Baaghi TV

Category: لاہور

  • 
شدید گرمی سے قربانی کے جانور مختلف بیماریوں کا شکار

    
شدید گرمی سے قربانی کے جانور مختلف بیماریوں کا شکار

    ‎شدید گرمی اور شہریوں کی لاپرواہی کے باعث لاہور میں قربانی کے جانور مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے ہیں، جس کے بعد ویٹرنری اسپتالوں میں بیمار مویشیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ساڑھے 3 ہزار سے زائد جانور بخار، کھانسی، نزلہ، زکام، ڈائریا اور چچڑ جیسی بیماریوں میں مبتلا ہو کر ویٹرنری اسپتال پہنچائے گئے۔
    ‎لاہور کے سرکاری ویٹرنری اسپتال کی ایمرجنسی میں روزانہ تقریباً ڈھائی سو چھوٹے اور بڑے مویشی علاج کے لیے لائے جا رہے ہیں، جہاں انہیں مفت طبی سہولیات اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
    ‎شہریوں کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانور اچانک بیمار پڑ رہے ہیں جس کے باعث انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنا پڑ رہا ہے۔
    ‎ویٹرنری ماہرین کے مطابق شدید گرمی میں جانوروں کو تنگ جگہوں پر رکھنا اور بیمار مویشیوں کے ساتھ باندھنا بیماریوں کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ بن رہا ہے۔
    ‎ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جانوروں کو غیر مناسب خوراک دینا بھی ان کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق چارے کے بجائے روٹیاں، برگر، پیزا، تربوز اور دیگر غیر متوازن غذائیں کھلانے سے مویشی بیمار ہو رہے ہیں۔
    ‎طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جانوروں میں چچڑ کی بیماری بھی تیزی سے پھیل رہی ہے، اس لیے منڈی سے جانور خریدتے وقت ان کے جسم اور کانوں کا اچھی طرح معائنہ کرنا چاہیے۔
    ‎ویٹرنری اسپتال انتظامیہ کے مطابق جانوروں کے لیے 24 گھنٹے مفت علاج، ادویات اور ایمبولینس سروس کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ عید الاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
    ‎ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ جانوروں کو سایہ دار جگہ پر رکھیں، صاف پانی فراہم کریں اور مناسب خوراک کا خاص خیال رکھیں تاکہ انہیں بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

  • 
لاہور سے کراچی جانے والی ٹرینوں میں فنی خرابیاں، مسافروں کو شدید مشکلات

    ‎لاہور سے کراچی سفر کرنے والے مسافروں کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب دو اہم ٹرینوں میں فنی خرابیاں سامنے آ گئیں۔
    ‎رپورٹس کے مطابق کراچی ایکسپریس کو مہراب پور اور پڈی دان کے درمیان انجن میں خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ٹرین کو ٹریک پر روکنا پڑا۔
    ‎صورتحال اس وقت مزید خراب ہو گئی جب ٹرین کی پاور وین بھی خراب ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایئر کنڈیشننگ سسٹم بند ہو گیا اور شدید گرمی میں مسافر سخت اذیت کا شکار ہو گئے۔
    ‎مسافروں نے شکایت کی کہ کئی گھنٹوں تک نہ مناسب معلومات فراہم کی گئیں اور نہ ہی متبادل انتظامات کیے گئے، جس سے خواتین، بچوں اور بزرگوں کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
    ‎دوسری جانب کراچی جانے والی گرین لائن ٹرین میں بھی ایک تشویشناک واقعہ پیش آیا جہاں دو بوگیوں کو جوڑنے والی اسٹیل پلیٹ سفر کے دوران ٹوٹ گئی۔
    ‎رپورٹس کے مطابق خرابی کے باوجود ریلوے عملے نے متاثرہ حصے کو کپڑے کی پٹی سے باندھ کر ٹرین کو دوبارہ روانہ کر دیا، جس پر مسافروں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
    ‎اس واقعے نے ریلوے کے حفاظتی انتظامات اور مینٹیننس کے معیار پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی صارفین نے ریلوے حکام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
    ‎شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرینوں کی بروقت مرمت اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے خطرناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • ملک کے  مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

    ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج شدید گرمی اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو گا –

    محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور کے چند علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے موسم میں قدرے بہتری آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہےمحکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    آئندہ ہفتے کے دوران پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے میدانی اضلاع میں موسم مزید گرم ہونے کا امکان ہے، جبکہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث شہریوں کو احتیا طی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، سوات، چترال اور بنوں کے مختلف علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آسکتی ہے۔

  • عید کی  چھٹیوں کے دوران ہیٹ ویوو کا الرٹ جاری

    عید کی چھٹیوں کے دوران ہیٹ ویوو کا الرٹ جاری

    لاہور اور وسطی پنجاب کے کئی علاقوں میں عید کی چھٹیوں کے دوران ہیٹ ویو (گرمی کی لہر) چلے گی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ان دنوں کے دوران بارش کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے اور شہریوں کو ہیٹ سٹروک سے بچنے کے لئے خاص انتظامات کرنا پڑیں گےصوبائی دارالحکومت لاہور کا موسم شدید گرم اور خشک چل رہا ہے آج ہفتہ کے روز جو گرمی پڑی وہ کل اتوار کو کچھ اور بڑھ جائے گی اور پرسوں پیر کے روز سے لاہور اور وسطی پنجاب کے کئی ملحقہ علاقے ہیٹ ویووکی زد میں ہوں گے۔

    محکمہ موسمیات نے آج ہفتہ کے روز ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا جس کے مطابق پیر 25 مئی سے لے کر آئندہ ہفتہ کے روز 30 مئی تک لاہور میں گرمی کی لہر رہے گی گرمی کی لہر کے دوران راتوں کا ٹمپریچر بھی بلند رہے گا ان 5 دنوں میں ہیٹ سٹروک ہونے کا خطرہ بڑھ جائے گا شہریوں کو ہیٹ سٹروک اور سن سٹروک سے بچنے کے لئے خاص احتیاطی انتظامات خود کرنا پڑیں گے۔

    آج ہفتہ کے روز شہر کا موجودہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں آج ہواؤں کی رفتار 14 کلو میٹر فی گھنٹہ رہی، ہوا میں نمی کا تناسب انتہائی کم رہا جو 19 فیصد تھا آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں گرمی کا راج رہے گا۔ ٹمپریچر کل اتوار کو دوپہر 2 بجے 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت بھی کم نہیں ہو گا علی الصبح ٹمپریچر 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے شہر کا مجموعی ائیر کوالٹی انڈیکس آج 138 رہا۔

  • موسمیاتی تبدیلیاں آج ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں،سراج الحق

    موسمیاتی تبدیلیاں آج ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں،سراج الحق

    سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق ک اکہنا ہے موسمیاتی تبدیلیاں آج ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں۔ ہیٹ ویوز، غیر موسمی بارشیں، گلیشیئرز کا پگھلنا اور اچانک سیلاب معمولاتِ زندگی کو متاثر کر رہے ہیں۔

    اپنے ایکس بیان میں انہوں نے کہا کہ افسوس کہ ہر سال وقتی اقدامات ہوتے ہیں مگر مستقل منصوبہ بندی نظر نہیں آتی۔ حکومت کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ابتدائی وارننگ سسٹم اور شجرکاری پر فوری توجہ دینا ہوگی، جبکہ ہمیں بھی پانی و توانائی کے محتاط استعمال اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی ضرورت ہے۔

    موسمیاتی تبدیلیاں واقعی آج کے دور کا سب سے بڑا اور خطرناک چیلنج بن چکی ہیں۔ پاکستان میں ان کے اثرات شدت سے ظاہر ہو رہے ہیں
    شدید گرمی کی لہریں (ہیٹ ویوز): درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہے، پانی کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے، اور توانائی کے نظام پر شدید دباؤ پڑتا ہے بارشوں کے روایتی پیٹرن بدل چکے ہیں۔ خشک سالی کے دوران اچانک اتنی تیز بارشیں ہو جاتی ہیں کہ زمین انہیں جذب نہیں کر پاتی۔

    شمالی پاکستان کے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں جس سے جھیلیں ٹوٹنے کے واقعات (GLOF) میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے گلیشیئرز کے پگھلنے اور غیر موسمی بارشوں کے امتزاج سے ہنگامی سیلاب آتے ہیں، جن سے زراعت، انفراسٹرکچر اور انسانی بستیاں بری طرح متاثر ہوتی ہیں۔

  • لاہور: بچوں کو بھکاری مافیا کو فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    لاہور: بچوں کو بھکاری مافیا کو فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    لاہور پولیس نے معصوم بچے کو بھکاری مافیا کے ہاتھوں فروخت کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق 15 کال پر فوری ایکشن کرتے ہوئے ریس کورس پولیس نے ایک نومولود کو چند گھنٹوں میں جوڑے پل نارتھ کینٹ چنگڑ محلہ سے بازیاب کروایا،ملزمان دانش، شہزاد اور دانش مسیح نہر کنارے پنکچر لگانے کا کام کرتے تھے اور نومولود بچہ اغوا کر کے پیسوں کے عوض فروخت کرنے کے لیے لے جا رہے تھے۔

    ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا کہ گداگری کے لیے بچہ خریدنے والے ملزمان بھی گرفتار ہوئے ہیں، ملزمان کو بھیک مانگنے کے لیے نومولود بچہ درکار تھا نومولود خریدنے والے ملزمان میں مریم اور شہزاد شامل ہیں مقدمہ درج مزید تفتیش جاری ہے، نومولود کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا اور وار ثان کی تلاش جاری ہے،ایس پی سول لائنز نے ایس ایچ او ہاشم رضا اور ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ معصوم کی خرید و فروخت میں ملوث گروہ کے خلاف کارر وائیاں جاری ہیں۔

  • ایبولا کے بڑھتے کیسز، پاکستان نے ائیرپورٹس پر نگرانی سخت کردی

    ایبولا کے بڑھتے کیسز، پاکستان نے ائیرپورٹس پر نگرانی سخت کردی

    کانگو اور ٰوگنڈا میں ایبولا کیسز بڑھنے پر حکومت پاکستان نے ایبولا سے بچاؤ کیلئے ملک بھر کے ائیرپورٹس پر نگرانی سخت کردی۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے کانگو اور یوگنڈا میں ایبولاکی صورتحال کو عالمی ہنگامی صورتحال قرار دیا ہےترجمان وزارت صحت کے مطابق ایبولا وائرس کی وبا کاپھیلاؤ صرف افریقی ممالک کانگو اور یوگنڈا تک محدود ہے کیونکہ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ افریقا سے باہر تاحال کسی اور ملک میں ایبولاکاکوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ افریقی ممالک سے محدود سفری روابط کے باعث پاکستان میں خطرہ انتہائی کم ہے، پاکستان یا ہمسائے ممالک میں بھی کبھی ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، وزارت صحت اور این آئی ایچ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ایبولا سے بچاؤ کیلئے ملک بھر کے ائیرپورٹس پر نگرانی مزید مؤثر بنا دی گئی ہے۔

    وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ عالمی ادارۂ صحت نے احتیاطی نگرانی بڑھانے کی ہدایت دی ہے، تاہم کسی قسم کی سفری پابندیوں کی سفارش نہیں کی گئی،وزیر صحت نے وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظرپیشگی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، عوام کو وباؤں سے بچانے کیلئے موثر اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، انٹرنیشنل ریگولیشن کی سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنا رہے ہیں، این آئی ایچ ایبولا تشخیص کی صلاحیت رکھتا ہے اور محکمہ صحت حکام صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں۔

  • گلی محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ ہو گا،وزیراعلیٰ پنجاب

    گلی محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ ہو گا،وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر میں صفائی ستھرائی کے فول پروف انتظامات کا جامع پلان تیار کر لیا گیا۔ اجلاس میں گلی محلوں اور ممنوعہ مقامات پر جانوروں کی آلائشیں اور باقیات پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ عید کے دوران صفائی کے تمام ادارے “ون گورنمنٹ یونٹ” کے طور پر کام کریں گے، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو انعام اور شکایات پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ممنوعہ مقامات پر آلائشیں پھینکنے کی روک تھام اور نگرانی کیلئے خصوصی ویجلینس اسکواڈ قائم کر دیے گئے ہیں، جو ڈرینوں، نہروں، گلیوں اور دیگر حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہر شہر میں ڈرین، کینال اور دیگر عوامی مقامات کی خصوصی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔مریم نواز نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں، ریلوے کالونیوں اور کنٹونمنٹ ایریاز میں بھی صفائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ پنجاب بھر کی 2687 نمایاں کمرشل مارکیٹوں کی خصوصی صفائی کا حکم بھی دیا گیا تاکہ عید کے دنوں میں شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

    اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ عید صفائی آپریشن میں 1 لاکھ 76 ہزار سینیٹری ورکرز جبکہ 8 ہزار سے زائد عارضی کارکن حصہ لیں گے۔ صوبے بھر میں جانوروں کی باقیات جمع کرنے کیلئے 3800 پرائمری کلیکشن سینٹرز اور 3100 ڈمپنگ سائٹس قائم کی گئی ہیں، جبکہ آلائشیں تلف کرنے کیلئے 7 ہزار ڈمپنگ پوائنٹس بھی بنائے جائیں گے۔بریفنگ کے مطابق “ستھرا پنجاب” عید آپریشن کیلئے 4500 خصوصی کیمپ قائم کیے جائیں گے اور 40 ہزار سے زائد اضافی گاڑیاں استعمال کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ لوڈر رکشے، منی ڈمپرز، ٹریکٹر ٹرالیاں اور پک اپ گاڑیاں بھی ہائر کی جائیں گی تاکہ صفائی کے عمل کو تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔پنجاب حکومت کی جانب سے شہریوں کو جانوروں کی باقیات محفوظ طریقے سے تلف کرنے کیلئے ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگز فراہم کیے جائیں گے۔ عید کے اجتماعات اور مساجد میں عرق گلاب کا اسپرے بھی کیا جائے گا تاکہ ماحول کو خوشگوار بنایا جا سکے۔حکومت نے شہریوں کی شکایات اور رہنمائی کیلئے “ستھرا پنجاب” ہیلپ لائن 1139 بھی فعال رکھنے کا اعلان کیا ہے تاکہ صفائی سے متعلق مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔

  • پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کاروائیاں، 13 دہشتگرد گرفتار

    پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کاروائیاں، 13 دہشتگرد گرفتار

    صوبہ پنجاب میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ لاہور سے فتنہ الخوارج کا خطرناک دہشت گرد مختار بھاری مقدار میں برودی مواد سمیت گرفتار ۔مختار کا تعلق علاقہ غیر سے ہے

    ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے صوبے کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی 58 کارروائیاں کیں، جن میں ،58 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 13 دہشت گردوں کو اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور دیگر ممنوعہ مواد سمیت گرفتار کیا گرفتار دہشت گردوں میں مختار احمد ۔یونس ۔فیروز خان ۔ولی ۔اویس ۔فرمان ۔مومن ۔عدنان ۔راجہ فیصل ۔رضا خان ۔غلام شبیر ۔ساجد ۔مختار شاہ شامل ہیں ، ان گرفتار دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے ہے گرفتار دہشت گردوں کا تعلق لاہور ۔جھنگ ۔ساہیوال ۔جیلم ۔چنیوٹ ۔منڈی بہاؤدین ۔میانوالی سے ہیں

    دھماکہ خیز مواد2010 گرام، ڈیٹونیٹر 8 سیفٹی فیوز وائر 15 فٹ، ائی ای ڈی بم 4 . کالعدم تنظیم کے پمفلٹ ، میگزین.پرائمہ کارڈ .موبائل فون اور نقدی دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد کر لی ہے ، ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانا چاہتے تھے انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 13 مقدمات درج کر کے ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے 1487 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، 53335 افراد کو چیک کیا گیا، 168 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، 153 ایف آئی آر درج کی گئیں اور 150 بازیابیاں کی گئیں

  • وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ دورے پر چین روانہ

    وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ دورے پر چین روانہ

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنے چار روزہ دورہء چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو روانہ ہو گئے

    نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ روانہ ہوئے.وزیرِ اعظم ہانگژو میں ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکریٹری سے ملاقات کریں گے. سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے مابین تعاون کے فروغ کیلئے منعقدہ بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب میں شرکت کریں گے.علاوہ ازیں وزیرِ اعظم کی معروف چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں بھی ہونگی. وزیرِ اعظم چینی کمپنی علی بابا کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کریں گے اور تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے.

    بعد ازاں وزیرِ اعظم دورہء بیجنگ کیلئے روانہ ہونگے. بیجنگ میں وزیرِ اعظم کی چینی صدر شی جنپنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ سے ملاقاتیں ہونگی. وزیرِ اعظم پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت بھی کریں گے.وزیرِ اعظم معروف چینی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے. وزیرِ اعظم چائنہ اکیڈمی آف ایگری کلچر سائنسز (CAAS) کا بھی دورہ کریں گے.وزیرِ اعظم کا دورہء چین پاکستان چین تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا جس میں بالخصوص سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستان و چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون میں اضافہ شامل ہے.