لاہور: رکنِ پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے بعض معروف سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور فیملی وی لاگرز پر سخت تنقید کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دیں۔
حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں یوٹیوبرز رجب بٹ، علی حیدر آبادی اور سمیع رشید کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ہمارے سوشل میڈیا انفلوئنسرز ہیں، ان جاہلوں کو ہماری عوام فالو کرتی ہے۔ جو بچے ان کو فالو کرتے ہیں، وہ اپنی تربیت کا ستیاناس کر رہے ہیں۔والدین کو سوچنا ہوگا۔۔اپنے بچوں کو ان سے دور رکھیں.
حنا پرویز بٹ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی، جہاں صارفین نے مختلف آراء کا اظہار کیا۔ بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ والدین کو بچوں کے ڈیجیٹل استعمال اور آن لائن مواد پر نظر رکھنی چاہیے تاکہ ان کی مثبت تربیت یقینی بنائی جا سکے۔دوسری جانب کئی صارفین نے اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کسی بھی انفلوئنسر کو ہدفِ تنقید بنانے کے بجائے والدین اور معاشرے کو بچوں کی رہنمائی اور ڈیجیٹل آگاہی پر توجہ دینی چاہیے۔ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ کسی بھی کانٹینٹ کریئیٹر کے بارے میں رائے قائم کرتے وقت اس کے مجموعی مواد اور ناظرین کی ذمہ داری کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
