Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ :صفائی کے ناقص انتظامات،ہوٹل اور فیکٹری کیخلاف کارروائی

    اوکاڑہ :صفائی کے ناقص انتظامات،ہوٹل اور فیکٹری کیخلاف کارروائی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے عوام کو معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متحرک اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے محکمہ فوڈ اتھارٹی کے افسران کے ہمراہ شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کیں۔

    کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے مہر عظیم ہوٹل کے مختلف حصوں خصوصاً کچن کا معائنہ کیا، جہاں صفائی کے غیر معیاری انتظامات اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پائی گئی۔ ان خلاف ورزیوں پر ہوٹل انتظامیہ کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    اسی طرح نواحی علاقے ستگھرہ میں واقع کولڈ ڈرنکس فیکٹری میں بھی صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے، جس پر فیکٹری مالک کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناقص صفائی، غیر معیاری اشیاء اور مضر صحت مٹیریل کے استعمال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوام الناس کو محفوظ، معیاری اور صاف ستھری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں خلاف ورزی کے مرتکب کاروباروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • اوکاڑہ :پولیس کا ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن، 33 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ :پولیس کا ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن، 33 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت کی ہدایت پر ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران مجموعی طور پر 33 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں، جن کا مقصد امن و امان کی فضا کو یقینی بنانا ہے، خصوصاً محرم الحرام کے پیشِ نظر۔

    کارروائی کے دوران گوگیرہ پولیس نے ڈکیت گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا، جب کہ 4 خطرناک اشتہاری ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3 پستول، ایک رائفل اور 15 گولیاں برآمد کی گئیں۔

    منشیات کے خلاف کارروائی میں سٹی دیپالپور پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کی، جہاں ایک منشیات فروش سے 2 کلو 200 گرام چرس برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ شراب فروشی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 76 لیٹر شراب قبضے میں لے لی گئی۔

    پولیس ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران جوا کھیلنے میں ملوث 11 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، جبکہ عارضی قیام گاہ ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    ڈی پی او راشد ہدایت کا کہنا ہے کہ یہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے اور جرائم پیشہ عناصر کا مکمل طور پر قلع قمع کیا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: سکریپ کے گودام میں آگ لگنے سے 15 لاکھ روپے مالیت کا نقصان

    اوکاڑہ: سکریپ کے گودام میں آگ لگنے سے 15 لاکھ روپے مالیت کا نقصان

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے علاقے خان کالونی میں واقع ایک سکریپ کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں تقریباً 15 لاکھ روپے مالیت کا سکریپ جل کر خاکستر ہو گیا۔ آگ علی ٹرسٹ ہسپتال کے قریب واقع گودام میں لگی، جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی موٹر بائیک سروس اور دو فائر وہیکلز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے پانی کی مدد سے فائر فائٹنگ شروع کر دی، اور کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق فوری کارروائی کی بدولت گودام میں موجود 17 لاکھ روپے مالیت کا سکریپ جلنے سے محفوظ رہا۔

    آتشزدگی کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ریسکیو 1122 کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر مقامی افراد نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

  • اوکاڑہ: چنگ چی اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوکاڑہ: چنگ چی اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے 6 چک غلہ گودام کے قریب ایک بھیانک حادثہ پیش آیا، جہاں چنگ چی رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں رکشہ میں سوار 16 سالہ نوجوان ولید جاں بحق ہو گیا جبکہ 13 سالہ زوالقرنین زخمی ہوا۔ دونوں متاثرین چک نمبر 9 فور ایل کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی نمبر ایس ایل ڈی 5208 کے ساتھ تصادم تیز رفتاری اور لاپروا ڈرائیونگ کی وجہ سے ہوا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو موٹر بائیک سروس اور ایمبولینس فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں، جہاں ریسکیو ٹیموں نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور پھر اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    جاں بحق نوجوان کی نعش کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • فور۔ایل کی ڈائری: وعدوں کا قبرستان، عوام کو عملی اقدامات کی تلاش

    فور۔ایل کی ڈائری: وعدوں کا قبرستان، عوام کو عملی اقدامات کی تلاش

    فور۔ایل کی ڈائری: وعدوں کا قبرستان، عوام کو عملی اقدامات کی تلاش
    تحریر: ملک ظفر اقبال بھوہڑ
    اوکاڑہ کے حلقہ پی پی 190 اور این اے 136 کا سیاسی مرکز فور۔ایل کئی دیہاتوں پر مشتمل ایک وسیع و عریض علاقہ ہے، جو بظاہر پرسکون دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کے اندر مسائل کا ایک انبار چھپا ہوا ہے۔ انصاف، صحت، تعلیم، سڑکیں، زراعت، اور کاروبار جیسے شعبے آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

    تھانہ شاہ بور اس علاقے کا مرکزی پولیس سٹیشن ہے، جو عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ بدقسمتی سے ماضی اور حال میں یہ ادارہ کئی مرتبہ سیاسی مداخلت اور مالی لین دین کا شکار رہا ہے۔ بعض سیاسی ٹاؤٹ اس پر اثر انداز ہوتے رہے ہیں، جنہوں نے سیاسی پشت پناہی کی بدولت اپنی مرضی کے فیصلے کروائے۔ اگرچہ حالات میں کچھ بہتری آئی ہے، لیکن اب بھی طاقتور طبقات بعض اوقات مظلوم کو ظالم اور ظالم کو مظلوم ثابت کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

    فور۔ایل کے مختلف دیہاتوں میں بنیادی مراکز صحت قائم تو ہیں، لیکن یہاں علاج و معالجے کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ سیاسی پشت پناہی ہے۔ شاہ بور میں قائم بڑا سرکاری ہسپتال کئی سالوں سے بدنامی کا شکار ہے۔ یہاں سیاسی دباؤ اور کرپشن کی بنیاد پر جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس کا اجرا ایک معمول بن چکا ہے۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو سیاسی سرپرستی حاصل ہے، جس کی بدولت مظلوم عوام کے حقوق پامال ہوتے رہے ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ سیاسی مداخلت اور من پسند میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور عملے کی تعیناتی ہے۔

    فور۔ایل میں کئی سرکاری اسکول موجود ہیں، لیکن تعلیمی معیار روز بہ روز گرتا جا رہا ہے۔ صرف 34 فور۔ایل ٹھاکرہ کی پرانی تعلیمی درسگاہ ایک روشن مثال ہے، جہاں سے ہزاروں طلبہ تعلیم حاصل کر کے کامیاب زندگی گزار رہے ہیں۔ لیکن دیگر تعلیمی ادارے معیار تعلیم بہتر کرنے میں ناکام رہے ہیں، جس کی بنیادی وجہ حکومتی عدم توجہی اور تعلیمی بجٹ میں کمی ہے۔

    22 فور۔ایل سے 31 فور۔ایل تک کی سڑک گزشتہ پچیس سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ ہر الیکشن میں اس سڑک کی مرمت کے وعدے کیے گئے، مگر عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ این اے 136 کے رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جٹ اور پی پی 190 کے رکن صوبائی اسمبلی میاں یاور زمان مسلسل اقتدار میں رہنے کے باوجود علاقے کے اس اہم مسئلے کو حل نہ کر سکے۔

    فور۔ایل کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے، لیکن یہاں زیر زمین پانی کھارا ہونے کی وجہ سے کاشتکاری میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ خاص طور پر 22 فور۔ایل اور 23 فور۔ایل کے علاقے محکمہ ایریگیشن کی مبینہ ملی بھگت سے نہری پانی کی کمی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے زمینیں بنجر ہو رہی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ ان دیہاتوں میں ٹیوب ویلوں کی خصوصی اسکیمیں شروع کرے تاکہ زراعت کے شعبے کو بچایا جا سکے۔

    ملگدھا چوک فور۔ایل کا کاروباری مرکز ہے، جو ساہیوال، پاکپتن، دیپالپور، اور اوکاڑہ کو آپس میں جوڑتا ہے۔ یہاں نیشنل بینک، لڑکیوں کا کالج اور پولیس چوکی تو موجود ہیں، مگر بنیادی سہولیات کا فقدان اس تجارتی مرکز کی ترقی میں رکاوٹ ہے۔

    فور۔ایل کی عوام محنتی، جفاکش اور باشعور ہے، لیکن آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اکثریت شہروں کا رخ اختیار کر چکی ہے۔ یہاں کے عوام نے ہر الیکشن میں بھرپور سیاسی حمایت کی، لیکن بدلے میں انہیں ترقیاتی کاموں کی بجائے صرف وعدے اور تسلیاں ملیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ سیاسی نمائندے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور اس علاقے کے دیرینہ مسائل حل کریں۔ امید کی کرن ابھی باقی ہے، لیکن اب صرف نعروں سے کام نہیں چلے گا بلکہ عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت بن چکے ہیں۔

  • اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنردیپالپورکی شہر میں صفائی مہم کی مانیٹرنگ، زیرو ویسٹ کے لیے ہدایات جاری

    اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنردیپالپورکی شہر میں صفائی مہم کی مانیٹرنگ، زیرو ویسٹ کے لیے ہدایات جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نعیم بشیر دیپالپورنے شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ستھرا پنجاب مہم کے تحت متعدد مقامات پر صفائی ٹیموں کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔

    انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام صفائی امور کی مؤثر نگرانی کی جائے، صفائی عملہ فیلڈ میں متحرک رہے، اور کاموں میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف روڈز کے اطراف پانی کا باقاعدہ چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ مٹی اور دھول سے ماحول متاثر نہ ہو۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ تحصیل بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کو عملی شکل دی جا رہی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ صاف ماحول کے لیے اپنا کردار ضرور ادا کریں۔

  • اوکاڑہ میں میڈیکل کالج کا قیام، عوام کا خواب حقیقت بن گیا: ملک خالد یعقوب

    اوکاڑہ میں میڈیکل کالج کا قیام، عوام کا خواب حقیقت بن گیا: ملک خالد یعقوب

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) معروف سماجی کارکن ملک خالد یعقوب نے اوکاڑہ میں میڈیکل کالج کے قیام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عوام کا دیرینہ خواب تھا جو بالآخر حقیقت بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم کامیابی رکنِ قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کے ویژن، عوامی خدمت اور انتھک جدوجہد کا ثمر ہے۔

    ملک خالد یعقوب کا کہنا تھا کہ چوہدری ریاض الحق جج کی سیاست اقتدار کے بجائے عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور ان کی قیادت عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے وقف ہے۔ میڈیکل کالج کی منظوری ان کے خلوص اور جذبے کا عملی ثبوت ہے۔

    انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور چوہدری ریاض الحق جج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اوکاڑہ کے نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے گا اور انہیں دوسرے شہروں کی طرف ہجرت سے نجات دلائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ میڈیکل کالج اوکاڑہ کو تعلیمی میدان میں ایک نئی شناخت دے گا۔
    آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ چوہدری ریاض الحق جج کو مزید کامیابی عطا فرمائے تاکہ وہ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھ سکیں۔

  • اوکاڑہ: اختیارات کے ناجائز استعمال، اے ایس آئی کے خلاف مقدمہ درج

    اوکاڑہ: اختیارات کے ناجائز استعمال، اے ایس آئی کے خلاف مقدمہ درج

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ راشد ہدایت نے محکمانہ احتساب کے عمل کو مضبوط بنانے کی ایک عملی مثال قائم کر دی۔ تھانہ صدر اوکاڑہ میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) عامر شہزاد کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور جھوٹا مقدمہ قائم کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر باقاعدہ فوجداری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے ایک شہری نے بیرون ملک جانے کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی درخواست دی، تاہم متعلقہ ریکارڈ میں اسے ایک چھ سال پرانے چوری کے مقدمے میں نامزد پایا گیا۔ شہری کی جانب سے اس معاملے کی نشاندہی اعلیٰ پولیس حکام کو کی گئی، جس پر ڈی ایس پی لیگل نے فوری طور پر فیکٹ فائنڈنگ انکوائری شروع کی۔

    تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ اے ایس آئی عامر شہزاد نے مبینہ طور پر اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے نہ صرف جھوٹا مقدمہ درج کیا بلکہ شہری کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی بھی کی۔ رپورٹ کے مطابق الزام ثابت ہونے پر ایس ایچ او تھانہ صدر انسپکٹر ریاض احمد کی مدعیت میں اے ایس آئی کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    ڈی پی او راشد ہدایت نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں کرپشن یا اختیارات کے غلط استعمال کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمانہ احتساب کا عمل بلا امتیاز جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کے جان و مال، عزت اور وقار کو یقینی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

    ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے اعتماد کو بحال رکھنے اور پولیس کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور کسی بھی اہلکار کی غفلت، زیادتی یا بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: زکوة کی شفاف تقسیم کیلئے ضلعی زکوة آفیسر کی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں

    اوکاڑہ: زکوة کی شفاف تقسیم کیلئے ضلعی زکوة آفیسر کی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) صوبائی سیکرٹری زکوة و عشر پنجاب و ایڈمنسٹریٹر زکوة محمد اسلم رامے کی ہدایت پر زکوة کی ادائیگی اور عوامی آگاہی مہم کے سلسلے میں ضلعی زکوة آفیسر عدیل اشرف نے صدر محمدی مارکیٹ شیخ لیاقت سمیت دیگر مختلف کاروباری شخصیات اور صاحبِ حیثیت افراد سے ملاقاتیں کیں۔

    اس موقع پر عدیل اشرف نے بتایا کہ محکمہ زکوة و عشر پنجاب کے تحت بیوگان، مساکین، معذور افراد اور مستحقین کو صاف و شفاف طریقے سے گزارہ الاؤنس فراہم کیا جاتا ہے، جو برانچ لیس بینکنگ نظام اور بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہی ادا کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ فنی تربیت کے اداروں، سرکاری کالجز، یونیورسٹیز اور دینی مدارس کے مستحق طلبہ کو وظائف کی مد میں زکوة فراہم کی جاتی ہے، جبکہ سرکاری اسپتالوں کے ذریعے مستحق مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

    ضلعی زکوة آفیسر نے مخیر حضرات اور کاروباری افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنی زکوة براہِ راست محکمہ زکوة و عشر پنجاب کے بینک آف پنجاب اکاؤنٹ نمبر PK20BPUN6010046987300013 یا مسلم کمرشل بینک اکاؤنٹ نمبر PK52MUCB0736876331001823 میں جمع کروائیں تاکہ یہ فنڈز مستحقین تک منصفانہ اور بروقت پہنچ سکیں۔

    عدیل اشرف نے محکمہ کے فیلڈ اور دفتری عملے کو بھی ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقوں کے معززین و تاجران سے رابطہ کر کے زکوة کی اہمیت اور محکمانہ شفاف نظام سے متعلق آگاہی کو یقینی بنائیں۔

  • اوکاڑہ: احتشام جمیل شامی انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کے ضلعی صدر مقرر

    اوکاڑہ: احتشام جمیل شامی انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کے ضلعی صدر مقرر

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) کہنہ مشق صحافی، کالم نگار، شاعر، ادیب اور اینکر پرسن احتشام جمیل شامی کو انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کی جانب سے ضلع اوکاڑہ کا صدر منتخب کر لیا گیا۔ ان کی اس تقرری پر ادبی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔

    یونین کے بانی و چیئرمین زبیر احمد انصاری، مرکزی صدر ثمینہ طاہر بٹ، جنرل سیکرٹری طاہر درانی، نائب صدور سعدیہ ہما شیخ، نمرہ ملک، امین رضا مغل، صدر لاہور میل ونگ زوہیب رمضان بھٹی، صدر لاہور ویمن ونگ نبیلہ اکبر سمیت دیگر مرکزی و علاقائی عہدیداران نے احتشام جمیل شامی کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ضلع اوکاڑہ میں ادبی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔

    رہنماؤں کا کہنا ہے کہ احتشام جمیل شامی ایک باصلاحیت، مخلص اور نڈر صحافی ہیں جن کی صحافتی خدمات کا دائرہ کار دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے۔ ان کی شمولیت سے نہ صرف یونین کی فعالیت میں اضافہ ہوگا بلکہ نئے لکھاریوں اور نوجوان صحافیوں کو ان سے رہنمائی کا موقع بھی میسر آئے گا۔

    اوکاڑہ میں ادبی اور صحافتی ترقی کے اس نئے باب کے آغاز پر یونین کے ممبران نے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعا کی کہ احتشام جمیل شامی کو اللہ تعالیٰ مزید کامیابیوں اور عزت سے نوازے۔