Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ:جی سی ویمن یونیورسٹی  میں دو روزہ بک فئیر اور ادبی میلے کا شاندار آغاز

    سیالکوٹ:جی سی ویمن یونیورسٹی میں دو روزہ بک فئیر اور ادبی میلے کا شاندار آغاز

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں دو روزہ بک فئیر اینڈ لیٹریری فیسٹیول کا پروقار افتتاح ہوا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ایم پی اے چوہدری فیصل اکرام، صدر چیمبر آف کامرس اکرام الحق، ایم پی اے و ممبر سینڈیکیٹ شکیلہ آرتھر اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر سمیت دیگر اہم شخصیات نے فیتہ کاٹ کر میلے کا باضابطہ آغاز کیا۔

    بک فئیر میں 20 سے زائد نامور پبلشرز نے اپنے اسٹالز لگائے ہیں، جہاں طالبات کو نصابی کتب پر 30 سے 60 فیصد تک خصوصی رعایت دی جا رہی ہے۔ ادبی میلے کے دوران یونیورسٹی کے اساتذہ، سابقہ اور موجودہ طالبات کی تصانیف کی رونمائی بھی کی گئی۔ تقریب کا آغاز طالبات کی جانب سے اسماء الحسنی کی تلاوت سے ہوا۔

    ادبی نشست میں معروف مصنفہ اور ادیبہ پروفیسر ڈاکٹر امبرین صلاح الدین نے "خواتین کی اردو شاعری اور ادب” کے موضوع پر ایک جامع گفتگو کی، جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے چوہدری فیصل اکرام نے کتاب دوستی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جس طرح دیمک لکڑی کو کھاتی ہے، اسی طرح موبائل فون ہمارے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں، جس سے بچنے کا واحد ذریعہ کتابوں سے لگاؤ ہے۔

    وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے فیسٹیول کے منتظم پروفیسر ڈاکٹر طارق، لائبریری انچارج نصرت علی اور تمام انتظامی کمیٹی کے ممبران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس میلے کا بنیادی مقصد طالبات میں مطالعہ اور علم کی محبت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ کی خواتین اور خاندانوں کو بھی دعوت دی کہ وہ اپنے بچوں کے ہمراہ بک فئیر کا ضرور دورہ کریں۔

    اس موقع پر طالبات نے مختلف ذائقہ دار فوڈ اسٹالز بھی لگائے تھے، جس سے تقریب کا ماحول مزید خوشگوار ہو گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواز منج، ڈین فیکلٹی آف بزنس اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر الیاس، رجسٹرار اعجاز احمد، کنٹرولر امتحانات ملک گلشان اسلم، ٹریژر پروفیسر ڈاکٹر عدنان عادل اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، طالبات اور معزز مہمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

  • سیالکوٹ: ٹیکس بار ایسوسی ایشن ، انتخابات مکمل، نئے عہدیداران منتخب

    سیالکوٹ: ٹیکس بار ایسوسی ایشن ، انتخابات مکمل، نئے عہدیداران منتخب

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سال 2025-26 کے انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ الیکشن بورڈ کے چیئرمین حاجی عبدالقیوم کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق، درج ذیل عہدیداران کامیاب قرار پائے ہیں:

    * صدر: حامد حسن*سینئر نائب صدر: امجد علی*نائب صدر: علی سلیمان ارشد*جنرل سیکرٹری:شیراز اسلم چودھری*جوائنٹ سیکرٹری: محمد صغیر*سیکرٹری اطلاعات: چودھری محمد صبیح عباس سلہری*فنانس سیکرٹری:سیم یونس

    ٹیکس بار کے صدر محمد عاطف ملک اور جنرل سیکرٹری عثمان رضا نے ممبران کے ہمراہ ایک منعقدہ اجلاس میں نئے منتخب عہدیداران کا پرجوش استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر سابق عہدیداران نے نئے منتخب باڈی کو چارج بھی سونپ دیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آفتاب ناگرہ، ارشد نواز مان، مسٹر انیس، فراز راجہ (ممبر)، محمد عاطف (ممبر)، رانا عمران علی، شکیل خان، ملک اسد رضا، اعجاز تفہیم خان، شاہد محمود، جواد بٹ اور دیگر سینئر ممبران نے سابق ٹیکس بار کے عہدیداران کی کامیابیوں کو سراہا اور نئے منتخب صدر حامد حسن، جنرل سیکرٹری شیراز اسلم چودھری، محمد وسیم، محمد ندیم اور دیگر کامیاب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔

  • سیالکوٹ: سیلابی تیاریوں کا جائزہ، ریسکیو 1122 کے انتظامات اطمینان بخش قرار

    سیالکوٹ: سیلابی تیاریوں کا جائزہ، ریسکیو 1122 کے انتظامات اطمینان بخش قرار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لینے اور فلڈ فائٹنگ آلات کی جانچ پڑتال کے لیے ضلعی انسپیکشن ٹیم نے ریسکیو اسٹیشن سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ یہ دورہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا۔

    انسپیکشن ٹیم میں اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر اور ڈی ڈی ایم سی کیوان حسن شامل تھے، جبکہ دورے کی قیادت ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ فواد شہزاد نے کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے ٹیم کو فلڈ اسٹور روم، ریسکیو آلات اور ان کی فعالیت کا عملی مظاہرہ کروایا۔

    اس موقع پر ریسکیو اسکاؤٹس نے ضلعی وارڈن جمیل جنجوعہ کی زیر قیادت فیلڈ اسپتال کا کیمپ اور انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ قائم کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے کنٹرول روم اور ریسکیو ایمبولینسز کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے ریسکیو 1122 کی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام آلات مؤثر حالت میں موجود ہیں۔

  • سیالکوٹ: 3 ارب ڈالر سالانہ کمانے والا صنعتی شہر، ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار

    سیالکوٹ: 3 ارب ڈالر سالانہ کمانے والا صنعتی شہر، ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں تیار ہونے والی آلاتِ جراحی، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کے سامان اور میوزیکل انسٹرومنٹس بین الاقوامی معیار کی حامل ہیں، جن کی دنیا بھر میں مانگ ہے اور ان کی برآمد سے ملک کو سالانہ 3 بلین ڈالر سے زائد کا قیمتی زرِ مبادلہ حاصل ہوتا ہے۔

    یہ بات انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ (NIM) اسلام آباد کے زیر نگرانی 37ویں سینیئر مینجمنٹ کورس میں شریک 18 رکنی افسران کے وفد کو ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ضلع سیالکوٹ کی انتظامی، تاریخی، سیاسی، جغرافیائی، سماجی اور معاشی حیثیت پر بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ وفد کی قیادت سمرین زہرہ اور فوزیہ آفتاب کر رہی تھیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سیالکوٹ میں 8 ہزار سے زائد صنعتی یونٹس کام کر رہے ہیں، جو دنیا بھر میں مصنوعات برآمد کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ شہر کی فی کس آمدن ملک کے دیگر شہروں سے زیادہ ہے۔ سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور گجرات مل کر پاکستان کا "انڈسٹریل ٹرائی اینگل” بناتے ہیں جو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے ہنر مندوں کی مہارت عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور یہاں کے کاروباری افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ڈرائی پورٹ اور ایئر لائن جیسے بڑے منصوبے کامیابی سے مکمل کیے، جو پاکستان میں پبلک-پرائیویٹ شراکت داری کی شاندار مثال ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے سیالکوٹ کے تاریخی و قومی کردار پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ شہر علامہ اقبال، فیض احمد فیض، امجد اسلام امجد، ظہیر عباس، ظفر علی خان اور کلدیپ نیئر جیسے نابغہ روزگار شخصیات کا مسکن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگِ ستمبر 1965 میں چونڈہ کے محاذ پر دنیا کی سب سے بڑی ٹینکوں کی جنگ لڑی گئی جہاں سیالکوٹ کے شہریوں نے پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑتے ہوئے دشمن کو شکست دی، جس پر شہر کو ہلالِ استقلال کا اعزاز ملا۔

    انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ میں متعدد میگا پراجیکٹس وفاق اور صوبائی حکومت کے تعاون سے زیرِ تعمیر ہیں، جن میں یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی، گورنمنٹ وویمن یونیورسٹی کے نئے کیمپسز، سرکاری میڈیکل کالج سمیت نجی شعبے کے 3 میڈیکل کالج اور 3 یونیورسٹیاں شامل ہیں۔

    اختتام پر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد کی جانب سے ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین کو سووینئر پیش کیا گیا اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا گیا۔

  • سیالکوٹ: پسرور میں انتظامیہ کا بڑا آپریشن، ناجائز تجاوزات کا صفایا

    سیالکوٹ: پسرور میں انتظامیہ کا بڑا آپریشن، ناجائز تجاوزات کا صفایا

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض): اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار کی قیادت میں کوٹلی باوا فقیر چند کے علاقے میں ناجائز تجاوزات کے خلاف ایک وسیع اور فیصلہ کن گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ اس کارروائی میں ایڈمن آفیسر شاہد محمود، تحصیل منیجر شہزیب ملک، انضمام اور ایف ایم او حافظ نوید سمیت دیگر اہم افسران نے حصہ لیا۔

    آپریشن کے دوران، متعدد غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی عمارتوں اور دیگر تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں سرکاری زمین کا ایک بڑا حصہ واگزار کروا لیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سدرہ ستار نے واضح پیغام دیا کہ ناجائز قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا، اور کسی بھی بااثر شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

    ضلعی انتظامیہ کی اس جرات مندانہ کارروائی کو عوامی حلقوں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے علاقے میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے اور سرکاری املاک کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

  • سیالکوٹ: کرنٹ لگنے سے خاتون کی موت، پسرور روڈ پر حادثہ 4زخمی

    سیالکوٹ: کرنٹ لگنے سے خاتون کی موت، پسرور روڈ پر حادثہ 4زخمی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ میں آج دو مختلف افسوسناک واقعات پیش آئے جن کے نتیجے میں ایک خاتون اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی جبکہ ایک کار اور رکشہ کے تصادم میں چار افراد زخمی ہو گئے۔

    پہلا واقعہ تھانہ قلعہ کالروالہ کے علاقہ نور پور سائیفن کے قریب پیش آیا، جہاں 30 سالہ حنا اپنے گھر کے باہر گلی میں جھاڑو دے رہی تھیں۔ اس دوران گلی میں گری ہوئی بجلی کی ایک ننگی تار پر ان کا پاؤں آ گیا، جس کے نتیجے میں انہیں شدید کرنٹ لگا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد متوفیہ کی نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔

    دوسرا حادثہ پسرور سے چونڈہ روڈ پر پنج پیر کے قریب پیش آیا، جہاں ایک کار اور رکشہ آپس میں ٹکرا گئے۔ اطلاعات کے مطابق کار پسرور سے چونڈہ کی جانب جا رہی تھی جبکہ رکشہ مخالف سمت سے آ رہا تھا۔ تیز رفتاری کے باعث کار کا ڈرائیور نامعلوم گاڑی کو اوورٹیک کرتے ہوئے اپنے قابو سے باہر ہو گیا اور رکشہ سے جا ٹکرایا۔

    اس تصادم کے نتیجے میں رکشہ میں سوار 46 سالہ شبانہ اور 50 سالہ امتیاز شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں پسرور کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔ جبکہ کار میں سوار 30 سالہ یسین اور ایک 50 سالہ نامعلوم شخص بھی زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد بہتر علاج کے لیے علامہ اقبال ہسپتال سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

  • سیالکوٹ: اغوا کار خاتون سمیت 2 اشتہاری کویت سے گرفتار، 4 سالہ بچی بازیاب

    سیالکوٹ: اغوا کار خاتون سمیت 2 اشتہاری کویت سے گرفتار، 4 سالہ بچی بازیاب

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ پولیس نے انٹرپول کی مدد سے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کمسن بچی کے اغوا میں مطلوب خاتون سمیت دو اشتہاری ملزمان کو بیرون ملک کویت سے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مغویہ 4 سالہ بچی کو بھی بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

    ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ کینٹ میں درج مقدمہ کے تحت 4 سالہ بچی زونیرہ فاطمہ کو سال 2023 میں سیالکوٹ سے اغوا کیا گیا تھا۔ اغوا کے بعد ملزمان بچی کو لے کر بیرون ملک کویت فرار ہو گئے تھے۔

    پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے اور انٹرپول سے رابطہ کر کے اغوا اور جعلسازی کے سنگین مقدمات میں مطلوب خاتون صدف انور سمیت دو ملزمان انوار اقبال کو کویت میں ٹریس کر کے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مغویہ کمسن بچی زونیرہ فاطمہ کو بھی ملزمان کے قبضے سے بحفاظت بازیاب کروا لیا ہے۔

    گرفتار ملزمان کو اب پاکستان منتقل کرنے کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس حکام نے اس اہم کامیابی پر اپنی ٹیم اور انٹرپول کے تعاون کو سراہا ہے اور یقین دلایا ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ بچی کی بازیابی پر اس کے اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے پولیس کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

  • سیالکوٹ:پسرور ہسپتال میں ڈی سی کا سرپرائز وزٹ، طبی سہولیات کا جائزہ

    سیالکوٹ:پسرور ہسپتال میں ڈی سی کا سرپرائز وزٹ، طبی سہولیات کا جائزہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اچانک تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پسرور کا دورہ کیا اور ڈاکٹروں و عملے کی حاضری چیک کی۔ انہوں نے ایمرجنسی، او پی ڈی اور مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے علاج کے لیے آئے ہوئے شہریوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کے بارے میں دریافت کیا۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات کے مطابق تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایس او پیز کے تحت ضروری ادویات کی ہر وقت دستیابی اور مریضوں کو بلا تاخیر فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دستیاب ادویات کی فہرستیں اور ڈاکٹروں و عملے کا دن رات کا ڈیوٹی روسٹر ہسپتال کے نمایاں مقامات پر آویزاں کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ باقاعدگی سے ہسپتالوں کا معائنہ کر رہی ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار کو خصوصی طور پر ہدایت کی کہ وہ ٹی ایچ کیو سمیت پسرور کے تمام دیہی اور بنیادی صحت مراکز کا باقاعدگی سے دورہ کریں اور وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق عوام کو بہترین طبی خدمات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

    اس کے علاوہ، ڈپٹی کمشنر نے پسرور شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ایس ڈبلیو ایم سی کے مقامی حکام کے ہمراہ جلد شہر کا دورہ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے معاملے میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار حکام کا سختی سے محاسبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے عوامی تفریح کے مقامات اور پبلک پارکس کو صاف ستھرا رکھنے اور شہر کی گرین بیلٹس اور چوکوں کو پودوں اور گھاس سے آراستہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    اپنے دورے کے دوران، ڈپٹی کمشنر نے کیڈٹ کالج پسرور اور اسپیشل ایجوکیشن سنٹر پسرور کا بھی معائنہ کیا اور مختلف شعبہ جات اور کلاس رومز کا دورہ کیا۔

    بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے پسرور روڈ پر واقع افغان سٹیزن کیمپ کا بھی دورہ کیا اور وطن واپسی کے لیے جاری مہم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ میپ کیے گئے تمام افغان شہری وزارت داخلہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے باعزت طریقے سے اپنے وطن واپس جائیں گے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ افغان کیمپ میں ان کی باعزت واپسی کے لیے ہر ممکن بہترین رہائشی سہولیات اور کھانے پینے کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں اور انہیں واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

  • ڈسکہ: خلق محمدی فاؤنڈیشن کا منفرد اقدام، 12 یتیم اور مستحق بیٹیوں کو رازداری سے مکمل جہیز فراہم کیا گیا

    ڈسکہ: خلق محمدی فاؤنڈیشن کا منفرد اقدام، 12 یتیم اور مستحق بیٹیوں کو رازداری سے مکمل جہیز فراہم کیا گیا

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) خلق محمدی فاؤنڈیشن (KMF) نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے، چیئرمین الحاج بابا جی محمد خالد محمود مکی مدنی، صاحبزادہ عثمان خالد اور صاحبزادہ ڈاکٹر حسان خالد کی زیرنگرانی ایک خصوصی پروگرام کے تحت 12 یتیم اور مستحق بیٹیوں کو مکمل جہیز پیکج فراہم کیا۔ یہ تقریب انتہائی رازداری کے ساتھ منعقد کی گئی تاکہ مستحق خاندانوں کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔

    اس پروقار تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر چوہدری سلیم یونس چیمہ (چیئرمین اینجلز سکول سسٹم)، قاضی شبیر (سابق چیئرمین یونین کونسل)، خواجہ عاطف پاشی (سابق چیئرمین بلدیہ ڈسکہ)، سعید چیمہ (صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکول سسٹم)، سیف بٹ (ماہر تعلیم)، قاری اعظم سعید اور محمودالحسنین ایڈووکیٹ سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔

    یتیم اور مستحق بچیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے صاحبزادہ عثمان خالد نے نہایت محبت بھرے انداز میں کہا کہ "میں آپ کا بھائی ہوں اور اللہ پاک آپ کی آئندہ زندگی اور نصیب بہترین فرمائے۔ اگر مستقبل میں آپ کو کسی بھی قسم کی کوئی مشکل پیش آئے تو میں اور میری پوری ٹیم ہر حال میں آپ کی مدد کے لیے حاضر ہیں۔”

    تقریب کے مہمانان گرامی نے انتہائی احترام اور عزت کے ساتھ ان بیٹیوں کے سروں کو چادر سے ڈھانپا، جو اس بات کی علامت تھی کہ معاشرہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

    شرکاء نے خلق محمدی فاؤنڈیشن کے دیگر فلاحی منصوبوں، جن میں فری لنگر خانے، فری ڈسپنسری اور فری ایمبولینس سروسز شامل ہیں، کی بھی بھرپور تعریف کی اور ان کی انسانیت دوست کاوشوں کو سراہا۔ فاؤنڈیشن کا یہ اقدام معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کرنے اور ان کی زندگیوں میں خوشیاں لانے کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔

  • ڈسکہ: ٹی بی کیئر سنٹر میں انسداد ڈینگی آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد

    ڈسکہ: ٹی بی کیئر سنٹر میں انسداد ڈینگی آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) تحصیل اینٹی ٹی بی ایسوسی ایشن ڈسکہ کے زیر اہتمام ٹی بی کیئر سنٹر میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے ایک اہم آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔

    سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ جنرل سیکرٹری چوہدری قطب الدین نے شریک معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انسداد ڈینگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

    اس موقع پر ڈینگی کے ماہر ڈاکٹر اصغر علی نے ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گھروں کے روشن دانوں اور کھڑکیوں پر جالی لگانا ڈینگی لاروے کی افزائش کو روکنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ گملوں، کیاریوں، ناکارہ ٹائروں اور لان وغیرہ میں پانی ہرگز کھڑا نہ ہونے دیں تاکہ معاشرے کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

    سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر خان عباس خان نے کہا کہ ڈینگی سے خوفزدہ ہونے کی بجائے اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے ڈینگی کے خلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

    دیگر مقررین جن میں ٹی بی سکرینر مرسی کور، لبنیٰ مشتاق، محمودالحسنین ایڈووکیٹ، مولانا ایوب خان اور سینئر صحافی امین رضا مغل شامل تھے، نے بھی ڈینگی کی روک تھام کی اہمیت اور اس کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

    سیمینار کے اختتام پر انسداد ڈینگی کے حوالے سے ایک آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا کر ڈینگی سے بچاؤ کے پیغامات عام کیے۔ واک کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور ڈینگی سے نجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔