Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • دیپالپور: ڈی سی کا مریم نواز ہیلتھ کلینک کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

    دیپالپور: ڈی سی کا مریم نواز ہیلتھ کلینک کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر دیپالپور احمد عثمان جاوید نے رورل ہیلتھ سینٹر حجرہ شاہ مقیم میں قائم مریم نواز ہیلتھ کلینک کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نعیم بشیر، سینٹر انچارج، ڈاکٹرز اور دیگر عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔

    ڈپٹی کمشنر کو کلینک انتظامیہ نے مختلف شعبوں اور فراہم کردہ سہولیات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بچوں کی ویکسینیشن کے لیے قائم خصوصی کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود عملے کو اپنی ذمہ داریاں محنت اور دیانتداری سے انجام دینے کی ہدایات جاری کیں۔

    اس موقع پر انہوں نے کلینک میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی حاضری کو بھی چیک کیا اور اطمینان کا اظہار کیا کہ عملہ اپنی ڈیوٹی پر موجود ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہدایت دی کہ کلینک میں آنے والے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج معالجے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مریضوں کی خدمت کو عبادت سمجھتے ہوئے ڈاکٹرز اور دیگر عملہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ مریم نواز ہیلتھ کلینک علاقے کے عوام کے لیے صحت کا ایک مثالی مرکز بن سکے۔

  • دیپالپور: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا اراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ

    دیپالپور: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا اراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر)دیپالپور میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا اراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ، عوامی شکایات کے فوری ازالے کے احکامات

    دیپالپور میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو فراہم کی جانے والی ریونیو سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے سینٹر کے مختلف کاؤنٹرز پر دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا اور کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود سائلین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ عوامی شکایات کے فوری حل کے لیے انہوں نے اراضی ریکارڈ سینٹر کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام کاؤنٹرز پر عملہ مستعدی سے کام کرے تاکہ سائلین کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اراضی ریکارڈ سینٹر میں شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے بعد ازاں ریونیو کمپلیکس میں سائلین کی براہِ راست سنوائی کی اور ان کی شکایات سن کر متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں تاکہ عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 کی موک ایکسرسائز

    اوکاڑہ: ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 کی موک ایکسرسائز

    اوکاڑہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک ظفر): سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات پر اوکاڑہ میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کی زیر نگرانی سنٹرل اسٹیشن ریسکیو 1122 اوکاڑہ میں پری فلڈ (ڈرائی) موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔

    موک ایکسرسائز کے دوران ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور لائف سٹاک نے فلڈ فائیٹنگ آلات اور ضروری ادویات کے حوالے سے اپنے سٹالز لگائے۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی/ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنئیر احتشام نے سنٹرل اسٹیشن پہنچنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کو تمام میڈیکل، فائر فائٹنگ اور فلڈ فائٹنگ سٹالز کا معائنہ کروایا۔ ریسکیو اہلکاروں نے اپنے سٹالز پر پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سیلابی ایمرجنسی کے دوران استعمال ہونے والے جدید آلات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنئیر احتشام نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا معائنہ کرواتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کو ایمرجنسی مینجمنٹ ڈیٹا سسٹم (EMDS) کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

    بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اوکاڑہ اور ڈائریکٹر (آپریشنز) پی ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں، فلڈ فائیٹنگ آلات کی مینٹیننس اور ان کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا۔ انہوں نے متعلقہ ضلعی اداروں کے درمیان باہمی رابطے کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا تاکہ کسی بھی ناگہانی سیلابی صورتحال میں عوام الناس کی بروقت اور پیشہ ورانہ انداز میں مدد کی جا سکے۔

  • اوکاڑہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن، جعلی مصالحہ فیکٹری پکڑی گئی

    اوکاڑہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن، جعلی مصالحہ فیکٹری پکڑی گئی

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے بڑی کارروائی کی ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے فیصل آباد روڈ پر واقع گلریز کالونی میں ایک جعلی مصالحے تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 200 کلوگرام غیر معیاری مصالحے، 66 کلوگرام جعلی پیکنگ کا مواد اور 46 کلوگرام مضر صحت سرکہ برآمد کیا گیا۔

    فوڈ سیفٹی ٹیم کے مطابق اس یونٹ میں مختلف معروف برانڈز کے نام سے جعلی مصالحے پیک کیے جا رہے تھے۔ انسپکشن کے دوران سرخ مرچیں، ہلدی پاؤڈر اور نمک سمیت دیگر مصالحہ جات برآمد ہوئے جنہیں مختلف کمپنیوں کے لیبل لگا کر مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا۔

    فوری کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیم نے تمام پیک شدہ اور کھلا غیر معیاری سامان ضبط کر لیا اور یونٹ میں مصالحے پیسنے والی مشینری کی پروڈکشن بھی بند کروا دی گئی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی مصالحے تیار کرنے والے یونٹ کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔

    اس موقع پر فوڈ سیفٹی ٹیم کے افسران نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور جعلی سازی کرنے والوں کے تمام حربے ناکام بنائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • اوکاڑہ: وزیر علی شاہد کے بیٹے کی ولیمہ میں اہم شخصیات کی شرکت

    اوکاڑہ: وزیر علی شاہد کے بیٹے کی ولیمہ میں اہم شخصیات کی شرکت

    اوکاڑہ،باغی ٹی وی (نامہ نگارملک ظفر)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما وزیر علی شاہد کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کی تقریب میں سیاسی، سماجی، اور صحافتی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر چوہدری ریاض الحق جج، ایم این اے، ایم پی اے میاں یاور زمان اور دیگر معززینِ علاقہ نے تقریب کو رونق بخشی۔

    دعوت ولیمہ کا یہ اہتمام اوکاڑہ کے علاقے 31 فور ایل کوڑی میں کیا گیا، جہاں وزیر علی شاہد کے بیٹے کی خوشی میں مختلف شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابقہ ناظم خان نور نبی، آصف شاہد علی جتوئی، سابقہ نائب ناظم الطاف حسین بلوچ، زاہد علی، حاجی محمد حسین، ملک نثار احمد بوکھیا، مظہر علی، محمد اعجاز، بسارا خان، سماجی کارکن محمد فیاض چنڑ، اور سینئر صحافی ملک ظفر اقبال بھوہڑ سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

    یہ تقریب نہ صرف ایک سماجی محفل تھی بلکہ سیاسی رہنماؤں اور مقامی افراد کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کا ایک موقع ثابت ہوئی۔ وزیر علی شاہد نے اس موقع پر تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی موجودگی کو اپنے خاندان کے لیے خوشی کا باعث قرار دیا۔

    اس تقریب کے دوران مختلف سیاسی اور سماجی امور پر بات چیت کی گئی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مستقبل کے حوالے سے خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ اس دعوت ولیمہ کی تقریب میں لوگوں نے ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار انداز میں وقت گزارا اور اس تقریب نے مقامی سطح پر ایک بہترین اجتماع کی حیثیت اختیار کر لی۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا زیر تعمیر راؤ سکندر اقبال روڈ کا معائنہ

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا زیر تعمیر راؤ سکندر اقبال روڈ کا معائنہ

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے زیر تعمیر راؤ سکندر اقبال روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایکسین ہائی وے جواد حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

    ایکسین ہائی وے جواد حسین نے ڈپٹی کمشنر کو روڈ کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے راؤ سکندر اقبال روڈ کے تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اس موقع پر کہا کہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے راؤ سکندر اقبال روڈ کی تعمیر کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روڈ کی تعمیر میں اعلیٰ معیار کا میٹریل استعمال کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام تکنیکی امور کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ آمد و رفت کے لیے خصوصی اہمیت کے حامل راؤ سکندر اقبال روڈ کی تعمیر کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

  • اوکاڑہ: اوور پارکنگ فیس پر ٹیکسی ڈرائیوروں کا احتجاج

    اوکاڑہ: اوور پارکنگ فیس پر ٹیکسی ڈرائیوروں کا احتجاج

    اوکاڑہ ( باغی ٹی وی، نامہ نگارملک ظفر) اوکاڑہ لاری اڈا روڈ پر واقع ٹیکسی سٹینڈ کے ڈرائیوروں نے ٹھیکیدار کی جانب سے وصول کی جانے والی من مانی اور اوور پارکنگ فیس کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ ٹیکسی سٹینڈ کی آدھی جگہ ریلوے اور آدھی ضلعی انتظامیہ کی ملکیت ہے، لیکن ٹھیکیدار کے پاس صرف ریلوے کا ٹھیکہ ہونے کے باوجود وہ دونوں حصوں سے غیر قانونی طور پر فیس وصول کر رہا ہے۔

    احتجاج کرنے والے ڈرائیوروں نے بتایا کہ ٹھیکیدار سرکاری شیڈول کے برعکس اپنی مرضی کی فیسیں وصول کر رہا ہے، جس کے تحت چھوٹی گاڑی سے 1700 روپے، بڑی گاڑی سے 2200 روپے، ہائی روف گاڑی سے 2500 روپے اور فورچونر گاڑی سے 2800 روپے ماہانہ فیس لی جا رہی ہے۔

    ڈرائیوروں نے اپنی مشکلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کام بالکل ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے، سواریاں نہ ہونے کے برابر ہیں اور وہ صبح سے شام تک دھوپ میں گاڑیاں کھڑی کرنے کے بعد خالی ہاتھ گھروں کو لوٹتے ہیں۔ اوور چارجنگ پارکنگ فیس کی وجہ سے جو تھوڑی بہت آمدنی ہوتی بھی ہے، وہ ٹھیکیدار کو دے کر چلے جاتے ہیں جس کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور وہ فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    ٹیکسی سٹینڈ کے ڈرائیوروں نے مزید بتایا کہ انہوں نے متعدد بار ضلعی انتظامیہ اور ریلوے حکام کو اس صورتحال سے آگاہ کیا، لیکن کسی نے ان کی دادرسی نہیں کی۔ انہوں نے ٹیکسی سٹینڈ پر سہولیات کے فقدان کا بھی شکوہ کیا اور کہا کہ وہاں نہ بیٹھنے کی کوئی مناسب جگہ ہے، نہ گاڑیوں کو سائے میں لگانے کا انتظام ہے اور نہ ہی پینے کا صاف پانی اور واش روم کی سہولت موجود ہے۔

    ٹیکسی سٹینڈ کے ڈرائیوروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، کمشنر ساہیوال اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ سے فوری نوٹس لینے اور من مانی فیس وصول کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • اوکاڑہ: میاں شعیب الرحمٰن صدر، شہادت علی بھٹی جنرل سیکرٹری اے جے کے لائرز گروپ منتخب

    اوکاڑہ: میاں شعیب الرحمٰن صدر، شہادت علی بھٹی جنرل سیکرٹری اے جے کے لائرز گروپ منتخب

    اوکاڑہ (نامہ نگار باغی ٹی وی ملک ظفر)اوکاڑہ میں اے جے کے لائرز گروپ کے اہم اجلاس میں میاں شعیب الرحمٰن ایڈووکیٹ کو متفقہ طور پر صدر جبکہ شہادت علی بھٹی ایڈووکیٹ کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔ یہ اجلاس سینئر وکیل محمد انجم خان ایڈووکیٹ کی میزبانی میں ان کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا، جہاں شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔

    تقریب میں فاروق الحسن ایڈووکیٹ، چوہدری ساجد علی ایڈووکیٹ، ملک عبد الرحمٰن ایڈووکیٹ، مرزا محمد کاشف ایڈووکیٹ، چوہدری صابر سلیم ایڈووکیٹ، راؤ ساجد علی ایڈووکیٹ، ملک احمد حسن کھوکھر ایڈووکیٹ، یوسف عمران ایڈووکیٹ، رانا عاشق حسین ایڈووکیٹ، اور دیگر سینئر وکلاء نے بھرپور شرکت کی۔ تمام اراکین نے متفقہ رائے سے دونوں نمائندوں کے انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    نو منتخب صدر میاں شعیب الرحمٰن ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری شہادت علی بھٹی ایڈووکیٹ نے اس موقع پر کہا کہ وہ گروپ کی مضبوطی، وکلاء کی فلاح، اور کالے کوٹ کے تقدس و وقار کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لائرز گروپ کی ترقی، اتحاد اور وقار کو ہر حال میں ترجیح دی جائے گی۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا ڈی ایچ کیو ہسپتال سٹی کا اچانک دورہ،

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا ڈی ایچ کیو ہسپتال سٹی کا اچانک دورہ،

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے رات گئے بغیر اطلاع کے ڈی ایچ کیو ہسپتال سٹی اوکاڑہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے دستیاب طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی میں تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی فارمیسی کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات کے سٹاک اور معیار کی جانچ کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری اور مؤثر طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔

    احمد عثمان جاوید نے ہدایت کی کہ مریضوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور ہسپتال انتظامیہ طبی سہولیات کی فراہمی کے تمام امور کی کڑی نگرانی یقینی بنائے تاکہ عوام کو سرکاری سطح پر بہترین علاج میسر آ سکے۔

  • اوکاڑہ: گندم ریٹ 4000 مقرر کرو، کسان خودکشی پر مجبور، جماعت اسلامی

    اوکاڑہ: گندم ریٹ 4000 مقرر کرو، کسان خودکشی پر مجبور، جماعت اسلامی

    اوکاڑہ (نامہ نگار باغی ٹی وی، ملک ظفر) امیر جماعت اسلامی ضلع اوکاڑہ رضوان احمد چودھری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی ناکام زرعی پالیسیوں اور ناقص حکمت عملی نے کسان کو خودکشی جیسے انتہائی اقدام پر مجبور کر دیا ہے۔ وہ کسانوں کے دھرنے سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گندم کا سرکاری ریٹ 4000 روپے فی من مقرر کیا جائے تاکہ کسان کو معاشی ریلیف مل سکے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اپنی پالیسیاں تبدیل نہ کیں تو جماعت اسلامی پورے اوکاڑہ میں احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی، جی ٹی روڈ سمیت اہم شاہراہیں بلاک کی جائیں گی اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن جب بھی احتجاج کی کال دیں گے، ہم کسانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

    جلسے میں نائب امیر میاں سلیم طاہر جوئیہ، رائے عتیق الرحمن کھرل، صدر کسان بورڈ رب نواز ثاقب مسریرہ، ڈویژنل نائب صدر سردار حماد حسن خان لاشاری، بدر عباس لکھوی، سلمان اظہر شیخ، ڈاکٹر رفیق احمد، غلام نبی ناصر، میاں محمد رفیع ایڈووکیٹ، پیر خالد فاروق کھچی، احمد فراز، رائے مظہر اقبال و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

    رضوان چودھری نے مزید کہا کہ پچھلے سال حکومت پنجاب نے اپنے ہی مقرر کردہ گندم ریٹ پر خریداری سے انکار کیا اور بین الاضلاعی و بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی لگا دی، جس کے باعث اس سال گندم کی کاشت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے اور کسانوں کے حالات مزید ابتر ہو چکے ہیں۔