٹونگ 77 سے ہزار میٹر کے فاصلے پر موجود ہے جس پر ہیوی کرین نصب کی گئی ہے۔

  • لیاری کے شاپنگ مال میں آتشزدگی

    لیاری کے شاپنگ مال میں آتشزدگی

    کراچی میں لیاری کے علاقے موسیٰ لین کے شاپنگ مال میں لگی آگ پر کئی گھنٹوں بعد قابو پالیا گیا۔ شاپنگ مال کے اوپر رہائشی فلیٹس کے مکینوں نے دوسری چھت پر پہنچ کر جان بچائی۔

    فائر آفیسر نے کہا ہے کہ فائر بریگیڈ کی چار گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا، عمارت کے باہر رکھے سامان کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں دیر لگی، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

    انہوں نے بتایا کہ بلڈنگ میں آگ بجھانے کے آلات نہیں تھے جبکہ شہر کی بیشتر عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات نہیں ہیں۔

  • چیئرمین آف اے آر جی 3 روزہ دورہ پر اسلام آباد روانہ

    چیئرمین آف اے آر جی 3 روزہ دورہ پر اسلام آباد روانہ

    چیئرمین آف اے آر جی ضمیر ملک 3 روزہ دورہ پر اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگئے ۔
    تفصیلات کے مطابق چیئرمین آف اے آر جی ضمیر ملک پیر کی صبح 12 بج کر 30 منٹ پر اسلام آباد کے لئے 3 روزہ دورے پر روانہ ہوئے ۔ ان کے ہمراہ راجا طلحہ بھی اس دورے میں شریک سفر ہیں ۔ اسلام آباد میں وہ حافظ نذیر احمد صاحب کے قیام پذیر ہوں گے ۔ اور دفاتر کا دورہ کریں گے ۔

  • شہباز شریف جمعے کو کراچی پہنچیں گے

    شہباز شریف جمعے کو کراچی پہنچیں گے

    مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف جمعہ 27 اگست کو تین روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔

    صدر مسلم لیگ نون سندھ شاہ محمد شاہ کا کہنا ہے کہ میاں شہباز شریف تین دن کراچی میں قیام کریں گے اور پارٹی رہنماؤں اور عہدے داروں سے ملاقات کریں گے۔

    شہباز شریف تعزیت کے لئے پیرپگارا، جلال محمود شاہ اور امیر بخش بھٹو کے گھر جائیں گے۔

    شاہ محمد شاہ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف مسلم لیگ نون کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے اور پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت بھی کریں گے۔

    ان کا مزید بتانا تھا کہ اس سلسلے میں پارٹی کے ضلعی عہدیداروں کا اجلاس کل مسلم لیگ ہاؤس میں طلب کر لیا گیا ہے۔

  • چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کا آغاز کردیا

    چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کا آغاز کردیا

    پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کا آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی میں عوامی مسائل اور ان کے حل کے اقدامات کا خود جائزہ لیں گے اور نکاسی آب، سڑکوں اور صفائی کی صورت حال کا بھی جائزہ لیں گے۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی بھی شہرقائد کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے۔

    اس کے علاوہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی میں شجر کاری کے مختلف منصوبوں کا معائنہ بھی کریں گے۔

  • ایف آئی اے کی کراچی میں کارروائی، نادرا کے اعلیٰ افسران گرفتار

    ایف آئی اے کی کراچی میں کارروائی، نادرا کے اعلیٰ افسران گرفتار

    شہر قائد میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل نے نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سینئر ایگزیکٹو کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معاشی حب کراچی میں ایف آئی اےاینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر حماد حسین اور سینئر ایگزیکٹو رضوان خان گرفتار کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نادرا حکام کی تحریری شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں غیر ملکی شہری جاوید بھی نامزد ہے۔

    مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے ملی بھگت سے جعلی شناختی کارڈ کی بنیاد پر کمپیوٹرائزڈ کارڈ حاصل کیا۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم جاوید نے 46 سال کی عمر میں کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ بنوایا اور ملزم نے جس بنیاد پر کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ بنوایا وہ ایک خاتون کو جاری ہوا تھا۔

    ترجمان فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ غیر ملکی شہری جاوید کی گرفتار کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔