Baaghi TV

Category: لاہور

  • علماء، مشائخ اور مدارس کے منتظمین ملک کے دفاع واستحکام کے لیے متحد ہیں،طاہر اشرفی

    علماء، مشائخ اور مدارس کے منتظمین ملک کے دفاع واستحکام کے لیے متحد ہیں،طاہر اشرفی

    پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کے استحکام، سلامتی اور بقا کے لیے علماء و مشائخ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، تمام مکاتب فکر کے علماء، مشائخ اور مدارس کے منتظمین ملک کے دفاع اور استحکام کے لیے متحد ہیں۔

    حافظ طاہر محمود اشرفی نے مدارس سے متعلق منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور اس کی سلامتی، استحکام اور دفاع ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ قیام پاکستان کے وقت بھی علماء و مشائخ نے اہم کردار ادا کیا اور آج بھی ملک کے دفاع اور استحکام کے لیے تمام مکاتب فکر ایک پلیٹ فارم پر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں مدارس کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن معاملات کا حل متعلقہ حکومتی و دیگر فورمز پر ہونا ہے، انہیں جلد حل کروانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا کہنا تھا کہ معاہدہ مکہ مسلم امہ کے اتحاد اور وحدت کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ موجودہ حالات میں اسلامی دنیا کے درمیان مضبوط اتحاد کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ کے دروازے دیگر اسلامی ممالک کے لیے بھی کھلے ہیں اور مسلم دنیا کے اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے واضح کیا کہ اسلام کی سربلندی اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے تمام مکاتب فکر ایک پرچم تلے متحد ہیں۔ پاکستان کا دفاع، سلامتی اور استحکام ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر مدارس کے بورڈز کے ساتھ مل کر مدارس کے لیے ایک مربوط اور مضبوط نظام تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مدارس کی رجسٹریشن، اکاؤنٹس اور مالی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ دینی اداروں کو درپیش انتظامی مسائل کا مؤثر حل نکالا جاسکے۔

    کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد زبیر نعیم نے کہا کہ مدارس کے مختلف مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے اور انہیں متعلقہ فورمز پر جلد حل کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔علامہ محمد تقیّر عباس نے کہا کہ کانفرنس میں ملک بھر کے 22 ہزار مدارس کے نمائندگان شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس دینیہ ملک بھر میں لاکھوں بچوں کو تعلیم فراہم کرنے والے اہم ادارے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کا حل ضروری ہے۔مفتی الشیخ عبد اللطیف نے مدارس کی رجسٹریشن اور مالی معاملات کو بہتر انداز میں حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مدارس کے مالی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔مولانا فرید احمد حقانی نے کہا کہ مدارس کو درپیش مسائل جس فورم پر حل ہونے ہیں، حکومت انہیں جلد حل کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ مدارس ریاست کی مکمل پالیسی کی حمایت کرتے ہیں اور ملکی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہا کہ مدارس کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کی بنیاد پر رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے اور مدارس کی رجسٹریشن، اکاؤنٹس اور مالی معاملات کو شفاف اور بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

  • روزنامہ خبریں نے اے بی ایس ڈیولپرز کو ایک ارب کا لیگل نوٹس بھجوا دیا

    روزنامہ خبریں نے اے بی ایس ڈیولپرز کو ایک ارب کا لیگل نوٹس بھجوا دیا

    لاہور: روزنامہ خبریں کی جانب سے اے بی ایس ڈیولپرز سے وابستہ افراد اور پاک 247 نیوز کے نمائندے کو پنجاب ڈیفیمیشن ایکٹ 2024 کے تحت قانونی نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں مبینہ طور پر ہتکِ عزت، ادارے کی ساکھ مجروح کرنے، تضحیک آمیز مواد اور بدنیتی پر مبنی جھوٹے بیانات کے الزامات عائد کرتے ہوئے مجموعی طور پر ایک ارب روپے (100 کروڑ روپے) کے جنرل، اسپیشل اور پونٹیو ہرجانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    10 اگست 2026 کو جاری کیے گئے قانونی نوٹس کے مطابق نوٹس اے بی ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سبیل اکرام، محسن جاوید، ذیشان ڈوگر، مدثر رحمانی، قاسم جنجوعہ، شرجیل احمد میر، اسامہ خالد اور پاک 247 نیوز کے نمائندے منان گیلانی کو مخاطب کرتے ہوئے جاری کیا گیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افراد اے بی ایس ڈیولپرز، گراؤنڈ فلور، پرل ون ٹاور، اقبال بلاک، بحریہ ٹاؤن لاہور کے رہائشی ہیں،قانونی نوٹس کے مطابق ڈیلی خبریں ایک معروف اور باوقار اخباری و میڈیا ادارہ ہے جو پرنٹ اور ڈیجیٹل صحافت کے شعبے میں قانونی طور پر کام کر رہا ہے۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ادارے نے کئی برسوں کے دوران پیشہ ورانہ، غیر جانب دار اور ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے عوامی اعتماد، ساکھ اور نیک نامی حاصل کی ہے۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ نامزد افراد کو اطلاعات اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر ذمہ دار قرار دیا گیا ہے اور ان کے خلاف پنجاب ڈیفیمیشن ایکٹ 2024 کے تحت کارروائی کا حق محفوظ رکھا گیا ہے۔قانونی نوٹس میں مبینہ طور پر ایسے بیانات، مواد یا الزامات کا حوالہ دیا گیا ہے جن کے بارے میں ڈیلی خبریں کا مؤقف ہے کہ وہ ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے، اس کی پیشہ ورانہ حیثیت کو متاثر کرنے اور عوامی سطح پر بدنام کرنے کے مترادف ہیں۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مبینہ طور پر غلط اور بدنیتی پر مبنی مواد کی اشاعت یا تشہیر سے ڈیلی خبریں کی ساکھ، کاروباری مفادات اور عوامی اعتماد کو نقصان پہنچا، جس کے باعث قانونی چارہ جوئی کا حق استعمال کیا جا رہا ہے۔قانونی نوٹس میں ایک ارب روپے کے جنرل، اسپیشل اور پونٹیو ڈیمیجز یعنی عمومی، خصوصی اور تادیبی ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔نوٹس میں مزید قانونی نکات اور متعلقہ الزامات کی تفصیلات بیان کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فریقین کو پنجاب ڈیفیمیشن ایکٹ 2024 کے تحت اپنے اقدامات کے قانونی نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔

  • لاہور میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا ملزم طارق پہلے بھی دو مقدمات میں شامل رہا

    لاہور میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا ملزم طارق پہلے بھی دو مقدمات میں شامل رہا

    ‎لاہور میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات میں مبینہ طور پر مطلوب ملزم طارق کے بارے میں پنجاب پولیس کے ریکارڈ سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ اس سے قبل بھی دو مقدمات میں شامل رہ چکا ہے۔
    ‎پولیس ریکارڈ کے مطابق طارق 2023 میں راولپنڈی کے بنی تھانے میں درج ایک مقدمے میں مدعی تھا، جبکہ 2026 میں اسے لاہور کے راوی روڈ تھانے میں درج غیر قانونی اسلحہ کے مقدمے میں ملزم نامزد کیا گیا۔
    ‎پولیس ذرائع کے مطابق غیر قانونی اسلحہ کے مقدمے میں طارق کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں برآمد کی گئی تھیں۔ اسلحہ برآمدگی کے بعد پولیس نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی اور اسے عدالت میں پیش کیا گیا۔
    ‎پولیس ریکارڈ کے مطابق مقدمے کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد طارق کے خلاف چالان بھی عدالت میں جمع کرایا گیا تھا۔ تاہم اب اس کا نام لاہور میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی تحقیقات میں بھی سامنے آیا ہے۔
    ‎ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم کے سابقہ ریکارڈ، رابطوں اور ممکنہ دیگر ساتھیوں سے متعلق تحقیقات کر رہی ہے تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ آیا اس کا تعلق صرف انفرادی جرائم تک محدود تھا یا وہ کسی منظم گروہ یا نیٹ ورک کا حصہ رہا ہے۔
    ‎پولیس حکام کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملزم کے مبینہ کردار سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام کی کوشش ہے کہ ملزم کے سابقہ مقدمات اور موجودہ تحقیقات کے درمیان ممکنہ روابط کا بھی جائزہ لیا جائے۔

  • ڈرفٹنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کرنیوالوں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم

    ڈرفٹنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کرنیوالوں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم

    سی ٹی او لاہور نے ڈرفٹنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

    لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی ویڈیوز کے خلاف اب سخت ایکشن ہوگاجبکہ زگ زیگ، روڈ بلاکنگ، ڈرفٹنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف مقدمات کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے،سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ویڈیوز کی مدد سے ڈرائیورز اور گاڑیوں کی شناخت کرتے ہوئے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔

    سی ٹی او لاہور نے کہا کہ شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے والوں کے چالان نہیں بلکہ مقدمات درج ہوں گے، ون ویلنگ، ڈرفٹنگ، روڈ ریج اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری ہے انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کی صلاحیتوں کو تعمیری کاموں میں وقف کریں۔

    سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ روڈ ریج، روڈ بلاکنگ، ہلڑبازی، ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ کی ویڈیوز 03225638888 پر واٹس ایپ کریں،لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے 3 مختلف واقعات میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، تھانہ فیکٹری ایریا، تھانہ نارتھ کینٹ اور تھانہ سبزہ زار میں مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔

  • موٹر سائیکل کی ٹینکی پھٹنے سے 8 افراد  کر زخمی

    موٹر سائیکل کی ٹینکی پھٹنے سے 8 افراد کر زخمی

    ڈیفنس بی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی ٹینکی پھٹنے سے آس پاس سے گزرنے والے 8 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

    پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے اور تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے زخمیوں میں عامر، اسد، حمزہ، دانش اور امتیاز وغیرہ شامل ہیں،پولیس کی مدعیت میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ ملزم کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع کی مدد سے ٹریس کیا جا رہا ہے۔

    ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز راحیلہ اقبال۔ ایس پی کینٹ نے ایس ایچ او ڈیفنس بی کو فوری ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے،ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز راحیلہ اقبال نے کہا کہ اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزم جلد پولیس کی گرفت میں ہوگا۔

  • صوبہ بھر کے تمام شہروں میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنا میرا عزم ہے ،مریم نواز شریف

    صوبہ بھر کے تمام شہروں میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنا میرا عزم ہے ،مریم نواز شریف

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ضلع اٹک کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس کے دوران ضلع میں عوامی ضروریات اور جاری و مجوزہ ترقیاتی پراجیکٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کے دوران ارکان صوبائی اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر میں کامیابی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مبارکباد پیش کی،اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاکہ ستھرا پنجاب پروگرام کی طرز پر صاف پانی پراجیکٹ بھی ترجیحات میں شامل ہے۔

    مریم نواز شریف نے کہاکہ صفائی ستھرائی کے بعد اب پورے صوبہ بھر کے تمام شہروں میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنا ان کا عزم ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور موٹرویز دیں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں نکاسی آب، سیوریج سسٹم اور روڈز کے میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں۔

    ارکان صوبائی اسمبلی نے ضلع اٹک میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر بھی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا، بتایا کہ پی او ایف سنجوال سے حضرو اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ڈھوک فتح سے اٹک خورد تک الیکٹروبسیں رواں دواں ہیں۔

    ارکان صوبائی اسمبلی نے اٹک اور گرد و نواح کے لیے الیکٹروبس فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو عوام کے خوشگوار ردعمل سے بھی آگاہ کیا کہاکہ خواتین، طلبہ اور بزرگوں کے لیے دنیا کی بہترین بس سروس میں مفت سفر نعمت کے مترادف ہے،مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت دیہات کی اپ گریڈیشن انقلابی اقدام ہے، جبکہ پنجاب کی ترقی اور تاریخی پراجیکٹس دوسرے صوبوں کے لیے مثال بن رہے ہیں۔

  • آزاد کشمیر : الیکشن کی کامیابی کے بعد اصل امتحان اب شروع ہوا ہے ،مریم نواز

    آزاد کشمیر : الیکشن کی کامیابی کے بعد اصل امتحان اب شروع ہوا ہے ،مریم نواز

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن کی کامیابی کے بعد اصل امتحان اب شروع ہوا ہے اور نومنتخب قیادت کو عوامی خدمت کے لیے دن رات ایک کرنا ہوگا،آزاد کشمیر کے غیور عوام نے دھنگا فساد، ہڑتالوں اور شر پسند عناصر کو ووٹ کی طاقت سے شکست دے کر ترقی اور استحکام کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔

    مسلم لیگ ن کی آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے واضح کیا کہ الیکشن کی کامیابی کے بعد اصل امتحان اب شروع ہوا ہے اور نومنتخب قیادت کو عوامی خدمت کے لیے دن رات ایک کرنا ہوگاجو عناصر عوام کو پاکستان سے لڑوانا چاہتے تھے وہ مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور ن لیگ کے تمام جلسوں میں ‘پاکستان زندہ باد’ کے نعرے گونجتے رہے۔

    انہوں نے انتخابی مہم کو کامیاب بنانے پر امیر مقام، رانا ثنا اللہ، سعد رفیق اور طارق فضل چوہدری اور دیگر ن لیگی رہنماؤں کی حکمت عملی کو سراہاان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو ملنے والی عزت اور عوامی اعتماد کے پیچھے قربانیوں کی ایک طویل داستان ہے اور تمام تر سازشوں اور مشکلات کے باوجود عوام نے ہمیشہ ن لیگ کی قیادت پر ہی اعتماد کیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے منتخب ارکان کو ہدایت کی کہ فتح کے بعد اب کسی قسم کی شاہانہ تقاریب، ڈنر یا لنچز نہیں ہوں گے بلکہ تمام تر صلاحیتیں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کی جائیں گی، ‘اللہ تعالیٰ جس کو فتح عطا فرماتا ہے، اسے عاجزی اختیار کرنی چاہیے’آزاد کشمیر کے دستیاب بجٹ کو انتہائی شفافیت کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو ان کا حق ان کی دہلیز پر پہنچایا جائے گا تاکہ آزاد کشمیر اپنے وسائل پر پاؤں پر کھڑا ہو سکے۔

  • اپووا کے زیر اہتمام جشنِ آزادی تقریب، شہداء اے پی ایس کے والدین کی شرکت،ایوارڈ تقسیم

    اپووا کے زیر اہتمام جشنِ آزادی تقریب، شہداء اے پی ایس کے والدین کی شرکت،ایوارڈ تقسیم

    آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (اپووا) کے زیرِ اہتمام 14 اگست کی مناسبت سے جشنِ آزادی کی ایک پروقار تقریب لاہور کے معروف ہوٹل پاک ہیریٹیج میں منعقد ہوئی۔ تقریب سینئر وائس چیئرمین ملک یعقوب اعوان کی سرپرستی اور بانی و صدر ایم ایم علی کی زیرِ نگرانی منعقد ہوئی، جبکہ معروف شاعر، استاد اور کالم نگار ناصر بشیر نے تقریب کی صدارت کی۔

    تقریب میں ادب، صحافت، تعلیم، سماجی خدمت، طب، فنون اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو شانِ پاکستان ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سمیرا شفق اور قرۃ العین خالد نے خوبصورتی سے انجام دیے۔تقریب کا آغاز حافظ محمد زاہد کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ فائزہ شہزاد نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔

    جشنِ آزادی کی اس تقریب کا سب سے منفرد، جذباتی اور یادگار پہلو سانحہ اے پی ایس پشاور میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کے والدین کی خصوصی شرکت تھی، جو پشاور سے لاہور تشریف لائے۔تقریب کے دوران جب شہدائے اے پی ایس کے والدین کو خصوصی طور پر اسٹیج پر مدعو کیا گیا اور ان کے شہید بچوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایوارڈز دیے گئے تو پورا ہال جذباتی کیفیت میں ڈوب گیا۔اسی موقع پر ڈی جے کی جانب سے ملی جذبے سے بھرپور نغمہ "مجھے دشمن کے بچوں کو پڑھانا ہے” پیش کیا گیا۔ نغمے کے ساتھ ہی تقریب کا ماحول انتہائی جذباتی ہوگیا۔ شہداء کے والدین، مہمانوں اور شرکاء کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں۔ وہ لمحہ ایسا تھا کہ ہال میں موجود شاید ہی کوئی آنکھ ہو جو نم نہ ہوئی ہو۔شہدائے اے پی ایس کے والدین کی لاہور آمد نے جشنِ آزادی کی اس تقریب کو ایک منفرد اور تاریخی حیثیت دے دی۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

    تقریب سے راشد محمود، ظلِ ہما، عمر سلیم گھمن، ڈاکٹر فضیلت بانو، حسن راشد، اشفاق احمد، سامعہ خان، ایم اے شہزاد خان، طاہرہ سراء،شہزادی گلفام، کرنل آصف ڈار، فائزہ شہزاد، ناز پروین، ڈاکٹر شاہدہ سردار، ندیم نظر، چوہدری غلام غوث، ریاض احمد احسان اور سیدہ فائزہ شیرازی اور عابدہ سمیت متعدد نامور شخصیات نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی بے شمار قربانیوں کا ثمر ہے۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس نعمت کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے ہر شہری کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔مقررین نے بالخصوص شہدائے پاکستان اور شہدائے اے پی ایس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔

    تقریب کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں کی ثقافت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ کے پی کی جنرل سیکرٹری ناز پروین کی جانب سے بانی و صدر اپووا ایم ایم علی کو کے پی کی روایتی ثقافتی پگڑی پہنائی گئی، جبکہ سینئر وائس چیئرمین ملک یعقوب اعوان کو چترالی ٹوپی پہنائی گئی۔ عمر سلیم گھمن کو بھی ثقافتی پگڑی پہنائی گئی۔ثقافتی روایات کے اس خوبصورت اظہار نے تقریب کے حسن میں مزید اضافہ کیا اور پاکستان کے مختلف صوبوں اور ثقافتوں کے درمیان محبت، یگانگت اور قومی یکجہتی کا پیغام اجاگر کیا۔

    تقریب کے آغاز سے قبل شرکاء کے لیے پرتکلف لاہوری بوفے ناشتے کا اہتمام کیا گیا، جس سے مہمانوں اور شرکاء نے بھرپور لطف اٹھایا۔ روایتی لاہوری ذائقوں سے مہمانوں کی تواضع تقریب کی خوبصورت روایات میں شامل رہی۔

    تقریب کے اختتام پر فائزہ شہزاد کی کتاب کی رونمائی بھی کی گئی، جبکہ ان کی سالگرہ کا کیک کاٹ کر انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ سلمیٰ کشم، عافیہ بزمی، ناہید گل، ردا امانت، حسن علی اور قاسم خان کی سالگرہ کے کیک بھی کاٹے گئے۔جشنِ آزادی کی اس پروقار تقریب نے جہاں قومی جذبے، حب الوطنی اور آزادی کی خوشیوں کو اجاگر کیا، وہیں شہدائے اے پی ایس کے والدین کی شرکت نے اسے ایک ایسی یادگار تقریب بنا دیا جس میں قومی خوشی، شہداء سے عقیدت، ثقافتی رنگ، ادبی سرگرمی اور انسانی جذبات سب ایک ساتھ نظر آئے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، استحکام اور شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی،اور تقریب کے اختتام پر سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے والدین نے ایم ایم علی کو بھی یادگاری شیلڈ پیش کی

  • پنجاب کو 2029 تک جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ اے آئی فعال صوبہ بنانے کا ہدف

    پنجاب کو 2029 تک جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ اے آئی فعال صوبہ بنانے کا ہدف

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کو 2029 تک جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) فعال صوبہ بنانے کا ہدف مقرر کر دیا۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے صوبائی مشیر برائے مصنوعی ذہانت و خصوصی اقدامات علی مصطفیٰ ڈار نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اے آئی وژن 2029 کی باضابطہ لانچنگ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ملاقات کے دوران صوبائی مشیر علی مصطفیٰ ڈار نے وزیراعلیٰ کو اے آئی آفس کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں پنجاب میں قائم کیے گئے دنیا کے پہلے آرٹیفیشل انٹیلیجنس فعال ڈیلیوری یونٹ سے بھی آگاہ کیا گیا۔علی مصطفیٰ ڈار نے پنجاب کے اے آئی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی ٹیم اور گلوبل ڈیلیوری ماہرین کے تعاون سے تیار کردہ آن بورڈنگ پروگرام کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔

    ملاقات میں پنجاب کو جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ اے آئی این ایبلڈ صوبہ بنانے کے وژن پر جاری پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اے آئی وژن 2029 کے چھ بنیادی ستونوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر اے آئی وژن 2029 پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے پہلی سی ایم اے آئی اسٹاک ٹیک کے انعقاد سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دینے اور حکومتی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • لاہور: تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، 5 افراد جاں بحق

    لاہور: تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، 5 افراد جاں بحق

    لاہور میں ہربنس پورہ کنال روڈ پر تیز رفتار کار بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب سفید رنگ کی کار تیزی سے جارہی تھی کہ اچانک بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں کار میں سوار پانچوں افراد جان کی بازی ہار گئے، جن کی لاشیں قریبی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں