اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر محمد آصف طفیل نے ضلع اوکاڑہ کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل، ایم ڈی واسا عبد الوحید سمیت متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔
کمشنر ساہیوال نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سٹی، ہسپتال بازار، کچہری بازار، گول چوک، ریڑھی بازار، انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک منصوبے اور بیوٹیفکیشن کے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر اور ایم ڈی واسا نے انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جس پر کمشنر نے کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔
کمشنر ساہیوال نے کہا کہ انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک کی تعمیر سے شہر میں بارش کے پانی کی نکاسی کا مسئلہ حل ہو جائے گا اور حکومت پنجاب ضلع اوکاڑہ کی فلاح و بہبود کے لیے خطیر فنڈز فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بیوٹیفکیشن منصوبوں میں استعمال ہونے والے مٹیریل اور معیار کو چیک کرتے ہوئے کنٹریکٹر کو مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے اور دورانِ تعمیر ملبہ فوری اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔
محبوب عالم چوک میں قائم ریڑھی بازار کے دورے کے دوران کمشنر ساہیوال نے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اور کوالٹی چیک کی، جبکہ ریڑھیوں کی خستہ حالت پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے روزگار کی فراہمی کے لیے ریڑھی بانوں کو مفت ریڑھیاں فراہم کی ہیں، جن کی دیکھ بھال اور صفائی کی ذمہ داری ریڑھی بانوں پر عائد ہوتی ہے۔
بعد ازاں کمشنر ساہیوال نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سٹی کا دورہ کیا، مختلف شعبہ جات، ادویات کے ریکارڈ اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور مریضوں کی عیادت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات اور علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ڈاکٹرز اور عملہ مریضوں سے حسن سلوک کو یقینی بنائیں۔
آخر میں کمشنر ساہیوال نے ڈپٹی کمشنر آفس میں انتظامی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی ذاتی نگرانی کی جائے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔