بھیرہ شدید بارشوں اور سیم نالہ میں جگہ جگہ شگاف پڑنے سے جمع ہونے والے پانی کو نکالنے کی کوششیں ابھی تک کامیاب نہیں ہوسکیں اور تحصیل انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی سے سینکڑوں ایکڑ رقبہ پر کھڑی مکئی،دھان، کماد اور دیگر فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔چاوہ کی جناح کالونی، نبی شاہ زیریں، طرطی پور،ٹھٹھی ولانہ اور دیگر علاقوں میں ابھی تک 3 سے 4 فٹ تک پانی کھڑا ہے۔ لاکھوں روپیہ کا گھریلوسامان تباہ ہوچکا ہے اور متاثرین کا کہنا ہے کہ مکانات میں کھڑے پانی کی فوری نکاسی نہ کی گئی تو اگلے چوبیس گھنٹوں میں سینکڑوں مکانات کے زمین بوس ہونے کا خطرہ ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ کی طرف سے روایتی غفلت کے نتیجہ میں علاقہ کے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ایک سروے کے مطابق صرف چاوہ کی جناح کالونی میں 350 مکانات اور خاندان متاثر ہوئے جبکہ بارہ سو افراد کے لیے ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی جانب سے سرکاری سطح پر کھانے پینے کا انتظام کیا گیا ہے۔ جس میں کھانے پینے کی اشیاء کے بیگز، خشک دودھ اورجوس شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ ریسکیو و بحالی عمل سے لمحہ بہ لمحہ با خبر رہنے کے لئے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا ہے کہ ان کی بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن شعبہ خواتین کی سیدہ روزینہ کاظمی، نبی شاہ زیریں کے سید منیر حسین و دیگر نے کہا ہے کہ متاثرین کی امداد صرف فوٹو سیشن تک محدود رکھی گئی ہے پانی میں گھر سینکڑوں افراد اب بھی امداد کے منتظر ہیں۔
Category: سرگودھا

بھیرہ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ بھیرہ کی غفلت
بھیرہ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ بھیرہ کی غفلت اور شہری معاملات میں عدم دلچسپی کے باعث شہر کی نصف سے زائد آبادی پینے کے صاف پانی سے گزشتہ 12 روز سے محروم چلی آ رہی ہے۔مخیر شخصیت کی طرف سے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے عطیہ کردہ واٹر فلٹریشن پلانٹ گزشتہ 12 روز سے خراب چلا رہا ہے۔ جس کی درستگی پر بلدیہ حکام نے ابھی تک کوئی توجہ نہیں دی۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس شدید موسم میں انہیں صاف پانی کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں اور شہری معاملات میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔

سرگودھا ڈی پی او فیصل گلزار کی قیادت میں محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس فلیگ مارچ
سرگودھا ڈی پی او فیصل گلزار کی قیادت میں محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس فلیگ مارچ
سرگودھا میں محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے ڈی پی او سرگودہا فیصل گلزار کی قیادت میں فلیگ مارچ کیا گیا جس میں اے ایس پی سٹی احمد شاہ انچارج سکیورٹی انسپکٹر فضل قادر ایس ایچ او سٹی سرکل ، ایلیٹ فورس ، محافظ اسکواڈ اور ٹریفک پولیس نے حصہ لیا فلیگ مارچ ذکاء اللہ شہید پولیس لائنز سے شروع ہو کر شہر کی اہم شاہراہوں ، مقامات اور جلوسوں کے روٹ سے ہوتا ہوا واپس پولیس لائن میں آکر اختتام پذیر ہوا اس موقع پر ڈی پی او فیصل گلزار نے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد محرم الحرام میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے ساتھ شہریوں کو تحفظ کا احساس دلانا ہے انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے عوام والناس کی جان و مال کی حفاظت کرنا اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے سرگودھا پولیس اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے ہر دم تیار ہے
بھیرہ بیکری کی اشیاء خریدنے کے لئے گھر سے نکلنے والے 7 سالہ بچے کو آوارہ کتے نے کاٹ لیا
بھیرہ بیکری کی اشیاء خریدنے کے لئے گھر سے نکلنے والے 7 سالہ بچے کو آوارہ کتے نے کاٹ لیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا لال والی لوکڑی بھیرہ کا 7 سالہ عارف گھر سے جونہی سڑک کے کنارے آیا تو آوارہ کتوں نے اس پر حملہ کر کے اس کے گالوں کو کاٹ کھایا مضروب کو تحصیل ہسپتال بھیرہ میں طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا ریفر کر دیا گیا ہے تحصیل انتظامیہ اور بلدیہ کی مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں شہر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں جس میں ایک معصوم بچے کی جان بھی چلی گئی تھی مگر تحصیل افسران نے آوارہ کتوں کی تلفی کے لیے کوئی اقدام نہیں اٹھایا عوام نے کمشنر سرگودھا ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آوارہ کتوں کی تلفی میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والے افسران کے خلاف تادیبی کاروائی کر کے عوام کو آوارہ کتوں تو سے نجات دلائیں

میانی روڈ ایکسیڈینٹ
میانی روڈ ایکسیڈینٹ
مین بھیرہ ملکوال روڈ میانی شریف آباد کے نزدیک AC بس اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجہ میں بچہ ثنا اللّٰہ موقع پر جاں بحق دو نوجوان ریضوان اور چمن عباس سکنہ دہیلہ شدید زخمی ہو گے ہیں
بس ملکوال سے براستہ بھیرہ لاہور جا رہی تھی ۔بھیرہ تحریک انصاف تحصیل بھیرہ کے جائنٹ سیکرٹری چوہدری طیب حسین پنجوتھہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے
بھیرہ تحریک انصاف تحصیل بھیرہ کے جائنٹ سیکرٹری چوہدری طیب حسین پنجوتھہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سیاسی میدان میں نووارد پارٹی میں انتشار پھیلا کر پارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ وہ بھیرہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے ہٹ کر حلقہ کے لوگوں سے میل جول اور ان کے دکھ سکھ میں شریک ہونا ہم سب کا فرض ہے مگر بعض مفاد پرست اس معاملہ میں الجھاو پیدا کر کے پارٹی کارکنوں میں بد دلی کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پارٹی کا حصہ ہیں اور حق کے لئے پارٹی میں رہ کر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
بھیرہ لینڈ سب ڈویژن بھیرہ میں غیر قانونی طور پر بنائے گئے ٹاؤنز،کمرشل و رہائشی سوسائٹیوں
بھیرہ لینڈ سب ڈویژن بھیرہ میں غیر قانونی طور پر بنائے گئے ٹاؤنز،کمرشل و رہائشی سوسائٹیوں سے متعلق محکمہ انٹی کرپشن میں جاری انکوائری کے بعد چیف آفیسر میونسپل کمیٹی بھیرہ نے 14ہاؤسنگ سکیمز کو غیر قانونی قرار دے کر ان کی رجسٹریشن، انتقال اور فرد کے اجراء پر پابندی کے لئے سب رجسٹرار بھیرہ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ تحریک انصاف تحصیل بھیرہ کے جنرل سیکرٹری چوہدری خالد محمود ارائیں اور سیکرٹری ممبرسازی چوہدری محمد اسحاق آرائیں نے محکمہ انٹی کرپشن سرگودھا کو دی گئی درخواستوں میں بتایا کہ قبضہ گروپ سرکاری متروکہ اور غیر متروکہ اراضی کو شامل کر کے غیر قانونی طور پر ٹاؤنز،رہائشی و کمرشل سوسائیٹیاں بنا کر غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں اور محکمہ مال کی ملی بھگت سے بنائی جانے والی ان سوسائٹیوں میں مسجد،سیوریج، بجلی،سوئی گیس اور دیگر سہولیات کا کوئی انتظام نہیں اور نہ ہی قبضہ گروپوں نے کوئی این او سی حاصل کیا ہوا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ محکمہ مال کمرشل اراضی کو زرعی ظاہر کر کے ٹیکسوں کی مد میں حکومت کو اب تک کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا چکا ہے۔ میونسپل حکام نے اینٹی کرپشن سرگودھا میں ریکارڈ پیش کرنے کے بعد 14 ٹاؤنز، سوسائٹیوں کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ جس پر سب رجسٹرار نے محکمہ مال کے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان ٹاؤنز وغیرہ کے فرد جاری نہ کریں۔

سرگودھا :ڈی پی او فیصل گلزار کی محرم الحرام کے سلسلہ میں ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سے میٹنگ
سرگودھا :ڈی پی او فیصل گلزار کی محرم الحرام کے سلسلہ میں ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سے میٹنگ
سرگودھا: تمام جلوس ہائے کے روٹ کا باربار وزٹ کریں اور مجالس والے مقامات کا سیکیورٹی آڈٹ کریں ، حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائےگی ۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسرگودھافیصل گلزار نے محرم الحرام کے سلسلہ میں ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سے میٹنگ کرتے ہوئے کیا ۔ڈی پی او سرگودھانے کہا کہ ضلع بھر میں کل882جلو س 2532مجالس منعقد کی جارہی ہیں جن کی سیکیورٹی پر چار ہزار سے زائد پولیس افسران وملازمان ڈیوٹی سرانجام دیں گے،ممبران امن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر قیام امن کو یقینی بنایا جائے، تمام اداروں کے ساتھ مل کر چلنا ہے، رات کے وقت کی مجالس اور جلوسوں پر اضافی روشنی کا انتظام کریں، تمام مجالس اور جلوس ہائے کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے گی، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کرنے کے علاوہ واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر کا استعمال بھی کیا جائیگا ۔ جبکہ 9/10محرم الحرام کو سٹی ایریا میں جلوس ہائے کی ہوائی نگرانی کے ساتھ ساتھ موبائل فون جیمنگ کیلئے بھی افسران بالا کو تجاویز پیش کردی گئیں ہیں ،ہرمجلس اور جلوس کی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے کے لئے منصوبہ بندی کریں، پولیس کی اضافی نفری ہر وقت تیار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر قسم کی رخصت منسوخ کر دی گئی ہیں، کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کاروائی کی جائے گی،صورتحال کنٹرول رکھنے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اس موقع پر انہوں نے ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وال چاکنگ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی کرایہ داران کے کوائف کی تصدیق کریں اور خلاف ورزی پر کاروائی کریں،منتظمین کی ذمہ داری ہے کہ کوئی غیر ضروری بات نہ ہو،لاوڈسپیکر کی خلاف ورزی پر کاروائی کریں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی
بھیرہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی بھیرہ کی لاپرواہی کے باعث
بھیرہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی بھیرہ کی لاپرواہی کے باعث شہر میں حکومتی مہم کلین اینڈ گرین پاکستان کی دھجیاں اڑا ئی جارہی ہیں۔ صفائی نہ ہونے اور جگہ جگہ پڑے گندگی کے ڈھیر وقت پر نہ اٹھانے سے تعفن پھیلنے لگا ہے جس کے باعث شہر میں موذی امراض پھیلنے کا اندیشہ ہے۔سرفراز احمد، چوہدری محمد نقاش، محمد عمیر اور محمد شریف نے کہا ہے کہ محلہ شاہ نصیب دریائی میں کوڑا نہ اٹھانے سے گندگی کے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن سے اہل محلہ اور نمازیوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گندگی کے ڈھیر جلد سے جلد اٹھائے جائیں اورصفائی کے انتظامات بہتر نہ بنانے پر زمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے۔

بھیرہ حکومت پاکستان نے رفاعہ عامہ کے لیے بہترین خدمات انجام دینے پر سول ایوارڈ ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کیا ہے
بھیرہ حکومت پاکستان نے رفاعہ عامہ کے لیے بہترین خدمات انجام دینے پر مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے چیئرمین پیر سید لخت حسنین شاہ کو اعلی ترین سول ایوارڈ ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کیا ہے۔ پیر سید لخت حسنین شاہ نے 1993 میں برطانیہ میں مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کی بنیاد رکھی جس کی شاخیں اس وقت دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں انسانیت کی بھلائی کے لئے کام کر رہی ہیں۔ مسلم ہینڈز کے تعلیمی اداروں میں 60 ہزار سے زائد یتیم اور غریب بچوں کو مفت معیاری تعلیم دی جا رہی ہے جبکہ ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بھی اس کی کوششیں قابل قدر ہیں جس کے اطراف میں حکومت پاکستان نے اس کے چیئرمین کو اعلی ترین سول ایوارڈ سے نوازا ہے۔







