Baaghi TV

Category: لاہور

  • پنجاب،بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر سے 15 جنوری تک کروانے کی تجویز

    پنجاب،بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر سے 15 جنوری تک کروانے کی تجویز

    پنجاب بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا،صوبائی حکومت نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران کرانے کی تجویز دیدی جس سے الیکشن کمیشن نے اصولی اتفاق کرلیا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے تاکہ انتخابات کے لیے مناسب سیکیورٹی اور بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندی کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے، جبکہ انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے لیے صوبائی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ زیشان رفیق نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے پرعزم ہیں اور انہوں نے کمیٹی کو مشاورت کے لیے مکمل اختیار دیا ہے۔ صوبائی وزیر کے مطابق حکومت کو بلدیاتی انتخابات کا پراسس شروع کرنے کے ساتھ ساتھ وسائل کی مناسب فراہمی کے لیے بھی وقت درکار ہے۔پنجاب حکومت کے مطابق 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران انتخابات کرانا زیادہ مناسب ہوگا، کیونکہ اس عرصے میں بچوں کے امتحانات مکمل ہوچکے ہوں گے، اساتذہ بھی دستیاب ہوں گے اور دھند کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔

    اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت سے مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے کا پلان جلد پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب حکومت کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے اور آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانا ضروری ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے صوبائی حکومت سے مشاورت جاری رکھی جائے گی اور پنجاب حکومت کے مرحلہ وار انتخابات کے پلان کا جائزہ لیا جائے گا۔

  • پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ پر فیصلہ نہ ہوسکا

    پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ پر فیصلہ نہ ہوسکا

    پنجاب میں 11 سال بعد بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار ہونے لگی ہے تاہم انتخابات کی حتمی تاریخ پر تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا۔

    الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرصدارت ہوا، جس میں پنجاب کے وزیر بلدیات ذیشان رفیق، چیف سیکریٹری پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات دسمبر 2026 یا جنوری 2027 میں کرائے جائیں۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ سردیوں کی چھٹیوں کے دوران اسکولوں کی عمارتیں اور اساتذہ دستیاب ہوں گے، جس سے انتخابی عمل کو بہتر انداز میں مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔حکام کے مطابق پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اس مقصد کے لیے 12 ارب 52 کروڑ روپے مختص کیے جاچکے ہیں۔ پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جب بھی کمیشن ہدایت دے گا، صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے جائیں گے۔

    وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات عوام کا بنیادی حق ہیں اور پنجاب حکومت انتخابات کے لیے مکمل تیار ہے۔ ان کے مطابق الیکشن کمیشن کی ہدایت ملتے ہی انتخابات کرادیے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ اور انتخابی شیڈول کا فیصلہ جلد متوقع ہے۔

  • ستھرا پنجاب کے صفائی آپریشن میں ہر روز بہتری آنی چاہیے۔وزیراعلیٰ پنجاب

    ستھرا پنجاب کے صفائی آپریشن میں ہر روز بہتری آنی چاہیے۔وزیراعلیٰ پنجاب

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب کے ورکرز کو ہر ماہ 5 تاریخ سے پہلے ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

    وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 151 میں سے 149 ورکرز کو ادائیگی مکمل کر دی گئی، جبکہ ادائیگی میں تاخیر کے ذمہ دار افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ صفائی کے نظام میں فرائض انجام دینے والے ورکرز کو بروقت معاوضہ ملنا ان کا حق ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے صفائی برقرار رکھنے میں تعاون کرنے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں انوائرمنٹ فرینڈلی سٹیکر دینے کا اعلان کیا، جبکہ بہترین کارکردگی پر وزیراعلیٰ کی جانب سے گفٹ اور سرٹیفکیٹ بھی دیے جائیں گے۔انہوں نے روجھان اور چوبارہ میں ورکرز کو ادائیگی نہ کرنے والی کمپنی کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب کے صفائی آپریشن میں ہر روز بہتری نظر آنی چاہیے اور صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

  • 12 ربیع الاول کے بعد پورے ملک میں پہیہ جام ہو گا، حافظ نعیم الرحمان

    12 ربیع الاول کے بعد پورے ملک میں پہیہ جام ہو گا، حافظ نعیم الرحمان

    لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کے بعد پورے ملک میں پہیہ جام ہو گا۔

    امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران طبقہ اپنے ٹیکس اور قرضے معاف کرا رہا ہے جبکہ غریب کے لیے بجلی کا بل اس کی تنخواہ سے بھی زیادہ ہو گیا ہے، کھربوں روپے کا ٹیکس عوام سے مجبوری کے نام پر وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ حکمران طبقے کو مختلف سہولیات حاصل ہیں اب یہ معاملہ صرف جماعت اسلامی کے کارکنوں تک محدود نہیں رہا بلکہ جدوجہد میں عام لوگ بھی شامل ہوچکے ہیں۔

    حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ 12 ربیع الاول کے بعد پورے ملک میں پہیہ جام ہو گا، بڑے دھرنوں اور ہڑتال کے بعد اب اسلام آباد جانے کی باری ہے، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

    واضح رہے کہ جماعت اسلامی کا گزشتہ چار روز سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف وزیر اعلیٰ پنجاب ہاؤس کے باہر دھرنا جاری ہے جس کی قیادت حافظ نعیم الرحمان خود کر رہے ہیں۔ جبکہ دیگر صوبوں کے گورنر ہاؤسز کے سامنے جماعت اسلامی کے کارکنان دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔

  • عمران خان بارے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم،نظر ثانی اپیل درست نہیں، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی

    عمران خان بارے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم،نظر ثانی اپیل درست نہیں، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی

    لاہور( )مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ کی تحسین کرتے ہیں،حکومت کی نظرثانی اپیل درست نہیں، عمران خان کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں،سیاست میں انتقام ہمیشہ نفرت کے بیج بوتا ہے،

    ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلہ آیا ،ن لیگی رہنماؤں نے خیر مقدم کیا بعد اس کو چیلنج کر دیا گیا،بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع ہوئی،اسی رپورٹ کی بنیاد پر عدالت نے فیصلہ دیا تھا،حکمرانوں کو سیاسی مخالفت اوربنیادی حقوق میں فرق رکھناچاہئے بانی پی ٹی آئی کی صحت بارےحکومت زیادتی نہ کرے،ڈاکتر مزمل اقبال ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ ہم سیاست میں اخلاقی قدروں کے محافظ ہیں ہم چاہتے ہیں اقدار کی سیاست کو فروغ دیا جائے،ہم مسائل کاحل تلاش کرنے کیلئے ایک عرصہ سےگرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی بات کر رہے ہیں اسکے بغیر چارہ نہیں ہے،ہماراالمیہ ہےجو اقتدارمیں ہوتا ہے وہ مخالفین کوکچلنافرض سمجھتاہےاور مد مقابل صرف اقتدارکیلئےفکر مندہوتا ہے،سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات کی بجائے پاکستان کے لئے سیاست کریں گی تو ملک آگے بڑھے گا ،ضرورت اس امر کی ہے کہ نفرت،انتشار،تقسیم کی سیاست کو ختم کر کے اتحاد ویکجہتی کو فروغ دیا جائے اور سیاسی انتقام کا سلسلہ بند ہونا چاہئے،

  • مرکزی مسلم لیگ کے وفد کا خالد نیک گجر کی قیادت میں گورنر ہاؤس کا دورہ ،ملاقات

    مرکزی مسلم لیگ کے وفد کا خالد نیک گجر کی قیادت میں گورنر ہاؤس کا دورہ ،ملاقات

    گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی خصوصی دعوت پر مرکزی مسلم لیگ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے گورنر ہاؤس لاہور کا دورہ کیا اور ان سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں نالہ ڈیک میں طغیانی کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتِ حال، متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو و ریلیف آپریشن اور عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    مرکزی مسلم لیگ کے وفد کی قیادت ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد نیک گجر نے کی، جبکہ وفد میں چیئرمین شعبہ خدمتِ خلق چودھری شفیق الرحمن وڑائچ، جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ لاہور چودھری حمید الحسن گجر ،سیکرٹری جنرل مرکزی مسلم لیگ فیصل آباد احسن تارڑ بھی شامل تھے۔وفد نے گورنر پنجاب کو نالہ ڈیک میں طغیانی کے بعد مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے شروع کیے جانے والے فوری ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، وفد نے بتایا کہ مشکل اور ہنگامی حالات میں مرکزی مسلم لیگ کے رضاکاروں نے اپنی استطاعت کے مطابق امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست کر رہی ہے،ملک میں اتحاد و یکجہتی کی فضا دیکھنا چاہتے ہیں،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے نالہ ڈیک طغیانی کے دوران فوری ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں پر مرکزی مسلم لیگ کے ذمہ داران اور کارکنان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں عوام کی مدد کرنا قابلِ قدر اقدام ہے،

  • جسٹس شاہد کریم لاہور ہائیکورٹ سے ریٹائرڈ ہوگئے

    جسٹس شاہد کریم لاہور ہائیکورٹ سے ریٹائرڈ ہوگئے

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم مدت ملازمت پوری ہونے پر اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہوگئے۔ ریٹائرمنٹ کے موقع پر جسٹس شاہد کریم نے لاہور ہائیکورٹ کے تمام ججز کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

    جسٹس شاہد کریم کی ریٹائرمنٹ کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 49 ہوگئی ہے جبکہ عدالت عالیہ میں ججز کی 11 آسامیاں خالی ہوگئی ہیں۔جسٹس شاہد کریم نے 7 نومبر 2014 کو لاہور ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ وہ اسموگ سمیت مختلف اہم اور عوامی مفاد سے متعلق مقدمات کی سماعت کرتے رہے۔جسٹس شاہد کریم کی ریٹائرمنٹ کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی خالی آسامیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔

  • لاہور پاسپورٹ آفس میں شہریوں کی لمبی قطاریں، ایجنٹ مافیا کی شکایات پر محسن نقوی برہم

    لاہور پاسپورٹ آفس میں شہریوں کی لمبی قطاریں، ایجنٹ مافیا کی شکایات پر محسن نقوی برہم

    لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا، جہاں پاسپورٹ بنوانے کے لیے آئے شہریوں کی لمبی قطاریں اور کئی کئی گھنٹے انتظار کی صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    دورے کے دوران کئی کاؤنٹرز خالی جبکہ متعدد جگہوں پر عملہ موجود نہیں تھا۔ شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ صبح سے پاسپورٹ آفس میں موجود ہیں، چار گھنٹے گزرنے کے باوجود ان کی باری نہیں آئی۔شہریوں نے شکایت کی کہ پاسپورٹ آفس کے باہر ایجنٹ مافیا سرگرم ہے اور جلد کام کروانے کے عوض سرعام رقم طلب کی جاتی ہے۔ ایک شہری نے بتایا کہ اس نے ایجنٹ کو 5 ہزار 500 روپے دیے ہیں۔ایک بزرگ شہری نے شکایت کی کہ اسے آج پاسپورٹ ملنا تھا، تاہم عملہ کہہ رہا ہے کہ ابھی پاسپورٹ پرنٹ نہیں ہوا۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انچارج پاسپورٹ آفس، ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اسلم کو بدنظمی اور فرائض سے غفلت پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس کے باہر ایجنٹ مافیا کی موجودگی پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایف آئی اے لاہور کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں آپ سے ذاتی طور پر معذرت خواہ ہوں۔‘‘محسن نقوی نے کہا کہ یہ صورتحال انتہائی افسوسناک ہے، شہریوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک ناقابل برداشت ہے۔ پاسپورٹ آفس میں شہریوں کو تیز رفتار خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ کوتاہی یا غفلت پر بلاتفریق تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی۔

  • نواز شریف اور مریم نواز سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی الوداعی ملاقات

    نواز شریف اور مریم نواز سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی الوداعی ملاقات

    لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے الوداعی ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران نواز شریف اور مریم نواز نے پاکستان میں سعودی سفیر کی سفارتی خدمات کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ میں ان کے کردار کی تعریف کی۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان میں اپنے قیام کو یادگار قرار دیتے ہوئے پُرخلوص میزبانی پر نواز شریف اور مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو بھی سراہا گیا۔

  • لاہور ہائیکورٹ،ویزہ لگوانے کا جھانسہ،80 لاکھ ہتھیانے والے ملزم کا ریکارڈ طلب

    لاہور ہائیکورٹ،ویزہ لگوانے کا جھانسہ،80 لاکھ ہتھیانے والے ملزم کا ریکارڈ طلب

    لاہور ہائیکورٹ میں کینیڈا بھجوانے کا جھانسہ دے کر شہری سے 80 لاکھ روپے ہتھیانے کے الزام میں نامزد ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

    جسٹس غلام سرور نہنگ نے ڈاکٹر ایاز حسین کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے کیس کے حقائق جاننے کے لیے ایف آئی اے گجرات کے تفتیشی افسر کو مقدمے کا مکمل ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔دوران سماعت سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم نے شہری کو کینیڈا بھجوانے کے لیے 80 لاکھ روپے طلب کیے تھے۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے مقدمے کے مدعی سے معاملات طے ہوچکے تھے، جبکہ ایف آئی اے گجرات میں مقدمہ سات سال کی تاخیر کے بعد درج کرایا گیا۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کی درخواست ضمانت منظور کی جائے۔

    عدالت نے کیس کے مزید حقائق جاننے کے لیے تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔