Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: پولیس کی کارروائی، 11 کلو چرس برآمد، ڈرگ ڈیلر گرفتار

    اوکاڑہ: پولیس کی کارروائی، 11 کلو چرس برآمد، ڈرگ ڈیلر گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) تھانہ گوگیرہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنامِ زمانہ ریکارڈ یافتہ ڈرگ ڈیلر محسن سرفراز کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے 11 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی گئی ہے۔

    ایس ایچ او سعید احمد بھٹی اور انچارج انویسٹی گیشن عظمت علی نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران جھٹیانہ پل کے قریب چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم کے خلاف امتناعِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ تفتیش جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ محسن سرفراز ماضی میں بھی منشیات کے کئی مقدمات میں ملوث رہ چکا ہے۔ اس کامیاب کارروائی پر عوامی حلقوں نے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ منشیات کے خلاف جاری مہم مزید شدت سے جاری رہے گی۔

  • اوکاڑہ: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں کٹوتی، چھاپہ مار ٹیم پر حملہ، مقدمہ درج

    اوکاڑہ: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں کٹوتی، چھاپہ مار ٹیم پر حملہ، مقدمہ درج

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)اوکاڑہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 4/1 اے آر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم میں غیر قانونی کٹوتی اور چھاپہ مار ٹیم پر حملے کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈم شرمین ناز کی سربراہی میں ٹیم نے باوثوق اطلاع پر چھاپہ مارا تو مزاحمت، حملہ اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق میڈم شرمین ناز کو اطلاع ملی کہ مذکورہ گاؤں میں خواتین سے دو، دو ہزار روپے کٹوتی کر کے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم تقسیم کی جا رہی ہے۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد جب وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچیں تو شکیلہ نامی خاتون، پرویز اور وقار نے چار نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر مزاحمت کی۔ حملہ آوروں نے سرکاری ڈرائیور کو گریبان سے پکڑ کر یرغمال بنایا، تشدد کا نشانہ بنایا اور گاڑی پر پتھراؤ بھی کیا۔

    ذرائع کے مطابق موقع پر موجود کئی خواتین کے ویڈیو بیانات بھی ریکارڈ کر لیے گئے ہیں جن میں کٹوتی اور رقم کی تقسیم کی تفصیلات شامل ہیں۔

    پولیس تھانہ صدر رینالہ خورد نے اس واقعے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 450/25 درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر میں تین نامزد اور چار نامعلوم افراد کو سنگین دفعات کے تحت شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور جلد ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ غریب خواتین سے رقم کی کٹوتی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

  • اوکاڑہ: کھڑے پانی سے ماں بیٹے کی لاشیں برآمد، حادثہ یا قتل؟

    اوکاڑہ: کھڑے پانی سے ماں بیٹے کی لاشیں برآمد، حادثہ یا قتل؟

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) رینالہ خورد بائی پاس کے قریب واقع کھڑے پانی سے ماں اور بیٹے کی لاشیں ملنے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متوفیہ کی شناخت چک امیر سنگھ، پاکپتن کی رہائشی معافیہ بی بی اور اس کے بیٹے کے طور پر ہوئی ہے، جن کی لاشیں کھڑے پانی سے برآمد کی گئیں۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن کے بعد دونوں لاشیں نکال کر ابتدائی کارروائی مکمل کی۔ نعشیں مقامی پولیس کی موجودگی میں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور سائنسی بنیادوں پر شواہد جمع کیے جا رہے ہیں تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ یہ حادثہ ہے یا کسی جرم کا نتیجہ۔ حتمی حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

    علاقہ مکینوں نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اصل محرکات جلد از جلد سامنے لائے جائیں اور اگر کسی نے یہ سانحہ جان بوجھ کر کیا ہے تو اسے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

  • اوکاڑہ میں موسلادھار بارش سے حبس کا خاتمہ، عوام نے لیاسکھ کا سانس

    اوکاڑہ میں موسلادھار بارش سے حبس کا خاتمہ، عوام نے لیاسکھ کا سانس

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ شہر میں موسلادھار بارش نے حبس زدہ موسم کا خاتمہ کر دیا اور جل تھل ایک ہو گیا۔ بارش کے باعث شہریوں کو شدید گرمی اور گھٹن سے نجات ملی، جس پر عوام نے سکھ کا سانس لیا اور قدرت کے اس انعام پر شکر ادا کیا۔

    بارش سے قبل شہر میں گزشتہ دو روز سے واپڈا کی جانب سے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ جاری تھی، جس سے عوام شدید اذیت میں مبتلا تھے۔ حبس زدہ موسم اور بجلی کی بندش نے بزرگوں، بچوں اور مریضوں کی حالت غیر کر دی تھی۔ تاہم جیسے ہی بارش کا آغاز ہوا، واپڈا نے بجلی بحال کر دی۔

    عوامی حلقوں نے واپڈا کے اس رویے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ برسات کے موسم میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ بارش کے بعد اکثر موسم میں نمی بڑھ جاتی ہے اور حبس کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے، ایسے میں بجلی کی بندش شہریوں کے لیے ناقابل برداشت ہو جاتی ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واپڈا کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لے تاکہ موسم کی شدت کے دوران عوام کو بنیادی سہولیات میسر رہیں۔

  • اوکاڑہ: بارشوں کے پانی کے نکاس کیلئے نالوں کی صفائی، ڈسپوزل اسٹیشنز فعال رکھنے کی ہدایت

    اوکاڑہ: بارشوں کے پانی کے نکاس کیلئے نالوں کی صفائی، ڈسپوزل اسٹیشنز فعال رکھنے کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے مون سون بارشوں کے دوران بارشی پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں نالیوں کی صفائی اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گول چوک سے ملحقہ بازاروں میں سینٹری ورکرز کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور انہیں ہدایت کی کہ نکاسی آب کے لیے تمام نالیاں مکمل طور پر صاف اور فعال رکھی جائیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے 1/4 ایل کے واٹر ڈسپوزل اسٹیشن کی مشینری اور سٹاف کی حاضری کا بھی جائزہ لیا اور واضح احکامات جاری کیے کہ بارشوں کے دوران ڈسپوزل اسٹیشنز کی مشینیں مسلسل فعال رہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈسپوزل سٹیشنز میں جنریٹرز کے لیے وافر مقدار میں ڈیزل دستیاب رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مشینری بند نہ ہو۔

    رب نواز نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران صفائی اور پانی کے نکاس کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے اور واٹر ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل طور پر فنکشنل حالت میں رکھا جائے۔ انہوں نے تحصیل روڈ اور فیصل آباد روڈ پر بھی صفائی اور پانی کے انخلاء کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو موقع پر ضروری ہدایات دیں۔

  • اوکاڑہ: سرکاری ہسپتالوں کی ابتر صورتحال برداشت نہیں کی جائے گی، چوہدری عبدالجبار گجر

    اوکاڑہ: سرکاری ہسپتالوں کی ابتر صورتحال برداشت نہیں کی جائے گی، چوہدری عبدالجبار گجر

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سٹی اوکاڑہ کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات میں طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، مفت ادویات کی فراہمی اور لیبارٹری خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور دستیاب سہولیات سے متعلق اطمینان یا عدم اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کی ابتر صورتحال کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور شعبہ صحت میں معیاری سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ چوہدری عبدالجبار گجر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب، خاص طور پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف، عوام سے کیے گئے صحت سہولیات کے وعدے کو ہر صورت پورا کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور اس مقصد کے لیے مختلف شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت مریضوں کی دلجمعی سے دیکھ بھال کریں اور اپنی ذمہ داریوں کو پوری دیانت داری سے سرانجام دیں تاکہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ وسائل کا حقیقی فائدہ عوام کو پہنچ سکے۔

  • اوکاڑہ: محرم الحرام میں امن و امان کے فول پروف انتظامات کیے جائیں، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید

    اوکاڑہ: محرم الحرام میں امن و امان کے فول پروف انتظامات کیے جائیں، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے تمام اداروں کو باہمی ربط کے ساتھ ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رواداری، محبت اور باہمی برداشت کو فروغ دے کر ہی معاشرے میں پائیدار امن قائم رکھا جا سکتا ہے، اور اس ضمن میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے سیکیورٹی و دیگر انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پولیس سمیت تمام وفاقی و صوبائی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی، تجاوزات کا خاتمہ، لٹکتی ہوئی بجلی، ٹیلی فون و کیبل کی تاروں کو اونچا کرنے، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و تنصیب، پیچ ورک، طبی امداد کی فراہمی، اور پورٹ ایبل واش رومز کی بروقت تنصیب یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان ایام میں پولیس کے علاوہ واپڈا، سوئی گیس، محکمہ صحت، سول ڈیفنس، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

    انہوں نے تینوں تحصیلوں کے چیف افسران کو ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے تناظر میں مشینری کو فنگشنل رکھا جائے اور فیلڈ اسٹاف کو الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق عاشورہ محرم کے دوران عزاداروں، ماتمی حضرات اور جلوسوں کے شرکاء کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں مثالی اقدامات کرے گی۔

  • اوکاڑہ: خاتون قتل کیس کا فیصلہ، مجرم محمد آصف کو عمر قید اور 3 لاکھ روپے جرمانہ

    اوکاڑہ: خاتون قتل کیس کا فیصلہ، مجرم محمد آصف کو عمر قید اور 3 لاکھ روپے جرمانہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سیشن جج اوکاڑہ راجہ قمر الزمان کی عدالت نے خاتون قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے مجرم محمد آصف کو عمر قید اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 6 ماہ قید کاٹنا ہوگی۔

    استغاثہ کے مطابق نومبر 2022 میں چک نمبر 2 فور ایل، عامر کالونی اوکاڑہ میں گھریلو تنازعے پر محمد آصف نے فائرنگ کر کے رانیہ بی بی نامی خاتون کو قتل کر دیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ نمبر 1796/25 تھانہ صدر اوکاڑہ میں درج کیا گیا تھا۔ سیشن عدالت میں مکمل ٹرائل کے بعد جرم ثابت ہونے پر عدالت نے سزا کا فیصلہ سنایا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اوکاڑہ نے کیس کی مؤثر تفتیش پر تفتیشی افسر اور لیگل ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ کسی بے گناہ کو قتل کرنے والا کسی رعایت کا مستحق نہیں۔

  • اوکاڑہ: بارش کے باعث چھت گرنے سے 5 سالہ بچی جاں بحق، دو زخمی

    اوکاڑہ: بارش کے باعث چھت گرنے سے 5 سالہ بچی جاں بحق، دو زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے نواحی علاقے بنگلہ گوگیرہ کی بستی ریاض احمد میں بارش کے باعث بانسوں سے بنی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 سالہ بچی دعا فاطمہ جاں بحق جبکہ 6 سالہ ارم اور 7 سالہ مہوش شدید زخمی ہو گئیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تینوں بچیاں کمرے میں بیٹھ کر سپارہ پڑھ رہی تھیں۔ اچانک موسلا دھار بارش کے دوران کمزور چھت زمین بوس ہو گئی جس کے نیچے آ کر بچیاں ملبے میں دب گئیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد کی مدد سے بچیوں کو ملبے سے نکالا۔ زخمی بچیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق بچی کی نعش بھی ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ہسپتال بھجوا دی گئی۔ واقعے پر علاقے میں گہرے دکھ اور افسوس کی فضا ہے۔

  • اوکاڑہ: محرم سیکیورٹی اجلاس، فرقہ واریت پر سخت کارروائی کا اعلان

    اوکاڑہ: محرم سیکیورٹی اجلاس، فرقہ واریت پر سخت کارروائی کا اعلان

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)چیئرپرسن وزیراعلیٰ ڈائریکٹوریٹ انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ پنجاب برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اوکاڑہ پہنچے، جہاں انہوں نے ڈی سی آفس میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔

    اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ڈی پی او محمد راشد ہدایت، سیاسی و سماجی شخصیات، سول سوسائٹی نمائندگان اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، اور سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے تمام مسالک اور ضلعی امن کمیٹی سے اپیل کی کہ وہ محرم کے دوران بھائی چارے، اتحاد اور امن کا پیغام عام کریں۔ چیئرپرسن نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تیار کردہ سیکیورٹی پلان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون سے محرم الحرام پُرامن طریقے سے گزارا جا سکتا ہے۔