Baaghi TV

Category: لاہور

  • مریم نواز کی مون سون سے قبل  نکاسی آب کے پراجیکٹس کی تکمیل کی ہدایت

    مریم نواز کی مون سون سے قبل نکاسی آب کے پراجیکٹس کی تکمیل کی ہدایت

    مریم نواز نے نکاسی آب کے پراجیکٹس جون سے پہلے مکمل کرنے کا ہدف دیتے ہوئے 15 شہروں میں جاری نکاسی آب کے پراجیکٹس پر 24 گھنٹے کام کرنے کا حکم دے دیا۔

    مون سون سے قبل سیوریج لائن اور بارشی پانی کے نکاس کے پراجیکٹس کی یقینی تکمیل کی ہدایت کی، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، گجرات، اوکاڑہ، جھنگ، ملتان اور سیالکوٹ میں نکاسی آب پراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے، جہلم، حافظ آباد، ساہیوال، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور راولپنڈی میں نکاسی آب پراجیکٹس جاری ہے۔

    15 شہروں کے لیے 2265 کلو میٹر طویل سیوریج لائن اور بارش کے پانی کے نکاس کے لیے 189 کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی، فیز ون میں 86 ڈسپوزل اسٹیشن اور 9 انڈر گراؤنڈ اسٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے۔

    Water and Sanitation Agency سیوریج اور بارشی پانی کے نکاس کے پراجیکٹ کی تکمیل پر 752 کلو میٹر طویل سڑکیں بھی تعمیر کرے گا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں 15 شہروں میں واسا کمپلیکس ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔

    واسا کمپلیکس میں افسران کے لیے ہوسٹل بھی بنائے جائیں گے، واسا، ڈیش بورڈ اور موبائل ایپ پر جاری پراجیکٹس کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جائے گی، واسا مون سون سے قبل بڑے پیمانے پر نالوں کی صفائی کے لیے ڈی سلٹنگ مہم بھی شروع کرے گا۔

  • لیسکو شارٹ فال 850 میگاواٹ سے متجاوز

    لیسکو شارٹ فال 850 میگاواٹ سے متجاوز

    لاہور: لیسکوکا شارٹ فال 850 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا۔

    ذرائع این ٹی ڈی سی کے مطابق لیسکوکا شارٹ فال 850 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا جس کے باعث وہ اپنی 2700 میگاواٹ کی ڈیمانڈ بھی پوری نہیں کر پا رہا، شارٹ فال کی وجہ سے شہر میں 2گھنٹے جبکہ دیہات میں 4 سے 6 گھنٹےکی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، بجلی کی طلب بڑھنے پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھنےکا امکان ہے۔

    ادھر ذرائع سوئی ناردرن نے بتایا کہ درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ گیس کی قلت بھی بڑھ گئی ہے، گیس کی قلت کے باعث شہری ایل پی جی خرید رہے ہیں، آر ایل این جی گیس نہ ملنے سے بلوکی پاورپلانٹ بند ہوگیا ہے، بلوکی پاورپلانٹ 1223 میگاواٹ بجلی سسٹم میں فراہم کرتا تھا۔

  • لاہور میں رواں سال پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف 16 مقدمات درج

    لاہور میں رواں سال پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف 16 مقدمات درج

    صوبائی دارالحکومت لاہور میں سال 2026ء کے دوران مختلف تھانوں میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف 16 مقدمات درج ہوئے۔

    پولیس ریکارڈ کے مطابق درج شدہ مقدمات میں کانسٹیبل سے لے کر سب انسپکٹر تک کے 26 اہلکار نامزد کئے گئے،درج شدہ مقدمات میں 4 سب انسپکٹر، 6 اے ایس آئی نامزد کئے گئے مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں 16 ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل بھی نامزد ہوئےمقدمات کا اندراج مالی کرپشن، ناقص تفتیش اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر ہوا۔

    سائلین کو ہراساں کرنے اور مختلف جرائم میں ملوث ہونے کے باعث بھی مقدمات درج ہوئے۔ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں پولیس کے خلاف 4 مقدمات درج ہوئے سٹی اور سول لائنز ڈویژن میں پولیس کے خلاف 3، 3 مقدمات کا اندراج کیا گیا،صدر، اقبال ٹاؤن اور کینٹ ڈویژن میں پولیس کے خلاف 2، 2 مقدمات درج کئے گئے-

  • قومی قیادت کی بدولت پاکستان کو ایک نیا اعتماد اور عزت ملی ہے،مریم نواز

    قومی قیادت کی بدولت پاکستان کو ایک نیا اعتماد اور عزت ملی ہے،مریم نواز

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کے لیے ایک فخر کا مقام ہے، قومی قیادت کی بدولت پاکستان کو ایک نیا اعتماد اور عزت ملی ہے-

    سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہاکہ آج کا دن پاکستان کے لیے ایک فخر کا مقام ہے، کیونکہ ہمارا ملک عالمی سطح پر ایک قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے جس کا ماضی میں تصور بھی مشکل تھا، وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ملک کے وقار اور قومی فخر کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، قومی قیادت کی بدولت پاکستان کو ایک نیا اعتماد اور عزت ملی ہے، جس نے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان میں مذاکرات جاری ہیں دنیا بھر کی توجہ اس وقت اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات پر مرکوز ہے، کیوں کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے براہِ راست اثرات دنیا بھر کی مارکیٹوں خصوصاً تیل کی عالمی منڈی پر مرتب ہوئے ہیں۔

    امریکا کی جانب سے پیش کیے گئے نکات میں سب سے اہم نکتہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز پر جہازوں کی آمد و رفت پر عائد پابندی ختم کروانا ہے، جو صرف امریکا کا ہی نہیں بلکہ یورپ سمیت مختلف ممالک کا سب سے اہم مطالبہ ہے-

  • پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں 25 فیصد کمی کا اعلان

    پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں 25 فیصد کمی کا اعلان

    مہنگائی سے پریشان شہریوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت کرایوں میں 25 فیصد کمی کی جائے گی، جس سے روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں کو براہِ راست ریلیف ملے گا۔

    ذرائع کے مطابق آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن اور مختلف بڑی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے نمائندوں نے سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لاہور محسن رانا سے ملاقات کی، جس میں موجودہ کرایوں، عوامی مشکلات اور ٹرانسپورٹ نظام سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران فیڈریشن کی جانب سے باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری طور پر 25 فیصد کمی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو سفری اخراجات میں سہولت فراہم کی جا سکے۔اس موقع پر انٹر سٹی بس سروس چلانے والی 6 بڑی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے آپریشن مینیجرز بھی موجود تھے، جنہوں نے سیکریٹری آر ٹی اے کی موجودگی میں اپنے کرایوں میں بھی 25 فیصد کمی کا اعلان کیا۔

    اس فیصلے کے بعد روزانہ سفر کرنے والے طلبہ، ملازمین، کاروباری افراد اور دیگر شہریوں کے سفری اخراجات میں واضح کمی آئے گی۔ خاص طور پر بین الاضلاعی سفر کرنے والے افراد کو اس اقدام سے زیادہ فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ٹرانسپورٹ حکام کے مطابق نئے کرایوں کا اطلاق فوری طور پر یا جلد از جلد مرحلہ وار کیا جائے گا، جبکہ تمام کمپنیوں کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ نئے کرایہ نامے نمایاں طور پر آویزاں کریں۔شہریوں نے کرایوں میں کمی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور ٹرانسپورٹ ادارے اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد بھی یقینی بنائیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

  • پاکستان کی شاندار سفارتکاری،مرکزی مسلم لیگ کا یوم تشکر،شہروں میں ریلیاں

    پاکستان کی شاندار سفارتکاری،مرکزی مسلم لیگ کا یوم تشکر،شہروں میں ریلیاں

    مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام امریکا،ایران جنگ بندی کروانے میں پاکستان کے کردار پر یوم تشکر منایا گیا، لاہور سمیت متعدد شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، خطبات جمعہ میں علماء کرام نے خطے میں قیام امن کے لئے پاکستان کے کردار کو موضوع بنایا، جنگ بندی مذاکرات کی کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں

    مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یوم تشکر کے سلسلہ میں لاہور، قصور،ننکانہ،بہاولنگر،ڈیرہ اسماعیل خان ،پاکپتن،موڑ کھنڈا،چیچہ وطنی،لالیاں ،چنیوٹ سمیت دیگر شہروں میں ریلیوں میں ہزاروں افراد شریک ہوئے،ریلیوں کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے رہے، شرکاء نے حکومتِ پاکستان اور پاک فوج کی حالیہ سفارتی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا،مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام لاہور میں مال روڈ پر یوم تشکر کی ریلی نکالی گئی،ریلی کی قیادت جنرل سیکرٹری لاہور چوہدری حمید الحسن گجر نے کی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی شاندار سفارتکاری کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کی راہ ہموار ہو رہی ہے،پاکستان کی اس شاندار سفارتی کامیابی نے پوری قوم کے دلوں کو سکون اور فخر سے بھر دیا ہے۔ ہم ریاستِ پاکستان، حکومت اور پاک فوج کو اس عظیم کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ جامع مسجد القادسیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ عبدالرؤف کاکہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت عطا فرمائی ہے،حالات کو دیکھیں،اس خطے میں سب سے محفوظ ملک آج پاکستان ہے، اللہ نے پاکستان کو دفاع عطا کیا،یہ اللہ کا احسان ہے ،مذاکرات کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں، پاکستان آج دنیا کے فیصلے کر رہا ہے، اسلام آباد کی طرف سب کی نظریں ہیں، پاکستان پر معاشی پابندیاں لگوانے ،تنہا کرنے والوں کے خواب ٹوٹ چکے، مرکزی مسلم لیگ قصور کی جانب سے ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت جنرل سیکرٹری رانا محمد اشفاق نے کی، مرکزی مسلم لیگ پاکپتن کے زیر اہتمام ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ پاکپتن نے کی،مرکزِ شہداء کالج روڈ سے کمرشل کالج چوک بہاولنگر تک اظہارِ تشکر ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کی قیادت مرکزی مسلم لیگ بہاولنگ کے صدر چوہدری کاشف جاوید نے کی، مرکزی مسلم لیگ پی پی 135 موڑ کھنڈا کے زیر اہتمام تشکر ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں علاقے بھر سے مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اظہار تشکر ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ 10 مئی کے بعدپاکستان کی ایک اور بڑی کامیابی ہے ،ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدہ حالات کے باعث دنیا ایک بڑی جنگ کی طرف بڑھ رہی تھی، تاہم پاکستان نے اس صورتحال میں اہم اور مثبت کردار ادا کیا، پاکستان کی بروقت سفارتی کوششوں نے خطے میں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔

  • "اپنا اگاؤ، اپنا بچاؤ،مسلم ویمن لیگ کی کچن گارڈننگ مہم کا آغاز

    "اپنا اگاؤ، اپنا بچاؤ،مسلم ویمن لیگ کی کچن گارڈننگ مہم کا آغاز

    مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ خواتین، مسلم ویمن لیگ نے "اپنا اگاؤ، اپنا بچاؤ” کے عنوان سے ملک گیر مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت خواتین کو کچن گارڈننگ کی جانب راغب کیا جا رہا ہے، مہم کے دوران گھروں میں پودے اور سبزیاں اگانے والی خواتین میں انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

    مسلم ویمن لیگ کی سیکرٹری جنرل عفت سعید اس مہم کی نگرانی کر رہی ہیں۔ انہوں نے لاہور میں مہم کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ خواتین اپنے گھروں، چھتوں، صحنوں اور گملوں میں روزمرہ استعمال کی سبزیاں جیسے دھنیا، پودینہ، ٹماٹر اور مرچ خود اگائیں اور "اپنی ضرورت، اپنے ہاتھ” کے اصول کو فروغ دیں، اس مہم کے اہم مقاصد میں خواتین کو معاشی خود کفالت کی طرف لانا، گھریلو سطح پر مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا، ہر گھر میں صحت مند اور خالص غذا کو فروغ دینا، خواتین میں عملی ہنر اور خود اعتمادی پیدا کرنا اور شجرکاری کے ذریعے ماحولیاتی بہتری میں کردار ادا کرنا شامل ہے، مہم کے تحت کچن گارڈننگ ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ خواتین کو بیج اور پودے بھی فراہم کیے جائیں گے، سوشل میڈیا کے ذریعے رہنمائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور یونین کونسل سطح پر "سبز گھر” مہم بھی چلائی جائے گی،بہترین کارکردگی دکھانے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات دیے جائیں گے

  • سوشل میڈیا پر بچوں اور خواتین کو ہراساں کرنے کیخلاف وزیراعلیٰ پنجاب کا بڑا فیصلہ

    سوشل میڈیا پر بچوں اور خواتین کو ہراساں کرنے کیخلاف وزیراعلیٰ پنجاب کا بڑا فیصلہ

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس میں صوبے میں بڑھتے ہوئے سائبر جرائم، خصوصاً سوشل میڈیا پر بچوں اور خواتین کو ہراساں کرنے اور بلیک میلنگ کے واقعات کے تدارک کیلئے بڑے اقدامات کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں ایک جدید اور خصوصی پنجاب سائبر کرائم یونٹ قائم کیا جائے گا، جو سوشل میڈیا پر ہونے والے جرائم کے خلاف فوری کارروائی کو یقینی بنائے گا۔ اس یونٹ کا بنیادی مقصد متاثرہ افراد، خاص طور پر خواتین اور بچوں، کو محفوظ، آسان اور بروقت سہولت فراہم کرنا ہے۔حکومت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اب متاثرہ افراد کو شکایت درج کروانے کیلئے روایتی طور پر تھانے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس کے بجائے جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت موبائل سائبر کرائم یونٹس خود متاثرہ افراد تک پہنچیں گے۔ مزید برآں، ورچوئل پولیس اسٹیشن اور پی کے ایم (PKM) ایپ کے ذریعے بھی شکایات درج کروانے کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے فوری رسپانس اور کارروائی ممکن ہو سکے گی۔رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ متاثرہ افراد کی شناخت کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا تاکہ وہ بغیر کسی خوف یا دباؤ کے اپنی شکایات درج کروا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے سائبر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت سزاؤں کیلئے نئی قانون سازی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، تاکہ ایسے جرائم کی موثر روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سائبر کرائم آج کے دور کا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جو خاص طور پر نئی نسل کو متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں، خواتین اور بچوں کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

  • کرسچن میرج ایکٹ میں بنیادی تبدیلیوں کےلیے بل تیار

    کرسچن میرج ایکٹ میں بنیادی تبدیلیوں کےلیے بل تیار

    لاہور:کرسچن میرج ایکٹ میں 153 سال بعد بنیادی تبدیلیوں کےلیے بل تیار کرلیا گیا۔

    بل چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور فیلبوس کرسٹوفر کی جانب سے جمع کروایا گیا،بل میں شادی کے لیے دلہا اور دلہن دونوں کا مسیحی ہونا لازم قرار دیا گیا ہے جب کہ موجودہ قانون میں کسی ایک فریق کا مسیحی ہوناکافی قراردیا گیا تھا بل میں شادی کیلئے لڑکے اور لڑکی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کرنے کی تجویز ہے، اس سے قبل قانون میں لڑکے کی عمر 16 اور لڑکی کی 13 سال مقرر تھی۔

    بل کے مطابق مسیحی شادیوں کی رجسٹریشن یونین کونسل اور نادرا کے ریکارڈ میں لازمی شامل کرنے اور رجسٹرڈ گرجا گھروں کو مسیحی طریقہ کار کے مطابق نکاح پڑھانے کی اجازت دینے کی تجویز دی گئی ہے اس کے علاوہ موجودہ بل میں نکاح کی تقریب کے وقت اور دن پر عائد پابندیاں بھی ختم کرنے کی تجویز کی گئی ہے کیونکہ موجودہ قانون کے تحت شام 6 بجے کے بعد نکاح کی اجازت نہیں تھی۔

  • دیدار کا ریشم سے معافی مانگنے سے انکار

    دیدار کا ریشم سے معافی مانگنے سے انکار

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں دیدار اور ریشم کے درمیان جاری لفظی تنازع نے شدت اختیار کر لی ہے جبکہ دیدار کا ریشم سے معافی مانگنے سے انکار کر دیا ہے-

    حال ہی میں دیدار نے ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے ریشم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا انہوں نے کہا کہ ریشمم حقیقی زندگی میں بھی منفی رویوں کی حامل ہیں اور کئی لوگوں کی زندگیاں تباہ کر چکی ہیں،دیدار کے ان الزامات کے بعد ریشم نے خاموشی توڑتے ہوئے ردعمل دیا۔ انہوں نے براہِ راست نام لیے بغیر کہا کہ کچھ لوگ ان کے فلاحی کاموں، خصوصاً لنگر کی سرگرمیوں سے حسد کرتے ہیں، بعض افراد اپنی الگ شناخت بنانے میں ناکام رہتے ہیں اور دوسروں کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں، معاملہ اس حد تک سنگین ہوگیا کہ صوبائی وزیرعظمیٰ بخاری کو مداخلت کرنا پڑی۔

    انہوں نے دونوں اداکاروں کو ایک دوسرے کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے سے منع کیا اور خاص طور پر دیدار سے معافی مانگنے کو کہا،صوبائی وزیر نے ریشم کے فلاحی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کسی خاتون کے کردار پر بات کرنا اور خاص طور پر ان کی نیازوں کو تنقید کا نشانہ بنانا اخلاقیات کے دائرے سے باہر ہے اور اللہ کو بھی ناپسند ہے۔

    ریشم نے عظمیٰ بخاری کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے دوست نعمت ہوتے ہیں،دوسری جانب دیدار نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ کسی دباؤ میں آ کر معافی نہیں مانگیں گی اور انہیں کوئی زبردستی اس بات پر مجبور نہیں کر سکتا۔

    انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ریشم کے ماضی پر کڑی تنقید کی ، انہوں نے ریشم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج میرا نام لینا بھی پسند نہیں کرتے، لیکن ایک وقت تھا جب وہ میرے ساتھ ہی اٹھتے بیٹھتے تھے میرے گھر آتے، یہیں سوتے، یہیں ناشتہ کرتے، دوپہر اور رات کا کھانا بھی میرے ساتھ ہی کھاتے تھے،وہ مجھے کسی بھی وقت کال کر لیتے تھے، کبھی کبھی تو مجھ سے پہلے ہی میرے گھر پہنچ جاتے تھے،آج ہم ہی انہیں برے لگنے لگے ہیں اگر وہ ایسا سوچتے ہیں تو یہ ان کی اپنی سوچ ہے، میں کچھ نہیں کہہ سکتی،حقیقت سب کے سامنے خود آ جائے گی اور آدھے لوگ تو پہلے ہی سچ جانتے ہیں۔

    فلم ’چوڑیاں‘ سے شہرت پانے والی دیدار ماضی میں پنجابی فلموں اور تھیٹر کی ایک نمایاں فنکارہ رہی ہیں وہ اداکارہ نرگس کی بہن ہیں، جبکہ ریشم بھی پاکستان کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں،اداکاراؤں کے درمیان جاری یہ تنازع سوشل میڈیا پر تیزی سے توجہ حاصل کر رہا ہے، جہاں صارفین مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔