Baaghi TV

Category: شوبز

  • بھارتی شوبز انڈسٹری میں منشیات کا استعمال عام، اداکارہ  کے حیران کن انکشافات

    بھارتی شوبز انڈسٹری میں منشیات کا استعمال عام، اداکارہ کے حیران کن انکشافات

    بھارتی ٹیلی وژن اور تھیٹر کی معروف اداکارہ نارائنی شاستری نے شوبز انڈسٹری میں منشیات کے استعمال سے متعلق چونکا دینے والے دعوے کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی وی انڈسٹری میں کوکین اور ایم ڈی ایم اے جیسی منشیات کا استعمال عام ہوتا جا رہا ہے۔

    48 سالہ اداکارہ نے ایک انٹرویو میں بغیر کسی کا نام لیے کہا کہ تفریحی صنعت میں منشیات کا استعمال لوگوں کی سوچ سے کہیں زیادہ پھیل چکا ہے اور وہ خود اس کا مشاہدہ کر چکی ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں محض تجربے کی غرض سے ایک مرتبہ منشیات استعمال کی تھیں، تاہم انہیں کبھی اس کی لت نہیں لگی۔نارائنی شاستری نے بتایا کہ ماضی میں شوبز پارٹیوں میں صرف شراب کے لیے الگ بجٹ رکھا جاتا تھا، لیکن اب غیر قانونی منشیات کے لیے بھی باقاعدہ بجٹ مختص کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کئی برس قبل ایسی پارٹیوں میں جانا چھوڑ دیا کیونکہ ان کا ماحول مکمل طور پر تبدیل ہو چکا ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ بڑی تقریبات میں منشیات کا استعمال خفیہ انداز میں کیا جاتا ہے، جبکہ چھوٹی اور نجی محفلوں میں سب کو معلوم ہوتا ہے کہ کون کیا استعمال کر رہا ہے۔

    شوٹنگ کے دوران اداکاروں کی جانب سے منشیات کے استعمال سے متعلق سوال پر نارائنی شاستری نے دعویٰ کیا کہ ایسے واقعات اکثر پیش آتے ہیں۔ ان کے مطابق بعض اوقات اداکار نشے کی حالت میں شوٹنگ کے قابل نہیں ہوتے، جس کے باعث شوٹنگ منسوخ کرنا پڑتی ہے اور پروڈیوسرز کو مالی و تخلیقی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیونکہ کسی مقبول اداکار کو تبدیل کرنا آسان نہیں ہوتا۔

    واضح رہے کہ نارائنی شاستری نے اپنے ٹیلی وژن کیریئر کا آغاز بھارتی ڈرامے "کہانی سات پھیروں کی” سے کیا تھا، جبکہ انہیں "ساس بھی کبھی بہو تھی” اور "پیا کا گھر” سمیت متعدد مقبول ڈراموں سے شہرت حاصل ہوئی۔

  • طلبہ احتجاج پر خاموش رہنے پر تنقید کے بعد بالی ووڈ اداکار عامر خان کی بیٹی کی وضاحت

    طلبہ احتجاج پر خاموش رہنے پر تنقید کے بعد بالی ووڈ اداکار عامر خان کی بیٹی کی وضاحت

    بھارت میں نیٹ پیپر لیک تنازع اور طلبہ کے احتجاج پر خاموش رہنے پر تنقید کے بعد بالی ووڈ اداکار عامر خان کی بیٹی اور ذہنی صحت کی کارکن آئرا خان نے اپنی خاموشی کی وجہ بیان کرتے ہوئے وضاحت پیش کی ہے۔

    آئرا خان نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک طویل ویڈیو میں کہا کہ وہ ذہنی صحت کے شعبے سے وابستہ ہیں اور عموماً خبروں، احتجاج اور تشدد سے متعلق ویڈیوز دیکھنے سے گریز کرتی ہیں کیونکہ ایسی چیزیں انہیں ذہنی طور پر بےبس اور پریشان کر دیتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے طلبہ کے احتجاج کی ویڈیوز نہیں دیکھیں اور نہ ہی خود کو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مناظر سے جذباتی طور پر متاثر ہونے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی خاموشی سے کسی کو یہ تاثر ملا کہ انہیں اس معاملے کی پروا نہیں تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں، کیونکہ ان کا مقصد کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔آئرا خان نے مزید انکشاف کیا کہ جب انہیں اپنی کزن کی احتجاج کے دوران گرفتاری کی اطلاع ملی تو وہ شدید پریشان ہو گئی تھیں، تاہم بعد میں اس کی خیریت کی خبر ملنے پر انہیں اطمینان ہوا اور وہ دوبارہ اپنی معمول کی سرگرمیوں میں مصروف ہو گئیں۔

    ویڈیو کے کیپشن میں آئرا خان نے اعتراف کیا کہ خبروں اور احتجاج سے دور رہنا ایک طرح کا "امتیاز” ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر غور کر رہی ہیں کہ اپنی صلاحیتوں اور وسائل کے مطابق معاشرے میں مثبت کردار کیسے ادا کیا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں نیٹ پیپر لیک تنازع کے خلاف نئی دہلی کے جنتر منتر پر طلبہ کا احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین، جن کی قیادت "کاکروچ جنتا پارٹی” اور سماجی کارکن سونم وانگ چک کر رہے ہیں، وفاقی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے اور تعلیمی نظام میں جامع اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اس سے قبل سلمان خان، عالیہ بھٹ، کرینہ کپور اور دیگر معروف شخصیات بھی طلبہ کے احتجاج اور پیپر لیک معاملے پر اپنی آواز بلند کر چکی ہیں، جبکہ حال ہی میں گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے بھی کہا تھا کہ طلبہ کے احتجاج کی حمایت پر انہیں ایک بار پھر "ملک دشمن” قرار دیا جا سکتا ہے۔

  • رومانوی مناظر اچھے اسکرپٹ کے ساتھ ہی مؤثر بنتے ہیں، علی انصاری

    رومانوی مناظر اچھے اسکرپٹ کے ساتھ ہی مؤثر بنتے ہیں، علی انصاری

    پاکستانی اداکار علی انصاری نے اسکرین پر رومانوی مناظر کی عکس بندی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مکالمے اور منظر فطری انداز میں لکھے گئے ہوں تو انہیں ادا کرنے میں کسی قسم کی جھجک محسوس نہیں ہوتی۔

    حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے علی انصاری نے کہا کہ رومانوی مناظر کی کامیابی کا انحصار اسکرپٹ پر ہوتا ہے۔ ان کے مطابق اگر مکالمے غیر فطری ہوں یا کہانی کے تناظر سے مطابقت نہ رکھتے ہوں تو ایسے مناظر کی عکس بندی فنکاروں کے لیے مشکل ہو جاتی ہے۔اداکار نے کہا کہ اسکرپٹ پڑھتے ہوئے ہی بعض اوقات اندازہ ہو جاتا ہے کہ کوئی مخصوص مکالمہ یا منظر کہانی کے لیے ضروری نہیں۔ تاہم وہ لکھاریوں کا احترام کرتے ہیں کیونکہ وہ کہانی کے تسلسل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے مناظر شامل کرتے ہیں۔

    علی انصاری کے مطابق شوٹنگ کے دوران اگر محسوس ہو کہ کوئی منظر ضرورت سے زیادہ ہے تو ہدایت کار اور ٹیم کی مشاورت سے مکالموں میں معمولی رد و بدل کر لیا جاتا ہے، جس سے منظر زیادہ مؤثر اور فطری انداز میں فلمایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک مضبوط اور حقیقت سے قریب اسکرپٹ نہ صرف فنکاروں کے لیے اداکاری کو آسان بناتی ہے بلکہ ناظرین پر بھی بہتر تاثر چھوڑتی ہے۔

  • جنس کی تبدیلی کے بعد انایا بنگر کی  ماں بننے کی خواہش

    جنس کی تبدیلی کے بعد انایا بنگر کی ماں بننے کی خواہش

    بھارت کے سابق کرکٹر اور سابق بھارتی بیٹنگ کوچ سنجے بنگر کی صاحبزادی انایا بنگر نے جنس کی تبدیلی کے آپریشن کے بعد اپنی نئی زندگی، شادی، والدین کی حمایت اور مستقبل میں ماں بننے کی خواہش سے متعلق پہلی بار تفصیل سے گفتگو کی ہے۔

    ایک حالیہ انٹرویو میں انایا بنگر نے بتایا کہ وہ مستقبل میں شادی کرنا اور بچوں کی پرورش کرنا چاہتی ہیں، تاہم اس وقت ان کی تمام توجہ جنس کی تبدیلی کے آپریشن کے بعد صحت کی مکمل بحالی پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں کیونکہ ان کے لیے یہ زندگی کا ایک نیا باب ہے اور وہ اس مرحلے سے خود کو جسمانی اور ذہنی طور پر ہم آہنگ کرنے میں مصروف ہیں۔ماں بننے کے حوالے سے انایا بنگر نے کہا کہ وہ بچوں سے بے حد محبت کرتی ہیں، لیکن جنس کی تبدیلی کے آپریشن کے بعد وہ قدرتی طور پر ماں نہیں بن سکتیں۔ ان کے مطابق مستقبل میں سروگیسی کے ذریعے بچے کی پیدائش یا کسی بچے کو گود لینا ان کے لیے ممکنہ راستے ہو سکتے ہیں۔انایا نے اپنی خاندانی زندگی پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن کے بعد ان کے والدین نے انہیں مکمل طور پر اپنی بیٹی کے طور پر قبول کر لیا ہے اور اب وہ ان کے لیے مؤنث الفاظ اور ضمیر استعمال کرتے ہیں، جس سے انہیں جذباتی طور پر بہت حوصلہ ملا۔

    انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ان کا جنس کی تبدیلی کا سفر 2023 میں ہارمون تھیراپی سے شروع ہوا تھا۔ جسمانی اور نفسیاتی تبدیلیوں کے مختلف مراحل سے گزرنے کے بعد تقریباً چار ماہ قبل انہوں نے تھائی لینڈ میں جنس کی تبدیلی کا آپریشن کروایا۔انایا بنگر کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جہاں صارفین کی جانب سے ان کے فیصلے، خاندانی حمایت اور نئی زندگی کے سفر پر مختلف آراء کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

  • شوہر کے ساتھ رومانوی فوٹو شوٹ، اداکارہ مومنہ اقبال سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں

    شوہر کے ساتھ رومانوی فوٹو شوٹ، اداکارہ مومنہ اقبال سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال اپنے شوہر حمزہ حبیب کے ساتھ کروائے گئے رومانوی فوٹو شوٹ کے باعث سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔

    اداکارہ کا نکاح رواں سال جون میں حمزہ حبیب کے ساتھ ہوا تھا، جس کی مختلف تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں۔ مومنہ اقبال کی رخصتی تاحال نہیں ہوئی، جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی رخصتی نومبر یا دسمبر میں متوقع ہے۔نکاح کے بعد سے مومنہ اقبال اپنے شوہر کے ساتھ مختلف ملاقاتوں اور یادگار لمحات کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہی ہیں۔

    حال ہی میں اداکارہ نے سمندر کنارے اپنے شوہر کے ہمراہ ایک رومانوی فوٹو شوٹ کروایا، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ تصاویر میں دونوں کو خوشگوار موڈ میں ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارتے اور کیمرے کے سامنے دلکش انداز میں پوز دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔تاہم ان تصاویر کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ بعض صارفین نے اس جوڑی کو خوبصورت قرار دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ متعدد صارفین نے تصاویر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔تنقید کرنے والے صارفین کا مؤقف ہے کہ ذاتی زندگی کے نجی اور خوشگوار لمحات کو سوشل میڈیا پر اس انداز میں شیئر کرنے کے بجائے انہیں نجی رکھا جانا چاہیے، جبکہ کچھ افراد نے اسے غیر ضروری تشہیر اور دکھاوے سے تعبیر کیا۔

  • سلمان خان کی  طلبہ سے احتجاج ختم کرنے اور سونم وانگچک سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل

    سلمان خان کی طلبہ سے احتجاج ختم کرنے اور سونم وانگچک سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل

    بالی ووڈ سُپراسٹار سلمان خان نے طلبہ سے احتجاج ختم کرنے اور سونم وانگچک سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کر دی۔

    سلمان خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ طلبہ کی تعلیم اور سلامتی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اس لیے انہیں اپنی یا اپنے والدین کی پریشانی کا باعث نہیں بننا چاہیے،انہیں یقین ہے کہ بھارتی وزیراعظم کی جانب سے یقین دہانی کے بعد امتحانی پرچہ لیک کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، لہٰذا طلبہ اپنے والدین اور گھروں کو واپس چلے جائیں۔

    سلمان خان نے سماجی کارکن سونم وانگچک کو مخاطب کرتے ہوئے لکھاکہ سونم، اب کافی ہو گیا دوست، بھوک ہڑتال مزید نہ بڑھائیں اگر ضرورت پڑی تو بعد میں بھی جدوجہد جاری رکھی جا سکتی ہے اب کچھ کھا لیں، اگر چاہیں تو میں اپنے گھر سے کھانا بھی بھیج دیتا ہوں۔

    واضح رہے کہ سلمان خان نے اس سے قبل بھی طلبہ کے احتجاج کی حمایت کی تھی، تاہم اب انہوں نے حکومت کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کرنے اور سونم وانگچک سے اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی ہے،یہ اپیل ایک روز بعد سامنے آئی جب سلمان خان نے مبینہ NEET-UG 2026 پرچہ لیک کے خلاف طلبہ کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے اسے تعلیمی نظام کا سنگین مسئلہ قرار دیا تھا۔

    دہلی کے جنتر منتر پر گزشتہ کئی ہفتوں سے ہزاروں طلبہ، والدین اور سماجی کارکن احتجاج کر رہے ہیں، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ مبینہ امتحانی پرچہ لیک کی شفاف تحقیقات کی جائیں، ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے، متاثرہ طلبہ کو انصاف فراہم کیا جائے اور امتحانی نظام میں جامع اصلاحات متعارف کرائی جا ئیں،اسی مطالبے کے حق میں سماجی کارکن سونم وانگچک نے طویل بھوک ہڑتال بھی کی، جسکے دوران ان کی صحت بگڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    طلبہ تحریک نے حالیہ دنوں میں ملک بھر میں توجہ حاصل کی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے پرچہ لیک میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کی یقین دہانی کے بعد احتجاج کے مستقبل پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔

  • بھارت میں مودی حکومت کیخلاف احتجاج، بالی ووڈ کے کئی نامور فنکار بھی شریک

    بھارت میں مودی حکومت کیخلاف احتجاج، بالی ووڈ کے کئی نامور فنکار بھی شریک

    تعلیمی اصلاحات کے مطالبے پر جاری کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے احتجاج میں بالی ووڈ کے کئی نامور فنکار بھی شریک ہو رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق آج احتجاج کا 49واں روز ہے جس میں بالی ووڈ کے کئی مشہور فنکاروں جیسے عمران خان، ہما قریشی، ساقب سلیم اور گلوکار میکا سنگھ نے شرکت کر کے طلبہ کی حمایت کا اظہار کیا،عامر خان کے بھانجے اور اداکار عمران خان بھی ممبئی میں ہونے والے احتجاج کے دوران طلبہ کے ہمراہ مارچ میں شریک ہوئے،انہوں نے کہا کہ وہ ان طلبہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے آئے ہیں جن کی محنت کو نظر انداز کیا گیا ہےاور یہ ملک کے مستقبل کی لڑائی ہے-

    اداکارہ ہما قریشی اپنے بھائی ساقب سلیم کے ہمراہ نئی دہلی کے جنتر منتر میں ہونے والے احتجاج میں شریک ہوئیں اور طلبہ کے ساتھ مارچ کیا،جبکہ اسٹینڈ اپ کامیڈین ابیش میتھیو اور رونق راجانی بھی ممبئی احتجاج میں شریک ہوئے، جنہیں پولیس نے حراست میں لیا، تاہم بعد ازاں دونوں کو رہا کر دیا گیا۔

    گلوکار نے بھی پولیس کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ ہر شہری کو پرامن احتجاج کا جمہوری حق حاصل ہے اور طلبہ پر طاقت کا استعمال، خصوصاً خواتین کے ساتھ غلط سلوک، ناقابل قبول ہے۔

    قبل ازیں ایکس پر جاری بیان میں سلمان خان نے طلبہ کے احتجاج کے دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک نہایت پُرامن تحریک تھی اور یہ دیکھ کر دل بہت دکھا کہ یہ پرتشدد رخ اختیار کر گئی, جن طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ کو اس دوران تکلیف یا نقصان پہنچا، میری دلی ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پرچہ لیک ہونا ایک نہایت سنگین مسئلہ ہے اور یہ خوش آئند بات ہے کہ ملک بھر کے طلبہ بہتر تعلیمی نظام کے مطالبے کے لیے متحد ہوئے جبکہ والدین نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا,طلبہ نے اپنے مستقبل اور معیاری تعلیم کے لیے جس عزم، خلوص اور محنت کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ ستائش ہےیہ احتجاج مکمل طور پر پرامن تھا اور طلبہ نے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ اپنے مطالبات پیش کیے جو ان کی بہادری اور تعلیم سے وابستگی کا ثبو ت ہے۔

    واضح رہے کہ سی جے پی کی قیادت میں جاری احتجاج تعلیمی اصلاحات کے مطالبات کے سلسلے میں جاری ہے، جبکہ حالیہ دنوں میں طلبہ اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے بعد اس معاملے پر ملک بھر میں بحث شدت اختیار کر گئی ہے۔

  • بھارت میں مودی حکومت کیخلاف احتجاج، سلمان خان بھی طلبہ کے حق میں بول پڑے

    بھارت میں مودی حکومت کیخلاف احتجاج، سلمان خان بھی طلبہ کے حق میں بول پڑے

    بالی ووڈ اداکار سلمان خان کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی قیادت میں ہونے والے طلبا کے احتجاج کی حمایت میں سامنے آگئے۔

    ایکس پر جاری بیان میں بھارتی اداکار نے طلبہ کے احتجاج کے دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک نہایت پُرامن تحریک تھی اور یہ دیکھ کر دل بہت دکھا کہ یہ پرتشدد رخ اختیار کر گئی, جن طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ کو اس دوران تکلیف یا نقصان پہنچا، میری دلی ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پرچہ لیک ہونا ایک نہایت سنگین مسئلہ ہے اور یہ خوش آئند بات ہے کہ ملک بھر کے طلبہ بہتر تعلیمی نظام کے مطالبے کے لیے متحد ہوئے جبکہ والدین نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا,طلبہ نے اپنے مستقبل اور معیاری تعلیم کے لیے جس عزم، خلوص اور محنت کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ ستائش ہےیہ احتجاج مکمل طور پر پرامن تھا اور طلبہ نے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ اپنے مطالبات پیش کیے جو ان کی بہادری اور تعلیم سے وابستگی کا ثبو ت ہے۔

    انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ معاملہ صرف طلبہ اور تعلیمی نظام کے درمیان ہے اس لیے اسے سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہیے اس تحریک کا اصل کر یڈٹ صرف طلبہ کو ملنا چاہیے جبکہ حکومت کو بھی ان کے مطالبات سن کر تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہییں تعلیم کو ہی اگلا رجحان، اگلا فیشن اور سب سے بڑی ترجیح بننا چاہیے اور ہر گزرتے سال کے ساتھ اس کی اہمیت اور مقبولیت میں اضافہ ہونا چاہیے یہاں تک کہ دنیا بھر سے طلبہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھارت آئیں اور بھارت ایک عالمی تعلیمی مرکز بن جائے۔

  • یوٹیوبر ‘مسٹر بیسٹ’ شادی کے بندھن میں بندھ گئے

    یوٹیوبر ‘مسٹر بیسٹ’ شادی کے بندھن میں بندھ گئے

    دنیا کے سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے یوٹیوبر اور مسٹر بیسٹ کے نام سے مشہور جمی ڈونلڈسن نے اپنی دیرینہ دوست تھییا بوئسن سے شادی کر لی ہے۔

    اس خوشخبری کا اعلان انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شادی کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے کیا،تصویروں کے ساتھ جمی ڈونلڈسن نے لکھا کہ میں نے مسز بیسٹ کو ڈھونڈ لیا اور یہ میری زندگی کا سب سے بہترین دن تھا تصاویر میں دونوں کو سمندر کے کنارے خوشگوار انداز میں پوز دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
    شادی کی یہ تقریب جولائی کے مہینے میں برٹش ورجن آئی لینڈز میں واقع رچرڈ برینسن کے نجی جزیرے نیکر آئی لینڈ پر منعقد کی گئی،اس تقریب کو نجی رکھا گیا تھا جس میں صرف 70 کے قریب رشتہ داروں اور خاص دوستوں کو بلایا گیا تھا شادی سے پہلے آئے ہوئے مہمانوں کے لیے جزیرے پر گھومنے پھرنے اور کھیل کود کا خاص انتظام کیا گیا تھا جن میں کائٹ سرفنگ، سنورکلنگ، بورڈ گیمز اور دیگر تفریحی سرگرمیاں شامل تھیں۔

    شادی کے موقع پر تھییا بوئسن نے معروف ڈیزائنر نیکول اور فیلیشیا کوچر کا تیار کردہ خوبصورت عروسی لباس پہنا، جبکہ مسٹر بیسٹ نے رالف لارین کا ٹکسڈو زیب تن کیا،شادی کے بعد تھییا بوئسن نے کہا کہ یہ سننے میں شاید معمولی بات لگے لیکن یہ صرف ایک رسمی کارروائی ہے جب سے ہماری بات چیت شروع ہوئی تھی، ہمارا مقصد ایک دوسرے کے ساتھ شادی کرنا ہی تھا۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اب پوری دنیا کو معلوم ہو گیا ہے کہ ہم میاں بیوی ہیں۔

    تھییا کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے اور وہ خود بھی انٹرنیٹ پر گیمز کھیلنے اور ویڈیوز بنانے کی وجہ سے کافی مشہور ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے نفسیات اور قانون کی اعلیٰ تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور ایک کتاب بھی لکھ چکی ہیں، ان دونوں کی پہلی ملاقات سال 2022 میں ہوئی تھی جب جمی جنوبی افریقہ کے دورے پر گئے ہوئے تھے وہاں ایک دوست نے ان کی ملاقات تھییا سے کروائی جہاں دونوں کی آپس میں بات چیت شروع ہوئی۔

    جمی ہمیشہ اپنی بیوی کے پڑھنے لکھنے کے شوق کی تعریف کرتے رہتے ہیں انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ تھییا کو نئی باتیں سیکھنے سے سچی محبت ہے اور یہی چیز مجھ میں بھی ہے، میں ان کے ساتھ رہتے ہوئے ہمیشہ کچھ نہ کچھ نیا سیکھتا رہتا ہوں اور خود کو بہتر بناتا رہتا ہوں۔

    مسٹر بیسٹ نے تھییا سے رابطہ کیا اور ان سے ملنے کے لیے دوبارہ جنوبی افریقہ کا سفر بھی کیادونوں نے کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد دسمبر 2024 میں منگنی کی، جب مسٹر بیسٹ نے کرسمس کے دن خاندانی تقریب کے دوران انہیں شادی کی پیشکش کی۔ اب یہ دونوں شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں اور ایک نئی زندگی کا آغاز کر رہے ہیں۔

    تھییا نے بھی اپنی پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب میں پہلی بار جمی سے ملی تو مجھے یہ دیکھ کر بہت حیرت ہوئی کہ وہ کتنے سادہ انسان ہیں۔ مجھے لگتا تھا کہ یوٹیوب کے بڑے سٹار صرف دکھاوا کرتے ہیں، لیکن وہ واقعی ایک بہت اچھے اور عاجز انسان ہیں۔

  • 
سلمان خان کی نئی تصاویر نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا

    
سلمان خان کی نئی تصاویر نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا

    ‎ممبئی میں ایک سرکاری تقریب کے دوران بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی حالیہ عوامی پیشی نے مداحوں میں ان کی صحت کے حوالے سے تشویش پیدا کر دی۔ اداکار نے ممبئی میں سَلم ری ہیبیلی ٹیشن اتھارٹی (SRA) کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ادارے کے نئے ڈیٹا کلیکشن اینڈ ویریفکیشن سپورٹ سینٹر (آئی ٹی سرور روم) کا افتتاح کیا۔
    ‎تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد مداحوں کی توجہ سلمان خان کی جسمانی حالت پر مرکوز ہو گئی۔ کئی صارفین نے تبصرہ کیا کہ 60 سالہ اداکار پہلے کے مقابلے میں کمزور اور تھکے ہوئے دکھائی دے رہے تھے، جس کے باعث ان کی صحت کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
    ‎سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مداحوں نے سلمان خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ وہ مکمل طور پر صحت مند رہیں۔ بعض صارفین نے لکھا کہ اداکار کی مصروفیات اور مسلسل کام کی وجہ سے ان پر تھکن کے آثار نمایاں ہو سکتے ہیں، جبکہ کچھ نے ان کی تازہ تصاویر دیکھ کر تشویش کا اظہار کیا۔
    ‎تاحال سلمان خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے ان کی صحت سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ اس لیے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
    ‎سلمان خان گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی ہر عوامی سرگرمی مداحوں کی بھرپور توجہ حاصل کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی حالیہ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں اور ان کی صحت سے متعلق بحث چھڑ گئی۔
    ‎مداحوں کی بڑی تعداد نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر اداکار کو کسی قسم کی طبی مشکل درپیش ہے تو وہ جلد صحت یاب ہوں گے اور ایک بار پھر بھرپور توانائی کے ساتھ اپنے فلمی منصوبوں میں نظر آئیں گے۔ تاہم جب تک سلمان خان یا ان کے نمائندے کی جانب سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آتی، ان کی صحت سے متعلق تمام دعوے محض قیاس آرائی ہی تصور کیے جائیں گے۔