Baaghi TV

Category: مظفرآباد

  • چوہدری طارق فاروق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نئے   اسپیکر منتخب

    چوہدری طارق فاروق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نئے اسپیکر منتخب

    مسلم لیگ ن کے چوہدری طارق فاروق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 15ویں اسپیکر منتخب ہوگئے۔ اسپیکر کے انتخاب کے لیے ہونے والی پولنگ اور ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا۔

    انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری طارق فاروق نے 32 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار قاسم مجید کو 13 ووٹ ملے۔

    اسپیکر منتخب ہونے کے بعد چوہدری طارق فاروق قائم مقام صدر آزاد کشمیر کا منصب بھی سنبھال لیں گے۔ ان کی کامیابی کے ساتھ آزاد کشمیر کی نئی قانون ساز اسمبلی کی تشکیل کا ایک اہم مرحلہ بھی مکمل ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے بعد نئی قانون ساز اسمبلی کی تشکیل کا عمل جاری تھا۔ مخصوص نشستوں پر انتخاب کے بعد نومنتخب ارکان نے بھی گزشتہ روز حلف اٹھایا تھا، جس کے بعد اسپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ کرائی گئی۔

    چوہدری طارق فاروق کی بطور اسپیکر کامیابی کے بعد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئینی و پارلیمانی امور کا باقاعدہ آغاز بھی مزید آگے بڑھ گیا ہے۔

  • آزاد کشمیر اسمبلی:اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب،ن لیگ اور پیپلز پارٹی امیدواروں کے حتمی نام جاری

    آزاد کشمیر اسمبلی:اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب،ن لیگ اور پیپلز پارٹی امیدواروں کے حتمی نام جاری

    آزاد کشمیر اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے امیدواروں کے نام حتمی کر دیے ہیں، جبکہ دونوں جماعتوں کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بھی ایوان میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔

    مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے اسپیکر کے بعد ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار کے نام کی بھی منظوری دے دی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے احمد رضا قادری کو ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے، جبکہ چوہدری طارق فاروق پہلے ہی اسپیکر کے امیدوار کے طور پر نامزد کیے جا چکے ہیں۔

    مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے امیدواروں کے ناموں کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کو دونوں عہدوں کے انتخاب میں واضح اکثریت حاصل ہے اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار باآسانی کامیاب ہونے کی پوزیشن میں ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے اسپیکر کے لیے چوہدری قاسم مجید جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے عامر غفار لون کو امیدوار نامزد کیا ہے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بھی اسمبلی میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔

    آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب ارکان کی تعداد 31 ہے، جبکہ عوامی دست و بازو کے نو منتخب رکن ساجد اقبال کی حمایت کے بعد ن لیگ کے ارکان کی مجموعی تعداد 32 ہو گئی ہےپیپلز پارٹی کے پاس اسمبلی میں 14 نو منتخب ارکان ہیں، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ایوان میں 27 ارکان کی حمایت درکار ہے،پارٹی ذرائع کے مطابق چوہدری طارق فاروق اسپیکر منتخب ہونے کے بعد قائم مقام صدر آزاد کشمیر کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔

  • پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا بڑا ایکشن، 2 اہم رہنماؤں کی رکنیت ختم

    پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا بڑا ایکشن، 2 اہم رہنماؤں کی رکنیت ختم

    مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر دو اہم رہنماؤں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت ختم کردی۔

    پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری محمد یاسین نے سردار خالد محمود چغتائی اور سردار ماجد رزاق کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد دونوں رہنما پارٹی کی رکنیت اور عہدوں سے محروم ہوگئے ہیں۔

    پارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سردار خالد محمود چغتائی پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے نائب صدر جبکہ سردار ماجد رزاق سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن تھے۔ دونوں رہنماؤں کے خلاف کارروائی عام انتخابات 2026 کے دوران پارٹی ڈسپلن اور پارٹی فیصلوں کی خلاف ورزی پر کی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے انتخابات کے دوران پارٹی کی ہدایات اور فیصلوں کی خلاف ورزی کی، جس پر پارٹی قیادت نے ان کے خلاف تنظیمی کارروائی کا فیصلہ کیا۔

    پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور کے دستخط سے دونوں رہنماؤں کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق قیادت نے واضح کیا ہے کہ پارٹی نظم و ضبط اور تنظیمی فیصلوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور آئندہ بھی پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے والے رہنماؤں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

    رکنیت ختم کیے جانے کے فیصلے کے بعد آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی اندرونی تنظیمی صورتحال بھی سیاسی حلقوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

  • آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

    آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

    آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت ہوا، جس میں 46 نو منتخب ارکان آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔

    اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے نو منتخب ارکان سے حلف لیاحلف برداری کے ساتھ آزاد کشمیر کی نئی منتخب اسمبلی کی تشکیل کا اہم مرحلہ مکمل ہوگیا جبکہ نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد آزاد کشمیر اسمبلی کی آئینی و پارلیمانی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔

    ایوان میں سب سے بڑی جماعت کے طور پر مسلم لیگ ن کے 31 ممبران اسمبلی نے حلف اٹھایا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے 14 نومنتخب ممبران اسمبلی نے بھی رکنیت کا حلف اٹھایا،جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے ایک رکن ساجد اقبال نے بھی اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا ہے،مسلم لیگ ن کو ساجد اقبال کے ساتھ اتحاد کے باعث 32 ووٹوں کے ساتھ اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہے۔

    نو منتخب ارکان کی حلف برداری مکمل ہونے کے بعد اب اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ باقی ہے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل آزاد کشمیر اسمبلی میں متوقع ہے،اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں کی حتمی منظوری قائد مسلم لیگ ن نواز شریف دیں گے۔

  • آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ مکمل، ن لیگ کی 6 نشستوں پر کامیاب

    آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ مکمل، ن لیگ کی 6 نشستوں پر کامیاب

    آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ کاعمل مکمل ہوگیا، مخصوص نشستوں کےانتخابی نتائج کےمطابق مسلم لیگ ن مجموعی طور پر 6 نشستیں جیتنے میں کامیاب۔

    ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار افتخار گیلانی نے 26 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کو 12 ووٹ ملےعلما و مشائخ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے پیر مظہر نے 26 ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار حافظ طارق نے 12 ووٹ حاصل کیے،خواتین کی مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی مریم کشمیری، سحرش قمر اور مریم ادریس کامیاب قرار پائیں، جبکہ پیپلز پارٹی کی فرزا نہ یعقوب اور زوبیہ خورشید بھی کامیاب ہوگئیں۔

    واضح رہے کہ اوورسیز نشست پر مسلم لیگ ن کے عبدالرحمان آرائیں بلامقابلہ کامیابی حاصل کرچکے ہیں،یوں مسلم لیگ (ن) نے مخصوص نشستوں میں ٹیکنوکریٹ، علما و مشائخ اور خواتین کی نشستوں سمیت مجموعی طور پر 6 نشستیں حاصل کیں، جبکہ پیپلز پارٹی نے خواتین کی 2 اور دیگر نشستوں پر 2 نشستیں حاصل کیں۔

  • آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ جاری

    آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ جاری

    آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جو صبح 10 بجے شروع ہوا اور دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گا،پولنگ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسمبلی ہال، مظفرآباد میں ہو رہی ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے انتخاب کے شیڈول کے تحت خواتین، ٹیکنوکریٹس و پروفیشنلز اور علما و مشائخ کی نشستوں پر آج پولنگ ہو رہی ہے،خواتین کے لیے مخصوص 5 نشستوں پر ابتدا میں 7 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے، تاہم پیپلز پارٹی کی شاہین کوثر ڈار کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد اب 6 امیدوار میدان میں ہیں۔

    خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رفعت عابد، سحرش قمر، مریم ادریس اور مریم زمان، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید راجا امیدوار ہیں،علما و مشائخ کی ایک مخصوص نشست پر مسلم لیگ (ن) کے پیر مظہر سعید اور پیپلز پارٹی کے حافظ طارق محمود کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔

    ٹیکنوکریٹس و پروفیشنلز کی ایک مخصوص نشست کے لیے مسلم لیگ (ن) کے سید افتخار گیلانی اور پیپلز پارٹی کے امیدوار صاحبزادہ ذوالفقار علی مدمقابل ہیں، ریاستی باشندگانِ مقیمِ بیرونِ ملک کے لیے مخصوص ایک نشست پر صرف ایک امیدوار کے کاغذاتِ نامزدگی منظور ہوئے تھے، جس کے باعث مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے عبدالرحمان آرائیں بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ مخصوص نشستوں پر پولنگ کے بعد دوپہر 2 بجے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس ہوگا، جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے اور حکومت سازی کا مرحلہ مزید آگے بڑھے گا۔

  • آزاد کشمیر انتخابات دوسرا مرحلہ: خاتون سمیت 7 نئے  امیدوار اسمبلی میں پہنچ گئے

    آزاد کشمیر انتخابات دوسرا مرحلہ: خاتون سمیت 7 نئے امیدوار اسمبلی میں پہنچ گئے

    آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں خاتون سمیت 7 نئے امیدوارقانون ساز اسمبلی پہنچ گئے۔

    مظفر آباد ڈویژن سے 2 جبکہ مہاجرین کی نشستوں سے 5 نئے امیدوار پہلی بار قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے،ایل اے 29 مظفر آباد سٹی سے پیپلز پارٹی کے سردار مختیار احمد پہلی بار قانون ساز اسمبلی پہنچ گئے، سردار مختیار احمد نے سابق وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔

    ایل اے 31 کھاوڑہ سے مسلم لیگ ن کے راجا ثاقب مجید اور ایل اے 36 جموں 3 سے مسلم لیگ ن کے محمد احسن رضا پہلی بار اسمبلی پہنچ گئے،ایل اے 37 جموں 4 سے مسلم لیگ ن کی مریم جاوید پہلی بار قانون ساز اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں،ایل اے 38 جموں 5 سے مسلم لیگ ن کے چوہدری ذیشان علی، ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 سے مسلم لیگ ن کے محمد عامر شاہ اور ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 سے مسلم لیگ ن کے محمد یاسین لون پہلی بار قانون ساز اسمبلی پہنچ گئے۔

    انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھی 5 نئے امیدوار قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے، دونوں مراحل کے بعد مجموعی طور پر 12 نئے امیدوارآزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا حصہ بن گئے۔

  • آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ: ن لیگ  کو واضح برتری

    آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ: ن لیگ کو واضح برتری

    آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اب تک کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں پاکستان مسلم لیگ ن نے 14 نشتوں پر کامیابی کے ساتھ میدان مارلیا جبکہ پیپلزپارٹی کے حصے میں اب تک 5 سیٹیں آئی ہیں۔

    اتوار کو آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کے 8 حلقوں اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی،مظفر آباد ڈویژن کے 8 حلقوں پر پولنگ شام 6 بجے تک جاری رہی جبکہ حلقہ ایل اے 27 میں موسم کی خرابی اور لینڈسلائڈنگ کے باعث عملہ اور پولنگ کا سامان نہ پہنچ سکا، تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابات ملتوی کردیے گئے۔

    آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کُل 53 نشستوں پر مشتمل ہے ان میں سے 33 نشستوں پر آزاد کشمیر کے اندر مقیم تقریباً ساڑھے 44 لاکھ مقامی شہری ووٹ ڈالتے ہیں، 8 نشستیں خواتین، ٹیکنوکریٹس اور سمندر پار کشمیریوں کے لیے مخصوص کی گئی ہیں، جبکہ 12 نشستیں پاکستان کے مختلف شہروں جیسے کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور راولپنڈی وغیرہ میں مقیم کشمیری مہاجرین کے لیے ہیں جہاں وہ اپنے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں۔

    2 جولائی کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 8 اور کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئےنتائج کا اعلان کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے بتایا کہ ان نشستوں پر مسلم لیگ (ن) 13 سیٹوں پر کامیاب رہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے حصے میں 5 سیٹیں آئی ہیں۔

    غیر حتمی نتائج کے مطابق ایل اے 25 سے مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر کامیاب قرار پائے ہیں، جبکہ ایل اے 30 سے (ن) لیگ کے مصطفیٰ بشیر عباسی اور ایل اے 32 سے سابق وزیراعظم اور (ن) لیگ کے سینئر رہنما راجہ محمد فاروق حیدر نے فتح حاصل کی ہے،ایل اے 34 سے (ن) لیگ کے ناصر حسین ڈار، ایل اے 35 سے چوہدری محمد اسماعیل، ایل اے 36 سے محمد احسن رضا اور ایل اے 37 سے مریم جاوید کامیاب ہوئیں،ایل اے 38 سے ذیشان علی، ایل اے 39 سے راجہ محمد صدیق، ایل اے 41 سے محمد عامر شاہ، ایل اے 42 سے سید شوکت علی شاہ، ایل اے 43 سے محمد یاسین لون اور ایل اے 44 سے محمد احمد رضا قادری نے بھی غیر حتمی نتائج کے مطابق اپنی نشستیں جیت لی ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی 5 اہم حلقوں پرکامیابی حاصل کی ،غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایل اے 26 سے پیپلز پارٹی کے میاں عبدالوحید اور ایل اے 29 سے سردار مختار خان کامیاب ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایل اے 33 سے پیپلز پارٹی کے دیوان علی خان، ایل اے 40 سے عامر غفار لون اور ایل اے 45 سے عبدالماجد خان نے شاندار کامیابی اپنے نام کی ہے۔

  • ایل اے 27کا ملتوی ہونےوالا الیکشن 4اگست کو ہوگا

    ایل اے 27کا ملتوی ہونےوالا الیکشن 4اگست کو ہوگا

    چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیرنے اعلان کیا ہے کہ ایل اے 27کا ملتوی ہونےوالا الیکشن اب بروز منگل 4اگست کو ہوگا۔

    جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ ،روڈ بند ہونے کی وجہ سے الیکشن ملتوی کیے،رات کی شدید بارش سے درخت گرنے سے روڈ بلا ک ہوئے،جمہوری ریاست میں صرف ووٹ سے تبدیلی آتی ہے ،ووٹ ایک اسلامی فریضہ ہے ،لوگوں کوفرض ادا کرنا چاہیے۔تبدیلی کی راہ ہموار کرنی چاہیے،تشدد اور دیگر کوئی چیز تبدیلی کا راستہ نہیں ہوسکتی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میر پورڈویژن سے بہتر ٹرن آؤٹ آئےگا،جو شکایت آتی ہے اس پر فوری ایکشن لیتے ہیں،قانون کے مطابق کام کریں گے،کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے،حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔

    واضح رہے کہ مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور پاکستان میں کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہےپولنگ کے موقع پر 4 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں ،جبکہ،مسلح افواج کی کوئیک رسپانس فورس بھی موجود ہو گی۔

  • آزاد کشمیر انتخابات: حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد ون میں پولنگ ملتوی

    آزاد کشمیر انتخابات: حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد ون میں پولنگ ملتوی

    مظفرآباد: شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد ون میں آج پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے.

    آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے مطابق متعدد سڑکیں بند ہونے کے باعث پولنگ عملہ اور انتخابی سامان بروقت پولنگ اسٹیشنز تک نہیں پہنچ سکا، جس کی وجہ سے مقررہ وقت پر ووٹنگ کا عمل شروع نہ ہو سکا، ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کے باوجود متاثرہ سڑکیں مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکیں، جبکہ حلقہ ایل اے 27 میں پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان آج دوپہر دو بجے کیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن نے ووٹرز سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے پیش آنے والی زحمت پر معذرت کا اظہار کیا ہے،دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کے دیگر تمام انتخابی حلقوں میں پولنگ کا عمل شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔