Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: سات محرم کا مرکزی جلوس آج رات برآمد، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات

    اوکاڑہ: سات محرم کا مرکزی جلوس آج رات برآمد، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)اوکاڑہ میں محرم الحرام کے سلسلے میں ساتویں محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس آج رات 9 بجے امام بارگاہ ایوانِ حسین سے برآمد ہوگا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا راوی روڈ پر اختتام پذیر ہوگا۔

    ضلع بھر میں سات محرم کو مجموعی طور پر 24 جلوس اور 70 مجالس عزاداری کا انعقاد کیا جائے گا۔ سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جن کے تحت 1300 سے زائد افسران اور پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔

    جلوس کے تمام راستوں کو قناتیں لگا کر اور خاردار تاروں سے سیل کیا جائے گا جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریزرو نفری اور کوئیک ریسپانس فورس (QRF) کو سٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کو ہر سطح پر چوکس رکھا گیا ہے۔

  • اوکاڑہ:ریسکیو 1122 کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری، 20 جاں بحق، کروڑوں کی پراپرٹی بچا لی گئی

    اوکاڑہ:ریسکیو 1122 کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری، 20 جاں بحق، کروڑوں کی پراپرٹی بچا لی گئی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ریسکیو 1122 اوکاڑہ کا ماہانہ کارکردگی اجلاس ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام کی زیر صدارت سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی ایمرجنسیز، طبی امداد، آتشزدگی، روڈ حادثات اور دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق جون 2025 میں ریسکیو 1122 کو کل 28 ہزار 638 کالز موصول ہوئیں جن میں 5 ہزار 965 ایمرجنسی کالز تھیں۔ موصول شدہ کالز میں بڑی تعداد غیر متعلقہ، ڈسٹربنگ اور معلوماتی نوعیت کی رہی، جن میں 13 ہزار 541 ڈسٹربنگ، 5 ہزار 90 معلوماتی، 26 رونگ، اور 31 جعلی کالز شامل تھیں۔

    رپورٹ کے مطابق 5 ہزار 965 ایمرجنسیز میں سے 1261 روڈ ٹریفک حادثات، 3908 میڈیکل کیسز، 72 آتشزدگی کے واقعات، 167 جرائم سے متعلق کیسز، ایک ڈوبنے کا واقعہ اور دیگر 556 متفرق حادثات شامل تھے۔ ٹریفک حادثات میں 1553 افراد متاثر ہوئے جن میں 20 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 832 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ 701 کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    آگ لگنے کے 72 واقعات میں سے 2 کمرشل، 6 رہائشی اور 64 دیگر علاقوں میں پیش آئے۔ ان میں شارٹ سرکٹ، گیس لیکج، کچن فائر، فائر ورکس اور لاپرواہی کو اہم وجوہات قرار دیا گیا۔ ان حادثات میں بروقت کارروائی کے ذریعے 54 ملین روپے سے زائد مالیت کی پراپرٹی کو نقصان سے محفوظ بنایا گیا۔

    ریسکیو موٹر بائیک سروس نے 3528 ایمرجنسیز پر 5.14 منٹ کے اوسط ریسپانس ٹائم سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 3665 افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ پیشنٹ ریفرل سسٹم کے تحت 117 مریضوں کو ڈی ایچ کیو اوکاڑہ جبکہ 156 مریضوں کو دیگر اضلاع کے بڑے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا عملہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے چوبیس گھنٹے مستعد اور فرض شناس انداز میں خدمات انجام دے رہا ہے۔

  • اوکاڑہ: محرم الحرام کے انتظامات کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس، صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت

    اوکاڑہ: محرم الحرام کے انتظامات کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس، صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)محرم الحرام کے دوران ضلعی سطح پر عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ڈی سی آفس اوکاڑہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب سلمہ بٹ، ایم این اے ریاض الحق جج، ممبران صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، چوہدری غلام رضا ربیرہ، چوہدری جاوید علاؤالدین، ملک علی عباس کھوکھر، کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل، آر پی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈی پی او راشد ہدایت اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اجلاس کو محرم الحرام کے موقع پر عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈی پی او راشد ہدایت نے مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

    صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس میں شریک عزاداروں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے میڈیکل کیمپس اور کلینک آن وہیلز خدمات فراہم کریں گے، جبکہ سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر نے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود اہلکاروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ اور تمام محکموں سے موثر رابطہ کاری یقینی بنائی جائے۔
    انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے تمام انتظامات کی خود نگرانی کروں گا، جبکہ کمیٹیاں اپنے اپنے دائرہ کار میں کلیدی کردار ادا کریں تاکہ پرامن، منظم اور بااحترام انداز میں مجالس و جلوسوں کا انعقاد ممکن ہو سکے۔

  • اوکاڑہ: 15 گینگز کا خاتمہ، 425 اشتہاری گرفتار، کروڑوں کا مال برآمد

    اوکاڑہ: 15 گینگز کا خاتمہ، 425 اشتہاری گرفتار، کروڑوں کا مال برآمد

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)اوکاڑہ پولیس نے ماہ جون 2025 کے دوران جرائم کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق جون کے مہینے میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 15 خطرناک گینگز کو ختم کیا، جن کے 41 ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے 2 کروڑ 10 لاکھ 8 ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔

    کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 79 پسٹل، 13 بندوقیں، 7 رائفلیں، 2 ریوالور، ایک کاربین اور 315 گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں 132 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن سے 139 کلو چرس، 1787 لیٹر شراب، 741 لیٹر لہن اور 11 چالو بھٹیاں برآمد کی گئیں۔

    اشتہاری اور عادی مجرموں کے خلاف بھی موثر کارروائیاں جاری رہیں۔ پولیس نے 425 اشتہاری ملزمان، 53 ٹارگیٹڈ آفینڈرز اور 42 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا، جب کہ سنگین مقدمات میں ملوث اے کیٹیگری کے 110 اور بی کیٹیگری کے 315 اشتہاری مجرموں کو بھی حراست میں لیا گیا۔

    شہر میں ایس او ایس ناکے، سرچ و کومبنگ آپریشنز، اور کرائم پاکٹس میں گشت کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز اور کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے گی تاکہ جرائم کا مکمل قلع قمع کیا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: محرم الحرام کے دوران ریسکیو 1122 ہائی الرٹ، ڈیوٹی پلان جاری، چھٹیاں منسوخ

    اوکاڑہ: محرم الحرام کے دوران ریسکیو 1122 ہائی الرٹ، ڈیوٹی پلان جاری، چھٹیاں منسوخ

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر) محرم الحرام کے پیش نظر ریسکیو 1122 کی جانب سے ایمرجنسی تیاریوں کا جامع جائزہ اجلاس ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام کی زیر صدارت سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام تحصیل انچارجز نے شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں میں محرم الحرام کے دوران کیے جانے والے حفاظتی و انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں 5 سے 10 محرم، خصوصاً یومِ عاشورہ کے موقع پر ریسکیو عملہ ہائی الرٹ پر ہوگا۔ اس سلسلے میں 200 سے زائد ریسکیو اہلکاروں کو ایمرجنسی ڈیوٹیوں پر تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ عملے کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

    محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 13 سے زائد ریسکیو پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ یہ پوسٹیں مجالس اور جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن ہو۔ اس کے علاوہ موٹر بائیک ایمبولینس پوسٹیں بھی قائم کی گئی ہیں تاکہ گنجان راستوں اور ہجوم میں بروقت امدادی کارروائی کی جا سکے۔

    ریسکیو پوسٹوں پر ایمبولینسز، فائر وہیکلز، اور تربیت یافتہ ریسکیو اسٹاف چوبیس گھنٹے موجود رہے گا۔ کنٹرول روم انچارج کی نگرانی میں انسپیکشن ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو تمام ریسکیو پوسٹوں کا معائنہ کریں گی اور ہنگامی تیاریوں کو چیک کریں گی۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران تعاون کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

  • اوکاڑہ: ٹریکٹر ٹرالی کھائی میں الٹ گئی، 25 سالہ نوجوان جاں بحق

    اوکاڑہ: ٹریکٹر ٹرالی کھائی میں الٹ گئی، 25 سالہ نوجوان جاں بحق

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر) اوکاڑہ کے نواحی علاقے 36 جوڑے روڈ پر افسوسناک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مٹی سے بھری ٹریکٹر ٹرالی کا ٹائر اچانک برسٹ ہو گیا جس کے باعث وہ بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔

    حادثہ چک نمبر 6 سے چک 9 فارم والا کے قریب پیش آیا، جہاں ٹرالی پر سوار 25 سالہ نوجوان شاہد ولد اسلم سکنہ چک نمبر 11 فور ایل، ٹرالی کے نیچے دب گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور نوجوان کو بیہوشی کی حالت میں ٹرالی کے نیچے سے نکالا۔

    ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ہی نوجوان کو سی پی آر دینے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ حادثے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی مکمل کی، جس کے بعد متوفی کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور بوسیدہ ٹائر کے باعث پیش آیا۔ علاقہ مکینوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ پرانی اور خراب ٹرالیوں کی فٹنس کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: جبوکہ روڈ پر پولیس مقابلہ، 2 خطرناک ڈاکو ہلاک، 2 فرار

    اوکاڑہ: جبوکہ روڈ پر پولیس مقابلہ، 2 خطرناک ڈاکو ہلاک، 2 فرار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ کے علاقے جبوکہ روڈ پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں دو خطرناک ملزمان ہلاک جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔ پولیس کے مطابق یہ ملزمان علاقے میں خوف کی علامت سمجھے جاتے تھے۔

    ڈسٹرکٹ آفیسر کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) مہر محمد یوسف کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت صدی مراثی اور علی شیر وٹو کے ناموں سے ہوئی ہے۔ صدی مراثی پر ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری، نقب زنی سمیت 32 سنگین مقدمات درج تھے جبکہ علی شیر وٹو کے خلاف ڈکیتی، گاڑی چوری اور نقب زنی سمیت 72 مقدمات زیرِ تفتیش تھے۔

    واقعے کے بعد سی سی ڈی پر حملہ، مزاحمت، قتل اور اسلحہ برآمدگی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے دو پسٹل اور متعدد گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور وہ جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

    ریجنل آفیسر سی سی ڈی ساہیوال ریجن ساجد کھوکھر اور ڈی او اوکاڑہ مہر محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ اور امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ عوام نے خطرناک ڈاکوؤں کی ہلاکت پر سکھ کا سانس لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔

  • اوکاڑہ: نالے میں نہاتے ہوئے دو معصوم بھائی ڈوب کر جاں بحق، گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی

    اوکاڑہ: نالے میں نہاتے ہوئے دو معصوم بھائی ڈوب کر جاں بحق، گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ کے نواحی علاقے 36 جوڑے روڈ پر واقع بستی غلام آباد میں ایک المناک واقعہ پیش آیا، جہاں دو سگے بھائی نالے میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 6 اور 8 سال تھیں، جو محنت کش لیاقت علی کے بیٹے تھے۔

    ذرائع کے مطابق چھ سالہ وارث اور آٹھ سالہ احمد گھر کے قریب واقع نالے میں نہانے کے لیے گئے، مگر کافی دیر تک واپس نہ آئے۔ بچوں کی تاخیر پر لواحقین کو تشویش ہوئی اور وہ تلاش کرتے ہوئے نالے پر پہنچے۔ نالے میں اترنے پر دونوں بچوں کو نیم بیہوشی کی حالت میں نکالا گیا اور فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور راستے میں بچوں کو سی پی آر دینے کی کوشش کی گئی، مگر دونوں بچے جانبر نہ ہو سکے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کر دیں۔

    جاں بحق بچوں کی میتیں جب گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا، ماں باپ غم سے نڈھال، بہن بھائی اور اہلِ محلہ دھاڑیں مار مار کر رونے لگے۔ بستی غلام آباد کی فضا سوگوار ہو گئی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔ علاقے میں گہرے رنج و الم کی کیفیت طاری ہے۔

  • اوکاڑہ: علی حسنین بھٹی کا دورہ، 3 لیڈی اسٹاف برطرف

    اوکاڑہ: علی حسنین بھٹی کا دورہ، 3 لیڈی اسٹاف برطرف

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب کے اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے فوکل پرسن علی حسنین بھٹی نے اسسٹنٹ کمشنر رب نواز چدہڑ کے ہمراہ تحصیل اوکاڑہ میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی امام بارگاہ اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔

    مرکزی امام بارگاہ کے دورے کے دوران وفد نے سیکیورٹی انتظامات، صفائی، روشنی اور دیگر سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا اور موقع پر موجود انتظامیہ کو بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔

    بعد ازاں علی حسنین بھٹی اور اسسٹنٹ کمشنر رب نواز چدہڑ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال اوکاڑہ کا وزٹ کیا، جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) جام شہزاد نے وفد کو ہسپتال کی صفائی، دواؤں کی فراہمی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہ کیا۔

    دورے کے دوران ایم ایس نے بتایا کہ مریضوں سے پیسے لینے کی شکایات پر تین لیڈی اسٹاف کو برطرف کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو بلاتعطل اور شفاف طبی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ وفد نے ہسپتال انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

  • اوکاڑہ:محرم الحرام کیلئے 2200 پولیس اہلکار تعینات، سیکیورٹی پلان جاری

    اوکاڑہ:محرم الحرام کیلئے 2200 پولیس اہلکار تعینات، سیکیورٹی پلان جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت کی ہدایت پر اوکاڑہ پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ یکم محرم سے 10 محرم تک ضلع بھر میں کل 639 مجالس منعقد ہوں گی، جن میں 56 مجالس اے کیٹگری، 228 بی کیٹگری اور 355 سی کیٹگری میں شامل ہیں، جبکہ 176 عزاداری جلوسوں میں 27 اے کیٹگری، 67 بی کیٹگری اور 82 سی کیٹگری کے جلوس شامل ہیں۔

    پولیس سیکیورٹی کے لیے 2200 سے زائد افسران و اہلکاروں کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں 7 ڈی ایس پیز، 34 انسپکٹرز، 138 سب انسپکٹرز، 210 اے ایس آئی، 106 ہیڈ کانسٹیبل اور 1646 کانسٹیبل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 104 لیڈی پولیس اہلکار، سپیشل فورس، ریزرو فورس اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں بھی شامل کی گئی ہیں۔

    ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر پکٹس قائم کر دی گئی ہیں جبکہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔ طیب سعید شہید پولیس لائنز میں ریزرو نفری موجود رہے گی۔ حساس مجالس و جلوسوں کے روٹس پر CCTV کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔

    شرکاء کی میٹل ڈیٹیکٹر، واک تھرو گیٹس اور بائیو میٹرک کے ذریعے جامعہ تلاشی لی جائے گی۔ ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کرائی جائے گی، جبکہ علماء و ذاکرین کو نفرت انگیز تقاریر سے روکنے اور امن کمیٹی کو متحرک رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور قابل اعتراض وال چاکنگ، بینرز، اسلحہ کی نمائش و لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    کسی بھی ہنگامی صورت یا مشکوک سرگرمی کی اطلاع ہیلپ لائن 15 یا کنٹرول روم نمبر 9200363 پر دی جا سکتی ہے۔